مزید خبریں

قاضی آباد ہندوارہ میں سڑک حادثہ، 24زخمی 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// قاضی آ باد کرالہ گنڈ میں ایک سڑک حادثہ کے دوران 24مسافر زخمی ہوگئے ہیں ۔معلوم ہو اہے کہ قاضی آ باد ہندوارہ علاقہ میں قاضی آ باد علاقہ کے ہندون پورہ علاقہ میں ایک ٹاٹا مسافر گاڑی جو کرالہ گنڈ کی طرف جارہی تھی ڈرائیور کے قابو سے باہر کر الٹ گئی جسمیں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے بلاک صدر سمیت 24 مسافر زخمی ہوگئے ۔حادثہ کے بعد مقامی لوگو ں اور پولیس کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئے اور میٹا ڈار سے مسافروں کو باہر نکال کر کرالہ گنڈ کے مقامی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا  ۔ڈاکٹرو ں نے زخمیو ں کا علاج و معالجہ کر کے انہیں اسپتال سے رخصت کیا اور کہا کہ زخمیو ں کی حالت مستحکم ہے اور سارے مسافر ٹھیک ہیں ۔
 
 

بینک کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کی موت 

سرینگر// کپوارہ قصبہ میں قائم جموں و کشمیر بینک شاخ کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے۔معلو م ہوا ہے کہ جموں و کشمیر کے پولیس اہلکارمحمد حسین بلیٹ نمبر 590kp ڈی آفس کی بینک شاخ پر ڈیوٹی پر تعینات تھے اور اتوار کو انہیں اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا، پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر اس کا پوسٹ مارٹم کیا تاہم بتایا جاتا ہے کہ مذکوہ پولیس اہلکار بلڈ پریشر میں مبتلاتھا اور انہیں دل کا دورہ پڑ گیا جس کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔پولیس نے تمام لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالہ کی۔
 

رامحال میں خاتون بجلی کرنٹ سے لقمۂ اجل

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//رامحال علاقہ کے ہر ڈونہ تارت پورہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب 3بچو ں کی ما ں بجلی کرنٹ لگنے سے جا ں بحق ہو گئی ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رامحال کے ہر ڈونہ تارت پورہ کی 45سالہ شریفہ زوجہ منظور احمد لون کرنٹ لگنے کی وجہ سے بری طرح جھلس گئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے مقامی لوگو ں نے فوری طور شریفہ کو مقامی اسپتال میںعلاج و معالجہ کے لئے داخل کیا تاہم ڈاکٹرو ں نے اس سے مردہ قرار دیا ۔شریفہ کی لاش کو جب اس کے آبائی گائو ں ہر ڈونہ پہنچایاگیا تو وہا ں کہرام مچ گیا ۔مقامی لوگو ں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ملاقہ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ دہائیو ں قبل محکمہ بجلی نے ہرڈونہ کو بجلی سے جو ڑ دیا تاہم اب تک بجلی نظام میں کوئی بہتری نہیں لائی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہرڈونہ اور اس کے مضافاتی دیہات میں بجلی کے کھمبو ں اور ترسیلی لائنو ں کو تبدیل کرنے کے حوالہ سے کئی بار محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا تاہم آج تک ان کی فریاد کسی نے نہیں سنی ۔لوگو ں کا کہنا ہے مذکورہ علاقہ میں کوئی بھی حادثہ پیش آنے کا محکمہ بجلی ذمہ دار ہیں جنہو ں نے آج تک یہا ں کے نا قص بجلی نظام کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔
 

تارزوسوپور کی خاتون کی پراسرار ہلاکت

 جموں میں بیاہی گئی تھی،تحقیقات شروع

غلام محمد
 
سوپور//تارزوسوپور کی ایک خاتون کوجموں میں جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات کوپراسرارطور مردہ پایا گیا۔تفصیلات کے مطابق تارزوسوپورکی روبیہ رمضان جو ان دنوں ستواری جموں میں قیام پز یر تھی، کواپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ تارزوسوپورمیں روبیہ کے ایک رشتہ دار کے مطابق روبیہ کی شادی جموں میں ہوئی تھی،لیکن تین ماہ قبل اس کے شوہر نے اُسے طلاق دی تھی اور اُس کے بعد روبیہ نے جموں میں ہی قیام کرنے کافیصلہ کیا۔پیشے سے نرس روبیہ جموں میں اپنے بھائی کے ساتھ ایک کرائے کے کمرے میں رہنے لگی تھی۔اُس کا بھائی جموں میں ہی ایک ہوٹل میں کام کرتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ جب اُس کابھائی رات کی ڈیوٹی کیلئے چلا گیا تو اُس نے صبح بہن کو کمرے میں پراسرارحالات میںمردہ پایا۔کمرے سے تمام جائیداداور کچھ نقدی بھی گم تھی۔اُس کے والدین اور کچھ رشتہ دار اتوار صبح کو ہی جموں روانہ ہوگئے۔قانونی لوزمات کے بعد لاش کو پولیس نے ورثا کے حوالے کیا ہے اور وہ آخری رسومات کیلئے شام تک سوپور پہنچنے کی توقع ہے۔ 
 
 

سماجی بہبود کی فہرست میں غیر مستحقین کو خارج کرنے پر زور

سرینگر//سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد لون نے نیشنل سوشل اسسٹنس پروگرام اور انٹی گریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم کے تحت صرف مستفیدین کو شامل کرنے اور غیر مستحقین کو لسٹ سے خارج کرنے پر زور دیا ہے۔ان سکیموں کے تحت بُزرگ شہریوں، بیواؤں اور جسمانی طور ناخیز افراد کو ماہانہ ایک ہزار روپے کا پنشن فراہم کیا جاتا ہے اور فی الوقت ریاست میں573383 ایسے مستفیدین کو یہ پنشن فراہم کیا جاتا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر صوبہ میں جانچ پڑتال کے بعد8449 غیر مستحقین کو لسٹ سے خار ج کیا گیا ہے۔سیکرٹری موصوف نے جانچ پڑتال کے کام کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے اور صرف مستحق افراد کو ہی لسٹ میں شامل کرنے کے احکامات دیئے۔انہوں نے مستفیدین کو آدھار کے ذریعے جوڑنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
 

انتخابات کا بائیکاٹ غیر دانشمندی : میر

گور نر راج عوامی حکومت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا 

سری نگر//جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن پرمرکزی حکومت کے اپروچ کو مایوس کن اور غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی (نیشنلسٹ) کے سربراہ اور سابق ریاستی وزیر غلام حسن میر نے کہا ہے کہ دفعہ370اور35اے کے معاملے پر مرکز کو اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔علاقائی پارٹیوں کی جانب سے انتخابی عمل سے ُدور رہنے کے فیصلے کو غیر دانشمندی سے تعبیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی پارٹیاں قومی سطح کی سیاسی پارٹیوں بشمول بی جے پی اور آر ایس ایس کو ریاست جموں وکشمیر میں پیر جمانے کی جگہ فراہم کررہی ہیں ۔قانون ساز اسمبلی کو معلق رکھنے کے فیصلے کو تضاد سے بھر پور قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی (نیشنلسٹ) کے سربراہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ گورنر راج عوامی حکومت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ہے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی (نیشنلسٹ) کے سربراہ اور سابق ریاستی وزیر غلام حسن میرنے کہا کہ اس وقت ریاست جموں وکشمیر سیاسی اضطرابی کیفیت کی دلدل میں پھنسی ہوئی ہے ،جسکی کئی وجوہات ہیں ۔انہوں نے کہا ’ جموں وکشمیر میں گور نر کا نفاذ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ریاست کے حالات ٹھیک نہیں ہے ‘۔ان کا کہناتھا کہ گور نر راج کسی بھی صورت میں عوامی حکومت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ۔ان کا کہناتھا کہ جموں وکشمیر میں سیاسی اضطرابی کیفیت کی بنیادی وجہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہے ۔مرکز کے ریاست جموں وکشمیر کے تئیں اپروچ پر سوالیہ لگاتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی (نیشنلسٹ)کے سربراہ غلام حسن میر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جموں وکشمیر کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے ‘۔پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں غلام حسن میر نے کہا ’پنچایتی انتخابات کو غیر پارٹی بنیادوں اور میونسپل انتخابات کو پارٹیوں بنیادوں پر کرانے کی منطق سمجھ میں نہیں آرہی ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں انتخابات غیر پارٹی بنیاد پر ہونے چاہئے کیونکہ پارٹی اور غیر پارٹی بنیادوں پر انتخابات کرانے سے تضاد جنم لیتا ہے ،لہٰذا گور نر کو اس بارے میں دوبارہ غور وخوض کرنا چاہئے ۔نیشنل کانفرنس کی جانب سے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کو غیر دانشمندی سے تعبیر کرتے ہوئے غلام حسن میر نے کہا ’جب علاقائی پارٹیاں انتخابی عمل سے دور رہیں گی ،تو مرکزی پارٹیوں بشمول بی جے پی اور آر ایس ایس کیلئے راستہ خود بخود صاف ہوجا تا ہے اور اُنہیں ریاست میں اپنے پیر جمانے کیلئے جگہ فراہم ہوتی ہے ‘۔
 

مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ضروری

بھارت حالات کا ادراک کرے : انقلابی 

سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رکن اعظم انقلابی نے اپنے ایک بیان میں بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قوّت اور کژت کوپر نہ اترائیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں جاری مظالم کہ وجہ سے nuclear fissionکی طرح ردِّ عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مزاحمتی اتحادِ ثلاثہ سے وابستہ بزرگ اور دوست حکیمانہ اور مُدبّرانہ اداؤں کے ذریعے حالات کو کنٹرول نہ کریں تو یہاں مجروح جذبات کا ایک volcanic eruptionہوسکتا ہے اور لاکھوں نوجوان جنگلوں اور پہاڑوں کا رُخ کریں گے۔اعظم انقلابی نے کہاکہپاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقبول بٹ کے لاکھوں حامی وادی کشمیر میں مناظرِ قہر دیکھ رہے ہیں۔ آپ مکانوں میں توڑ پھوڑ کریں، معصوم لوگوں کی پٹائی کرکے اُن کی ہڈی پسلی ایک کریں، نوجوانوں کو اُن کی ماؤں کی آنکھوں کے سامنے ذبح کریں اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے نوجوان اِس کا نظارہ ہی کریں، یہ ممکن نہیں۔ ردِّ عمل کی آندھی چلے تو بھارتی حکمران عملاً بے بس ہوں گے۔ ہر چیز کی حد ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی رہنماؤں کو جیلوں سے رہا کیا جائے اور جنگ بندی لائن کے آرپار کشمیریوں کو انٹرا کشمیر ڈائیلاگ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا ایک پرُ امن اور پائیدار حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ دیوارِ برلن(LOC)ہمیشہ کے لئے منہدم ہوجائے تاکہ متحدہ وادی کے باسی اپنی پارلیمنٹ میں کشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعّین کریں۔
 

شکیل احمدپی ایس کے تحت کوٹ بلوال منتقل

مسلم دینی محاز نے مذمت کی مفتی ندیم کی رہائی پر زور

 سرینگر//مسلم دینی محاز نے اپنے ایک بیان میں پارٹی کے سینئر لیڈر شکیل احمد کو PSAکے تحت کوٹ بلوال جیل منتقل کرنیپر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شکیل احمدکو چند روز قبل گھر سے اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انکے بھائی کی شادی ہورہی تھی۔ اُس وقت سے اب تک قریب 25 دنوں تک وہ پلوامہ اور شوپیان پولیس سٹیشن میں غیرقانونی طور پر رکھے گئے۔ 7اور8 ستمبر کی درمیانی رات کو اُنہیں خفیہ طور کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔مسلم دینی محاز نے اپنے بیان میں اس غیر انسانی حرکت کی شدید مذمت کی ہے  اور واضح کیاہے کہ اس طرح کے حربوں سے کشمیری عوام نہ مرعوب ہوئے ہیں اور ناہی آیندہ ہونگے۔ترجمان نے مفتی ندیم جو کہ محاز کے ذمہ دار ہیں کو عدالت عالیہ کے احکامات کے باوجود رہانہ کرنے کی  مذمت کی ہے۔ندیم احمد کا PSAھائی کوٹ نے کالعدم قرار دیا تھا مگر اُسکے باوجود وہ مختلف پولیس اسٹیشنوں میں رکھے جارہے ہیں۔
 
 
 

ہلاکت مظلومانہ: لشکر

سرینگر//لشکر طیبہ چیف جموں کشمیر محمودشاہ نے حکیم الرحمن سلطانی کی مظلومانہ ہلاکت پرگہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔لشکر کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ غزنوی کی طرف سے بھیجے گئے ایک بیان میں محمود شاہ نے کہا ہے کہ ’’ہماری بیٹیوں کے سروں سے سایہ کھینچنے والوں کے سرو ں پر بھی سایہ نہیں بچے گا‘‘۔انہوںنے کہاکہ ’’بھارتی حکومت نے 40سے زائد آزادی پسندوں کے قتل کا منصوبہ جاری کیا ہے، اس کام کے لئے پولیس فورس اور ایجنٹوں کی بھرپورمددلی جارہی ہے ،ہم اس کھیل سے ناواقف نہیں ہیں ،اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،مجبور تب ہوجاتے ہیں جب ہمارے اپنے سفارشیں لے کر سامنے کھڑے ہوتے ہیں،لیکن یہ ظلم و جور قابل برداشت نہیں ہے،بھارتی وردی پوش ہمیں اپنے گھروں کا راستہ دکھا رہے ہیں ،کل کسی کا کوئی عذر ،یا شکایت قابل قبول نہیں ہوگا ‘‘۔محمود شاہ نے کہاکہ ’میری عوام سے اپیل ہے کہ اتحادہماری طاقت ہے اس کو کمزور نہیں ہونے دینا ہے‘‘۔
 

کولہائی گلیشر میں کوہ پیمائوںکی المناک موت

خورشید گنائی اورچیف سیکریٹری کا اظہار رنج 

سرینگر//گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی اور چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کولہائی گلئیشیر کی کوہ پیمائی کے دوران دو کوہ پیماؤں عادل شاہ اور جونیئر کے اے ایس افسر نوید جیلانی کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں صلاحکار نے کہا کہ نوید کی وفات کے اے ایس اور ریاستی انتظامیہ کیلئے ایک بڑا نقصان ہت جبکہ عادل کی موت سے ریاست کو ایک ابھرتے ہوئے کوہ پیماہ سے محروم ہونا پڑا ہے۔انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ابدی سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی ہے۔ادھر چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے نوید جیلانی کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ نوجوان افسر کی موت نہ صرف غمزدہ کنبہ بلکہ ریاستی انتظامیہ کے لئے بھی ایک بڑا نقصان ہے اور دُکھ کی اس گھڑی میں ریاستی انتظامیہ غمزدہ کنبہ کے ساتھ سوگوار ہے۔ انہوں نے حادثے کے دوران نوجوان کوہ پیماہ عادل شاہ کی وفات پر بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی اور غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری نے امدادی کاروائی کے لئے ائیر فورس، پولیس، ایس ڈی آر ایف، انتظامیہ اور دیگر رضا کاروں کی کوششوں کی سراہنا کی ہے۔
 

اچھہ بل میں ریچھ کے حملہ میں شہری زخمی 

سرینگر//اچھہ بل اسلام آباد (اننت ناگ)میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے ۔ بان ٹورو اچھہ بل میں غلام محمد وانی ولد غلام حسن وانی پرریچھ نے اُس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے باغ میں کام کررہا تھا ۔ ریچھ کے حملے میں مذکورہ شخص شدید زخمی ہوا جبکہ اس کے چیخنے چلانے سے آس پاس کے لوگ فوری طور پر وہاں پہنچے اور ریچھ لوگوں کو دیکھ کر بھاگ کھڑا ہوا۔ مذکورہ شخص کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کو ابتدائی طور طبی امداد فراہم کئی گئی۔ 
 

بٹہ کراٹے کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کاچھاپہ انتقام گیری: فرنٹ (آر)

سرینگر//لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور ایڈوکیٹ ایوب راٹھور نے مشترکہ بیان میں پارٹی کے محبوس چیئرمین فاروق احمد ڈار (بٹہ کراٹے) کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے چھاپے کی کارروائی کو انتقام پر مبنی قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 4ستمبر کو جب بٹہ کراٹے کی اہلیہ ان سے ملنے تہاڑ روانہ ہوئی تو اس دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کے سسرال واقع حضرتبل میںچھاپہ ڈالااوراُس وقت ان کے گھر میں ان کی عمر رسیدہ ساس اور پانچ سالہ بچی کے سوا اور کوئی موجود نہیں تھا ۔ ترمبو اور راٹھور نے اس کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محبوس لیڈر گزشتہ ایک سال سے تہاڑ میں بند ہیںاور ان کی غیر حاضری میں چھاپے کی کاروائیاںغیر قانونی ہے ۔انھوں نے بومئی سوپور کے حریت (گ) کے کارکن حکیم الرحمان سلطانی اور ایک نوجوان آصف نذیر ڈار کی پراسرار ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
 

نعیم خان کے دیرینہ ساتھی فوت

نیشنل فرنٹ کی تعزیت پرسی 

سرینگر//نیشنل فرنٹ نے جاوید احمد وانی ساکنہ چنڈ سنگرامہ بارہمولہ کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جاوید احمد عرف عرفان، جو نیشنل فرنٹ کے محبوس چیئر مین نعیم خان کے دیرینہ ساتھی اور مخلص دوست تھے، کچھ عرصہ تک علیل رہنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔موصوف نیشنل فرنٹ کے مرکزی ذمہ دار بھی تھے۔نیشنل فرنٹ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پارٹی جنرل سیکریٹری کی قیادت میں جاوید احمد کے گھر واقع  چنڈ سنگرامہ گیا اور لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔
 

ضلع سیشنز جج کرگل نے نو منتخب کونسلروں کو حلف دلایا

کرگل//لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے حالیہ انتخابات میں منتخب کونسلروں کو ضلع و سیشنز جج کرگل ایس کے بھگت نے حلف دلایا۔کانفرنس ہال بارو کرگل میں اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم ایل سی وکرم رندھاوا، ڈپٹی کمشنر کرگل اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
 

کرالہ گنڈ کپوارہ میں 20سالہ طالب علم لاپتہ 

لواحقین میں تشویش لاحق

اشرف چراغ 
کپوارہ//کرالہ گنڈ کپوارہ میں 20سالہ طالب علم جعفر احمد بٹ ولد عبدالاحد 4ستمبر سے لاپتہ ہے جس کی وجہ سے لواحقین میں تشویش کی لہر دو ڈ گئی ہے ۔جعفر احمد بٹ 4ستمبر کو کسی کام سے گھر سے نکلا اور شام تک واپس نہیں آ یا اوراہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی تاہم کسی بھی جگہ سے اس کا سراغ نہیں ملا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ انہو ں نے جعفر کی گمشدگی کے حوالہ سے پولیس تھانہ کرالہ گنڈ میں ایک رپورٹ بھی درج کرائی ۔
 

اوڑی سانحہ کے ملوثین کو پھانسی دی جائے

سکینہ ایتو اور شمیمہ فردوس کا مطالبہ

سرینگر//نیشنل کانفرنس کی خواتین لیڈران سکینہ ایتو اور شمیمہ فردوس نے اوڑی میں گزشتہ دنوں شرمناک ، دلدوز ، دلخراش سانحہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے 9 سالہ بچی کی اجتماعی عصمت ریزی اور وحشیانہ اور صفاکانہ قتل نا حق میںملوث مجرموں خصوصاً بچی کی سوتیلی ماں ، سوتیلے بھائی اور دیگر ملزموں کو عبرت ناک سزا دینے کی مانگ کی ہے ۔  دونوں لیڈران نے مطالبہ کیا کہ ان وحشی اور درندہ صفات قاتلوں سر عام پھانسی دیں۔ انہوں نے کھٹوعہ عصمت دری وقتل معاملہ میں ملوث افراد کو بھی جلد از جلد پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے او ر اس کیس کو جنگی بنیادوں پر منظر عام پر لانے کی بھی اپیل کی ۔
 

ریاست کی خصوصی شناخت کو زک پہنچانے کی کوشش ناکام بنائی جائیگی: صدر جمعیت

سرینگر //جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کہاہے کہ جمعیت ریاست کے قومی وملی مسائل میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ریاستی شناخت کو زک پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں جمعیت اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے سعی پیہم میں قوم و ملت کا ساتھ دے گی۔بٹہ مالو سرینگر میں مدرسہ عبداللہ بن مسعود رضی ؓ برائے حفظ قرآن مجید اور کارہامہ بارہمولہ میں جمعیت چیرٹ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقعہ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہاکہ ’ ہمارے بچوں کے سینوں میں قرآن مجید حفظ ہو اور ہمارے طبیب حضرات جمعیت کے چیرٹی ہسپتال میں قوم کے محتاج و مفلوک الحال بیماروں کی طبی خدمت کریں گے۔ انہوںنے ریاست کے امن و امان کے لئے دعا کی۔ دریں اثناء ان مقامات پر ناظم اعلیٰ جمعیت نے کشمیر کو متنازعہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے ار باب اقتدار سے ریاست میں آئے روز قتل و غارت گری کے گرم بازاری، رشوت خوری اور بے راہ روی پر فوری قابو پانے کے اقدامات کرنے کی تاکیدی اپیل کی ہے۔ جمعیت نے وادی کے مختلف مقامات پر پیش آئے قتل ناحق کے واقعات اور معصوموں پر قاتلانہ حملوں کی مذمت بھی کی ہے۔ 
 

نوجوان قلمکار اعجاز طالب کو صدمہ

سرینگر/ /نوجوان قلمکار اعجاز طالب کے چاچاکا صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں کئی دنوں کی علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔اعجاز طالب کے چاچا غلام رسول بیگ ولد غلام محمد بیگ ساکن جعفر بیگ حول گزشتہ دنوں مکان کی تیسری منزل سے کام کے دوران گر کر زخمی ہوئے تھے۔اسپتال میں قریب ایک ہفتہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اتوار کی شام کو داعی اجل کو لیبیک کہہ گئے۔غلام رسول بیگ کے انتقال پر کئی ادبی اور صحافتی انجمنوں نے اعجاز طالب سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔اس دوران فیڈریشن آف اردو ورنکنگ جرنلسٹس اور جموں کشمیر اردو کونسل نے بھی  اعجاز طالب سے ہمدردی کا اظہارکیا۔
 

چھکڑی بن: بجلی اور سڑک رابطے ایک دیرینہ خواب 

خورشید عالم خان
 
پونچھ//ریاست کے دور دراز دیہات اور دشوار گذار پہاڑی و بالائی علاقوں میں کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں کے لوگ اب بھی بجلی پانی اور سڑک رابطوں سے محروم ہیں۔ ان ہی علاقوں میں سے ایک علاقہ چھکڑی بن پنچایت ہے جو قریب دس کلو میٹر پر پھیلا ہوا ہے ۔ پنچایت کی آبادی ساڑھے تین ہزار نفوس پر مشتمل ہے ۔یہ تحصیل منڈی نیابت لورن ضلع پونچھ کا بالائی علاقہ ہے ۔ چھکڑی بن کے کئی بالائی دیہات جن میںبن اول،درمیانہ بن،بن بالا اور ناگہ ناڑی شامل ہیں بجلی اور سڑک رابطوں سے محروم ہیں۔ ان دیہات میں سے صرف بن اول میں بجلی کی ترسیلی لائینیں بچھائی گئی ہیں لیکن پچھلے دس ماہ سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہو ا ہے۔ درمیانہ بن،بن بالا اور ناگہ ناڑی کے لوگوں کے لئے بجلی اب بھی ایک خواب ہے ۔ چھکڑی بن کے باشندے دشوار گذار پہاڑی علاقوں سے گھریلو اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان اپنی پیٹھ پر اٹھا کر لے جاتے ہیں۔ درمیانہ بن کے ایک باشندے حافظ محمد شفیع کہتے ہیں کہ انہیںہر مہینہ لوہل بیلا  کے سرکاری سٹور سے چاول لے جانے کے لئے گھوڑے والے کوچار سو روپے ادا کرنے پڑتے ہیں جبکہ  BPL  زمرے میں شامل ہونے کی وجہ سے چاولوں کی قیمت سو ڈیڑھ سو روپے ہوتی ہے۔ دیہات کی ترقی کے لئے سرکاری سکیم نریگا اور دیگرتعمیراتی کام ٹھپ پڑے ہیں۔ان د یہات تک سیمنٹ ،باجری اور ریت لے جانا بڑا دشوار اور مہنگا کام ہے۔ بازار میں سیمنٹ کی قیمت چارسے پانچ سو روپے ہے۔لیکن ان لوگوں کو ایک بیگ سیمنٹ کی مجموعی قیمت ایک ہزار روپے ادا کرنا پڑتی ہے کیونکہ پانچ سو اضافی روپے مال بردار گھوڑے کے اد ا کئے جاتے ہیں۔  چھکڑی بن دیہات کے طلباء و طالبات کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے بڑی جد وجہد اور مصائب کا سامنا ہے۔یہ طلباء و طالبات گھنٹوں پیدل مسافت طے کرنے بعد لورن،منڈی اور پونچھ جاکر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان دیہات کے پرائمری اور مڈل سکولوں میں تعینات اساتذہ لورن،منڈی اور پونچھ سے آکر بچوں کو پڑھاتے ہیں۔ دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے اساتذہ کی حاضری بہت کم رہتی ہے۔ بن اول،درمیانہ بن ، بن بالا اور ناگہ ناڑی کے لوگوں کے لئے سب سے تکلیف دہ اور مشکل کام کسی بیمار یاحاملہ خاتون کا ہسپتال تک پہنچانا ہے۔ پیدل راستہ نہایت ہی دشوار اور تنگ ہے۔درمیانہ بن پنچائیت کے سابق پنچ حافظ بشیر احمد کا کہنا ہے کہ اس بالائی علاقے کے لوگ زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علاقے کی سب سے بڑی ضرورت سڑک  رابطہ اور بجلی کی فراہمی ہے ۔جب تک یہ بالائی دیہات سڑک رابطوں سے نہیں جوڑے جاتے لوگوں کو کسی قسم کی راحت ملنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پلیرا سے چھکڑی بن سڑک کا کام اگر چہ شروع کیا گیا تھا لیکن مقامی سیاستدانوں اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث کا م کئی سال سے رکا پڑا ہے۔
 

کشواڑ کے کسان پریشان

 راجماش اور آلو کی فصلیں بیماری کا شکار

سری نگر//کشتواڑ کے دو تحاصیل میں کسانوں کے دو اہم فصل رائی نامی بیماری کے شکار ہونے کی وجہ سے کسانوں کی سال بھر کی کمائی پر پانی پھر گیا ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ ایگری کلچر کاعملہ اور افسران کے علاقے سے غائب رہنے کی وجہ سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ خطہ چناب کے کشتواڑ ضلع کے مڈوا اور واڈون تحاصیل میں ہزاروں کنال اراضی پرپھیلی دو اہم فصلوں مشہور کشتواڑی راج ماش اور آلوکو ’رائی‘ بیماری نے اپنے لپیٹ میں لیا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے کسانوںمیں زبردست تشویش پائی جاتی ہے۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بیماری وقت سے پہلے سوکھنے کی اور فصل تیار ہونے کے قریب مکمل طور تباہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے کسان پریشان ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا انہیں یہ معلوم بھی نہیں کہ علاقے میں محکمہ ایگری کلچر کا عملہ کہا ہے۔ اس حوالے سے اگر چہ نمائندے نے متعلقہ محکمے کے کسی بھی افسر سے بات کرنے کی کوشش کی تاہم ان کے ساتھ رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔
 

محرم الحرام وپنچائتی وبلدیاتی انتخابات تیاریاں

کرگل میں اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا گیا 

سرینگر//کرگل پولیس نے ضلع میں محرم الحرام اور بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کی تیاریوںکا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا ۔ ایس پی کرگل ڈاکٹر ونود کمار کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ضلع کے تمام آفیسران نے شرکت کی جس دوران آنے والے بلدیاتی انتخابات اور محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے آفیسران کے ساتھ گفت شنید کی گئی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ایس پی کرگل ارون گپتا ، ڈی ایس پی کرگل معراج الدین حق ، ڈی ایس پی ٹریفک منظور احمد ، ڈی ایس پی ایس ڈی آر ایف کرگل محمد حسین اور ڈی ایس پی پولیس ٹیلی کام کرگل الطاف احمدڈار بھی موجود رہے۔ ایس پی کرگل نے میٹنگ کی شروعات میں شرکاء کا خیر مقدم کیا ، اس موقعے پرپولیس آفیسران نے اپنی آراء پیش کی۔ ایس پی کرگل نے میٹنگ میں شامل آفیسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ چیکنگ کا سلسلہ بھی وسیع کیا جائے تاکہ عوام الناس کو راحت مل سکے۔ میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ محرم الحرام کے مقدس میں زوالجناح جلوسوں کو احسن طریقے سے منزل مقصود تک پہنچانے میںعزاداروں کو ہر قسم کا تعاون بہم رکھا جائے گا۔میٹنگ کے دوران پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے دوران امن و قانون بنائے رکھنے کیلئے سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ایس پی کرگل ارون گپتا نے پولیس آفیسران پر زور دیا کہ وہ غیر ریاستی اشخاص پر قریبی نگاہ بنائے رکھنے کیلئے موثراقدامات اُٹھائیں اور ساتھ ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس آفیسران اور کنٹرول روم کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں۔میٹنگ کے آخرپر ایس پی کرگل نے لداخ ہل ڈیولپمنٹ کونسل الیکشن کے پُر امن انعقاد پر پولیس آفیسران کا شکریہ ادا کیا ۔
 

ترال کے کرم کش پریشان حال 

قصبہ میں سیل مرکز قائم کرنے کا مطالبہ

سید اعجاز 
 
ترال/ترال کے متعدد علاقوں میں کرم کشی کی صنعت سے وابستہ کسانوں نے وادی کے دوردراز علاقوں کے بجائے سب ڈسٹرکٹ ترال میں غنچہ ابریشم کے لئے سیل مرکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔صنعت کاروں کا کہنا ہے دور دراز علاقوں میں مراکز قائم کرنے کی وجہ سے انہیں زبردست مشکلات اٹھانے کے ساتھ ساتھ نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔وادی کشمیر کی سب سے قدیم اور مشہور صنعت کرم کشی سے وابستہ ترال کے کسانوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے ترال میں امسال سیل مرکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس صنعت سے وابستہ افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاقے سے آئے ہوئے کسانوں کے ایک وفد نے بتایا ترال وادی کا واحد علاقہ ہے جہاں سب سے زیادہ لوگ اس صنعت سے وابستہ ہیں ۔تاہم سخت محنت کے بعد فصل تیار ہوئی ہے جس کو فروخت کرنا باقی ہے اور کسانوں کو امسال بہتر نرخوں کی امید ہے تاہم ہر سال کی طرح امسال بھی محکمہ نے ترال کے بجائے وادی کے دور درواز علاقوں میں سیل مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایاہے جس کی وجہ سے کسانوںمیں مایوسی کہ لہر دوڑ گئی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے دور دروز علاقوں میں مراکز قائم کرنے سے انہیں شدید نقصان کے علاوہ  زبردست مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔اس حوالے سے اگر چہ نمائندے محکمہ کے ڈائرایکٹر سے کئی بار بات کرنے کو کوشش کی تاہم ان کے ساتھ رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔
 

شیری بارہمولہ میں آٹو موبائیل ورکشاپ کا افتتاح

فیاض بخاری
 بارہمولہ //شیری بارہمولہ میں اتوار کو ناروائو آٹو موبائیل نامی ایک ورکشاپ کا افتتاح کیا گیا جہاں پر مختلف کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے آٹو موبایل گاڑیوں کی خرید و فروخت ہو گی ۔اس کے علاوہ یہاں گاڑیوں کی مرمت کی جائے گی اور تمام اقسام کے پرزے بھی دستیاب ہونگے ۔یہ ورکشاپ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اورجدید طرز کا ورکشاپ ہوگا جو ناروائوعلاقے میں سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر لوگوں کیلئے خدمات انجام دے گا ۔اس ورکشاپ کے مالک علی محمد بٹ نے کہا کہ یہاں پر لوگوں کیلئے یہ ایک منفرد ورکشاپ ہو گا جہاں پر گاڑیوں کی خرید فروخت کے ساتھ ساتھ اُن کی مرمت کی سہولیات بھی دستاب فراہم کی جائے گی ۔
 

 کرگل میں سوچھ بھارت مہم کا اہتمام

کرگل//میونسپل کمیٹی کرگل کی طرف سے یہاں اتوار کو سوچھ بھارت مشن اربن کے تحت صفائی مہم کا انعقاد ہوا جس میں میونسپل افسران اور دیگر عملہ اور سکولی بچوں نے حصہ لیا۔مہم کے دوران مختلف مقامات کی صفائی ستھرائی کی گئی اور شرکاء سے یہ عہد لیا گیا کہ وہ اپنے گھر ، آنگن اور آس پاس کے ماحول کو صاف و ستھرا رکھیں گے۔
 
 

۔4 ہزار لیٹر غیر معیاری تیل ضبط کیا

سرینگر//فوڈ سیفٹی محکمہ نے ایک مخصوص اطلاع ملنے پر ایک ڈیلر کے گودام پر چھاپہ ماکر ونکیا برانڈ نامی کمپنی کا4 ہزار لیٹر غیر معیاری تیل ضبط کیا۔برسر موقعہ معائنہ کے دوران محکمہ کی ٹیم نے گودام میں کئی افراد کو پانچ لیٹر پیکنگ اور کین اس غیر معیاری تیل سے بھرتے ہوئے پایا جس کے بعد4 ہزار لیٹر تیل ضبط کیا گیا اور نمونوں کو جانچ کے لئے بھیجا گیا۔جموں میں بھی محکمہ کی ٹیم نے ہندوستان کوکا کولا بیوریجز پرائیویٹ لمٹیڈ گنگیال کے گودام میں چھاپہ مارکر فینٹا برانڈ میں ملائے جانے والے میٹھے پانی کا سٹاک ضبط کر کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے جنہیں غیر معیاری پایا گیا۔ اس کے بعد مذکورہ کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کر کے اس پر تین لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا اور8 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سٹاک کو ضائع کیا گیا۔کھانے پینے میں غیر معیاری رنگوں کے استعمال کی شکایات پر محکمہ نے کئی بازاروں کی چیکنگ کی ۔اس دوران ان رنگوں سے تیار کردہ ایک کوئنٹل وازوان اور200 لیٹر دودھ بھی ضائع کیا گیا۔محکمہ نے فوڈ آپریٹروں کوکھانے پینے کی چیزوں میں ملاوٹ کرنے سے گریز کرنے کے لئے کہا ہے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔