قومی تعلیمی پالیسی2020کی عمل آوری | بھٹناگر کاتمام کورسوں کیلئے عمومی فریم ورک بنانے پرزور
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں قومی تعلیمی پالیسی ۔2020 کی عمل آوری کے روڈ میپ کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم روہت کنسل ، جموں وکشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میٹنگ وائس چانسلروں نے جموںوکشمیر یوٹی میں اہم ملک گیر پالیسی کی عمل آوری کے اِقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔یہ میٹنگ اسی موضوع پر پہلے کی میٹنگوںکی پیروی کے طورپر منعقد کی گئی تھی اور اس کی صدارت چانسلر اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کی تھی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِسی سلسلے میں گزشتہ میٹنگوں میں کئے گئے فیصلوں پر اِقدامات کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے جموںیونیورسٹی اور کشمیر یونیورسٹی میں6 بورڈ آف سٹیڈیز کی تشکیل کی صورتحال اور نصاب کمیٹیوں کی تشکیل پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ مشترکہ بورڈ آف سٹیڈیز مختلف نصاب تیار کرے گا۔مشیر موصوف نے کہا کہ پالیسی کی عمل آوری کا عمل بتدریج نوعیت کا ہوگا اور اِس سلسلے میں فوری طور پر اِقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے مختلف کورسوں کے پہلے سال کے مطالعے کے لئے نصاب کی تشکیل کو تیز کرنے اور کورس کے دورانیے کے تمام کورسوں کے لئے عمومی فریم ورک بنانے پر زور دیا۔مشیر موصوف نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اِی پی ۔ 2020کو اَپنے نقطہ نظر میں لچکدار ہونا چاہیے اور اِس کی عمل آوری کے حوالے سے ’’ کچھ بھی پتھر پر نہیں ہے۔‘‘اُنہوں نے کہاکہ آٹونامی اور آزادی اِس کی بنیادیں ہیں۔مشیرموصوف نے جموںوکشمیر یوٹی میں تحقیقی کام کو فروغ دینے میں یونیورسٹیوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی تعلیمی اِصلاحات کے تحت انوویشن ، انکیوبیشن اور ریسرچ کو تحر یک دی جائے گی۔پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم روہت کنسل نے کہا کہ این اِی پی ۔ 2020 کے تعارف سے کورسز ماڈیولر بن جائیں گے اور عارضی طور پر ان میں داخلے اور خارجی کے مختلف مقامات فراہم کریں گے ۔ اُنہوں نے اِس اِمکان کو بھی سمجھا کہ اس کے بعد کے برسوںمیں نصاب کو باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ این اِی پی۔ 2020 کی عمل آوری کی رفتار مختلف چیلنجوں کی وجہ سے اِداروں میں مختلف ہوسکتی ہے لیکن ہم یقینی طور پر آئندہ تعلیمی سیشن کے ساتھ اِس کی عمل آوری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔روہت کنسل نے میٹنگ کو جانکار ی دی کہ گزشتہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کے مطابق اَنڈر گریجویٹ کورسوں کے لئے تمام نئے داخلے ابتدائی طور پر 4 برس کی مدت کے لئے ہوں گے جس میں کورس کے بعد کے سالوں میں خارجی تعلیم کی فراہمی ہوگی۔اُنہوں نے پالیسی کے تحت بیچلر آف ووکیشنل ایجوکیشن کورس کے تعارف پر بھی روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے کہاکہ17سرکاری ڈگری کالج سیشن 2022-23 ء کے کورس کے لئے داخلے لینا شروع کریں گے ۔مزید 53 اور 72ڈگر ی کالجز بالترتیب تعلیمی سیشن 2023-24اور2024-25 سے کورس پڑھانا شروع کریں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ سیکٹر سکل کونسلز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔پرنسپل سیکرٹری جموںوکشمیر میں اِختراع کی حوصلہ اَفزائی پر بات کرتے ہوئے کہا،’’ یونیورسٹیوں کو اِختراع کا مرکز بننے کی ضرورت ہے اور اِس سلسلے میں جموںوکشمیر یوٹی حکومت آئی آئی ٹی جموں کے ساتھ مل کر ایک سٹارٹ اَپ مقابلے کا اِنعقاد کرے گی۔جیتنے والوں کو ان کی فنڈنگ کے لئے انعامات اور بیج کی رقم دی جائے گی ۔ برسوں کے دوران حکومت جدت کو فروغ دینے کے لئے اِس طرح کے مقابلوں کی حمایت کی خاطر زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرے گی۔‘‘
محکمہ سیاحت کے مربوط ویب پورٹل کا اِی ۔ اِفتتاح | چیف سیکریٹری کابہترخدمات فراہم کرنے پرزور
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سیاحت کے مربوط ویب پورٹل کا اِی۔ اِفتتاح کیا ،جو سیاحوں کے لئے وَن سٹاپ حل فراہم کرے گا۔ یہ ویب پورٹل جموںوکشمیر میں سیاحت سے متعلق تمام معلومات فراہم کرے گا ۔ اِس میں اِس سے منسلک ادارے جیسے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹیز ، جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن ، جے اینڈ کے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، گالف کورسز اور صارف کو سنگل وِنڈو کے تحت دستیاب ہوں گے ۔ویب پورٹل پر سیاحوں کے لئے آن لائن بُکنگ اور آپریٹررجسٹریشن کا اِنتظام ہوگا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ویب پورٹل کا اِفتتاح کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو بہترین خدمات فراہم کرنا محکمہ کی توجہ کا مرکز ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ چیک اور رِپورٹ کرتے رہیں کہ کتنے صارفین اَصل میں پورٹل اِستعمال کررہے ہیں اور پورٹل کے ذریعے ہوٹلوں کی بُکنگ اور رجسٹریشن کر رہے ہیں۔محکمہ پورٹل کے ذریعے لوگوں کو جموںوکشمیر سے واقف کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں 75 نئے مقامات شامل ہیں اور انہیں زیارت گاہ، ورثے کے مقامات ، جنگلی حیات ، مہم جوئی کھیل اور جموںوکشمیر یوٹی کے ضیافتوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرنا ہے۔اسے زیادہ صارف دوست بنانے کے لئے پورٹل میں شکایات کے ازالے کا ایک اندرونی طریقہ کار موجود ہے جہاں سیاح اَپنی شکایت درج کرسکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ یہ پورٹل کلر بلائنڈ اَفراد کے لئے بھی قابل رَسائی ہے۔محکمہ جن پروگراموں کو منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پورٹل پر دستیاب ہوں گے۔محکمہ کے اثاثوں کو بھی پورٹل میں جیو میپ کیا گیا ہے۔میٹنگ میں ناظم سیاحت کشمیر جی این ایتو ، منیجنگ ڈائریکٹر سی سی سی ، جنرل منیجر کشمیر جے کے ٹی ڈی سی اور دیگر اَفسران نے شرکت کی ۔ جموں سے سیکرٹری سیاحتی اور دیگر اَفسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔
ایجیک وفد نے ملازمین کو درپیش مسائل کی فہرست پیش کی
سرینگر//ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ایجیک) کاایک وفدصدرفیاض احمدشبنم کی قیادت میں چیف سیکریٹری ارون کمارمہتہ سے ملاقی ہوااوران سے ملازمین کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیااورانہیں مطالبات کی ایک فہرست بھی پیش کی ۔ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری یہ میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔چیف سیکریٹری نے وفد کو بغور سنااوروفدکویقین دلایاکہ ملازمین کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے تیزی سے کام کیا جائے گا۔وفد نے ملازمین دوست رویہ کیلئے انتظامی افسراں کاشکریہ اداکیا اور یقین دلایا کہ وہ جموں کشمیر کو کامیابی اور ترقی کے نقطہ عروج پرلیجانے کیلئے تندہی اور لگن سے کام کریں گے۔وفد نے چیف سیکریٹری سے اپیل کی کہ ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کیلئے اقدام کئے جائیںاوران کے حق میں کم سے کم اجرت کاقانون لاگو کیاجائے۔
گنہ ون کنگن میں17 سالہ لڑکی کاانتہائی اقدام
گاندربل// گاندربل ضلع کے گنہ ون کنگن میں ایک 17 سالہ لڑکی نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنے گھر میں زہریلی چیز کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔جے کے این ایس کے مطابق 17سالہ لڑکی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے اپنے گھر میں کوئی زہریلی چیز کھا لی اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اُسے تشویشناک حالت میں انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگرریفر کیا گیا ،جہاں ڈاکٹروںکی تما م ترکوششوں کے باوجودمذکورہ نوعمر دوشیزہ دم توڑ گئی۔پولیس نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔
لداخ میں کورونا کے50نئے کیس
لیہہ//لداخ میں منگل کو کوروناوائرس کے50نئے کیس سامنے آئے۔اس طرح اس مرکزی زیرانتظام خطے میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد26,992 ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق 50نئے کیسوں میں30لیہہ میں پائے گئے جبکہ کرگل میں 20نئے مریض سامنے آئے۔خطے میں کوروناوائرس سے مرنیوالوں کی تعداد226ہے،جن میں167لہیہ میں اور59کرگل کے شامل ہیں۔خطے کے اسپتالوں سے منگل کو155مریضوں کوصحت یاب ہونے کے بعد رخصت کیاگیا،ان میں67لیہہ میں اور88کرگل کے ہیں۔اس طرح خطے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد25,884,ہوگئی ہے۔
گریز ہائراسکینڈری کے تمام طلاب ناکام
گریز//ارشاداحمد//منگل کو ظاہرکئے گئے بارہویں جماعت کے نتائج میں گورنمنٹ ہائزاسکینڈری اسکول کلسے گریز نے صفر کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے طلباء کے والدین میں مایوسی پائی جاتی ہے۔اس اسکول میں آرٹس اسٹریم میں بارہویں جماعت میں پانچ طلباء زیرتعلیم تھے جوسبھی سالانہ امتحان میں ناکام ہوئے۔ان طلاب کے والدین نے محکمہ تعلیم پرالزام لگایا کہ اسکول میں عملہ کی کمی کے باعث ان کے بچوں کا مستقبل تباہ ہوا۔اس سلسلہ میں جب سکول کے پرنسپل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ناقص کارکردگی کا ذمہ دار طلبا کو ٹھہرایا اور کہا کہ اساتذہ نے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی پوری کوشش کی تھی۔اساتذہ نے یہاں تک کہ کووِڈ- 19 کے پیش نظر طلبا ء کے لئے کمیونٹی کلاسزمنعقدکئے تاکہ اسکولوں بندہونے کی وجہ سے طلاب کوہونے والے نقصان کو پورا کیا جاسکے۔ طلبا نے جوش کے ساتھ پڑھائی نہیں کی اور اسی وجہ سے وہ امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے۔دریں اثنا چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ عبدالروب شاد نے کہا کہ گریز ایجوکیشن زون کے مختلف ہائر سیکنڈری اسکولوں میں لیکچرارس کی کئی اسامیاں خالی ہیں۔ایک پرنسپل گریز میں تمام سات ہائر سیکنڈری اسکولوں کو سنبھال رہا ہے۔ اگرچہ ہم اس بارے میں اعلی حکام کو آگاہ کرتے رہے ، تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا ۔اس موقع پر انہوں نے طلبا کو خراب کارکردگی کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا اور کہا کہ انہوں نے امتحان پاس کرنے کے لیے سخت محنت نہیں کی۔
بچوں کو امتحانات کی اعتباریت سے واقف کرائیں | کشمیریونیورسٹی کی سول سوسائٹی اور والدین سے اپیل
سرینگر//کشمیریونیورسٹی نے سول سوسائٹی ممبران اور طلباء کے والدین سے پرخلوص اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بااعتبار امتحانات کی اہمیت سمجھائیں۔ یونیورسٹی کے ڈین اکیڈمک افیئرس پروفیسرفاروق مسعودی نے یہ اپیل کچھ طلاب کی طرف سے یونیورسٹی حکام پر آن لائن امتحان لینے کیلئے زور ڈالناشروع کرنے کے بعدکی۔پروفیسر مسعودی کی اپیل میں کہا گیا ہے،’’جاری عالمگیروباء کی وجہ سے دنیا کو متعددمحاذوں پرکافی نقصان سے دوچار ہوناپڑااورتعلیمی محاذپرجو نقصان ہوا،اس کی بے شک بھرپائی نہیں ہوسکتی۔اداروں نے نہ صرف کام کے دن کھوئے بلکہ درس وتدریس اورامتحانات کے آن لائن موڈپرمنتقل ہوناپڑا۔اس طریقے سے کچھ فائدہ ہوالیکن اداروں کو اس شفٹ سے کچھ شدیدمسائل کاسامناکرناپڑا۔اپیل میں مزید کہا گیاکہ امتحانی پرچوں کی جانچ کرنے والوں اورممتحنوں کو امتحانات کی اعتباریت میں کمی کاتجربہ ہواجس وجہ سے آن لائن طور امتحان لینے پرسرنوغور کیاگیااوراس کے بعد یونیورسٹی نے اکتوبر2021سے روبروامتحان لیناشروع کیااور اس کیلئے تمام رہنماخطوط پر من وعن عمل کیاگیا۔ اپیل میں کہاگیا ہے تاہم طلاب کی ایک چھوٹی تعدادیونیورسٹی حکام پرآن لائن طور امتحان لینے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے جوحکام کولگتا ہے کہ طلاب کے مفاد میں نہیں ہوگا۔پروفیسر مسعودی نے سول سوسائٹی سے عموماًاوروالدین سے خصوصاًاپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو امتحانات کی اعتباریت سمجھائیں ۔انہوں نے ان والدین کی بھی سراہنا کی جو یونیورسٹی کو روبروامتحان لینے پر مسلسل درخواست کررہے ہیں۔
پروفسیرناوچوکشمیریونیورسٹی کے ڈین ریسرچ مقرر
سرینگر//کشمیریونیورسٹی کے شعبہ نباتات کے پروفیسر ارشاد احمد ناوچو یونیورسٹی کے ڈین ریسرچ کے طور کام کریں گے۔اس سلسلے میں انتظامیہ کی تدریسی شعبے نے ایک حکم جاری کیا۔پروفیسر نائوچو کو تدریس، تحقیق اورانتظامی امور کادودہائیوں کا تجربہ ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے متعددکتابیں تصنیف کی ہیں اوران کے تحقیقی مقالے معروف اور بااعتبار عالمی جریدوں میں شائع ہوئے ہیں
جموں کشمیرپہلامرکزی زیرانتظام خطہ | جونیشنل سنگل ونڈوسسٹم سے جڑچکاہے
نئی دہلی//جموں کشمیرملک کاپہلامرکزی زیرانتظام خطہ بن گیا ہے جو نیشنل سنگل ونڈوسسٹم سے جڑچکا ہے۔اس سے جموں کشمیر میں تجارت آسانی سے ہوسکے گی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر سنگل ونڈوکلیئرنس سسٹم جوقومی سنگل ونڈوسسٹم سے منسلک ہے،شروع کیا۔اس موقعہ پرچیف سیکریٹری ارون کمار مہتہ ، سمتر اداوراایڈیشنل سیکریٹری ڈی پی آئی آئی ٹی، رنجن ٹھاکورسیکریٹری انڈسٹریز اینڈکامرس موجودتھے۔ نیشنل سنگل ونڈوسسٹم انڈیاانڈسٹرئل لینڈبینک سے منسلک ہے جوجموں کشمیر میں45صنعتی پارکوں کامیزبان ہے۔اس سے سرمایہ کاروں کوجموں کشمیرمیں دستیاب اراضی کھوجنے میں مددملے گی۔نیشنل سنگل ونڈوسسٹم ،2020بجٹ اعلان میں حکومت ہند کاایک ڈجٹل پلیٹ فارم ہے جوسرمایہ کاروں کواپنی ضرورت کے مطابق منظوری کیلئے رہبری کرے گا۔اس پلیٹ فارم کوستمبر2021میں شروع کیاگیا۔نیشنل سنگل ونڈوسسٹم سرمایہ کاروں کو متعدددفاتر کاچکر لگانے سے نجات دلائے گااورانہیں مختلف متعلقین سے ہری جھنڈی حاصل ہوگی۔نیشنل سنگل ونڈوسسٹم بیس وزارتوں اور محکموں کوجوڑاگیاہے جن میں کارپوریٹ افیئرس کی وزارت، ماحولیات کی وزارت، جنگلات اورموسمیات کی وزارت، و دیگرشامل ہیں۔ فی الوقت نیشنل سنگل ونڈوسسٹم پورٹل سے 142منظوریاں حاصل کی جاسکتی ہیںچودہ ریاستیں اورمرکزی زیرانتظام علاقے قومی سنگل ونڈوسسٹم سے جڑے ہیں۔
ہونڈائی کااظہارافسوس
نئی دہلی//جنوبی کوریاکی گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی ہونڈائی نے ’کشمیرسے متعلق’’ بے اختیار سوشل میڈیاپوسٹوں‘‘جوپاکستانی تقسیم کار نے پوسٹ کئے تھے،سے بھارتیوں کو ہوئے ضررپر افسوس کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کمپنی کے عالمی اصولوں کے خلاف ہے۔ اتوار کو ہائیونڈائی موٹرانڈیا کو سوشل میڈیا پرشدیدردعمل کاسامنا کرناپڑاجب ہائیونڈائی پاکستان نے ایک پیغام پوسٹ کیاجس میں کشمیری علیحدگی پسندوں کی حمایت کی گئی اوربھارت میں ہائیونڈائی کوبائیکاٹ کرنے کی ٹرینڈشروع ہوئی۔
ضلع اسپتال کولگام میں خاتون کی موت | اہل خانہ کاڈاکٹروں پر طبی غفلت کا الزام
سری نگر// کولگام اسپتال میں ہائی فلوآکسیجن پرایک مریضہ کورکھنے سے اُس کی موت واقع ہوگئی۔کے این ایس کے مطابق میڈیارپورٹ میں مہلوک کے بھائی طارق یوسف کے حوالے سے بتایا گیا کہ خاتون شولی جان دختر محمد یوسف کھانڈے نامی خاتون کا پیر کو ضلع اسپتال میں انتقال ہوگیا۔انہوں نے بتایا6فروری کو صبح 5بجے کے قریب کلگام کے ایک پرائیویٹ کلینک میں معمول کے چیک اپ کے لیے گئی تھی، کلینک کے ڈاکٹروں نے اسے کچھ دیر کے لیے آکسیجن سپورٹ کے لیے اسپتال لیجانے کا مشورہ دیا۔ کیونکہ اس کی آکسیجن لیول 80کے قریب تھی۔یوسف نے کہا، ’’میری بہن سب سے پہلے پرائیویٹ کلینک گئی جہاں ایک ڈاکٹر نے اسے بتایا کہ آپ ٹھیک ہیں اور آپ کا آکسیجن لیول تھوڑا کم ہے اور آپ ہسپتال چلیں۔‘‘تاہم، اسے مسلسل کئی گھنٹوں تک ہائی فلو آکسیجن پر رکھا گیا جس کی وجہ سے اس کے پھیپھڑے خراب ہو گئے اور بعد میں اس کی موت ہو گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کی بہن نے ڈاکٹروں سے بار بار درخواست کی کہ وہ اسے ہائی فلو آکسیجن پر نہ رکھیں کیونکہ اسے اس کے ساتھ کچھ مسائل کا سامنا ہے اس کے باوجود اسے مسلسل ہائی فلو آکسیجن پر رکھا گیا اور مرتے دم تک اسے آکسیجن کی سہولت پر رکھا گیا۔سوپر کولگام کے محمد یوسف کھانڈے کی بیٹی شولی جان نامی خاتون کا پیر کو ضلع اسپتال میں انتقال ہوگیا۔دریں اثناء میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام ڈاکٹر مظفر زرگر نے بتایا کہ مریض مائیوٹونیا میں مبتلا ہے اور وہ اس معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں اور متعلقہ ڈاکٹر کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔یوسف نے حکام سے مزید درخواست کی کہ معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کی جائیں اور مبینہ طبی غفلت میں ملوث عملے کے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
سٹیٹ سیڈ سب کمیٹی میٹنگ | فصلوںکی 21نئی اقسام جاری کرنے کی سفارش
جموں//پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار اور بہبود کساناں محکمہ نوین کمار چودھری نے سٹیٹ سیڈ سب کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( سکاسٹ ۔کے اور سکاسٹ ۔جے) کی طرف سے تیار کردہ مختلف فصلوں کی نئی تیار کردہ اقسام جاری کی گئیں۔دورانِ میٹنگ کمیٹی نے فصلوںکی 21نئی اقسام (سکاسٹ ۔ کے کی 12 اور سکاسٹ ۔ جے کی نو اقسام)جاری کرنے کی سفارش کی۔ابتداً ،دائریکٹر ریسرچ سکاسٹ ۔ کے نے 12 اَقسام کی ریلیز کی تجاویز پر غور کرنے کے لئے ایک پرزنٹیشن پیش کی جس میں چاول، گندم ، زعفران، مکئی ،راجماش کی دو اقسام، سرسن ، چنے ، مرچ ، بیگن،کئوو پی اور سویابین شامل ہیں۔ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ ۔جے نے بھی سکاسٹ ۔جے کی نو اقسام پر پرزنٹیشن دی۔ 21 اقسام کو کافی غور وخوض کے بعد منظور کیا گیا۔میٹنگ میں ہر فصل کی مطابقت ، تھریشیبلٹی ، فصل کی پختگی ، پیداوار ، بیماری کے خلاف مزاحمت اور ہر فصل کی دیگر نمایاں خصوصیات پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا ۔اِس موقعہ پر نوین کمار چودھری نے خطاب کرتے ہوئے سکاسٹ ۔ کے اور سکاسٹ ۔جے دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں سے کہا کہ وہ ایسی قسمیں تیار کریں جن کی تجارتی لحاظ سے قابل عمل صلاحیت ہو تو ایسی فصلوں سے کیا مارکیٹ پرائز حاصل کیا جائے گا۔اُنہوں نے سائنسدانوں اور محققین سے کہا کہ وہ ترقی پسند کسانوں کو اِن نئی اقسام کے لئے ترغیب دیں اور ایک سے زیادہ فصلوں کو ہدف بنائیں اور اُن علاقوں میں بہتر اقسام پر توجہ دیں جہاں یہ تین فصلیں پہلے سے کاشت کی جاتی ہیں۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اُن علاقوں پر توجہ مرکوزکریں جو کسی خاص فصل کے لئے بہترین ہے۔اُنہوں نے نئی اقسام کے لئے سائنسدانوں اور محققین کی کوششوں کو بھی سراہا اور اَپنی کوششوں کو جاری رکھنے پر زوردیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے سکاسٹ ۔ کے کی طرف سے مرتب کی گئی دستاویزات جاری کیں جن کا عنوان ’’ کشمیرمیں ایپل لیف بلوچ مائنر کے خاتمے کے لئے منصوبہ بندی اور اِنتظامی حکمت عملی اور کشمیر میں ایپل بوررکی انفکیشن ‘‘ تھا۔
پراسکیوٹنگ افسراں کاامتحان | 4انتظامی افسراں مبصر کے طورتعینات
سرینگر// بلال فرقانی//جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن نے کویڈوبائی امراض کی وجہ سے موجودہ صورتحال کا ایک جامع جائزہ لینے کے بعد شیڈول کے مطابق پراسکیوٹنگ افسراں مینز امتحان 14 سے 24 فروری 2022 تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران4کشمیر سروس انتظامی افسراں کو ان امتحانات کیلئے مبصرین کے طور پر تعینات کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے جموں اور سری نگر میں4 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں۔ سپروائزرز کو وبائی امراض کے ان اوقات میں امتحان کے انعقاد کے لیے کمیشن کے رہنما خطوط فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ رہنما خطوط بنیادی طور پر امیدواروں کی ذاتی حفظان صحت، امتحانی عملے، سماجی دوری کو برقرار رکھنے اور امیدواروں اور امتحانی عملے کے ہر وقت ماسک پہننے سے متعلق ہیں۔ اس کے علاوہ، پنڈال میں آسان جگہوں پر سینی ٹائزروںکی فراہمی اور امتحانی عملے کے لیے، امیدواروں کو اپنے سینی ٹائزر کو شفاف بوتلوں میں لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔کمیشن نے سپروائزرز کو مزید ہدایت دی ہے کہ وہ امتحان کے وقت گرمی کی مناسب سہولت کو یقینی بنائیں۔کمیشن نے ضلعی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امیدواروں یا امتحانی کا عملے کو ان کی نقل و حرکت میں کوئی تکلیف نہ پہنچے، خاص طور پر جو بندش زدہ زونوںسے آرہے ہیں اور اگر ضروری ہو تو امیدواروں کا داخلی کارڈ اور شناختی کارڈ کو نقل و حرکت کے پاس کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے ۔اس دوران ان امتحانات کیلئے جموں اور سرینگر کے امتحانی مراکز کیلئے4مبصرین کو تعینات کیا گیا۔ انا فسراں مین محکم تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر جموںشوکت محمود،محکمہ روزگار کے جوائنٹ ڈائریکٹر جموں محمد اشرف،محکمہ ہجنڈ ی کرافٹس کے جوائنٹ دائریکٹر عبدالمجید لون اور سٹیٹ ٹیکس(اپیل فسٹ) سرینگر کے ڈپٹی کمشنر تبسم شفاعت کاملی شامل ہیں۔
۔28 پنچایت حلقوں میں عوامی بات چیت کا آغاز | لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا
اننت ناگ//عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر تقریباً 28 پنچایتوں میں پندرہ روزہ عوامی بات چیت کا آغاز ہوا۔اجلاس کے دوران محکمانہ نمائندوں نے عوام کو نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ایکٹ کی دفعات اور اہلیت اور مختلف زمروں کیلئے راشن کے کوٹے کی وضاحت کی۔PRIs، CAPD، RDD کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے درمیان مکمل غور و خوض ہوا۔ استفادہ کنندگان کی فہرست کو بلند آواز سے پڑھا گیا اور مختلف استفادہ کنندگان پر کیس کے حساب سے تبادلہ خیال کیا گیا۔سول کمیونٹی کے اراکین نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ مشق مستحقین کو مناسب فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ممبران کو یہ بھی بتایا گیا کہ وہ وٹ از ایپ اور آفیشل ٹویٹر ہینڈل اور فیس بک گروپس کے ذریعے گردش کرنے والے لنک کے ذریعے آن لائن بھی کسی بھی مشاہدے کو ریکارڈ کر سکتے ہیں۔مشاہدات کو اب بلاک لیول ویجی لنس کمیٹیوں کو بھیجا جائے گا جو مناسب کارروائی کے لیے اپنی سفارشات ضلع سطح کی کمیٹی کو بھیجیں گی۔جن 28 پنچایت حلقوں کا احاطہ کیا گیا ہے ان میں اڈیگام، اے کے پورہ، گوری اے، آہو پیسن، امدواگڑ، بدسگام، اکورا اور دیگر شامل ہیں۔ایک اور میٹنگ بھی ٹاؤن ہال اننت ناگ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ہلال شاہ صدر ایم سی اننت ناگ نے کی۔ اجلاس میں اے ڈی فوڈ اور مختلف محکموں کے نمائندے موجود تھے۔ہلال شاہ نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور متعلقہ وارڈ ممبران کو ہدایت کی کہ وہ سوشل آڈٹ اور مستحقین کی فہرست کی صفائی کے لیے وارڈ سطح کے اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے اقدام کے عوام پر بامعنی اثرات کو یقینی بنانے کے لیے سرشار کوششیں کی جانی چاہئیں۔
بانڈی پورہ میں مارکیٹ | انسپائر ایوارڈز کی نیشنل لیول ایگزبشن | جموںوکشمیر کے 13بچوں نے جگہ بنائی
سرینگر//جموںوکشمیر کے مختلف سرکاری سکولوں کے تقریباً 13 طلباء نے تعلیمی سال 2020-21 ء کے لئے انسپائر ایوارڈز کی نیشنل لیول ایگزبشن میں جگہ بنائی ہے ۔ جو طلاب 10 سے 15برس تک کی عمر کے گروپ میں ہیں ،نیشنل انوویشن فائونڈیشن ۔ اِنڈیا ( این آئی ایف ) کی جانب سے اِس سے قبل سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( ایس سی اِی آر ٹی ) کے تعاون سے جنوری میں منعقد کی گئی سٹیٹ وائیڈ اِی ۔ایگزبشن میں حصہ لیا ۔سکیم انوویشن ان سائنس پرسوٹ فار انسپائر ڈ ریسرچ ( آئی این ایس پی آئی آر اِی)،مرکزی وزارت محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( ڈی ایس ٹی )کے فلیگ شپ پروگراموں میں سے ایک ہے جس کا مقصد 10 برس عمر سے 15برس عمر تک جماعت 6 سے 10 تک کے طلاب کو تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے ۔انسپائر ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ سکیم کا مقصد سکول کے بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعی سوچ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے سائنس اور سماجی ایپلی کیشنز میں جڑے 10 لاکھ اَصل خیالات اور اختراعات کو ہدف بنانا ہے۔اِس سکیم کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ دونوں ہی سکول آفیشل انسپائر ویب سائٹ کے ذریعے طلباء کے پانچ بہترین اَصل آئیڈیا ز اور اختراعات کو نامز د کرسکتے ہیں۔ایگزبشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے سحرین مشتاق جوانسپائر ۔ این آئی ایف کی جموںوکشمیر کوآرڈی نیٹر ہیں ، نے کہا کہ ایگزبشن جو کہ کووِڈ پابندیوں کی وجہ سے سیریز میں 9ویں نمبر پر ہے، آف لائن موڈ میں منعقد نہیں کی جاسکتی ۔سحرین نے کہا ،’’ صوبہ کشمیر کے لئے سٹیٹ لیول ایگزبشن اور پروجیکٹ مقابلہ ( ایس ایل اِی پی سی ) 17 ماہ جنوری کو اور جموں کے لئے 19ماہ جنوری کو منعقد کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا ،’’ کل 116 طلباء بشمول کشمیر کے 60 اور جموں کے 56 طلباء نے اَپنے اَصل خیالات اور اختراعات کی ایگزبشن کی جن کی جانچ پڑتا ل چارماہرین نے کی۔‘‘پروفیسر الیکٹرانکس اینڈ کمیونکیشن کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر احمد پارا ، ایچ او ڈی فزکش نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی ) این آئی ٹی ) سری نگر پروفیسر محمد اشرف شاہ نے کشمیر کے لئے جج کے طور پر کام کیا جبکہ ایچ او ڈی ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ( ڈی آئی اِی ٹی ) جموں پونم شرمااور ڈی آئی ای ٹی جموں کے لیکچرر آرش کور نے جموں کے جج کے طور پر کام کیا۔ سحرین دونوں ایگزبشنوں میں جیوری ممبر کے طورپر بھ بیٹھی تھیں۔سحرین دونوں نمائشوں میں جیوری ممبر کے طور پر بھی بیٹھی تھیں۔اُنہوں نے کہا،’’اس سے قبل 10344 میں سے کل 1123 طلباء نے ضلعی سطح کی ایگزبشن کے لئے کوالیفائی کیا تھا، جن میں سے 116 نے سٹیٹ لیول پر جگہ بنائی ۔اُنہوں نے کہا کہ منتخب طلباء کواین آئی ٹی اور دیگر اداروں کے ماہرین کی ٹیم کے ذریعے مزید رہنمائی کی جائے گی تاکہ ان کے خیالات اور اختراعات کو بہتر بنایا جا سکے۔سپیشل سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم بی کے سنگھ نے نیشنل لیول ایگزبشن میں ان کے انتخاب پر مبارک باد دی ۔ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی پروفیسر وینا پنڈتا نے کہا کہ طالب علموں نے ضلع اور یوٹی سطح پر کامیابی سے مقابلہ کرنے کے بعد جو اہم سنگ میل حاصل کیا وہ ہم سب کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔
کنگن میں کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ | امن و امان اوردیگر معاملات پر بات چیت
اپنی پارٹی کا صوبہ کشمیر کیلئے عہدیداروں کا تقرر
سرینگر//اپنی پارٹی نے منگل کو صوبہ کشمیر کیلئے نئے عہدیدار کی تقرری کا اعلان کیا۔یہ تقرری متعلقہ قیادت کی طرف سے ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین کی طرف سے بھیجی گئی سفارش کے بعد کی گئی جس کا اعلان پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کیا۔ان عہدیداروں میں سجاد احمد تانترے جوائنٹ سیکریٹری صوبہ کشمیر (یوتھ ونگ)، ظہور احمد ڈگابلاک صدر بمنہ اور معراج الدین راتھرآرگنائزر بلاک بمنہ شامل ہیں۔
کپوارہ میں کانگریس کے سینئرلیڈر کا انتقال
میر،سوز اور دیگرلیڈران کا اظہار رنج
سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر نے منگل کو درگمولہ کپوارہ کے سینئر پارٹی لیڈر عبدالاحد شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔پارٹی کے نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار نے بھی شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں غلام احمد میر، حاجی عبدالرشید ڈار اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں نے عبدالاحد شاہ کے انتقال کو ضلع کپوارہ میں پارٹی کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا اور کانگریس پارٹی کے لیے عبدالاحد شاہ کی خدمات کو سراہا۔رہنمائوں نے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم عبدالاحد شاہ کی مغفرت اور لواحقین کو ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کی دعا کی۔ادھرسینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوزنے کانگریس لیڈر خواجہ عبدالاحد شاہ (درگمولہ کپوارہ) کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔موصولہ بیان میں سوز نے کہا کہ خواجہ عبدالاحد شاہ دو دہائیوں کے زیادہ عرصے سے جموںوکشمیر پردیش کانگریس سے وابستہ رہا اور جانفشانی سے کام کرتا رہا۔انہوں نے مرحوم کے اہل خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کا اظہار تعزیت
نیوز ڈیسک
سرینگر//پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر نے تجربہ کار ماہر تعلیم پروفیسر مشتاق احمد وانی، سینئر کونسلر ممتاز وانی اور ایڈوکیٹ ماجد آفتاب کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحومہ ایک شریف خاتون تھیں اور اپنی عاجزی، خیال رکھنے والی اور پرہیزگار طبیعت کی وجہ سے مشہور تھیں۔ وہ سینئر ایسوسی ایٹڈ ایڈیٹر نیوز 18 اردو شبیر احمد میر کی قریبی رشتہ دار بھی تھیں۔ایسو سی ایشن کے صدرجی این وار نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کیلئے منگل کو سوگوار خاندان سے ملاقات کی۔وار نے مرحومہ کیلئے جنت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
سی این ایس نامہ نگار سے خالد جاوید کی تعزیت
کولگام //سی این ایس نمائندہ برائے کولگام طارق یوسف کی ہمشیرہ کے انتقال پرکشمیر عظمیٰ کے نمائندہ برائے کولگام خالد جاویدنے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔