مزید خبریں

گورنر غیر معینہ مدت تک اسمبلی کو معطل رکھنے کی کوئی جوازیت پیش کریں:ہرشدیو سنگھ

یو این آئی
جموں// جموں وکشمیر اسمبلی کو غیر معینہ مدت تک معطل رکھنے کو قانون کی نظر میں غلط قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیرنیشنل پینتھرز پارٹی چیئرمین ہرشدیو سنگھ نے گورنر سیکریٹریٹ میں حق اطلاعات قانون کے تحت عرضی دائر کر کے جواب طلب کیا ہے کہ باوجود اس کے کہ 70دن گذرنے تک سبھی سیاسی جماعتیں حکومت سازی کے لئے اکثریت ثابت کرنے میںناکام رہی ہیں، تو پھر اسمبلی کو معطل رکھنے کے پیچھے کیا منطق ہے۔ سال 2008میں یو پی اے دور حکومت میں غلام نبی آزاد سرکار گرنے کے چند ہفتوں میں اسمبلی تحلیل کر نے کا ذکر کرتے ہوئے ہرشدیو سنگھ نے گورنر سے جواب طلب کیا ہے کہ اسمبلی معطل رکھنے کی کیا جوازیت ہے۔انہوں نے کہاکہ معطل اسمبلی کے ممبران کو اختیارات ومراعات دینے کی بھی کوئی قانونی جوازیت نہیں۔یو این آئی
 
 

۔71 برس بعدبھی جموں وکشمیر آئین میں’سیکولر‘لفظ نہیں

یو این آئی
جموں//خاندانی راج شاہی حکومت کی جگہ جمہوری نظام حکومت قائم ہوئے جموں وکشمیر ریاست میں اکہتربرس ہوچکے ہیں مگرابھی تک بھی ریاستی آئین کے ’دیباچہ یا تمہید‘میں ’سیکولر ‘لفظ شامل نہ ہے۔ سال1976میں 42ویں ترمیم کے تحت آئین ِ ہند میں’سیکولر ‘لفظ شامل کیاگیاتھا لیکن جموں وکشمیر ریاست میں چند اراکین قانون سازیہ کی بارہاکوششوں کے باوجود متعلقہ حکومتوں نے اس لفظ کو شامل کرنے کی ضرورت محسوس نہ کی ۔ذرائع کے مطابق اسی وجہ سے آج باوجود اس کے کہ جموں وکشمیر سیکولر کردار کی ایک بہترین مثال ہے، بعض حلقوں کی طرف سے ’سیکولر کریکٹر‘پرطرح طرح کے سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ روز جموں میں منعقدہ ایک سیمینار کے دوران جموں وکشمیر ریاست پر’اسلامی فاشسٹ‘ریاست ہونے کے الزامات لگائے گئے۔سالانہ امرناتھ یاترا ، بڈھاامرناتھ یاتر اپونچھ ہو یا مذہبی تہوار، ان پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کی بہترین مثال دیکھنے کو ملتی ہے لیکن آئین میں ’سیکولر‘لفظ نہ ہونے سے بار بار سیکولر کردار پر اُنگلیاںاٹھائی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے موجودہ چیئرمین نے بطور ایم ایل اے قانون ساز اسمبلی میں چار مرتبہ پرائیویٹ ممبر بل اور قراردادیں لائیں کہ لفظ’سیکولر‘کو آئین میں شامل کیاجائے مگر اس کو ٹریجری بنچ سے پزیرائی نہ ملی۔سابقہ پی ڈی پی۔ بی جے پی دورِ حکومت میں سی پی آئی (ایم)سے وابستہ ممبر اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے بھی ریاستی آئین میں لفظ ’سیکولر‘شامل کرنے کے لئے پرائیویٹ ممبر بل لایاتھا لیکن وہ بحث کے لئے فہرست میں شامل نہ ہوسکا۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر ہندوستان کی واحد ایسی ریاست ہے جس کا اعلیحدہ آئین اور جھنڈا ہے جس کو26 جنوری1957کواپنایاگیاتھا۔یو این آئی
 
 

کانگریس جموں وکشمیر سے متعلق اپنی پالیسی واضح کرے:چمن لال گپتا

یو این آئی 
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی کے بزرگ لیڈر اور سابقہ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع پروفیسر چمن لال گپتا نے کانگریس قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر خاص طور سے دفعہ35-A، افسپا، روہنگیا اور دیگر غیر ملکیوں کو یہاں سے بدر کرنے اورپاکستانی رفیوجیوں کو شہری حقوق دینے سے متعلق اپنی پالیسی واضح کرے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے بزرگ رہنما کچھ کہتے ہیں تو عہدیداران کے اعلیحدہ بیانات ہیں جس سے تذبذب کا ساماحول ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی سطح کی پارٹی ہونے کے باوجود کانگریس کے متعدد لیڈران انتہائی احمقانہ ،متنازعہ اور مضحکہ خیز بیانات دینے میں مشغول ہیں جس سے ملک کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے پردیش کانگریس پارٹی کے سابقہ صدر پروفیسر سیف الدین سوز، سنیئر قومی لیڈر منی شنکر ایئر اور حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے کرکٹر نجوت سنگھ سدھو وغیراہ کا حوالہ دیتے ہوئے سے کہاکہ وہ بغیر کچھ سوچے سمجھے بیانات دے رہے ہیں اور ایسی حرکات کر رہے ہیں جس کے وسیع منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔چمن لال گپتا نے کہاکہ جموں وکشمیر ریاست کا پیچیدہ مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے جوکہ یہ ہماری ہی قیادت کی غلطیوں کا نتیجہ ہے لیکن حیران کن امرہے کہ کانگریس لیڈران باوجود اس کے کہ سرحد پار سے لگاتار فائرنگ، دراندازی ہورہی ہے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ آیا بندوق کے سایے میں کوئی معنی خیز بات چیت ممکن ہے اور کانگریس کیوں ایسا کرنے میں ناکام رہی جب اس وہ اقتدار میں تھی۔ چمن لال گپتا نے کہاکہ ایک طویل عرصہ تک کانگریس ایک بڑی جماعت تھی لیکن اب یہ ملک میں سکڑ کر چند علاقوں تک محدود رہ گئی ہے کیونکہ کئی معاملات پر اس کا کوئی واضح موقف نہیں۔یو این آئی
 
 
 
 

غلام حسین ضیاء کے ایصال وثواب کیلئے دعائیہ مجلس منعقد

جموں// سماجی شخصیت اور سابقہ ڈائریکٹر ریڈیو کشمیرسرینگر چوہدری غلام حسین ضیا کے ایصال وثواب کیلئے  ان کی آبائی رہائش گاہ واقع رائے پورکھیری میں  ایک دعائیہ مجلس کااہتمام کیاگیاجس میں کثیرتعدادمیں مقامی وغیرمقامی افرادنے شمولیت کی اورمرحوم کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعائے مغفرت اورلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعافرمائی۔واضح رہے کہ چوہدری غلام حسین ضیاء19 اگست کی شام کوسرینگرمیں دِل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ خاندانی ذرائع نے بتایاکہ مرحوم کے ایصال وثواب کیلئے دسویں کے موقعہ پردعائیہ مجلس کااہتمام کیاجارہاہے ۔غلام حسین ستربرس کی عمرمیں انتقال کرگئیتھے اوروہ ریاست جموں کشمیر کی ان معروف شخصیات میں شمارہوتے تھے۔
 
 
 

نئے گورنرکی تعیناتی کاخیرمقدم 

جموں//آل جے اینڈکے ہوم گارڈس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کملاشرمانے نئے گورنرستیہ پال ملک کی تعیناتی کاخیرمقدم کیاہے اورانہیں عہدہ سنبھالنے پرمبارکبادپیش کی ہے۔ایسوسی ایشن نے امیدظاہرکی ہے کہ گورنرموصوف جائزمسائل کاازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ یہاں جاری پریس بیان میں آل جے اینڈکے ہوم گارڈس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے سابق انتظامیہ کو سپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایات کوعملی جامہ پہنانے اور ہوم ڈیپارٹمنٹ پر ایسوسی ایشن کے جائزمسائل حل کرنے میں ناکام رہنے کاالزام لگایا۔ کملا شرمانے حکومت سے پے سلاٹ 545/-روپے سے بڑھاکر 2700 کرنے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی گورنرکے صلاحکار وجے کمارنے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے اورہم توقع رکھتے ہیں کہ آل جے اینڈکے ہوم گارڈس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مسائل کاازالہ ہوگا۔ 
 
 

روہت کنسل تحقیقاتی آفیسر مقرر

سری نگر//حکومت نے منصوبہ بندی اور نگرانی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کو نرلا ریاسی فارسٹ ڈویژن میں 2.635  ہیکٹرجنگلاتی اراضی کو سڑک کی تعمیر کے لئے استعمال میں لانے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے تحقیقاتی آفیسر مقرر کیا ہے ۔یہ اراضی جے اینڈ کے فارسٹ کنزرویشن ایکٹ 1997کی خلاف ورزی کر کے استعمال میں لانے کی اجازت دی گئی تھی ۔ تحقیقاتی آفیسر ایک ماہ کے اندر اپنی تحقیقاتی رِپورٹ داخل کریں گے جس کے لئے جنگلات و ماحولیات محکمہ کو مذکورہ آفیسر کو تمام ضروری ریکارڈ اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
 
 

مشیر خورشید احمدگنائی

 JKSCPSچیئرمین مقرر

سری نگر//حکومت نے گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی کو جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ چائیلڈ پروٹیکشن سوسائٹی کی گورننگ کمیٹی کا چیئرپرسن مقرر کیا ہے۔انہیں سماجی بہبود کے وزیر کی جگہ چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
 

سوچھ بھارت مشن کی تیسری سالگرہ

15ستمبر سے 2اکتوبر تک پروگرام منعقد ہونگے

جموں//سوچھ بھارت مشن کی تیسری سالگرہ کے سلسلے میں 15؍ستمبر سے 2؍اکتوبر2018 تک ریاست میں سوچھتا ہی سیوا کے پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں دیہی ترقیات محکمہ کی سیکرٹری شیتل نندہ نے آج ایک میٹنگ میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس پروگرام میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور سیلف ہیلپ گروپوں اور رضاکاروں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے احکامات صادر کئے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر رورل سنٹیشن کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔یہ پروگرام مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش پر منعقد کیا جائے گا۔
 
  

ٹیچر س فورم کاوفد گورنرکے مشیرسے ملاقی

اساتذہ برادری کودرپیش مسائل زیربحث لائے

جموں//جموں کشمیرٹیچرس فورم کے سنٹرل ایگزیکٹیو ممبران کاایک وفد ریاستی جنرل سیکریٹری گنیش کھجوریہ کی قیادت میں ریاستی گورنرکے مشیر خورشیداحمدگنائی سے ملاقی ہوا۔اس دوران محکمہ تعلیم کے اساتذہ کودرپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی جن میں ہیڈٹیچروں،ماسٹروں جوجے کے ایس ایس آربی کے ذریعے تعینات ہوئے ہیں کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی مراعات لاگوکرنا،ایس ایس اے اورآرایم ایس اے سکیموں کے تحت کام کررہے سکولوں اورآرای ٹی ،آرآرای ٹیز کی تنخواہوں کی وقت پرادائیگی کرنے ، پے اناملی دورکرنے۔ماسٹرگریڈ (پری ریوائزڈ پے سکیل ۔6500۔10500 سے 7450-11500 )وغیرہ کواُجاگرکیا۔تمام کیڈروں بشمول ٹیچرس سے ماسٹروں، ماسٹروں سے ہیڈماسٹرس اورلیکچراروں سے زیڈای اوز، پرنسپلوں سے سپیشل ڈی پی سی کے ذریعے ترقی ترجیحی بنیادوں پردینے کامطالبہ کیاہے۔اس دوران صلاحکارنے مسائل کواطمینان سے سنااورمتعلقہ حکام کوبرسرموقعہ ہدایات دیں کہ مسائل کاازالہ کرنے کیلئے لائحہ تشکیل دیاجائے۔اس دوران وفدمیں گنیش کھجوریہ ریاستی جنرل سیکریٹری کے علاوہ یوگراج سنگھ سلاتھیہ، گوپال سنگھ، راجندرگپتا،ایس صورت سنگھ طوفانی ،کلدیپ بندرال، شانتی سروپ شرما، شام بڑیال، کلدیپ ورما، سشیل شرما، میراشرما ،کامنی تھاپا ،انچل کور،مینکا شرما،پروین شرما، بلویندرکوراور پریتی جان  شامل تھے۔
 
 

۔20گرام ہیروئن ضبط، پولیس اہلکارگرفتار

جموں//گاندھی نگرپولیس ٹیم نے والمیکی چوک گاندھی نگرکے نزدیک ناکہ لگاکر گاڑیوں اورپیدل مسافروں کی چیکنگ عمل میں لائی۔اس دوران پولیس نے ایک شخص کوپراسرارطورپردیکھالیکن اس نے پولیس کودیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی مگر پولیس نے اسے دبوچ لیا ۔دوران تلاشی اس کے قبضے سے 20گرام ہیروئن برآمد کی۔پولیس نے متعلقہ پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 196/2018 زیردفعہ 8/21/22 ،این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرلیاہے۔پولیس نے سمگلرکی شناخت نثاراحمد ولد ولی محمدساکن چگورہ پلوامہ ،حال ایس جی سی ٹی نمبر 874اے پی 7ویں بٹالین چھنی جموں کے طورپرہوئی ہے۔پولیس نے یہ گرفتاری انسپکٹر سنیل سنگھ جسروٹیہ ،ایس ایچ او پولیس سٹیشن گاندھی نگر نے ایس آئی روہت بھگت کے ہمراہ ایس ڈی پی اوسٹی سائوتھ رفیق منہاس ،انچارج ایس پی سٹی سائوتھ ونے کمار اورایس ایس پی جموں وویک گپتا کی نگرانی میں عمل میں لائی۔
 
 

کلسٹریونیورسٹی میں شجرکاری مہم کااہتمام

جموں//سی آئی آئی نے کلسٹریونیورسٹی جموں کے اشتراک سے جی جی ایم سائنس کالج میں شجرکاری مہم کااہتمام کیا۔اس دوران شجرکاری مہم کاافتتاح وائس چانسلر کلسٹریونیورسٹی انجوبھسین نے رجسٹرارکلسٹریونیورسٹی جموں ڈاکٹر جتندرکھجوریہ ،سی آئی آئی ممبران کی موجودگی میں کیا۔اس دوران طلباء اوراساتذہ نے پودے لگائے ۔اس موقعہ پر انجوبھسین نے شجرکاری کی اہمیت کواُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کوختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگاکرماحول کوسبز بنایاجائے۔ڈاکٹرجتندرکھجوریہ نے شجرکاری کرنے والے طلباء کی ستائش کی۔وائس چیئرمین راجیش شرما ،سی آئی آئی جے اینڈنے شجرکاری مہم کیلئے منتظمین کی ستائش کی اورطلباء کی تعریف کی۔اس موقعہ پر درشن لال اورہربندرسنگھ سینئر ممبران سی آئی آئی جے اینڈکے سٹیٹ کونسل ،جگجیت سنگھ،آیوش پنگوترہ، مہک مہاجن ،نورین رحمان اوروویک بھاردوج بھی موجودتھے۔