مزید خبریں

 مزاحمتی کارکنوں کی رہائی میں کاوٹیں انتقام گیری : تحریک حریت

ریاست کے جیل خانے انٹروگیشن سینٹروں میں تبدیل 

سرینگر//تحریک حریت کے لیڈروں امیر حمزہ شاہ، میر حفیظ اللہ، عبدالغنی بٹ، محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد یتو، عبدالسبحان وانی، محمد امین آہنگر، غلام محمد تانترے، محمد امین پرے، نذیر احمد مانتو، اعجاز احمد بہرو اور دیگر کارکنوں کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کی رہائی میں بلا جواز رُکاوٹیں ڈال رہی ہے، جبکہ اُن کو گرفتار رکھنے کا کوئی سیاسی یا قانونی جواز نہیں ہے یہ صرف انتقام گیری ہے۔ امیرِ حمزہ شاہ کو جنوری 2016؁ء میں عوامی تحریک شروع ہونے سے قبل ہی گرفتار کرکے پی ایس اے کے تحت جیل بھیجدیا گیا۔ 2016؁ء سے مسلسل کئی بار اُن پر پی ایس اے لگایا گیا۔اسی طرح اعجاز احمد بہرو جو تحریک حریت کے ذمہ دار ہیں اُن کا پی ایس اے بھی عدالت نے کواش کیا ہوا ہے، مگر پولیس نے اُن کو رہا کرنے کے بجائے سوپور تھانے کے لاک اپ میں اخلاقی مجرموں کی طرح رکھا ہے۔ تحریک حریت نے غلام محمد تانترے اور اس کے بیٹے کی مسلسل کٹھوعہ جیل میں نظربندی اور جیل انتظامیہ کی طرف سے اُن کے ساتھ مجرمانہ سلوک روا رکھنے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم وانتقام کی انتہا ہے کہ باپ بیٹے کو گزشتہ 2 سال سے مسلسل گرفتار رکھا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف پولیس کی طرف سے لگائے گئے الزامات بار بار عدالت نے یکسر مسترد کرتے ہوئے اُن دونوں (باپ بیٹے) کی رہائی کے احکامات صادر کئے ہیں، مگر اس کے باوجود ابھی تک اُن کی رہائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ادھر سجاد احمد بٹ ولد حاجی غلام حسن بٹ ناگم چاڈورہ بھی سینٹرل جیل میں انتہائی علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے اُن کو صورہ میں علاج کرنے کا مشورہ دیا ہے، مگرجیل انتظامیہ اُن کی شدید بیماری کو کسی خاطر میں نہیں لاتی ہے اور اُن کو صورہ اسپتال چیک اپ اور علاج کے لیے روانہ کرنے میں حیران کُن لیت لعل سے کام لے رہی ہے۔ تحریک حریت بیان میں کہا گیا کہ میر حفیظ اللہ بھی انتہائی علیل ہے۔ ڈاکٹروں نے ان کو آپریشن کرنے کی صلاح دی ہے، مگر حکومت نہ اُن کو آپریشن کرواتی ہے اور نا ہی اُن کو رہا کرکے خود آپریشن کروانے کا موقع فراہم کررہی ہے۔ شکیل احمد یتو کو 2ماہ قبل سینٹرل جیل سرینگر میں باضابطہ طور جسمانی تشدد کرکے شدید زخمی کیا گیا، جبکہ طبی سہولیات اور کھانے پینے کی چیزوں سے بھی قیدیوں کو محروم کردیا گیا ہے۔ ناقص غذا فراہم کی جارہی ہے۔ سینٹرل جیل میں جیل انتظامیہ نے گوشت کھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ملاقاتیوں کے ساتھ سختی برتی جارہی ہے اور ترقی کے اس دور میں دقیانوسی مینول کے مطابق ہی سہی جو سہولیات قیدیوں کو دی گئی ہیں۔ اُن سے بھی اُن کو محروم کردیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اب جموں کشمیر کے جیل خانے بھی تعذیب خانوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں تبدیل کئے گئے ہیں۔ جیلوں میں بند سیاسی لیڈروں اور کارکنوں کو سخت عذاب وعتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور باضابطہ طور جسمانی وذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے۔ کٹھوعہ، ادھمپور، کوٹ بھلوال، جموں، مٹن، بارہ مولہ اور سرینگر سینٹرل جیل میں نظربندوں کے ساتھ انتہائی مجرمونہ سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ 
 
 

ریاست میں گو رنر راج نافد کیا جائے : پنتھرس پارٹی

سرینگر// نیشنل پنتھرس پارٹی کی صوبائی سطح کی ایک ہنگامی میٹنگ کل سرینگر میں ہوئی، جس میں صوبائی عہدیداروں نے گورنر سے جموں و کشمیر آئین کی دفعہ -92 کے تحت جلد ریاستی حکومت کو تحلیل کرکے گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔صوبائی مجلس عاملہ نے پارٹی قیادت کو کشمیر میں آکر وادی کشمیر میں ہو رہے کشمیریوں پر ظلم پر بھی غور کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں لوگ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی دانے دانے کے لئے محتاج ہیں اور خودکو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس کے سوائے حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی ہے اور لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کشمیر میں لوگوں کے ساتھ جان بوجھ کر ناانصافی کر رہی ہے اور گولیوں سے بھون رہی ہے۔
 
 

وزیر اعلیٰ کی مبارکباد

سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماء  شبیر شاہ کو امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’سماء  شبیر شاہ کو بارہویں جماعت کے امتحان میں97.8 فیصدی نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد۔محنت ،عزم اور استقامت نے اسے تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے کی ہمت دی اور ریاست کے بچے اس کامیابی سے تحریک و ترغیب حاصل کر سکتے ہیں‘۔
 

فورسز کی تعیناتی سے اجتناب کیا جائے

تاجر برادری اور بار ایسوسی ایشن کا مطالبہ

سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹرئز اور کشمیر اکنامک لائنس کے دونوں دھڑوں کے علاوہ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے مذمت کرتے ہوئے جامع مسجد کے گردو نواح میں فورسز کی تعیناتی سے اجتناب کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹنگہ نے کہا ہے کہ فورسز نے جامع مسجد سرینگر میں سینکڑوں مرد و خواتین پر پیلٹ بارش کی،جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ سرکار اور انتظامیہ مذہبی مقامات پر فورسز کو کیوں تعینات کرتی ہے،جہاں ہزاروں لوگ عبادت کرتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جامع مسجد اور اس کے گردو نواح میں فورسز کو تعینات کرنے سے اجتناب کریں۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے واقع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی سازشیں بنائی جارہی ہیں۔ڈار نے کہا کہ جامع مسجد کے گردو نواح میں فورسز اور پولیس کی تعیناتی سے صورتحال ابتر ہوجاتی ہے،جس کی وجہ سے تاجروں،کاروباریوں اور دیگر لوگوں کے کاروبار پر منفی اثارت مرتب ہوتے ہیں۔کشمیر اکنامک الائنس دھرے کے سربراہ یاسین خان نے بتایا کہ پائین شہر کے تاجروں کو آئے دن جس طرح مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،وہ حکومت کیلئے چشم کشا ہے۔ادھر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ فورسز نے ٹیر گیس اور پیلٹ کا استعمال ان لوگوں کے خلاف کیا،جو جامع مسجد میں نماز ادا کرنا چاہتے تھے،تاہم ماضی میں بھی فورسز نے اس طرح کی کاروائیاں انجام دی ہیںتاکہ لوگوں کو خوفزدہ کیا جائے اورانہیں نمازیں ادا کرنے سے روکا جائے۔
 

مولانا آزاد یونیورسٹی سے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا مطالبہ 

سرینگر// جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مولانا آزاد یونیورسٹی کے مختلف جماعتوں میں زیر تعلیم طالب علموںنے یونیورسٹی حکام سے 29مئی کو منعقد ہونے والے امتحان میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ کولگام اور دیگر کچھ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان طالب علموں کا کہنا ہے کہ جس دن انکے امتحان کا دن مقررہو اہے اسی روز سروس سلیکشن بورڈ نے اساتذہ اسامیوں کا تحریری امتحان بھی مقرر کیا ہے جس کی وجہ سے طلاب زبردست ذہنی تناﺅ میں مبتلا ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے امتحانی تاریخ میں ایک دن کی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 

وئے بمڈورہ میں آگ 

۔2رہائشی مکانات اور3گاﺅ خانے خاکستر

عارف بلوچ
ڈورو//وئے بمڈورہ کوکرناگ میں آگ کی ایک واردات میں دو رہایشی مکانات اور تین گاﺅ خانے خاکستر ہوگئے ۔ہفتہ کو وئے بمڈورہ نامی گاﺅں میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس پر قابو پانے کی مقامی لوگوں نے کوشش کی تاہم بھیانک آگ کے سبب عبدالاحد نائیکو دامادہ محمدرمضان میراور غلام حسن میر ولد غلام رسول میر نامی افراد کے دو رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے اور ان میں موجود لاکھوں روپئے مالیت کا ساز وسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔آگ کی اس واردات میں محمدحامد وانی اور غلام مصطفی وانی کے تین گاﺅ خانے بھی خاکستر ہوگئے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ فائر سروس عملہ پر الزام عائد کیا کہ محکمہ آگ لگنے کے ایک گھنٹہ بعد پہنچنے کی وجہ سے اتنا نقصان ہوگیا۔
 

اوڑی میں مارکیٹ چیکنگ جاری

دکانداروں نے مرغ فروخت کرنے کا سلسلہ بند کردیا

ظفر اقبال 
اوڑی// سرحدی قصبہ اوڑی اور بونیار میں ماہ رمضان کے دوران قیمتیں اعتدال پر رکھنے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے قصبے کے بازاروں کا روزانہ معائنہ جارہی ہے ۔انتظامیہ نے دکانداروں کو نرخناموں کو آویزاں رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ نرخ نامے کے تحت ہی سبزیاں پھل ،مرغ اور دیگر اشیا فروخت کریں۔ انتظامیہ کی اس ہدایت کے بعد گزشتہ 5 روز سے اوڑی کے بازاروں میں دکانداروں نے مرغ فروخت کرنے بند کر دئے ہیں۔دکانداروں کے مطابق سرکاری نرخناموں کے تحت مرغ فرخت کرنا ان کیلئے مکمن نہیں ہے کیونکہ سرکار نے جو قیمت مقرر کی ہے اُس سے زیادہ قیمتوں میں وہ خود خریدتے ہیں۔دکانداروں نے کہا کہ اسی وجہ سے انہوں نے مرغ فروخت کرنا ترک کردیا ہے۔
 

لارکی پورہ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج

عارف بلوچ
ڈورو//بجلی کی مسلسل کٹوتی کے خلاف لارکی پورہ ڈورو میں لوگوں نے احتجاج کے بطوراننت ناگ ویری ناگ سڑک پر دھرنا دیا جس کے سبب گاڑیوں کی نقل وحرکت متاثر ہوئی ۔لارکی پورہ ،لوکبھون،کعبہ مرگ ،خوشی پورہ وغیرہ دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ہفتہ کو محکمہ بجلی کے خلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے اننت ناگ ویری ناگ سڑک پر دھرنا دیا ۔احتجاججی لوگوں نے کہا کہ ماہ رمضان شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوئی اور سحری و افطار کے وقت بجلی اکثرو بیشتر غائب رہتی ہے جس کے سبب اُنہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ مقامی رسیونگ اسٹیشن کی صلاحیت دوگنا کر دی گئی ہے تاہم اس کے باوجود محکمہ بجلی صارفین کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کر نے میں ناکام ہے ۔احتجاج کے سبب لارکی پورہ میں دکانیں بھی جزوی طور بند رہیں ۔اس دوران انتظامیہ اورپولیس افسران کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پُر امن طور منتشر ہوئے۔
 

بیہامہ گاندربل میں حادثہ، 8 افراد زخمی

گاندربل//ارشاد احمد//بی ہامہ گاندربل چوک میں سونمرگ سے سیاحوں سے بھری ایک گاڑی (ٹیمپو ٹرولر) زیر نمبر JKO2AQ-8863 مخالف سمت سے آرہے ایک آٹو لوڈ کیریئر زیر نمبر JK16_2675 سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں سیاحوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوںمیں لوڈ کیریئر کا ڈرائیور وسیم آخون ساکنہ چھانہ پورہ حبک حضرت بل سرینگر شدید زخمی ہوگیا ہے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ منتقل کردیا گیا۔ 
 

ڈوروشاہ آباد میں نعت مقابلہ

ڈورو/عارف بلوچ/ماہ رمضان کی مناسبت سے ڈورو شاہ آباد میں زون ڈورو اور زون ویری ناگ سے تعلق رکھنے والے نجی اسکولوں کا نعت مقابلہ پروگرام منعقد ہوا ۔پروگرام میں18اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلاب نے شرکت کی ۔پروگرام کے موقع پر مقامی لوگ بھی موجود رہے ۔تقریب کے آخر میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلاب کو انعامات سے نوازا گیا ۔
 

ہندوارہ میں مارکیٹ چیکنگ

۔3ہزار روپئے جرمانہ وصول

سرینگر// ہندواڑہ میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف انتظامیہ کی مہم جاری ہے۔نائب تحصیلدار ہندوارہ سلیم شمس، ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی ہندوارہ حبیب اللہ درزی سمیت پولیس کی ایک چیکنگ ٹیم نے ہندوارہ کے مختلف بازوں کا معائنہ کیا اور کئی دوکاندارں، چھاپڑی فروشوں سے ناجائز منافع خوروں سے جرمانہ وصول کیا۔اس موقع پر 3000 ہزار روپے کاجرمانہ بھی وصول کیا گیا ۔
 
 

گاندربل پولیس کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام 

سرینگر//گاندربل پولیس کی جانب سے پولیس پوسٹ شادی پورہ میں افطار پارٹی کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون نے بتایا کہ محکمہ پولیس کئی دہائیوں سے لوگوں کی خدمت کر رہا ہے اور اس طرح کے پروگراموں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے۔ انہوںنے اس موقعے پر اُمید ظاہر کی کہ رمضان المبارک امن و سلامتی اور لوگوں کیلئے خوشی کی نوید لے کر آئے ۔افطار پارٹی میں اے ایس پی گاندربل فیاض حسین ، اسسٹنٹ ایس پی ہیڈ کواٹر گاندربل اُتکارش دگل ، ایس ڈی پی او کنگن عمر شاہ ، ڈی ایس پی ڈی اے آر عبدالرشید ، ڈی ایس پی گاندربل عاشق حسین اور ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ ایس ایچ او ز موجود رہے ۔
 

ڈورو میں سرکاری ملازم کھمبے سے گر کر زخمی 

ڈورو/عارف بلوچ/ڈورو میں میونسپل کمیٹی کا ایک ملازم اسٹریٹ لائٹس ٹھیک کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوا ہے ۔ریاض احمد نامی یہ ملازم خراب اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کر رہا تھا کہ اس دوران وہ کرنٹ لگنے سے زمین پر گر گیا ۔ اُسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔
 

ٹرانسفارمیشن آف ایسپائیریشنل ڈسٹرکٹ

بشارت بخاری نے بارہمولہ میں پروگرام کا جائیزہ لیا 

سرینگر//باغبانی ، قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور کے وزیر سید بشارت بخاری نے بارہمولہ میں ایک میٹنگ کے دوران مرکزی حکومت کے ’’ ٹرانسفارمیشن آف ایسپائیریشنل ڈسٹرکٹ ‘‘ پروگرام کے تحت موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ، جے ڈی پلاننگ اور ضلع کے متعلقہ افسران موجود تھے ۔ وزیر نے میٹنگ کے دوران ضلع بارہمولہ کیلئے 2018-22 کے ڈسٹرکٹ ویژن منصوبہ کا جائیزہ لیا ۔ اس منصوبے کے تحت ریاستی حکومت نے مختلف ترقیاتی پروگراموں کی اگلے پانچ سالوں کے دوران عمل آوری پر خرچ کئے جانے والے 2 ہزار کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے ۔ وزیر نے اس ویژن دستاویز پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس دستاویز کو تمام مقاصد کو انجام دینے کیلئے اہم قرار دیا ہے ۔ 
 

پلوامہ میں ماڈل ویجی ٹیبل ولیج قائم کیا جا رہا ہے 

پلوامہ //زراعت کے وزیر محمد خلیل بند نے پلوامہ ضلع کا بونہ گنڈ گاؤں کو ماڈل آرگینک ویجی ٹیبل ولیج قرار دیا ۔ انہوں نے اس بات کا اظہار  گاؤں کے نمائندوں اور محکمہ زراعت کے افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر نے کہا کہ اسی طرح کے گاؤں ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی قایم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عام حالات میں سبزی اگانے کیلئے کیڑے مار دوائیاں استعمال کی جاتی ہیں لیکن آرگینک فوڈ اُن سبزیوں کے مقابلے میں بہتر مانی جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ آرگینک فارمنگ ماحولیات کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طریقہ کار سے کثافت میں کمی ، پانی کا جائیز استعمال اور زمین کی زرخیزی بڑھانے جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمنگ میں چونکہ ادویات کا استعمال نہیں ہوتا ہے اس لئے علاقے کے پرندوں اور جانوروں کے علاوہ انسانوں کیلئے بھی یہ طریقہ کار آمد ثابت ہوا ہے ۔