نوجوان لیڈر کی مار پیٹ کا معاملہ
کوٹرنکہ میں پولیس کے خلاف احتجاج
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کے نوجوانوں نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حال ہی میں دفعہ 35اے کے معاملے پر ہوئے احتجاج کے دوران یوتھ لیڈر ندیم احمد میر کی مار پیٹ کرنے والے اہلکاروں و افسران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میںنہیں لائی گئی ۔احتجاجی مظاہرین نے ندیم میر سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی طرف سے بربریت کا مظاہرہ کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ندیم میر کی مار پیٹ کے معاملے پر انکوائری کا حکم بھی صادر ہواتاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ پورا واقعہ دن دہاڑے پیش آیا اور ندیم کو بغیر کسی گناہ کے نشانہ بنایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اس پر لاٹھی چارج اور مارپیٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اس دوران نوجوانوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں دکانداروں نے بھی حصہ لیا ۔
پولیس کی مسافر بس ڈرائیوروں کیساتھ اجلاس
ٹریفک قوانین کی پاسداری اور جائز کرایہ وصول کرنے کی ہدایت
راجوری //ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے مقصد سے راجوری پولیس نے مسافر بس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ میٹنگیں منعقد کرکے ان پر زور دیاکہ وہ ٹریفک قوانین کے پابند رہتے ہوئے ڈرائیونگ کریں ۔ یہ میٹنگیں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر منعقد ہوئیں ۔ اس دوران پولیس کی طرف سے منجاکوٹ ، تھنہ منڈی اور نوشہر ہ میں میٹنگیں ہوئیں جن کی صدارت بالترتیب ایس ڈی پی او منجاکوٹ ڈاکٹر امتیاز احمد ، ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری اور ایس ڈی پی او نوشہرہ خالق چوہدری نے کی ۔میٹنگوں میں ڈرائیوروں اور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر غورو خوض کیاگیاکہ کس طرح سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایاجائے اور تیزرفتاری و دیگر خلاف ورزیوں پر قدغن لگائی جائے ۔ڈرائیوروں پر زور دیاگیاکہ وہ ائورلوڈنگ پر قابونے کیلئے عملی سطح پر اقدامات کریں کیونکہ اس کے نتیجہ میں حادثات رونماہورہے ہیں ۔ ان سے یہ بھی کہاگیاکہ دوران سفر وہ گاڑی کی کھڑکیاں بند رکھیں اور سواریوں کو سوار کرتے اور اتارتے وقت احتیاط سے کام لیاجائے ۔اس بات پر بھی زور دیاگیاکہ ہمیشہ ڈرائیونگ کے وقت سیٹ بیلٹ پہن کر رکھی جائے اور مسافروں سے جائز کرایہ وصول کیاجائے جو حکومت کی طرف سے متعین ہے ۔انہیں اس بات کی ہدایت دی گئی کہ منی بسوں میں خواتین کیلئے سیٹیں مختص رکھی جائیں تاکہ انہیں مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔ پولیس افسران نے انتباہ دیاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور اضافی کرایہ وصول کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔دریں اثناء پولیس کی طرف سے کالاکوٹ اور نوشہرہ میں ایس ایچ او کالاکوٹ انسپکٹر مستاج حسین اور ایس ڈی پی او نوشہرہ خالق چوہدری و ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ ماسٹر پاپسی کی قیادت میں عوامی اجلاس بھی منعقد کئے گئے جس دوران لوگوں نے اپنے اپنے مسائل اجاگر کئے ۔اس موقعہ پر پولیس افسران نے امن و بھائی چارے کی برقرار ی پر زوردیتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے پر زور دیا۔
دو لڑکیوں کی گمشدگی رپورٹ درج
کالاکوٹ //راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں پولیس کی طرف سے گمشدگی کی دورپورٹیں درج کی گئی ہیں ۔پولیس کے مطابق کھارک گائوں کے ایک شخص نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی کہ اس کی اٹھارہ سالہ بیٹی گھر سے لاپتہ ہے جبکہ سیالسوئی کے ایک شخص نے بتایاکہ اس کی اٹھارہ سالہ بہن لاپتہ ہے ۔دونوں معاملات میں پہولیس تھانہ کالاکوٹ میں کیس درج کئے گئے ہیں اور پولیس نے دونوں لڑکیوں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔
بدھل میں فائرسروس اسٹیشن اور سی ایچ سی کے قیام کا مطالبہ
بدھل //درہال کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ نامی تنظیم نے بدھل میں فائر سروس اسٹیشن کے قیام اور پرائمری ہیلتھ سنٹر بدھل کا درجہ بڑھاکراسے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بنانے کا مطالبہ کیاہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق تنظیم کی بدھل میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اس کے چیئرمین ایڈووکیٹ زاہد ملک نے کہاکہ بدھل ایک دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ ہے جسے ہمیشہ نظرانداز رکھاگیا۔انہوں نے کہاکہ اس علاقے کو ہرسطح پر نظرانداز کردیاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ بدھل میں فائر سروس کا قیام عمل میں لانے کی دہائیوں پرانی مانگ ہے جس کو ابھی تک پورا نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہاں کبھی آگ کی واردات رونماہوجائے تو اس پر قابو ہی نہیں پایاجاسکتاکیونکہ راجوری سے گاڑی کو یہاں پہنچتے پہنچتے کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں اوراسی وجہ سے لوگوں کو آج تک نقصان بھی اٹھاناپڑاہے ۔ اسی طرح سے انہوں نے کہاکہ بدھل میں پرائمری ہیلتھ سنٹر کام کررہاہے جو یہاں کی آبادی کو دیکھتے ہوئے کافی نہیں اس لئے طبی خدمات کی فراہمی کیلئے اس طبی مرکز کادرجہ بڑھاکر اسے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بنایاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے اس ہسپتال کادرجہ بڑھانے کا یقین بھی دلایاتاہم ابھی تک کوئی عملی اقدام نہیں کیاگیا۔
سرنکوٹ میں سپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کی مانگ
سرنکوٹ //پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ نے سرنکوٹ میں کھیل کود کا میدان(سپورٹس اسٹیڈیم)تعمیر کرنے کی مانگ کی ہے ۔تنظیم کے صدر سید وسیم الحسن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ یہاں کے لوگوں خاص کر نوجوانوں کی دیرینہ مانگ ہے جس کو پورا نہیں کیاجارہا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی تنظیم سرنکوٹ کے تمام سیاسی نمائندگان سے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے کیونکہ مقامی مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ مناسب جگہ کی نشاندہی کرکے اس پر سپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کروائیں ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کرکے متعلقہ حکام کو اس سٹیدیم کی تعمیر کی ہدایت جاری کریں ۔اس دوران انہوں نے بالاکوٹ کیلئے ڈگری کالج اور سرنکوٹ میں پریس کلب کے قیام کی مانگ کی ۔
الیکشن بائیکاٹ کا خیر مقدم
تھنہ منڈی //پی ڈی پی کارکنان نے پارٹی کی طرف سے بلدیاتی و پنچایتی چنائو کے بائیکاٹ کا خیر مقدم کیاہے ۔ پی ڈی پی زونل صدر محمد اقبال شاہ ، بلاک صدر محمد اقبال رینہ ، حاجی عبدالرشیدشال ،ایڈووکیٹ ظہور احمد بھٹی ، محمد سعید نجار وغیرہ نے پی ڈی پی و این سی کی طرف سے الیکشن کے بائیکاٹ کاخیر مقدم کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف مرکزی حکومت ریاست کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے اور ریاست کو حاصل خصوصی تشخص مٹانے کے درپے ہے اور دوسری طرف وہ انتخابات کے ذریعہ لوگوں کو تقسیم کرکے اپنا الوسیدھا کرناچاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی قیادت نے مثبت فیصلہ لیاہے اور صحیح معنوں میں پی ڈی پی ریاستی عوام کی نمائندہ جماعت ہے ۔ پی ڈی پی کارکنان نے جاوید بیگ اور عبدالمجید پڈر کی گھر واپسی کا بھی خیر مقدم کیا ۔
اساتذہ کے مطالبات پورے کئے جائیں :بخاری
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکریٹری و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے ساتویں تنخواہ کمیشن اور تنخواہوں کو ڈی لنک کرنے کے مطالبے پر سراپا احتجاج اساتذہ کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ پر زور دیاہے کہ ان جاز مانگوں کو فی الفور پورا کیاجائے ۔ اپنے ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ ساتویں تنخواہ کمیشن کی مانگ پوری کی جائے اور اساتذہ کی تنخواہیں ڈی لنک کی جائیں ۔انکاکہناتھاکہ انتظامیہ کو ایس ایس اے اور رمسا اساتذہ کی خدمات سے انکار نہیں کرناچاہئے جنہوں نے ایسے وقت میں نظام سنبھالاجب سارے سکول ویران تھے ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں کو انہی اساتذہ نے آباد کیا اور محکمہ تعلیم میں ایک نمایاں تبدیلی رونماہوئی ۔ بخاری کاکہناتھاکہ جب باقی تمام ملازمین کو ساتویں تنخواہ کمیشن کا فائدہ دیاگیاہے توپھر کیوں انہی اساتذہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت سبھی کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرناچاہئے اور اس معاملے کو حل کرنے کیلئے رمسا اور ایس ایس اے کے اساتذہ کو جنرل لائن ٹیچروں کے زمرے میں لایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک روایت بن گئی ہے کہ تب تک حکومت کی طرف سے کوئی بھی مطالبہ پورا نہیں کیاجاتاجب تک کہ احتجاج نہ کیاجائے ۔ این سی لیڈر نے کہاکہ وہ اساتذہ کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں اور حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی جائز مانگیں پوری کی جائیں ۔
۔4افسران کے اعزاز میں الوداعیہ تقریب
جاوید اقبال
۔
مینڈھر//مینڈھر سے چار افسران کا تبادلہ عمل میں لایاگیاہے جن کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی ۔ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے ، تحصیلدار مینڈھر جہانگیر خان ، بی ڈی او مینڈھر آفتا ب منہاس اور ایس ایچ او مینڈھر محمد امین چوہدری کے تبادلے پر پی ڈی پی کی طرف سے ڈاک بنگلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کی سربراہی سیکریٹری خورشید احمد نے کی ۔اس موقعہ پر پارٹی کے ریاستی سیکریٹری ایڈووکیٹ معروف خان ، ایس ڈی ایم مینڈھر ، بیوپار منڈل صدر پروین کمار ساہنی ، محمد صادق چوہدری ، شوکت علی خان ، ماسٹر محمد دین پسوال ،چوہدری ظفر اللہ آزاد، حبیب اللہ ، ایڈووکیٹ شوکت چوہدری ، ایڈووکیٹ اکبر حسین ، ایڈووکیٹ اخلاق چوہان ،عمران ظفر،معروف مغل و دیگر معززین بھی موجو دتھے ۔تمام افسران کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے مقررین نے انتظامیہ کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایاکہ چار افسران کو ایک ساتھ تبدیل کردیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک ساتھ چارافسران کاتبادلہ سمجھ سے باہر ہے اور اگرچہ تبادلہ ڈیوٹی کا حصہ ہے تاہم ایسا ہرگز نہیں کیاجاناچاہئے تھاکہ ایک ہی ساتھ افسران تبدیل کردیئے جائیں ۔
نمبردار دھار گلون رحمت ِحق
مینڈھر//نمبردار دھار گلون حاجی نذیر اللہ خان وفات پاگئے ہیں ۔ان کی عمرلگ بھگ اسی برس تھی ۔مرحوم کی نماز جنازہ آج دوپہر دو بجے ادا کی جائے گی ۔مرحوم کی وفات پر مینڈھر اوربالاکوٹ کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق مرحوم ہمیشہ سماجی طور پر سرگرم رہتے اور انہوں نے ایسی خدمات انجام دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیاجاسکتا۔
تجارت کو ٹریڈ ٹریننگ سنٹر نہ بنایاجائے
آر پار تاجروں کا پرانے روسٹر نظام کو چلانیکامطالبہ
پونچھ //آرپارتجارت سے جڑے تاجروں نے تجارتی عمل کو وسعت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اسے ٹریڈ ٹریننگ سنٹر نہ بنایاجائے ۔پونچھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاجروں کی تنظیم کے ارکان نے کہاکہ حکام پرانے روسٹر نظام کو عملائیں جو پچھلے دس سال سے چلاآرہاتھا۔انہوں نے کہاکہ اس سے تجارت میں آسانی تھی تاہم نئے روسٹر نظام کو متعارف کروایاگیاہے جو اتنازیادہ مند نہیں ۔انہوں نے مانگ کی فوری طور پر آر پارتاجروں کے درمیان میٹنگ کا اہتمام کروایاجائے تاکہ لین دین کے معاملات اور دیگر مسائل حل ہوسکیں ۔تاجروں کاکہناتھاکہ انتظامیہ کی طرف سے بڑی تعداد میں لوگوں کو تجارت کی اجازت دی جارہی ہے جس سے یہ عمل ٹریڈ ٹریننگ سنٹر بن کر رہ گیاہے ۔دریں اثناء تاجروں نے امتیاز سلاریہ کو تاجروں کی تنظیم کا سیکریٹری نامزد کیا جبکہ جاوید خان کو نائب صدر بنایاگیا۔
کانگریس کاوفد اے ڈی سی کوٹرنکہ سے ملاقی
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کے کانگریس کارکنان کے ایک وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وید پرکاش سے ملاقات کرکے انہیں مقامی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی دلائی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق بلاک صدرراج محمد راتھر کی قیادت میں وفد نے وید پرکاش کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا اوریہ امید ظاہر کی کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔ راتھر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بتایاکہ یہاں پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی حالت خستہ ہے اور متعلقہ حکام غفلت برت رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کی زمینوں کا معاوضہ ادا نہیں ہوا اور نہ ہی سڑکیں بن پائی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کی غفلت کا یہ عالم ہے کہ گزشتہ روز سینکڑوں سکولی بیگ کھیت سے برآمد ہوئے جو طلباء میں تقسیم کئے جانے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ طبی عملے کی کمی کو پورا کیاجائے اور بدھل راجوری سڑک کی مرمت کی جائے ۔ اے ڈی سی نے تمام مطالبات سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایا ۔وفد میں یوتھ لیڈر ندیم احمد میر ، اجیت سنگھ ، اقبال ڈار ، حاجی کالو ، فاروق ڈار ، بلال میر بھی شامل تھے ۔