مزید خبریں

تدریسی عملے کی تعیناتی نہ ہوئی 

ہائی سکول گلہان میں پھر سے احتجاج ،ادارہ مقفل 

سمت بھارگو
 
راجوری //پچھلے دو ہفتوں میں دوسری مرتبہ تریاٹھ کے گلہان گائوں کے لوگوں نے مقامی سکول میں تدریسی عملے کی قلت پر احتجاج کیا ۔بڑی تعداد میں لوگ طلباء کے ہمراہ سکول کے باہر جمع ہوئے اور انہوں نے ادارے کو بند کرکے محکمہ کے خلاف احتجاج کیا ۔ان کاکہناتھاکہ اس ہائی سکول میں 165طلاب زیر تعلیم ہیں جن کو پڑھانے کیلئے محض چھ اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں جن کیلئے سبھی کلاسوں کو تعلیم دینا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بارہا اس معاملے کو زونل ایجوکیشن افسرموگلہ اور یہاں تک کہ چیف ایجوکیشن افسرراجوری کے نوٹس میں لایاگیاتاہم انہوںنے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی اور تدریسی عملے کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوں نے انتباہ دیاکہ وہ تب تک سکول کو مقفل رکھیں گے جب تک کہ یہاں عملہ تعینات نہ ہوجائے ۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری لعل حسین نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ انہوں نے گائوں کے لوگوں سے بات کی ہے اور انہیں اس بات کی یقین دہانی دلائی ہے کہ درکار عملے کو چند دنوں میں ہی تعینات کیاجائے گا ۔
 

تدریسی عملے کی قلت اور پانی کی عدم فراہمی 

ہائی سکول ترالہ کے طلباء نے بدھل راجوری سڑک بند کرکے دھرنادیا

سمت بھارگو
 
راجوری //گورنمنٹ ہائی سکول ترالہ کے طلبانے تدریسی عملے کی قلت اور پانی کی عدم فراہمی پر راجوری بدھل سڑک پر دھرنا دیا اور محکمہ تعلیم و محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کی ۔صبح ہی بڑی تعداد میں طلباء سڑک پر جمع ہوئے اور انہوں نے گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے محکمہ جات کے خلاف احتجاج کیا ۔طلباء کاکہناتھاکہ سکول میں ضرورت کے مطابق عملہ تعینات نہیں جس کی وجہ سے انکی تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مانگ کی فوری طور پر عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ سکول کا ہیڈ ماسٹر بھی نہیں جس کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔طلباء نے الزام عائد کیاکہ بارہا عملے کی تعیناتی کیلئے حکام سے اپیل کی گئی تاہم کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔اس دوران انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور کہاکہ مقامی لوگوں کی طرف سے پانی کی قلت کے بارے میں کئی بار مطلع کیاگیامگر اب تک یہ معاملہ حل نہیںہوا اور کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او راجوری طاہر خان پولیس ٹیم و ضلع ایجوکیشن پلاننگ افسر راجوری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے طلباء کو یقین دلایاکہ اساتذہ کی قلت پوری کی جائے گی جبکہ پانی کی قلت کا معاملہ بھی متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروایاجائے گا۔اسی یقین دہانی پر طلباء نے احتجاج ختم کیا۔
 

نوشہرہ میں سویپ ریلی نکالی گئی 

نوشہرہ //آئندہ بلدیاتی چنائو کے پیش نظر لوگوں میں بیداری فراہم کرنے کی غرض سے نوشہرہ میں سویپ پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔اس دوران اے ڈی سی نوشہرہ سچن دیو سنگھ کی طرف سے ایک ریلی کو ہر ی جھنڈی دکھاکر روانہ کیاگیا جس میں دو سو کے قریب طلباء نے حصہ لیا ۔ضلع میں سویپ کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی طرف سے ایک پروگرام وضع کیاگیاہے جس کے مطابق یہ ریلی بھی نکالی گئی ۔ریلی میں شامل طلباء نے ہاتھوں میں بینر اٹھارکھے تھے جن پر حق رائے دہی کے بارے میں نعرے درج تھے ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی نوشہرہ نے کہاکہ یہاں موجود طلباء سفیر کے طور پر یہاں سے ملنے والے پیغام کو عام کریں تاکہ جمہوری نظام کو مستحکم کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ اٹھارہ سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے اور اسے اس کا استعمال کرناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے علاقے کی ترقی کیلئے راہ ہموار کی جائے ۔اس موقعہ پر تحصیلدار نوشہرہ نے بھی جمہوری فوائد پر روشنی ڈالی ۔ریلی میں ڈپٹی چیف ایجوکیشن افسر نوشہرہ ، رینج افسر نوشہرہ ، ای او میونسپلٹی نوشہرہ و ایس ایچ او نوشہرہ بھی شامل تھے ۔
 

ڈپٹی کمشنر راجوری کی صدارت میں میٹنگ 

ضلع میں جاری اہم پروجیکٹوں پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا

راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے افسران کی ایک میٹنگ لیکر مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا ۔اس دوران اہم ترقیاتی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں بتایاگیاکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کیلئے منظور شدہ 139کروڑ روپے میں سے چوتھی منزل کی چھت کی تعمیر تک کا م پہنچ گیاہے جبکہ اپروچ سڑک کی تعمیر بھی کی گئی ہے ۔میٹنگ میں مزید بتایاگیاکہ گرلز ہوسٹل کاکام بھی زیر تعمیر ہے ۔8553.00لاکھ کی انس آبپاشی نہر کے حوالے سے بتایاگیاکہ پچانوے میٹر ٹنل لمبائی کاکام مکمل ہوگیاہے اور جبکہ دونوں اطراف میں کام جاری ہے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ اس پروجیکٹ کا دوسرے مرحلے کاکام ہورہاہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے انڈور سٹیڈیم کوٹرنکہ کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی اور انہیں بتایاگیاکہ مین ہال کا ڈھانچہ 23فٹ تک تعمیر ہوچکاہے جبکہ دیگر کام زیر تعمیر مرحلے میں ہے ۔ڈپٹی کمشنر کو بتایاگیاکہ اکلاویہ ماڈل سکول کا کام بھی کیاجارہاہے۔ ڈپٹی کمشنر کو سوبھاگیا سکیم کے بارے میں بھی بتایاگیا او ر یہ اطلاع دی گئی کہ 20005گھروں میں سے 6407گھروں کو برقی روفراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر گھروں کو بھی جلد بجلی فراہم کی جائے گی ۔اس دوران شعبہ صحت کی کارکردگی کاجائزہ بھی لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ سب ضلع ہسپتال نوشہرہ ، سب ضلع ہسپتال سندربنی ، سب ضلع ہسپتال تریاٹھ ، جی این ایم سکول راجوری اور اے این ایم سکول تھنہ منڈی کے کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔مقررہ وقت پر پروجیکٹوں کی تکمیل کے مقصد کیلئے ڈپٹی کمشنر نے اہداف مقرر کئے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مستقل بنیادوں پر کاموں کا معائنہ کریں اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاجائے ۔انہوں نے بڈھالامنگ پل کی تعمیر میں تیزی لانے پر زور دیا۔ میٹنگ میں تمام متعلقہ افسران موجو دتھے ۔
 

ڈائٹ راجوری کی ٹیم کااچانک معائنہ 

ایک سکول مقفل پایاگیا،لاپرواہ وغیر حاضر اساتذہ کیخلاف کارروائی کی سفارش 

راجوری //ڈائٹ راجوری کی ایک ٹیم نے کئی سکولوں کا معائنہ کیاجس دوران ایک سکول مقفل پایاگیاجبکہ کئی اساتذہ ڈیوٹی سے غیر حاضرپائے گئے جن کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ ڈائٹ پرنسپل پردیپ شرما کی قیادت میں ٹیم نے خواس اور موگلہ زونوں میں سکولوں کا معائنہ کیا ۔اس دوران گورنمنٹ پرائمری سکول کرلائی موگلہ کو اوقات کار میں مقفل پایاگیاجہاں بارہ طلباء سکول کے باہر اپنے اساتذہ کا انتظار کررہے تھے ۔ٹیم کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول سنگو ر موگلہ کے طلباء کی کارکردگی مایوس کن تھی جبکہ اسی طرح سے ہائی سکول تریرو کے طلباء کی کارکردگی بھی مایوس دیکھی گئی۔مڈل سکول نکہ گجراں خواس طلباء کی کارکردگی اطمینان بخش پائی گئی تاہم سکول کا ہیڈ ماسٹر چھٹی پر تھا جس نے سکول کاریکارڈ بھی اپنی تحویل میں رکھاہواتھا۔اسی طرح سے گورنمنٹ پرائمری سکول گنڈی جٹاں خواس پایاگیاکہ طلباء کو دوپہرکا کھانا پچھلے تین ماہ سے نہیں دیاگیا جبکہ مڈ ڈے میل انچارج بھی حاضر نہیں تھا۔ مڈل سکول رینتھل خواس میں ایک ٹیچر سنتوش کماری کو چھٹی پرپایاگیا جو غیر قانونی طور پر غیر حاضر بھی پائی گئی ۔ٹیم نے پایاکہ گورنمنٹ ہائی سکول دلہیری خواس میں عملے کی قلت پائی جارہی ہے جس وجہ سے طلباء تعلیم میں کمزور ہیں ۔ وہیں ہائی سکول لاٹھی خواس کی کارکردگی اطمینان بخش پائی گئی تاہم گورنمنٹ پرائمری سکول کھیتر خواس کی کارکردگی نہایت ہی مایوس کن دیکھی گئی ۔ڈائٹ کی ٹیم نے معائنہ کی رپورٹ چیف ایجوکیشن افسر راجوری کوپیش کردی ہے جس میں اساتذہ کی طرف سے لاپرواہی پر کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔
 
 

نوجوان کی نعش پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی 

راجوری //سندربنی کے بھاجوال علاقے میں ایک چونتیس سالہ نوجوان کی نعش اپنے ہی گھر میں پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ۔اس کی شناخت وکاس شرما ولد سیوا رام ساکن بھاجوال کے طور پر ہوئی ہے ۔اس کی نعش گھر میں چھت سے لگے ہوئے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی ۔اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچی جس نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر اس کا پوسٹ مارٹم کروایا اور مزید تحقیقات بھی شروع کردی ۔
 

منڈی میں سوچھتا ہی سیوا مہم چلائی گئی 

عشرت حسین بٹ
 
منڈی //منڈی میں سوچھتا ہی سیوا مہم چلاکر قصبہ کی صفائی کی گئی ۔ تحصیلدار منڈی اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر منڈی کی قیادت میں چلائی گئی اس مہم میں دیگر افسران و عملہ ، سکولی بچوں اور ایس آر ایل ایم اور این وائی سی کے رضاکاروں نے حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر سیول سوسائٹی کے ارکان بھی موجو دتھے۔اس دوران بس اڈہ منڈی سے لیکر امرناتھ مندر منڈی تک صفائی کی گئی ۔ واضح رہے کہ سوچھتا ہی سیوا پروگرام پندرہ ستمبر سے ملک بھر میں شروع ہواجو دو اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران جگہ جگہ بیداری ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں اور صفائی کی جارہی ہے ۔
 

9محرم کے جلوس کے سلسلے میں میٹنگ منعقد 

بختیار حسین 
 
سرنکوٹ //امام بارگاہ سرنکوٹ میں انجمن جعفریہ سرنکوٹ مینڈھر کے صدر مولانا سید صفدر حسین کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سب ڈیویژن انتظامیہ کے افسران اور مقامی معززین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر نو محرم الحرام کے جلوس کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا ۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ ، تحصیلدار سرنکوٹ ، ایس ڈی پی او سرنکوٹ ، ایس ایچ او سرنکوٹ ، ای او میونسپلٹی و دیگرافسران کے علاوہ نذیر قریشی ، طارق منہاس ، حمید منہاس ، شادی خان ، سردار سنگھ منگا، نذیر بجاڑ ، افتخار حسین شاہ المعروف پیر بالا ، اظہر منہاس ، سید شبیر حسین شاہ ، ماسٹر سید مذکور حسین شاہ ،انجمن جعفریہ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مشتاق حسین ، نائب صدر ڈاکٹر سید بشارت حسین ، جنرل سیکریٹری قربان حسین شاہ ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری صابر حسین شاہ ، کنوینئر ڈاکٹر افتخار حسین شاہ ، پبلسٹی سیکریٹری ارادت علی ،علی رضوی و دیگران بھی موجو دتھے ۔سبھی نے اتحاد و اتفا ق پر زور دیتے ہوئے جلوس کو کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا ۔ا س موقعہ پر بتایاگیاکہ نو محرم کے موقعہ پر سرنکوٹ میں خون کا عطیہ کیمپ لگایاجائے گا۔ واضح رہے کہ نو محرم کو ضلع پونچھ کا سب سے بڑا جلوس برآمد ہوتاہے ۔
 

امام بارگاہ سرنکوٹ میں طبی کیمپ کا اہتمام 

بختیا رحسین 
 
سرنکوٹ //انجمن انصار المہدی اور انجمن جعفریہ کے اشتراک سے سرنکوٹ میں محرم الحرام کے دوران مفت طبی کیمپ منعقد کیاگیاجس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنا طبی معائنہ کرکے ادویات حاصل کیں ۔ یہ کیمپ امام بارگاہ سرنکوٹ میں منعقد ہواجس میں تحصیل بھر سے لوگوں نے شرکت کی ۔ کیمپ میں پونچھ و سرنکوٹ سے ڈاکٹروں کی ٹیم موجود تھی جس نے لوگوں کا طبی تشخیص کرکے ان میں مفت ادویات تقسیم کیں ۔ کیمپ میں مقامی افسران نے بھی شرکت کی ۔
 

بلدیاتی چنائو کیلئے نوٹس جاری ،متعدد نوڈل افسران نامزد 

پونچھ //بلدیاتی چنائو کے پیش نظر ضلع انتظامیہ پونچھ نے میونسپل کونسل پونچھ اور میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی بھرنے کا نوٹس جاری کیا ۔اس حوالے سے پونچھ کیلئے چار آراوز اور سرنکوٹ کیلئے تین آراوز نامزد کئے گئے ہیں جن سے امیدوار فارم حاصل کرسکتے ہیں ۔پونچھ کے وارڈ نمبر ایک ، دو تین اور چار کیلئے آر او ہیڈ کوارٹر ڈی ایف او دفتر میں قائم کیاگیا اور آراو کی ذمہ داری یوگ راج سنگھ کو دی گئی ہے ۔اسی طرح سے وارڈ نمبر پانچ تا آٹھ کیلئے ویٹرنری ہسپتال کو آراو ہیڈ کوارٹر بنایاگیاہے جہاں آر او کی ذمہ داری ظہیر احمد خان ادا کریں گے ۔ وارڈ نمبر نوتا بارہ کیلئے آراو ہیڈ کوارٹر ڈائٹ پونچھ میں قائم کیاگیاہے جہاں آراو کی ذمہ داری ڈاکٹر اجے سدن انجام دیں گے جبکہ وارڈ نمبر تیرہ تا سولہ کیلئے آراو دفتر ایمپلائمنٹ ایکسچینج میں قائم ہواہے جہاں ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری ریاض احمد پرنسپل انجام دیں گے ۔اسی طرح سے سرنکوٹ میں ایک تا چار وارڈ کیلئے گورنمنٹ ویٹرنری ہسپتال میں دفتر قائم کیاگیاہے جہاں پرنسپل محمد بشیر یہ ذمہ داری انجام دیں گے ۔وارڈ نمبر پانچ تا آٹھ کیلئے بلاک ڈیولپمنٹ افسر سرنکوٹ میں آر او دفتر قائم کیاگیاہے جہاں پرنسپل دیپک کپور آراو کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ وہیں وارڈ نمبر نو تابارہ کیلئے آر او دفتر تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ میں قائم ہواہے جہاں شفیق احمد میر آراو کی ذمہ داری انجام دیں گے ۔پورے ضلع کیلئے آراو ہیڈ کوارٹر کا دفتر ڈی ای او دفتر پونچھ میں قائم ہواہے جس کی نگرانی عرفان علی شاہ کریں گے ۔ڈپٹی کمشنرراہل یادو کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی عمل آوری ، سیکورٹی منصوبہ ، تقسیم کاری ، کلکٹنگ و کنٹرولنگ پلان ، مینجمنٹ کیلئے اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ ، اے ڈی سی پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین اور اے ایس پی پونچھ انوار الحق کو نوڈل افسران کے طور پر نامزد کیاگیاہے ۔اس کے علاوہ اے سی آر محمد بشیر لون امن وقانون کی صورتحال کیلئے نوڈل افسر اور چیف ہارٹی کلچرافسر سنیل کمار و بی ڈی او منڈی سبھاش چندر ای وی مشینوں اور بیلٹ پیپروں کیلئے نوڈل افسران بنائے گئے ہیں ۔سی ایم او پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی کو طبی سہولیات ، ڈی آئی او نریندر سنگھ کو ایس ایم ایس مانیٹرننگ ،کمیونیکیشن ،رپورٹنگ وغیرہ کیلئے نوڈل افسربنایاگیاہے ۔اسی طرح سے سی پی او پونچھ شمعون شاکر ، پرنسپل وجے پوری ، ٹریجری افسر محمد اکرم اور وحید احمد کو بھی نوڈ ل افسران کے طور پر نامزد کیاگیاہے ۔