مزید خبریں

سیاسی لیڈران نے تجویز کو مسترد کر دیا 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے اس پر بی جے پی کی سازش اور عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے۔سیاسی لیڈران نے بھاجپاپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی پشت پناہی سے پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کو حد بندی کمیشن کی جانب سے بنایا گیا ہے جبکہ بھاجپا مبینہ طورپر اس عمل کو اپنے ووٹ بینک کے طورپر استعمال کرنا چاہتی ہے ۔نیشنل کانفرنس لیڈر بھارت بھوشن گپتا، کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور تاجر ایسوسی ایشن نوشہرہ کے سربراہ سبھاش کپور پی ڈی پی لیڈر اور ڈی ڈی سی ممبر نوشہرہ ڈاکٹر منوہر سنگھ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ حد بندی کمیشن کے ذریعہ اپنا ووٹ بینک بنانے کی کوششیں کررہی ہے ۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی اور دھوکہ دہی کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ایک اسمبلی حلقہ کو دوسرے اسمبلی حلقہ کے ساتھ جوڑنا یا اسمبلی حلقہ کو ہی توڑناقاعدہ کیخلاف عمل ہے ۔انہوں نے حد بندی کمیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس تجویز پر عمل نہ کیا جائے ۔
 

مجوزہ پیر پنچال اننت ناگ پارلیمانی حلقہ | عوام کیساتھ امتیازی سلوک :سریندر چوہدری 

سمت بھارگو
راجوری//سابق ممبر قانون ساز کونسل سریندر چودھری جو پہلے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ تھے، نے پیر پنچال علاقہ کو اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے جوڑنے کی تجویز پر سخت تنقیدکرتے ہوئے اسے علاقے کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیا۔ایک بیان میں سریندر چودھری نے کہا کہ راجوری اور پونچھ اضلاع کے لوگوں نے ہمیشہ سیاسی عمل اور ترقی دونوں کیلئے اپنے حقوق کو ذہن میں رکھتے ہوئے جدوجہد کی ہے لیکن جب یہ علاقہ جموں کی پارلیمانی نشست کا حصہ تھا تو ہمیشہ عوام کیساتھ  سوتیلی ماں جیساسلوک رواں رکھنے کا الزام لگایا جاتا تھا ۔انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگ اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر نہیں آ رہے تھے لیکن اننت ناگ کے ساتھ اس کو جوڑنے کا یہ مجوزہ قدم سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے اور اس کی کبھی توقع نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے حد بندی کمیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ راجوری اور پونچھ کو اننت ناگ کے ساتھ جوڑنے کی اس تجویز کو ترک کرے اور اس کے بجائے راجوری اور پونچھ کیلئے ایک نیا پارلیمانی حلقہ بنائے۔
 

حد بندی کمیشن سے رپورٹ پر نظرثانی کا مطالبہ

حسین محتشم
پونچھ//حد بندی کمیشن کی رپورٹ میں رد و بدل پرخطہ پیرپنچال کے لوگ بھی برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ حدبندی کمیشن نے اپنی دوسری عبوری رپوٹ میں سرحدی ضلع پونچھ کے اسمبلی حلقوں سے بڑے پیمانے پر چھیڑچھاڑ کی ہے جس کو عوام نے سہولت نہیں بلکہ عذاب قرار دیا ہے۔ سرحدی ضلع پونچھ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس جس میں پی ڈی پی لیڈر معروف خان،اپنی پارٹی کے ضلع صدر شاہ محمد تانترے، نیشنل کانفرنس کے پیر نثار، کانگریس کے تاج میر، ہیومن رائٹس کے ایڈوکیٹ محمد سلمان،سرجن سنگھ اور دیگر لیڈران نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کی تینوں اسمبلی نشستیں جوکہ درج فہرست قبائل(ایس ٹی)کے لئے ریزروکی گئی ہیں ،میں اگر چہ کوئی نیا حلقہ نہیں بنایاگیا، مگر سابقہ تینوں حلقوں کی حدود میں حد درجہ چھیڑچھاڑ کی گئی ہے جس سے لوگ سخت پریشان ہیں۔ ایڈوکیٹ معروف خان نے کہا کہ اسمبلی حلقہ سرنکوٹ میں مینڈھر حلقہ کی ایک پوری نیابت شامل کرنے کے ساتھ ساتھ پونچھ حویلی کے بھی بہت سے علاقہ جات جوڑے گئے ہیں۔انہوں نے کہا سرنکوٹ تحصیل کے علاوہ مینڈھر تحصیل کا پٹوار حلقہ بنولہ اور پٹوار حلقہ سلواہ شامل کیاگیا ہے ۔شاہ محمد تانتر اور سرجن سنگھ نے کہا کہ تحصیل حویلی سے پٹوار حلقہ کھنیتر اور پٹوار حلقہ سیڑی خواجہ شامل کیاگیا۔ اس کے علاوہ تحصیل منڈی سے پٹوار حلقہ اڑائی، پٹوار حلقہ منڈی اور پٹوار حلقہ بلنائی شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا تحصیل حویلی سے بید ہزار سے زائد افراد سرنکوٹ میں ڈالے گئے ہیں جن میں کھنیتر پٹوار حلقہ کے اور سیڑی خواجہ پٹوار حلقہ کے کے لوگ شامل ہیں۔ تحصیل منڈی سے انہوں نے کہا اٹھاراںہزار سے زائد افراد سرنکوٹ حلقہ میں جوڑنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جس میں پٹوار حلقہ اڑائی، پٹوار حلقہ منڈی ، پٹوار حلقہ بیدار بلنائی سے افراد شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا پونچھ اب سرنکوٹ اسمبلی حلقہ کی حدود پیر کی گلی سے ہل کاکا، بیدار بلنائی سے مینڈھر کے جگال اور کھنیتر تک کر دی گئی ہے۔ تاج میر اور ایڈووکیٹ محمدزمان نے کہا کہ یہ لوگوں کو پریشان کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ تجویز کو منسوخ کر دیا جائے ۔
 
 

راجوری کے موجودہ اسمبلی حلقوں میں تبدیلیوں کی تجویز | درہال میں کم لیکن کالا کوٹ حلقے میں بھاری پھیر بدل  

سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے چار موجودہ اسمبلی حلقوں میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز کرتے ہوئے اور ایک نیا اسمبلی حلقہ بنانے کیلئے حد بندی کمیشن نے اپنی رائے دی ہے تاہم اگر مذکورہ تجویز کو قبول کر لیا جاتا ہے تو ضلع میں سیاسی منظر نامہ بدل جائے گا۔اس تجویز کے مطابق کالاکوٹ اسمبلی حلقہ کو سب سے بڑے پیمانے پر دوبارہ تیار کیا گیا ہے جس کے ساتھ درہال اسمبلی حلقہ تجویز میں کم تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔قبل ازیں راجوری ضلع میں چار اسمبلی حلقے تھے جن میں راجوری، درہال ، کالاکوٹ اور نوشہرہ شامل تھے لیکن چاروں حلقوں کو دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے اور موجودہ حلقوں میں سے پانچواں حلقہ منتخب کیا گیا ہے۔ اس تجویز کے مطابق کالاکوٹ اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ تبدیلیاں آئی ہیں کیونکہ اس حلقے کے ڈیڑھ درجن سے زیادہ دیہات میں اڑگی، دلہوڑی، جمولا، ڈھانگری، بڈھون، کھنڈلی، ڈالوگرہ، کلر، چٹیاڑی، اگرتی، چنگس ناریاں، چکلی، اندرولہ، ڈگانی کو راجوری اسمبلی حلقہ کے ساتھ منتقل کیا گیا ہے جبکہ خواص اسمبلی حلقہ کے جو علاقہ پہلے کالا کوٹ کے ساتھ تھے اب ان کو درہال کیساتھ منتقل کر دیا گیا ہے ۔پہلے نوشہرہ کیساتھ منسلک ہونے والی تحصیل سیوٹ اور کالا کوٹ کو کالاکوٹ اسمبلی حلقہ کیساتھ جوڑ دیا گیا ہے ۔دوسری طرف، درہال اسمبلی حلقہ میں سب سے کم تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ا س اسمبلی حلقہ کے پلمہ ،کوٹ دھڑا ،سواڑی ،سنکاری ،مائرہ وغیرہ علاقوں کو اسمبلی حلقہ سے خارج کرکے تحصیل خواص کو شامل کر لیا گیا ہے ۔اسی طرح اس سے قبل نوشہرہ کا حلقہ بھی چھوٹا کر دیا گیا ہے کیونکہ اس میں سے سندر بنی اور سیوٹ تحصیلوں کے علاقے نکال دئیے گئے ہیں اور اب یہ حلقہ صرف تین تحصیلوں یعنی نوشہرہ، قلعہ درہال اور بیری پتن پر مشتمل ہے جبکہ اس سے قبل پانچ تحصیلوں کے حلقہ انتخاب تھا جن میں نوشہرہ ،قلعہ درہال ،سیوٹ ،سندر بنی اور بیری پتن شامل تھے ۔اسی طرح راجوری اسمبلی حلقہ کو دوبارہ سے تیار کیا گیا ہے ۔اس میں سے 4درجن سے زائد دیہا ت جن میں زیادہ تر تحصیل منجا کوٹ کے گائوں شامل ہیں ،کو تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔
 
 
 

فوج نے جھلاس میں پانی کا ٹینک تعمیر کیا 

راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں فوج کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے زمینی سطح پر تعمیر اتی کام بھی کروائے جارہے ہیں ۔گزشتہ دنوں ضلع کے چھلاس گائوں میں فوج نے پانی کی شدید قلت کو دور کرنے کیلئے ایک ٹینک کی تعمیر عمل میں لائی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چھلاس گائوں میں پانی کی شدید قلت کو دیکھتے ہوئے پانی جمع کرنے کیلئے ایک ٹینک کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سدبھاونہ سکیم کے تحت کئی کنبوں کی سہولیت کیلئے مذکورہ ٹینک تعمیر کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے فوج کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے فوج ملکی حفاظت کیساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام بھی کررہی ہے ۔انہوں نے امید ظارہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی مذکورہ عمل کو جاری رکھا جائے گا ۔
 

پنچایت حلقہ اپر کیول میں بنیادی سہولیات کا فقدان | 3وارڈوں میں بجلی و پانی جیسی سہولیات میسر نہیں ،لوگ پریشان 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی پنچایت اپر کیول میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مقامی و ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 7وارڈوں پر مشتمل پنچایت میں سے ابھی تک 3وارڈوں میں پانی کی سپلائی و بجلی جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔زاہد ساگر نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دیہات میں بجلی کی فراہمی کیلئے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن مذکورہ پنچایت میں ان سکیموں کے تحت ابھی تک کوئی بھی سہولیت دستیاب نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کا نظام اکثر دیہات میں انتہائی خستہ ہے لیکن مذکورہ پنچایت کی کچھ وارڈ میں سپلائی ہی فراہم نہیں کی گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گائوں میں پانی کی سپلائی کا بھی کوئی معقول بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے خواتین اکثر قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کے زمرے میں لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
 

راجوری میں مصنوعی اعضاء کیلئے کیمپ کا اہتمام 

راجوری//جموں و کشمیر کی جسمانی طور پر معذور آبادی کو امداد فراہم کرنے کے مقصد کے ساتھ فوج نے پیر کو راجوری میں مصنوعی اعضاء کے کیمپ کے تیسرے مرحلے کا اہتمام کیا۔کیمپ راجوری کے ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا تھا۔کیمپ کا انعقاد نئی دہلی کی این جی او کیوانیز کلب کے ساتھ مل کر کیا گیا جہاںپر مالی اعتبار سے کمزور معذور افراد کو مصنوعی اعضاء لگانے کیلئے ان کی پیمائش و دیگر سرگرمیاں انجام دی گئیں ۔فوج کے اس اقدام سے راجوری اور پونچھ اضلاع کے 85 سے زیادہ معذور شہریوں کو مکمل طور پر مفت مستفید کیا گیا۔ایس آف سپیڈزڈویژن کے اعلیٰ فوجی افسران اس کیمپ کے دوران موجود رہے اور اس کے طرز عمل کا جائزہ لیتے ہوئے خصوصی طور پر معذور افراد کی بہترین ممکنہ خدمات کو یقینی بنایا۔
 
 

لمبے عرصہ سے پڑھائی متاثر | تھنہ منڈی میں طلباء کا انتظامیہ مخالف احتجاج 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں میں طلباء نے تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک طلباء کی جانب سے مطالبات کو لے کر حکام مخالف نعرے بازی کی گئی ۔طلباء نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے انھیں آن لائن کلاسوں میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے ایک طرف تمام سرگرمیاں بحال رکھی گئی ہیں تاہم دوسری جانب سرکاری و نجی سکولوں کو مسلسل بند رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی ریلیاں و دیگر معمول کی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، تمام شعبہائے زندگی اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہیں، بڑے بڑے شاپنگ مال کھلے ہیں ، مختلف تقریبات میں لاکھوں لوگ جمع ہو رہے ہیں ، سیر و سیاحت وغیرہ پر کوئی روک ٹوک نہیں مگر تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔ تعلیمی ادارے بند رکھ کر حکومت طلباء کے حقوق کی پامالی کر رہی۔ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے سے سب سے بڑا نقصان طلبہ کا ہوا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ پچھلے تین سالوں سے تعلیمی نظام درہم برہم ہے لیکن سرکار کو ٹس سے مس نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسکولوں کی مسلسل بندشوں سے ان کا مستقل پوری طرح سے تاریک ہو گیا ہے اور ان کی زندگیاں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں لیکن حکومت وقت کو اس سے کوئی سروکار نہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہمارا مستقبل خراب کرنے کی ناپاک کوششیں کی جارہی ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انسداد کورونا ایس او پیز کے مطابق تعلیمی ادارے فی الفور کھولنے کے احکامات جاری کرے اور تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے ٹھوس پالیسی بھی مرتب کرے تاکہ ان کا مستقبل مزید تاریک ہونے سے محفوظ رہے۔
 
 

آرمی پورٹر درخت سے گر کر لقمہ اجل 

حسین محتشم
پونچھ// پیر کے روز پونچھ کے بنپت سیکٹر میں ایک 52 سالہ پورٹر درخت سے گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس سلسلہ میں ملی جانکاری کے مطابق ترلوک کمار بالی ولد سندر داس بالی سکنہ جھلاس پونچھ ہے جو بنپت سیکٹر پونچھ میں فوج کے ساتھ پورٹر تھا۔ لاش کو قانونی کارروائی کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لایا گیا۔ ایس ایچ او پونچھ ایس ڈی سنگھ نے بالی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بالی فوج میں مستقل پورٹر کے طور پر کام کر رہا تھا پیر کے روز جب وہ کام کر رہا تھا تو کام کے دوران ہی درخت سے گر کر اس کی موت واقع ہوگئی۔
 
 

کارکنوں کی پیپلز کانفرنس میں شمولیت 

پونچھ// جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس پارٹی کے ریاستی نائب صدر یوتھ ونگ انجینئر ریدھام سنگھ کی قیادت میں سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں کسلیاںکے کئی سیاسی کارکنوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر کی ۔جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پارٹی کے نوجوان لیڈر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران کسلیاں کے عبدالرشید چوہان، حاجی نور دین، محمد رفیق ٹھکر، محمد صادق ٹھکر، محمد کبیر، مقبول حسین، محمد لطیف اور ان کے درجنوں ساتھی جنہوں نے حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں پونچھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے ،نے پیپلز کانفرنس پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان جن کا پارٹی لیڈران نے خیرمقدم کیا۔ انجینئر ریدھم سنگھ نے تمام شامل ہونے والے لیڈران کا ہار پہنا کر خیرمقدم کیا اور انہیں مکمل یقین دہانی کرائی کہ انتظامی سطح پر ان کے مطالبات کو پورا کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان نئے شامل ہونے والے کارکنوں نے پارٹی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ وہ پارٹی کی بہتری کیلئے انتھک محنت کریں گے۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ریدھم نے کہا ہے کہ دیگر تمام علاقائی سیاسی جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں اور جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس صرف کشمیری عوام کی امید ہے جو شیخ کی متحرک قیادت میں جموں و کشمیر کی قیادت پارٹی سربراہ سجاد غنی لون ہی کر سکتے ہیں۔ ریدھم سنگھ کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر کیپٹن جسپال سنگھ، محمد شعبان، عمران کوہلی، امتیاز کھوکھر، ارشد احمد اور دیگر بھی موجود تھے جنہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے لیڈروں کا خیرمقدم کیا۔
 
 

پونچھ میں مختلف پمپنگ اسٹیشنوں کاجائزہ لیاگیا

حسین محتشم
پونچھ//عوام کو پانی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے سلسلہ میں محکمہ جل شکتی کے افسران متحرک نظر آرہے ہیں۔ اس سلسلہ کو لے کر پیر کے روز ایکس ای این محکمہ جل شکتی راجیش سیٹھی نے پونچھ کے مختلف پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کر جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران تمام ملازموں اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق ہر روز پانی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار اور لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر گھر میں نل لگائے جائیں اور ہر گھر میں پانی کی سہولت ہو۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میں بھی مختلف سکیموں کے تحت تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں تاکہ گھر گھر پانی پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود تمام ملازموں اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے سلسلہ میں ہر طرح کے اقدامات اٹھانے کی کو ہدایت کی۔ انہوں نے قصبہ پونچھ میں ٹوٹی پھوٹی پائپ لائنوں کی مرمت کی بھی ہدایت دی تاکہ پانی کی بوند بوند کو بچایا جا سکے۔
 
 
 

راجوری قتل کیس میں 3گرفتار 

سمت بھارگو
راجوری//جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع کے فتح پور علاقہ میں دو دن قبل ہوئے ایک قتل کے معاملے میں مطلوب تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔مذکورہ واقعہ ہفتہ کے روز راجوری کے قریب فتح پور گاؤں میں پیش آیا جس میں ایک محمد حفیظ ولد حکیم دین پر اس کے بھائی اور بھائی کے بیٹوں نے حملہ کیا اور متاثرہ شخص کو چوٹیں آئیں جو بعد میں دم توڑ گیا۔پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 48/2022زیر سیکشن 302، 307، 147، 148، 149 آئی پی سی اور 4/25 آرمز ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن راجوری میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل کو شروع کر دیا تھا ۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ ’اب تک تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں مقتول کا بھائی محمد شریف ولد حکم دین اور اس کے دو بیٹے سعید احمد اور انیس احمدکو گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ معاملہ میں مطلوب خاتون کی تلاش جاری رکھی گئی ہے ۔