مزید خبریں

سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا 17اگست کو شروع ہوگی

یو این آئی
 
جموں// پونچھ شہر سے 25کلومیٹر دور شمال مشرق کی طرف راجپورہ منڈی میں واقع سوامی بڈھا امرناتھ جی مندر میں رواں برس 17اگست2018کو شروع ہورہی ہے۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی طرف سے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بھمبر گلی المعروف بی جی پی گلی سے بڈھا امرناتھ منڈی تک سخت ترین سیکورٹی انتظامات رہیں گے، یہاں پر پولیس، آرمڈ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ بڈھا امرناتھ یاترا کا پہلا قافلہ پونچھ میں17اگست کو پہنچے گا جبکہ یاترا کا اختتام دشنامی اکھاڑہ پونچھ سے’چھڑی مبارک‘کی روانگی کے ساتھ 24اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ زائرین کی سہولیات کے لئے صفائی ستھرائی، موبائل ٹائیلٹ، طعام وقیام، پینے کے صاف پانی، بجلی سپلائی، طبی سہولیات کے خصوصی انتظام کئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک نظم وضبط کے لئے خصوصی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ سرینگر سے 141کلومیٹر دو ر سطح سمندر سے 12,756فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گپھاکی سالانہ یاترا‘کے ساتھ ساتھ صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کی منڈی بڈھا امرناتھ یاترا بھی کافی اہمیت کی حامل ہے۔ بتایاجاتاہے کہ منڈی پونچھ میں بڈھاامرناتھ یاترا کی بھی امرناتھ یاترا جتنی ہی اہمیت ہے۔قریب ایک ہفتہ تک چلنے والی بڈھا امرناتھ یاترا ہر برس امرناتھ یاترا کے آخری ہفتہ میں ہوتی ہے ۔اس یاترا پر ہندوستان کے کونے کونے سے عقیدتمند آتے ہیں۔بڈھاامرناتھ کی یہ پوتر جگہ نالہ گگڑی اور پولستہ ندی کے سنگم پر واقع ہے۔ یہ جگہ چار اطراف سے بلند وبالا برف سے ڈھکی پہاڑوں، گھنے اور سر سبز جنگلات سے ڈھکی ہے جبکہ ایک طرف سبز گاہ اور صاف وشفاف بہتی ندی ہے۔یہاں کاموسم انتہائی خوشگوار اور صحت افزا رہتاہے۔یاترا کے کامیاب انعقاد میں مسلم آبادی کا اہم رول رہتا ہے جوکہ باہر سے آنے والے مہمانوں کوہر طرح کی آسائش فراہم کرنے کے لئے کوئی بھی کمی باقی نہیں رکھتے۔ یہ یاترا سرحدی ضلع پونچھ سے ملک بھر کی عوام کو آپسی بھائی چارہ، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سیکولر ازم کا پیغام بھی دیتی ہے۔
 

حساس پوسٹ شیئر کرنے کا معاملہ 

سرکاری ٹیچر اور کالج کا طالب علم گرفتار

سمت بھارگو
راجوری //پولیس نے وٹس ایپ چلارہے ایک سرکاری ٹیچر اورکالج طالبعلم کو حساس پوسٹ شیئرکرنے کے الزام میں گرفتا رکرلیاہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ سرکاری ٹیچر انوار حسین ولد احمد دین ساکن لڈھو ت راجوری ’ڈیلی نیوز اینڈ نوٹیفکیشن ‘نام سے ایک وٹس ایپ گروپ چلارہے جس پر حال ہی میں اس کے ایک ممبر شوکت علی ولد غلام قادر ساکن لڈھوت جو گورنمنٹ پی جی کالج راجوری کا تیسرے سمسٹر کا طالب علم ہے ، نے ایک حساس ویڈیو شیئر کردی ۔مذکورہ افسر نے بتایاکہ یہ ایسی ویڈیو ہے جس سے امن و قانون کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کنڈی منظور کوہلی کی قیادت میں ٹیم نے لڈھوت جمولہ میں چھاپہ مارکر سرکاری ٹیچر کو گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے کالج طالبعلم کو گرفتارکیا۔دونوں کو عدالتی تحویل کے تحت ضلع جیل ڈھانگری منتقل کیاگیاہے جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔راجوری پولیس نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال مثبت کاموں کیلئے کریں اور ایسی پوسٹ شیئرنہ کی جائیں جن سے امن و قانون کی صورتحال بگڑنے کا اندیشہ ہو۔پولیس کاکہناہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
 

افراتفری پھیلانے والے تین افرا د گرفتار

راجوری //راجوری پولیس نے تین افراد کو افراتفری پھیلانے اور ماحول خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او دھرمسال انسپکٹر کرن چلہوترہ کی قیادت میں پولیس کی ٹیم جموں پونچھ شاہراہ پر معمول کی گشت کررہی تھی جس دوران سیوٹ مارکیٹ میں افراتفری کا عالم دیکھاگیا۔پولیس نے بتایاکہ تحقیقات کرنے پر پتہ چلاکہ کار پر سوار تین افراد نشے میں دھت ہیں جنہوں نے عوامی مقام پر افراتفری کا ماحول برپاکررکھاہے ۔اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے تینوں افراد دیوندر سنگھ ولد دگن چند ساکن کالی دھ سندر بنی ، جتیندر سنگھ ولد بھجن سنگھ ساکن سمبل کیمپ جموں اور اندرپال ولد جیوتی شرما ساکن باجا بین بیری پتن کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کی گاڑی زیر نمبر JK11C-2930کو ضبط کرلیاگیا۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ دھرمسال میں ایف آئی آر زیر نمبر78/2018زیر دفعہ 510کاکیس درج کیاگیاہے ۔
 

ٹپر کی ٹکر سے راہگیر شدید زخمی 

راجوری //جموں پونچھ شاہراہ پر مراد پور بتھونی علاقے میں ایک تیز رفتار ٹپر نے راہ چلتے شہری کو ٹکر ماردی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہواہے ۔زخمی شخص کو فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں اس کی حالت کو نازک دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیا۔ اس شہری کی شناخت محمد بشیر ساکن دھنون کوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 

ہاڑی بڈھا کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم 

 پونچھ //سرنکوٹ کی ہاڑی بڈھا پنچایت کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ مقامی شہریوں عبدالرزاق ، الف دین ، جاوید اقبال ، چوہدری تنویر ، چوہدری اعجاز وغیرہ نے بتایاکہ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور پائپوںکا یہ حال ہے کہ ان میں مرے ہوئے مینڈک ، سانپ ودیگر کیڑے مکوڑے ملتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں سے لٹک رہی ہیں جبکہ ٹرانسفارمر کے دو فیس خراب اور ایک ہی کام کررہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا راشن ڈپو میدانہ میں ہے جہاں سے راشن لانے میں مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی رسہ کشی کے باعث انہیں سڑک رابطے سے بھی محروم رکھاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہائی سکول کو بھی سڑک رابطے سے نہیں جوڑاگیا ۔
 

پروفیسر جاوید مسرت کی والدہ انتقال کرگئیں 

راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت کی والدہ ماجدہ کا انتقال ہوگیاہے ۔ان کی سنیچر کی رات موت ہوگئی ۔مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین بالخصوص جاوید مسرت کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔دریں اثناءیونیورسٹی میں بھی اس سلسلے میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کے علاوہ بڑی تعداد میں طلباءو سکالروں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اقبال پرویز نے کہاکہ مرحومہ کی وفات پر انہیں گہرا صدمہ پہنچاہے ۔انہوں نے کہاکہ مرحومہ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کو پُر نہیں کیاجاسکے گا۔اس دوران مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔
 

بخاری کی مرفاد کے لواحقین سے تعزیت پرسی 

ایف آئی آر درج کرنے اور ملوثین کیخلاف کارروائی کا مطالبہ 

سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سیکریٹری و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فارو ق عبداللہ کی بٹھنڈی میں رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر قتل کئے گئے مینڈھر کے نوجوان مرفادشاہ کے گھر پہنچ کرتعزیت پرسی کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی ۔انہوں نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس گھڑی لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم نوجوان کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔بخاری نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیاکہ ابھی تک اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کیا جبکہ یہ واقعہ دن دہاڑے پیش آیا۔ان کاکہناتھاکہ ہوناتویہ چاہئے تھاکہ آج تک واقعہ میں ملوثین کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاگیاہوتا تاہم بدقسمتی سے ابھی تک ایف آئی آر بھی درج نہیں کیاگیا جس کی لواحقین کی طرف سے پرزور مانگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے لیت و لعل کا مظاہرہ نہ کیاجائے بلکہ فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔بخاری نے کہاکہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں ۔
 

راجوری یونیورسٹی کے شعبہ  عربی میں تعارفی اجلاس منعقد

راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ¿ اسلامک اسٹڈیز میں تعارفی نشست کا اہتمام کیا گیاجس کا بنیادی مقصد سینئر اور جونیئر طلبااور شعبے میں تعینات اساتذہ کے درمیان ایک دوسرے سے تعارف تھا۔اس نشست کا اہتمام اسلامک اسٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نسیم گُل اور ڈاکٹر رفیق انجم اسسٹنٹ پروفیسر اسلامک اسٹڈیز نے کیا ۔ڈاکٹر نسیم گُل نے طلبا،اساتذہ اور مہمانوں کا خیر مقدم کیاجبکہ ڈاکٹر رفیق انجم نے اسلامک اسٹڈیز کا تاریخی وسماجی پس منظر بیان کرتے ہوئے اسکی اہمیت وافادیت اور معاشرے میں اس کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔شعبے کے سربراہ ڈاکٹر شمس کمال انجم نے تعلیم کی اہمیت کے ساتھ ساتھ اسلام اور اسلامی تعلیمات کے اغراض ومقاصد بیان کئے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے جس نے شروع سے ہی بھائی چارے ،سچائی اور محبت واخوت کا درس دیا ہے۔ان کاکہناتھاکہ اسلام عالم انسانیت میں سلامتی چاہتا ہے لہٰذا اسلامک اسٹڈیز کا دائرہ ہرلحاظ سے کافی وسیع ہے۔اس تعارفی نشست میں تمام طلبانے بھی اپنااپنا تعارف کرایا اور اسلامک اسٹڈیز سے متعلق اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔انہیں باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری اور دوسرے معلوماتی شعبوں کی سیر کروائی گئی۔اس موقعہ پرپروفیسر جی ایم ملک ڈین آف عربی،اردو اور اسلامک اسٹڈیز بھی موجو دتھے۔
 

ٹریجری دفتر پونچھ کے ملازمین کا احتجاج 

حسین محتشم
 
پونچھ//اکاﺅنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن پونچھ کے بینر تلے اپنے مطالبات پرضلع ٹریجری آفس پونچھ کے ملازموں نے یک روزہ کام چھوڑ ہڑتال کی جس دوران انہوں نے دفتر کو ہی مقفل کردیا ۔احتجاج کے دوران تمام ملازموں نے اپنے ہاتھوں میں مختلف قسم کے بینراٹھا رکھے تھے جن پر انصاف فراہم کرنے کے پیغامات درج تھے۔ ملازموں نے اکاﺅنٹ ملازمتوں کو کے اے ایس سے ڈی لنک کرنے، پرمومشن دینے، انڈین آڈٹ کی طرز پر تنخواہیں دینے، بیمار ملازموں کو خصوصی انشورنس دینے، ایس آراو 43کے تحت تعیناتی کرنے اور ایس آر او38کو لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔
 

صبر کا پیمانہ لبریز 

گھمبیر مغلاں سڑک کی خراب حالت پر احتجاج 

پرویزخان 
 
منجاکوٹ //پتراڑہ سے گھمبیر مغلاں جانے والی سڑک کی خستہ حالی پر مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی۔بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے پتراڑہ کے مقام پرجمع ہوکر شاہراہ کو بند کرکے احتجاج کیااور ریاستی حکومت و ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کاکہناتھاکہ گھمبیر مغلاں سڑک عرصہ دراز سے خراب ہے جس کی مرمت نہ کئے جانے کے باعث انہیں سخت مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔انہوں نے بتایاکہ اس سڑک پر گاڑیوں کا چلنا بھی مشکل ہے۔انہوں نے بتایاکہ سوموار کو بارش کا سارا پانی سڑک پر جمع ہوگیا اور ایسا منظر تھاکہ جیسے یہ سڑک نہیں بلکہ کوئی ندی ہو۔مظاہرین نے بتایاکہ سڑک پر چل رہی ایک مسافر بس کا ٹائر نیچے اتر گیا جس سے مسافروں پر خوف طاری ہوگیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ بارہا اس سڑک کی خراب حالت کے بارے میں حکام کو بتایاگیالیکن ان کے کانوں جوں تک نہیں رینگ رہی۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری اور ایس ایچ او منجاکوٹ اعجاز حیدر موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی تاہم وہ بضد رہے جس کے بعد ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے بذریعہ فون بتایاکہ گھمبیر مغلاں سڑک پر بہت جلد کام شروع کیاجائے گاجس پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
 

ڈگری کالج تھنہ منڈی نے نوجوانوں کا عالمی دن منایا

تھنہ منڈی //گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے ریڈ ربن کلب نے جموں و کشمیر سٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے اشتراک سے نوجوانوں کا عالمی دن منایا ۔اس موقعہ پر ’سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے میں نوجوانوں کے رول ‘کے موضوع پر ایک سیمپوزیم منعقد ہوا جس میں دانش بشیراور صدف بشیر نے پہلی ،سہریش شکور اور اقراصدیقی نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس موقعہ پر ججز کے فرائض ڈاکٹر ارون شرما، ڈاکٹر شوکت علی اور پروفیسر فاطمہ بی نے انجام دیئے ۔ اپنے خطاب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر شکیل احمد رینہ نے کہاکہ نوجوان ملک کیلئے ستون کی مانند ہیں جن کی مجموعی ترقی اہمیت کی حامل ہے اور یہ ترقی تعلیم سے ممکن ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو اپنا رول ادا کرناچاہئے۔
 

مینڈھر کے کانگریس ارکان کی میر سے ملاقات 

جموں//مینڈھر کے کانگریس کارکنان نے پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر سے جموں میں ملاقات کرکے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر مینڈھر میں پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا ۔غلام احمد میر نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ تنظیم کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں اس لئے پارٹی کو مضبوط کیاجائے اورتمام تر تیاریاں رکھی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ دن رات کرکے کام کیاجائے ۔اس موقعہ پرآل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکن پروین سرور خان اور بلاک صدور بھی موجود تھے ۔
 

یوم آزادی کے سلسلے میں ریہرسل 

طارق شال 
 
تھنہ منڈی //یوم آزادی سے قبل ماڈل بوائز ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی میں ریہرسل کیاگیا۔ اس موقعہ پر کئی سکولوں کے طلباءنے شرکت کرکے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ طلبا نے مارچ پاسٹ بھی کیا اور ایس ڈی ایم تھنہ منڈی افضل مرزا کی طرف سے ترنگے کو سلامی دی گئی ۔ اس دوران پرنسپل ڈگری کالج تھنہ منڈی شکیل رینہ ، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی کبیر احمد ملک ، ایس ایچ او تھنہ منڈی نذیر احمد ڈار ، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر اسکینڈری سکول محمد صدیق گنائی ، سوشل ویلفیئر افسر شاہد ممتاز، زونل ایجوکیشن افسر عبدالقیوم ندوی ، تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمن و دیگرافسران بھی موجو دتھے ۔
 

تھنہ منڈی میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا

طارق شال 
 
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میں کئی مکانوں کا بارشوں کی وجہ سے جزوی طور پر نقصان پہنچاہے جبکہ سڑکوں پر پسیاں گرآنے سے مزید خطرات لاحق ہوئے ہیں ۔ اس دوران پلانگڑھ میں ایک بار پھر تباہی مچی اور ملبہ لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا جس سے کافی نقصان ہواہے ۔ تھنہ منڈی شاہدرہ شریف سڑک پر پسی گرنے سے محمد بشیر ولد مٹھو کے رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔وہیں کھبلاں علاقے میں زیر تعمیر سوڑا لاح سڑک کے پہلے کلو میٹر میں بھاری پسیاں گرآئیں جس سے کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہواہے ۔ مقامی لوگوں نے پی ایم جی ایس وائی حکام کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں کیاگیاجس کے نتیجہ میں یہ صورتحال درپیش ہے ۔ محکمہ کے اسسٹنٹ انجینئر سفیر احمد کاکہناہے کہ سڑک پر کام چل رہاہے اور ضرورت کے مطابق حفاظتی دیواریں تعمیر کی جائیں گی تاکہ لوگوںکو پریشانی نہ ہو۔
 

پونچھ کے نوجوان نے پنجابی موسیقی میں قدم رکھا

پہلا گیت ’تیریاں محبتاں‘آج منظر عام پر آئے گا

حسین محتشم 
 
پونچھ //پونچھ سے تعلق رکھنے والے نوجوان وسیم کالس نے پنجاب میں انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ موسیقی کے میدان میں بھی قدم جمالیاہے اور اس کا پہلا گیت ’تیریاں محبتاں ‘آج منظر عام پر آرہاہے جس میں انہوںنے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیاہے ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے وسیم کالس نے کہاکہ وہ پونچھ میں اپنی ابتدائی تعلیم کے دوران ہی کچھ بڑا کام کرنے کاارادہ رکھتاتھا تاہم وسائل نہ ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایاکہ وہ انجینئرنگ کے میدان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے پٹیالہ پنجاب میں آنے کے بعد اپنے خواب کو پورا کرنے میں جٹ گیا اور ماڈلنگ کرنے لگا۔انہوں نے بتایاکہ اس دوران اسے اچھی ساتھی ملے جن کی مدد سے یہ گیت تیار کیاگیاہے جس کی تیاری تاج پروڈکشن چندی گڑھ کے بینر تلے ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ٹی وی موسیقی پروگرام ہے جس میں ان کے ساتھ رواشی شرما ، شاہد کالس ، پریا چوہان ، سوراوی مہتا، سلمان رستم، سویندر راٹھور، ریاض کالس نے کردار ادا کیاہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کاوشوں کو پسند کیاجائے گا۔