مزید خبریں

ترہگام کا کریک ڈائو ن 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے ترہگام قصبہ میں کریک ڈائون کے دوران گھر گھر تلاشی کاروائیاں انجام دی گئیں ۔جمعرات کی صبح فوج نے ترہگام کے زرگر محلہ اور چک پورہ بستیوں کو محاصرے میںلیا اور تلاشی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔ فوج نے گھر گھر تلاشی کارروائی کے دوران لوگو ں سے پوچھ تاچھ بھی کی جبکہ مکانوں کے آ س پاس کھیت اور کھلیانو ں کی بھی بارک بینی سے تلاشی لی گئی۔ یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہا ۔
 

سریکلچر دفتر سرینگر کا معائنہ

۔ 15غیر حاضرملازمین معطل

سرینگر//ڈائریکٹر سریکلچر ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلزار احمد شبنم نے کل ڈسٹرکٹ سریکلچر آفس سرینگر کے 15ملازمین،جن میں ڈسٹرکٹ سریکلچر آفیسر سرینگر ڈاکٹر عنایت اللہ فاضلی بھی شامل ہے کو غیر قانونی طور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں معطل کیا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ مکمل چھان بین تک معطلی کے احکامات نافذ رہیں گے۔ڈائریکٹر سریکلچر نے کہا کہ محکمہ میں کام کاج میں بہتری اورباقاعدگی لانے کے لئے یہ کارروائی عمل میںلائی گئی ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمے میںشکایات کے ازالہ کے لئے ایک گریونس سیل کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔
 

کریری بارہمولہ کا نوجوان 17روز سے لاپتہ

فیاض بخاری
بارہمولہ// شمالی ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے کا ایک نوجوان پچھلے 17 روز سے لاپتہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ لواحقین کے مطابق  26سالہ محمد اشرف وانی ولد ثناء اللہ وانی ساکنہ کریری بارہمولہ 15 اکتوبرکو گھر سے بازار کیلئے کچھ سامان خریدنے نکلا تھا لیکن تب سے وہ واپس نہیں لوٹا۔ مذکورہ نوجوان کے بھائی فاروق احمد کا کہنا ہے کہ اسے ہرممکن جگہ پر تلاش کیاگیا لیکن اُس کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں چلا سکا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ کریری میں گمشدگی کی ایک رپورٹ بھی درج کی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ نوجوان کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے۔ اگر کسی کو بھی اس گمشدہ نوجوان کے بارے میں کوئی جانکاری ہو تو وہ  ان نمبرات پی سی آر 9596767768، ایس ایچ اور کریری  ,9596767750یا ایس ڈی پی او کریری 9596767721پر رابط قائم کرسکتا ہے۔
 

 رفیع آبادمیں 3 بالائی زمین کارکنوں کی گرفتار کا دعویٰ

فیاض بخاری
بارہمولہ // پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ضلع بارہمولہ کے رفیع آبادسے لشکر طیبہ کے تین بالائی زمین کارکنوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ پولیس  ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رفیع آباد پولیس ،32 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ناکہ پارٹی نے جمعرات کو شام دیر گئے چتلورہ رفیع آباد کراسنگ کے نزدیک اختر رسول لون ولد خالق لون ،طارق احمد تانترے ولد محمد یوسف اور عرفان احمدڈار ولد محمد اشرف ساکنان ربن رفیع باد کی گرفتاری عمل ہیں لائی جولشکر طیبہ کیلئے کام کررہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ تینوں ورکر ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے اور اس دوران پولیس نے اُنہیں روکنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہوئے جس کے بعد فورسز نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ بالائی ورکروں کا پیچھا کر کے اُ ن کو دھرلیا ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈھنگی وچھہ نے ایک ایف آئی آر زیر نمبر149/2018 انڈر سکشن 7/25یو ایل اے ایکٹ کے تحت مقد مہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔
 

ریاستی گورنرآئے روز سیاسی بیانات سے گریز کریں:وکیل

سرینگر//جموں کشمیر بچائو کے صدر اور سابق وزیر عبد الغنی وکیل نے گورنر ستیہ پال ملک کے بار بار سیاسی بیانات جاری کرنے پر اعتراض جتاتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کا حد اختیار محدود ہے اور انہیں انتظامیہ کو متحرک کرنے انہیں جوابدہ بنانے اور امن و قانون کی صورتحال کو ٹھیک کرنے کی طرف توجہ مبذول کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حساس ریاست میں ان کے بیانات سے انتشار پھیل جاتا ہے جسکی ریاست کے موجود حالات اجازت نہیں دیتے۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہر وقت خاص کر ریاست کی موجود حالات میں سیاسی لیڈارن کو اکٹھا کرنے کا ذریعہ ہے تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ گورنر ایک مخصوص جماعت کے سیاسی طرفدار نظر آتے ہیں۔ان باتوں کا اظہار عبد الغنی وکیل نے نوپورہ کلان سوپور میں ایک روزہ کنونشن سے کیا۔انہوں نے گورنر کی جانب سے کورپشن کے خلاف مہم کو بروقت قراردیتے ہوئے کہا کہ گورنر کو کورپشن مخالف بیانات پر ڈٹ کر رہنا چاہئے۔بلکہ ایسا نہیں لگنا چاہئے کہ قول و فعل میں تضاد ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر جموں کشمیر بینک اور دوسرے محکموں میں دھندلیاں ہوئی ہوں تو ان کی تحقیقات کرائی جائے۔عبدالغنی وکیل نے گورنر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد بازی میں بیانات نہ دیں جبکہ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے وقت میں جو چور دروازے سے بھرتیاں کی گئی ہے ان کی مکمل تحقیقات کرائی جائے۔
 
 

جوں کی توں صورتحال بدلنے کیلئے نوجوان 

قربانیاں دے رہے ہیں: نیشنل فرنٹ

سرینگر//نیشنل فرنٹ نے کہا ہے کہ کشمیرمیں ہلاکتیں، گرفتاریاں، فورسز آپریشن روز مرہ کا معمول بن گئے ہیں۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دلی کشمیری عوام کے سیاسی جذبات کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ،بھلے وہ کتنا ہی ظلم و جبر ڈھائے اور ایسا کرنے سے موجودہ مسائل میں مزید اضافہ ہونے کا ہی احتمال ہے۔ ترجمان نے کشمیر میںروزانہ قتل و غارتگری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نئی دلی ضد اور ہٹ دھرمی کا غیر حقیقت پسندانہ اپروچ ترک نہیں کرتی ،تب تک رواں خون خرابے کو روکا نہیں جاسکتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ نوجوان نسل اپنی زندگیاں نچھاور کرکے جوں کی توں صورتحال کو تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ پورے خطے کے اندر پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوسکے۔ ترجمان نے کہاکہ نوجوانوں نے سبھی راستے مسدود پاکر بھارت کے گھمنڈ کو توڑنے کیلئے بندوق کی راہ اپنائی ہے تاکہ اُن حقوق کو نئی دہلی سے تسلیم کروایا جاسکے جنہیں پوری دنیا نے بہت پہلے تسلیم کر رکھا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نئی دلی نے نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم خان جیسے لیڈروں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر یہاں رہنے والے لوگوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے تاہم نوجوان طبقے نے اس زور دار انداز میں اپنے حقوق کی آواز بلند کی کہ وہ اب پوری دنیا کے اندر صاف اور واضح طور سنائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نئی دلی امن کی بحالی میں سنجیدہ ہے تو اُسے نعیم خان جیسے سبھی سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے حل کا عمل اختیار کرلینا چاہئے تاکہ جنوب ایشیائی خطے کے اندر رہنے والے کروڑوں عوام پر امن ماحول میں زندگیاں گزار سکیں۔
 

نہال پورہ پٹن کے متعدد طلباء سائنس پرچے کاامتحان دینے سے رہ گئے

رول نمبر سلپ نہ ملنے کا شاخسانہ، بورڈ حکام سے سرنو امتحان لینے کی مانگ 

فیاض بخاری
 بارہمولہ //نہال پورہ پٹن میں متعدد طالب علموں کے رول نمبر سلپ نہ ملنے سے سائنس پرچے کا امتحان نہیں دے سکے۔ 30اکتوبر کو سائنس کے پرچے کا امتحان تھا تاہم نہال پورہ پٹن کے زیر رول نمبرات کے تحت فیصل ریاض 3139258، محمد یونس راتھر3139273،کامران علی بٹ،3139262 اور،3139271،   313926 رول نمبر سلپ نہ ہونے کی وجہ سے سائنس پرچے کا امتحان دینے سے رہ گئے۔ طلباء کے والدین کے ایک وفد نے اس معاملہ کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی نوٹس میں لایا جنہوںنے بورڈ حکام سے فوری کارروائی کرنے پر زوردیا۔ طلباء کے والدین نے بورڑ آف اسکول ایجوکیشن بمنہ سرینگر کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچوں کا سائنس پرچے کاازسرنو امتحان لیا جائے تاکہ ان کا قیمتی سال ضائع ہونے اور مستقبل تاریک ہونے سے بچ جائے۔
 

شوپیان کے طالب علم کا علیحدہ امتحان لینے کی ہدایت

سرینگر//بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے شوپیان کے اس طالب علم کا دوبارہ امتحان لینے کا اعلان کیا ہے جسے پولیس نے بھائی کے بدلے گرفتار کیا ۔گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے کل ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ طالب علم کا علیحدہ امتحان لے ۔مولو چتراگام شوپیان کے 12ویں جماعت کے طلاب علم عبید احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ کو پولیس نے گذشتہ دنوںحراست میں تھا۔جس کی وجہ سے وہ بدھ کو ماحولیاتی سائنس کے مضمون کا امتحان نہ دے سکا۔
 

’مہاجرین کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں‘

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مہاجرین کے معاملات کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کریں۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران جس میں مہاجرین کے مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں متعلقہ آفیسران اورانجینئروں پر زوردیا کہ وہ مہاجرین کے معاملات حل کرنے کے لئے کارروائی کریں تاکہ مہاجرین کو موسم سرما کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے معاملات کے حل کے لئے صوبائی کمشنر کے دفتر میں ہر پندرہ دن بعد پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس دوران آل پارٹیز مائیگرینٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے نمائندوں نے صوبائی کمشنر کے ساتھ کئی مطالبات رکھے۔صوبائی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات کے حل کے لئے فوری نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔میٹنگ میںریلیف اینڈ رہبیلیٹیشن کمشنر،ڈی جی سوشل ویلفیئر چیف انجینئر پی ایچ ای،ڈائریکٹر ایجوکیشن اورڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کے علاوہ مختلف محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ ترقیاتی کمشنر وں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
 

بڈگام آتشزدگان میں دارالخیر کی امداد تقسیم 

سرینگر//دارالخیر میرواعظ منزل کے سرپرست اعلیٰ اور حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گزشتہ دنوں بڈگام میں آگ کے ایک بھیانک واقعہ میں 6رہائشی مکانات کے خاکستر ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔میرواعظ کی ہدایت پر دارالخیر میرواعظ منزل کے عہدیداروں اور کارکنوں کا ایک وفد،جس میں خضر محمد وانی، مرسلین معظم ،مرکزی جامع مسجد سرینگر کے امام اور دارالخیر کے رکن مفتی غلام رسول سامون کی سربراہی میں ضلع بڈگام کے مقامی دارالخیر کے رضاکاروں حکیم غلام محمد اور محمد اشرف کی موجودگی میں میں متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ(Kitchen kit) اور بنیادی ضروریات کی چیزیں فراہم کیں۔
 

آرہ گام چک پورہ بانڈی پورہ پینے کے پانی سے محروم 

آبادی کو مشکلات کا سامنا ،متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی

سری نگر // شمالی کشمیر کے آرہ گام چک پورہ بانڈی پورہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت سے آبادی کومشکلات کا سامنا ہے اور علاقے کی آبادی نالے کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے جبکہ متعلقہ محکمے نے علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی کو ٹھیک کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھایا  ۔ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے آرہ گام چک پورہ کی آبادی گزشتہ 3ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں مقیم آبادی ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے ۔اس دوران علاقے میں گندے پانے کے استعمال سے وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔علاقے سے آئے ہوئے مقامی لوگوں کے وفدنے بتایا کہ علاقے کوجانے والی پانی کی ترسیلی لائن میں چند ماہ قبل خرابی پیدا ہوئی اور تب سے آبادی کو 3کلو میٹر دور ایک  چشمے  سے پانی لانا پڑتا ہے یا اکثر اوقات ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پرمجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے علاقے میں وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خد شہ ہے ۔
 

بانہال ریلوے اسٹیشن پر ٹرانسپوٹروں کی لوٹ

سرکاری طور مقرر کردہ کرایہ سے دوگنا مسافروں سے وصول

محمد تسکین
 
بانہال // ریلوے سٹیشن بانہال پر مسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اور ان کے ایجنٹ مسافروں کودودوہاتھوں لوٹ رہے ہیں اور ٹریفک پولیس اور موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ مسافروں کو لوٹنے کے اس عمل پر روک لگانے میں مکمل ناکام ہو کر رہ گئے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ریلوے اسٹیشن بانہال سے جموں تک فی سواری پانچ سو روپیہ کرایہ مقررکیا ہے لیکن بانہال سے جموں تک کے سفر کیلئے سوموڈرائیور مسافروں سے آٹھ سوروپیہ کرایہ وصول کرتے ہیں ۔بانہال سے جموں جانے والی سوموودیگر گاڑیوں میں اگرچہ سات سواریاں اُٹھانے کی اجازت ہے لیکن چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیور قواعدوضوابط کی دھجیاں اڑاکر دس دس سواریوں کو گاڑیوں میں سوار کرتی ہیں ۔یہی حال بانہال سے رام بن،ادھمپور اورسرینگر جانے والی گاڑیوں کا بھی ہے ۔کولگام سے تعلق رکھنے رکھنے والے ایک مسافر عبدالرشید نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی اور اہلیہ کو لیکر مزدوری کیلئے امرتسر جارہے ہیں لیکن چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بانہال ریلوے سٹیشن سے جموں تک فی سواری نو سو روپے کرایہ کا تقاضہ کیا جو میرے بس کی بات نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی گاڑی والا آٹھ سو روپے سے کم کے کرایہ پر راضی نہ ہوا، تو انہوں نے بس سے جانے کا ارادہ کیا اور اتنے میں کسی ایک ڈرائیور نے انہیں سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس کا انتظار کرنے اور اس میں کم کرایہ میں سفر کرنے کی صلاح دی اور بعد میں انہوں نے بدھ کی دوپہر بعد ٹرانسپورٹ بس کے ذریعے بانہال ریلوے سٹیشن سے جموں تک کا سفر کیا۔ ایک اور مسافر نے بتایا کہ جو لوگ چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا من مانا کرایہ ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ،انہیں ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیوں میں سفر کرنے کیلئے ان کا کافی وقت تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانہال ریلوے اسٹیشن پر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی وافر تعداد میں گاڑیوں کو مہیا رکھا جائے۔
 

جموں میں ڈینگو کے 70نئے کیس سامنے 

14دنوں میں تعداد141تک پہنچ گئی 

تلک مہرا
 
جموں//جموں خطے میں ڈینگو کے مزید 70کیس سامنے آنے کے بعد پچھلے 14دنوں میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد 141تک پہنچ گئی ہے ۔گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں اور اس کے ساتھ منسلک خطے کے دیگر ہسپتالوں میں 1257کیس موصول ہوئے جن میںسے 1172کی جانچ ہوئی جن میں 1031منفی جبکہ 141مثبت پائے گئے ۔صرف جموں ضلع میں ڈینگو کے 76کیس سامنے آئے ہیں جن میں 46مرد اور30خواتین شامل ہیں ۔اس کے علاوہ کشتواڑ میں ایک ، سانبہ میں سات،کٹھوعہ میں اٹھارہ ، راجوری اور ریاسی میں دو دو کیس ، کشمیر سے ایک جبکہ تین کیس دیگر ریاستوں اور نامعلوم پتہ (ایڈریس) کے چار کیس سامنے آئے ہیں ۔گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموںمیں543نمونے حاصل کئے گئے جن میں سے 523کی مائیکروبائیولوجی لیب میں جانچ ہوئی جہاں 456کیس منفی جبکہ 67مثبت پائے گئے ۔اسی طرح سے ضلع ہسپتال کٹھوعہ میں 117کیس موصول ہوئے جن میں سے 109کی جانچ کی گئی جن میں86منفی جبکہ 23مثبت پائے گئے ۔ضلع ہسپتال اودھمپور میں موصول ہوئے 154معاملات میںسے 151کی جانچ کی گئی جن میںسے 3مثبت پائے گئے ۔ اسی طرح سے ضلع ہسپتال سانبہ میں 113نمونے حاصل ہوئے جن میںسے 103کی جانچ ہوئی اور 3مثبت پائے گئے ۔ضلع ہسپتال راجوری میں ڈینگو کے دوکیس مثبت پائے گئے ہیں جبکہ ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں کوئی بھی کیس مثبت نہیں پایاگیا ۔اسی طرح سے گورنمنٹ ہسپتال سروال جموں میں موصول ہوئے 57میںسے 56کیس کی جانچ کی گئی جن میںسے 52منفی اور4کے مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ۔گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر میں موصول ہوئے 255میںسے 190کیس کی جانچ کی گئی جن میںسے 173منفی اور17کے مثبت ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔ملیریا کے مرض کے ماہر ڈاکٹر سخی محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ڈینگو کے حوالے سے اکتوبر اور نومبر کے مہینے کافی اہم ہوتے ہیں اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونا الارمنگ ہے مگر خوفزدہ نہیں ۔انہوںنے بتایاکہ مریضوں کی تعداد بڑھتے دیکھ کر انہوںنے جموں میونسپل کارپوریشن کو ضلع جموں میں تھرمل فوگنگ کے بارے میں لکھاہے اوراس پر کام ہورہاہے اور ادارے نے اپنے دائرہ کار میں آنے والے بیشتر وارڈوں کا احاطہ کرلیاہے جبکہ وارڈ نمبر چار ، پانچ ، چھ اور سات کا احاطہ بھی دواکتوبر کو ہوجائے گا ۔
 

نیشنل کانفرنس واحد عوامی نمائندہ جماعت:سکینہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس کی سنیئر خاتون لیڈر اور سابق وزیر سکینہ یتو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کی واحد وہ سیاسی عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے،جو ہمیشہ ریاست کی تینوں خطوں کی وحدت،انفرادیت قائم رکھنے اور تینوں خطوں کی یکساں ترقی کی علمبردار جماعت ہے۔بیان کے مطابق سکینہ یتو نے نیشنل کانفرنس کو ریاستی عوام کے جذبات،احساسات اور خواہشات کی پاسبان جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں قیام امن کی کوشوں میں نیشنل کانفرنس پیش پیش رہی ہے۔ نورآباد کولگام میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ یتو نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ گورنر انتظامیہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ نیشنل کانفرنس کی سنیئر خاتون لیڈر نے کہا کہ موسم سرما سے پہلے ہی بجلی کی کٹوتی،راشن ڈیپوں کے خالی ہونے اور تیل خاکی کی نایابی سے لوگ ذہنی تذبذب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنک اور پبلک سروس کمیشن میں قواعد کو بالائے طاق رکھ کر بھرتیاں عمل میں لائیں گئی۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کورپشن میں غرق ہوچکی ہے۔ سکینہ یتو نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کی سربراہی والی سرکار ملک میں کورپشن کے معاملے پر دوسرے نمبر پر تھی اور بھاجپا،پی ڈی پی سرکار میں یہ سلسلہ بعد میں بھی جاری رہا۔
 

 قومی زعفران مشن 

سیکرٹری زراعت نے پیش رفت کا جائزہ لیا

پلوامہ//سیکرٹری زراعت منظور احمد لون نے پانپور میں افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے قومی زعفران مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ انجینئر صاحبا ن کو ہدایت دی کہ قومی زعفران مشن کے تحت قائم کئے گئے تمام بورویلز کو 15دسمبر 2018سے قبل چالو کیا جانا چاہیئے تاکہ زعفران اُگانے والوں کو آبپاشی سہولیات فراہم کی جاسکے۔انہوں نے زراعت محکمہ کی جانب سے عملائی جانے والے تمام سکیموں کے بارے میں متعلقہ کسانوں کو ضروری جانکاری فراہم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ زرعی شعبے میں مزید بہتری لائی جاسکے۔
 

 بڈگام  میں ایس آر ٹی سی بس سروس کی شروعات

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنربڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے بڈگام کے نئے بس اڈے میں ایس آر ٹی سی بس سروس کا افتتاح کیا۔ضلع بڈگام کے مختلف روٹوں کے لئے بسوں کو ہری جھندی دکھانے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے بیروہ،خانصاحب اورچرارشریف کے دوردراز علاقوں کے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرنے کے لئے موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ اور جے کے ایس آر ٹی سی کی پہل کی ستائش کی ۔بس سروس کی افتتاح سے ضلع بڈگام میں ایس آر ٹی سی کی دو دہائیوں سے غیر موجودگی کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ضلع کے دیگر روٹوں پر بھی بسیں چلائی جائیںگی جب کہ اگلے چند ہفتوں میں لیڈیز سپیشل بس سروس بھی متعارف ہوگی۔
 

سیکریٹری سماجی بہبودکا کنگن میں اطفال گھر کا دورہ 

سری نگر//سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون نے مرکز فلاح اطفال کنگن کا دورہ کر کے وہاں قیام پذیر بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر کشمیر رخسانہ غنی اور دیگر کئی افسران ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری موصوف نے اطفال گھر میں بچوں کے ساتھ بات چیت کی اور اس عمارت پر جاری تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔انہوں نے اطفال گھر میں دستیاب سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس کو ہدایت دی کہ وہ اس ادارے میں قیام پذیر بچوں کو ایک ماہ کے اندر مناسب تعداد بسترفراہم کریں۔ناظم سماجی بہبود کو ہدایت دی گئی کہ وہ ادارے میں قیام پذیر بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری سازو سامان دستیاب کرائیں۔انہوں نے بچوں کی طبی جانچ کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔