مزید خبریں

ایس ایس اے اساتذہ تنخواہوں سے محروم 

کوٹرنکہ//ایس ایس اے اساتذہ تنخواہوںسے محروم ہوکر شدید مالی مشکلات کاسامناکررہے ہیں ۔کوٹرنکہ کے ایک مشتاق نامی استاد نے بتایا کہ پچھلے چار مہینے سے انہیں تنخواہ نہیں ملی جس سے ان کو مالی مشکلات کاسامناہے ۔ان کاکہناہے کہ دکانداروں کا قرض دینا مشکل ہورہاہے اور وہ اب مزید ادھار بھی نہیں لے سکتے۔ مشتاق نے بتایاکہ ان کے ساتھ حکومت کی طرف سے انتہائی درجہ کی ناانصافی کی جارہی ہے اور وقت پر تنخواہ نہ دے کر انہیں پریشان کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ حالانکہ حکومت نے پچھلے سال بجٹ کے دوران یہ اعلان کیاتھاکہ ہر ایک ملازم کو وقت پر تنخواہ ملے گی لیکن اب تک وہ تنخواہوں کیلئے ترس رہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ پہلے تو ان کو تنخواہ ہی نہیں دی جاتی اور جب اس کیلئے وہ احتجاج کرتے ہیں توپھر پولیس کی طرف سے لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں ۔انہوںنے وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ وہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ حل کریں۔
 

منجاکوٹ میں محکمہ بجلی ومحکمہ پی ایچ ای کیخلاف احتجاج 

پرویز خان
 
منجاکوٹ //منجاکوٹ میں بجلی کی ناقص سپلائی اور پانی کی قلت پر مقامی لوگوں نے محکمہ جات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انہوںنے کہاکہ بڑے ہی دکھ کی بات ہے کہ رمصان کے مقدس مہینے میں بھی بجلی اور پانی کی کمی پائی جارہی ہے ۔کانگریس لیڈر فاروق خان نے کہا کہ اس سے پہلے پانی اور بجلی کا شیڈول کچھ حد تک ٹھیک تھا مگر رمضان المبارک شروع ہوتے ہی کٹوتی بڑھ گئی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا منجاکوٹ میں لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں اور محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ محکمہ جات کو ہدایت دے کر پانی و بجلی کی سپلائی کو بہتر بنایاجائے ۔
 

فرقہ پرست عناصر بوکھلاہٹ کاشکار

وزیر اعلیٰ کیخلاف نازیبا کلمات قابل مذمت :پی ڈی پی مینڈھر

جا وید اقبال
 
مینڈھر//مینڈھر کے پی ڈی پی کا رکنان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر اسمبلی لعل سنگھ کے بھائی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے ۔ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے زونل صدر محمد اعظم ساگر اور دیگر ان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف نا شائستہ الفاظ کا استعمال کیا گیاہے جس پر پولیس کو کڑی کارروائی کرنی چاہئے۔ انہو ں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب یہ نہیں سکھاتا کہ کسی عورت کے لئے ایسے کلمات کا استعمال کیاجائے ۔ ان کاکہناتھاکہ ہندو مذہب میں بھی تو لکشمی کی پوجا کرتے ہیں تو پھر عقل کے اندھوں کو یہ سب الٹا نظر کیوں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لعل سنگھ اور اسکے ہم نوا نفرت کی آگ میں اندھے ہو چکے ہیں اور فرقہ پرستی اور مذہب کے نام پر غریب عوام کو بانٹ کر اپنا گھر آباد کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب دلی دور نہیں ہے اوروقت آچکا ہے کہ لوگ ان فرقہ پرست نام نہاد لیڈران کو سبق سکھائیں ۔ان کاکہناتھاکہ ریاست کی غیور عوام کو ایسے فرقہ پرست اور مذہب کے ٹھیکیداروں سے ہوشیار رہناچاہئے جو صرف ووٹ بنک کے طور پر مذہبی منافرت پیدا کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوںنے ایک معصوم بچی  کے قتل میں ملوث قاتلوں کو کیفرے کردار تک پہنچا نے میں فرقہ پرست طاقتوں کے سامنے سرینڈر نہیں کیااور وزیر اعلیٰ کے موقف سے ہی یہ طاقتیں بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پی ڈی پی لیڈران نے کہا کہ لعل سنگھ اور اسکے بدبخت بھائی کوریاستی عوام کے سامنے معافی مانگنی چاہئے اوربھارتیہ جنتا پارٹی کوایسے عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کرنی چاہئے۔
 

اسلام آباد، شاہپور،گونتریاں اورسلوتری میں پانی کی قلت 

عوام نے نونا بانڈی۔ پونچھ سڑک پر گاڑیاں بند کر کے احتجاج کیا

حسین محتشم
 
پونچھ//اسلام آباد، شاہپور،گونتریاں اورسلوتری کی عوام پانی سے محروم ہے جس پر مقامی لوگوںنے نونابانڈی ۔پونچھ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرکے احتجاجی دھرنادیا۔اس دوران تمام قسم کا ٹریفک معطل رہا۔مقامی لوگوںکاکہناتھاکہ اسلام آباد، شاہپور،گونتریاں اورسلوتری و ملحقہ علاقوں میں ماہ صیام میں بھی پینے کا پانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے انہیں کئی کئی کلو میٹر دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔اس دوران بڑی تعداد میں لوگ سڑک پر جمع ہوئے اور انہوںنے اسے بند کرکے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔احتجاج کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافر وں کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ان کے علاقوں میں پانی کی سپلائی فراہم کی جائے ۔مظاہرے میں شامل فیض اکبر راٹھور نے کہا کہ علاقہ کے لوگ متعدد بار متعلقہ حکام کو پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں تاہم تاحال کوئی اقدام نہیں کیاگیااور انتہائی درجہ کی لاپرواہی برتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور یہ بات تشویشناک ہے کہ روزے کی حالت میں خواتین کئی کئی کلو میٹر دور سے اپنے سروں پر گھر کے استعمال کے لئے پانی ڈھو کر لاتی ہیں۔یہ احتجاج کافی دیر تک جاری رہاجس کے بعد انتظامیہ کے افسر وہاں پہنچے اور انہی کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔
 

فوج کے زیر اہتمام افطار پارٹی 

بالاکوٹ //فوج کی طرف سے بالاکوٹ کے لنجوٹ علاقے میں افطار پارٹی کا اہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پر علماء و مقامی لوگوںنے شرکت کی اور انہوںنے فوج کے افسران سے بھی ملاقات کی ۔افطار پارٹی میں مقامی پنچایتی نمائندگان اور سماج کے ہر شعبے کے لوگوںنے شرکت کی ۔اس دوران امن و بھائی چارے کیلئے دعائیں مانگی گئیں ۔دریں اثناء فو ج کی طرف سے طبی کیمپ کا اہتمام بھی کیاگیا جس دوران مریضوں کو ادویات وغیرہ دی گئیں۔
 

منڈی میں صفائی مہم شروع کی گئی 

عشرت حسین بٹ
منڈی //تحصیلدار منڈی ظہیر احمد رانا کی قیادت میں منڈی صدر مقام اور تحصیل کمپلیکس وگردونواح بازاروں اورگلی کوچوں میں صفائی مہم کا آغاز کیا گیا جو آنے والے وقت میں بھی جاری رہے گی۔جمعرات کو بڑے پیمانے پر صفائی مہم چلائی گئی جس دوران تحصیل کمپلیکس کے اندرونی اورکمپلیکس کے ارد گرد صفائی کی گئی ۔اس دوران  تمام دفاتر کے بعد ارد گرد عرضی نویس شیلٹر ودیگر دکانوں پر صفائی کی گئی ۔انتظامیہ نے مقامی لوگوںسے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں تعاون دیں۔تحصیلدار منڈی ظہیر احمد رانانے کہاکہ انتظامیہ نے تحصیل کمپلیکس کے گردونواح گندگی یاکواڑا کرکٹ کو دیکھتے ہوے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے جو آگے بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل آفیسران اس بات کی پوری کوشش کریں گے کہ ماہ صیام کے دوران کسی قسم کی گندگی نظر نہ آئے بلکہ منڈی کو گندگی سے پاک رکھاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کمپلیکس کے احاطہ میں صرف آفیسران ملازمین کی گاڑیوں کو ہی رکنے کی اجازت دی جائے گی کیونکہ گاڑیوں کے جام کی وجہ سے آنے والے لوگوں کو کافی مشکل کا سامناکرنا پڑتاہے ۔
 

ڈپٹی کمشنر کا پونچھ بازار کا دورہ 

۔400سٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کے منصوبہ کو حتمی شکل دی 

پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے گزشتہ شب پونچھ بازار کادورہ کرکے جاری ترقیاتی کامو ں کا جائزہ لیا ۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ محمد بشیر لون ، ایگزیکٹو افسر منظور لون ، تحصیلدار حویلی شہزاد خان اور دیگر افسران بھی تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے ناجائز تجاوزات ہٹائی جائیں اور کھلے عام نکاسی کے نظام کو ڈھانپاجائے ۔اس دوران موصوف نے شہر میں 400سٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کرنے کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی ۔ انہوںنے میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر کو ہدایت دی کہ سڑکوں ، پارکوں ، کھیل کود میدانوں ، مذہبی مقامات ، بس اڈہ اور ضلع ہسپتال کے آس پاس سٹریٹ لائٹیں نصب کی جائیں تاکہ لوگ شام کے وقت آسانی سے آجاسکیں ۔انہوں نے ناکارہ پڑی لائٹوں کو تبدیل کرنے کی بھی ہدایت دی ۔