مزید خبریں

 سرحدی تار بندی اور بینکروں کی تعمیرکا جائزہ  

 زمین کی حصولی کے معاملات نمٹا نے کیلئے کلینڈر تیار کرنے کی ہدایت 

نیوز ڈیسک 
 
جموں //ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے سرحدی علا قوں میں ہونے والی تار بندی اور بینکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ میٹنگ کے دوران انہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ زمینوں کی حصولی کے معاملات کو جلداز جلد نمٹانے کیلئے کلینڈر تیار کیا جائے ۔اس دوران منعقدہ ویڈیو کانفرس کے دوران انہوں نے کٹھوعہ ،سانبہ ،راجوری ،پونچھ اور جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر وں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں فوج کیساتھ مل کر زمینوں کی حصولی کے معاملات کیساتھ ساتھ بینکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں خلل مسائل کو حل کیا جائے ۔میٹنگ کے دوران جانکاری فراہم کرتے ہوئے آفیسران نے کہاکہ سرحدی تار بندی کے سلسلہ میں 25 گائوں میں 33کلو میٹر تار بندی پر کام جاری ہے جبکہ 11گائوں میں کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی نے کہا کہ بینکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام کو مقرر ہدف سے قبل ہی مکمل کرلیا جائے گا ۔اس میٹنگ میں آئی جی بی ایس ایف رام اوتار ،ڈی آئی جی پردیپ کٹیال ،چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ودیگر اعلیٰ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔
 
 

 بیڈ منٹن مقابلوں کا افتتاح ،150کھلاڑیوں کی شرکت متوقع

نیوز ڈیسک 
 
جموں //ممبرا سمبلی جموں مشرق راجیش گپتا نے ایم اے ایم اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت بیڈ منٹن مقابلوں کا افتتاح کیا ۔جموں وکشمیر بیڈ منٹن ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ان تین روزہ مقابلوں میں ریاست کے مختلف اضلاع سے 150سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ۔اس ٹور نامنٹ کا افتتاح کے دوران خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پورے ملک میں کھیلوانڈیا پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوںکا مظاہر ہ کرنے کا بہترین موقعہ فراہم کیا جائے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت منعقدہ کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرئیں تاکہ آئندہ وہ پڑھائی کیساتھ ساتھ اس میدان میں بھی ملک کی نمائندگی کرسکیں ۔اس موقعہ پر دیگر بھاجپا لیڈران کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر بیڈ منٹن ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے ممبران بھی موجود تھے ۔
 

جموں کشمیر بنک وقاری ادارہ 

چیمبر آف کامرس نے گورنر کے بیان کی سراہنا کی 

نیوز ڈیسک 
 
جموں //چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ریاست گور نر ستیہ پال ملک کی جانب سے جموں وکشمیر بینک کے سلسلہ میں دئیے گئے بیان کی سراہنا کی ۔یہاں جاری ایک بیان میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راکیش گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک انتظامیہ نے صاف اور شفاف کام کیا ہے جس کی وجہ سے وہ پوری ریاست میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی گور نر کی جانب سے گزشتہ روز بینک کی شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرنااور بینک کے تئیں سنجیدگی وحوصلہ افزائی عوام کیلئے اہم ہے جوکہ بینک کے کام کاج کو مزید بہتر بنانے اور فروغٖ دینے کیلئے مدد گار ثابت ہوگی۔راکیش گپتا نے کہاکہ جموں وکشمیر بینک نے کسی بھی مشکل وقت میں کئی فلاحی کاموں میں شرکت کر کے عام لوگوں کی مدد کی ہے ۔
 

خانہ بدوشوں کا استحصال بند کیا جائے :اصلاحی کمیٹی 

نیوز ڈیسک 
 
جموں //ریاست میں آباد قبائلی خانہ بدوش طبقہ کا استحصال بند کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار گو جر بکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری اختر حسین نے کمیٹی کی منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے اس طبقہ کیخلاف سازشوں کیساتھ ساتھ امتیازی سلوک بھی رواں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ پسماندگی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ انتظامیہ کی نامعقول پالیسیوں کی وجہ سے سالانہ نقل و حمل کے دوران خانہ بدوشوں کے سینکڑوں مویشیوں کا نقصان ہو تا ہے لیکن ریاستی انتظامیہ ان کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی ۔چوہدری اختر حسین انتظامیہ پر الزام عائد کیاکہ ان خانہ بدوشوں کے بچوں کیلئے تعلیم ،محکمہ پشو پالن اور بھیڑ پالن کی غیر سنجیدگی ،مویشیوں کو منتقل کرنے پر پابندی ،ادویات کی قلت کی وجہ سے قبائلی طبقہ پسماندہ طرز زندگی بسر کر نے پر مجبور ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیگر 6ریاستوں کی طرح جموں و کشمیرمیں بھی فارسٹ ایکٹ لاگوکر نے کیساتھ ساتھ مویشیوں کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیموں تیار کرنا ودیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ خانہ بدوشوں کے مسائل حل ہوسکیں ۔
 
 

صحافی سے بدسلوکی کا معاملہ

آئی جی ٹریفک کا اظہارِ معذرت  

نیوز ڈیسک 
 
جموں //جموں میں صحافی کیساتھ بدسلوکی کے معاملے پر تنقید کا سامنا کر رہے آئی جی ٹریفک بسنت رتھ نے معذرت کر لی ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے پر پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہائوس گاندھی نگر میں پریس کلب جموں وپولیس آفیسران کے مابین ہوئی میٹنگ کے دوران آئی جی ٹریفک نے فوٹو جرنلسٹ راکیش کمار سے معذرت کر لی ۔بسنت رتھ نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ جلدا ہی اس سلسلہ میں سوشل میڈیا پر بھی معذرتی پیغام شائع کرینگے ۔یاد رہے حالیہ دنوں میں آئی جی ٹریفک نے مذکورہ فوٹو جرنلسٹ کیساتھ بدسلوکی کی تھی جس کیلئے صحافیوں کیساتھ ساتھ دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی ان کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہاتھا ۔اس موقعہ پر آئی جی پی ایس ڈی ایس جموال کیساتھ ساتھ پریس کلب جموں کے صدر اشونی کمار ودیگر سنیئر صحافی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
 

 کٹھوعہ میں7سالہ بچی کیساتھ جنسی زیادتی

نیو زڈیسک 
 
کٹھوعہ //کٹھوعہ ضلع میں ایک 7سالہ کمسن کا جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر تے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کمسن کے والدین کے مطابق واقعہ 7 دن قبل انجام دیا گیا تھا لیکن انہوں نے 31اکتو بر کو کٹھوعہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرویا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم کے کنبے کا تعلق ریاست بہار سے ہے لیکن وہ کمسن کے پڑوس ہٹلی موڑ میں عارضی طور پر رہتے ہیں ۔اس سلسلہ میں خواتین سیل کٹھوعہ کی انچارج کریتی شرما نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ ملزم نے کمسن کے والدین کی غیر موجودگی میں اس حرکت کو انجام دیا اور بعد میں کمسن نے واپنے والدین کو آگاہ کیا ۔پولیس نے تحریر شکایت موصول ہو نے پر 25سالہ ملزم کیخلاف ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 8/2018درج کرتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔
 

کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت اتھلیٹک مقابلے جاری 

نیوز ڈیسک 
 
سانبہ //ضلع سانبہ میں کھیلو انڈیا پر وگرام کے تحت اتھلیٹک مقابلے جاری ہیں۔ضلع کے گور نمنٹ ہائی سکول گگوال میں ’سپورٹس فار پیس اینڈ ڈولپمنٹ ‘کے عنوان سے منعقدہ مقابلوں میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اس موقعہ پر انہوں نے مذکورہ مقابلوں میں جیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی سراہنا کی اور کہاکہ وہ کھیلوانڈیا پروگرام کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔گزشتہ روز کھیلے گئے مقابلوں میں انڈر 17کے زمرے میں وشال شرما ،نیتن چوہدری ،ایس کمار نے کامیابی حاصل کرلی ۔اسی طرح انڈر 20کے مقابلوں میں وپن سنگھ ،راکیش چاڑک اور جگموہن نے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اسی طرح 100میٹر دوڑ میں نریش شرما ،ابھیشک بڈیال اور روہن شرما نے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔جبکہ 200میٹر دوڑ کے انڈر 17زمرے میں دیوان چوہدری ،کیشو شرما اور سہیل نے کامیابی حاصل کرلی ۔گولہ پھنکنے کے مقابلوں میں انڈر 17کے زمروں میں ریاض احمد ،سریش شرما اور نیرج نے کامیابی حاصل کی ۔جیت حاصل کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔
 
 

حریت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا جائے: بھیم سنگھ

جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسربھیم سنگھ نے آج جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کولکھے ایک خط میں ان سے جلد از جلد حریت کانفرنس کی ناراض قیادت سمیت جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلانے کی مانگ کی ہے جس سے ریاست میں امن کی بحالی اور تمام کو انصاف کی فراہمی کے اقدامات کے تعلق سے ان کی رائے لی جاسکے۔پنتھرس سربراہ نے گورنر کولکھے خط میں کہا کہ اس میٹنگ میں تینوں خطوں لداخ، جموں اور کشمیر کے تمام سابق اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ چار پانچ معروف سماجی کارکنوں کو بھی مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آپ یہ میٹنگ کشمیر یا جموں میں کسی بھی جگہ طلب کرسکتے ہیں۔انہوں نے خط میںکہا کہ میٹگ کا ایجنڈہ ’ریاست میں امن بحالی کے لئے کیا کیا جاناچاہئے جس سے ہر طرح کے تشدد کا خاتمہ ہوسکے’ طے کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج جموں وکشمیر کے لوگوں کو نہایت مشکل حالات کا سامنا ہے اور وہ ریاست میں امن بحالی اور تمام کو انصاف کی فراہمی کے لئے کی جانے والی بات چیت یا مذاکرات میں شامل ہونے کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں پریس یامیڈیا کو شامل ہونے کی اجازت نہ دی جائے او ر میٹنگ کے سربراہ کی اجازت کے بغیر کسی طرح کی رپورٹ کو عام کرنے کی کسی کو اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے گورنر سے خط میں کہاکہ انہیں ریاست میں امن بحالی اور تمام کو انصاف یقینی بنانے کے موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ 
 
 

 آل پارٹیز مائیگرینٹ کمیٹی وفد ڈویژنل کمشنر سے ملاقی

 مہاجرین کے تمام معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ

سرینگر// آل پارٹیز مائیگرینٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے نمائندوں نے صوبائی کمشنر کشمیر کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے کئی مطالبات ان کے روبرو رکھے۔صوبائی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات کے حل کے لئے فوری نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔میٹنگ میںریلیف اینڈ رہبیلیٹیشن کمشنر،ڈی جی سوشل ویلفیئر چیف انجینئر پی ایچ ای،ڈائریکٹر ایجوکیشن اورڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کے علاوہ مختلف محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ ترقیاتی کمشنر وں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مہاجرین کے معاملات کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کریں۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج ایک میٹنگ کے دوران جس میں مہاجرین کے مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں متعلقہ آفیسران اورانجینئروں پر زوردیا کہ وہ مہاجرین کے معاملات حل کرنے کے لئے کارروائی کریں تاکہ مہاجرین کو موسم سرما کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے معاملات کے حل کے لئے صوبائی کمشنر کے دفتر میں ہر پندرہ دن بعد پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
 
 

سائنسدانوں و کسانوں کے درمیان تبادلہ خیال کا سیشن 

نیوز ڈیسک 
 
جموں //ماہی گیری ریسرچ انسٹی چیوٹ اور محکمہ ماہی گیری کے اشتراک سے شعبہ سے وابستہ کسانوں اور سائنسدانوں کے ایک سیشن کا اہتمام کیا گیا ۔ریجنل فیش فارمارز ڈولپمنٹ ایجنسی (RFFDA)جموں میں منعقدہ اس سیشن میں فشری کے ماہرین نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ مچھلیوں کی زیادہ پیدا وار کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر یں ۔اس سیشن کے دوران سائنسدانوں نے کسانوں کی جانب سے رکھے کے معاملات کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہاکہ جموں خطہ میں ٹرائوٹ مچھلیوں کی کاشتکاری کیلئے ایک بہترین جگہ ہے ۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جائنٹ ڈائریکٹر فشری شانتی شرما نے اور ارشاد شاہ نے مذکورہ شعبہ کے فروغ کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ اسکیموں کے بارے میں کسانوں کو جانکاری فراہم کی ۔ڈائریکٹر SAMETIجموں نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے محکمہ کی جانب سے مذکورہ شعبہ کے فروغ کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات کی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ محکمہ کیساتھ تال میل میں رہ کر مچھلیوں کی پیدا وار کر بڑھانے کیلئے کام کریں ۔
 

سکول سے معطلی 

طالب علم نے خودکشی کر لی 

نیوز ڈیسک 
 
کٹھوعہ //ضلع کٹھوعہ کے ایک نجی سکول میں زیر تعلیم طالب علم نے سکول سے ہوئی معطلی کے معاملہ پر دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی ۔ذرائع کے مطابق تحصیل بلاور کے پنتھر گائوں میں کا نوینٹ سکول میں زیر تعلیم 14سالہ طالب علم ویسو جنڈیال نے اپنے گھر میں خود کشی کر لی ۔مذکورہ واقعہ کے بعد لواحقین و دیگر راشتہ داروں نے لاش کو دھار روڈ کر رکھ کر کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہو ئی ۔والدین  کے مطابق طالب علم کو دس روز قبل سکول انتظامیہ نے معطل کیا تھا جس کے بعد وہ ذہنی دبائو کا شکار ہو گیا تھا ۔لواحقین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول انتظامیہ کیخلاف کیس درج کر کے کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اس دوران مقامی ممبر اسمبلی اور اسمبلی سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے موقعہ پر جا کر ڈی آئی جی جموں کٹھوعہ رینج کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔اسی دوران پولیس نے 174سی آر پی سی کے تحت ایک معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔