مزید خبریں

حلقہ بندی کمیشن کی ڈرافٹ رپورٹ کے خلاف این سی کا احتجاج

سمت بھارگو
راجوری//نیشنل کانفرنس نے ہفتہ کے روز حد بندی کمیشن کی مسودہ رپورٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تمام نظر انداز کئے گئے علاقوں کو فوری اصلاح اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔پارٹی کارکنوں کی جانب سے راجوری قصبہ میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیء رمین نسیم لیاقت اور این سی کے ضلع صدر شفاعت احمد خان کی قیادت میں کیا گیا جبکہ اس موقعہ پر مظفر اقبال خان، شفقت میر، مطیع الرحمان، بی ڈی سی چیئرمین ڈونگی چودھری ریاض اور دیگر سینئر پارٹی لیڈران اور سینکڑوں کارکنان بھی موجود تھے ۔مظاہرین نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ڈاک بنگلہ راجوری سے شروع ہوئی اور گجر منڈی سے گزرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوئی جہاں پر دھرنا دیا گیا اور احتجاجی قائدین نے انتظامیہ کے افسران کو ایک تحریری میمورنڈم پیش کیا تاکہ حد بندی کمیشن اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سامنے عوامی مطالبات کو پیش کیا جاسکے ۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیڈران نے کہا کہ حد بندی کمیشن کی تیار کردہ رپورٹ میں متعدد علاقوں اور آبادی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور جلد از جلد اصلاحی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بہت سے علاقے ایک حلقے سے ہٹا کر دوسرے حلقے کے ساتھ اس انداز میں منسلک کئے گئے ہیں جو کہ مقامی آبادی کے لئے قابل قبول نہیں۔
 
 
 

 حدبندی کمیشن کی تجویزکیخلاف تھنہ منڈی میں احتجاج 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // حدبندی کمیشن کی عبوری رپورٹ کے خلاف جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں کی طرح تھنہ منڈی کے درہ علاقے میں بھی او بی سی کے ضلع صدر محمد سعید نجار کی قیادت میں ایک پر زور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خطہ پیر پنچال کو اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے جوڑنے کی تجویز پر سخت تنقید اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر او بی سی ممبران نے حد بندی کمیشن رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے اس پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔ وہیں محمد سعید نجار نے حد بندی کمیشن کی عبوری رپورٹ کو کالعدم قرار دئیے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی کہا کہ نئی حد بندی کمیشن نے بڑے پیمانے پر چھیڑ چھاڑ کر کے اس علاقہ کو ضلع اننت ناگ سے جوڑ دیا ہے جو ہماری سوچ سمجھ سے بالاتر ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت یہاں کے عوام کو زمینی اور جغرافیائی اعتبار سے بھی پریشان کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن کسی کو بھی یہاں کی جغرافیائی ہیئت کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسمبلی نشست کیلئے حدبندی کمیشن کی دوسری ڈرافٹ رپورٹ میں ضلع راجوری کے متعدد دیہات کو تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ میں ضم کر کے بھاری پھیر بدل کیا گیا ہے۔ او بی سی ممبران نے حد بندی کمیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ راجوری اور پونچھ کو اننت ناگ کے ساتھ جوڑنے کی اس تجویز پر نظر ثانی کرے اور اس کے بجائے راجوری اور پونچھ کیلئے ایک نیا پارلیمانی حلقہ بنا کر عوام کی دیرینہ مانگ پوری کرے۔ احتجاجی مظاہرین میں او بی سی کے ضلعی صدر محمد سعید نجار کے علاوہ ضلعی جنرل سیکرٹری محمد افضل ضیاء ، تھنہ منڈی بلاک صدر سہیل احمد، آرگنائزر سیکریٹری عبدالرزاق، برکت حسین، محمد عثمان، عبدالبشیر، عبدالسلام نجار، ریاض الحق، فضل عالم ، محمد حیات، محمد آصف قریشی، محمد منشی اور یونس آمین کے علاوہ دیگر کئی لوگوں نے شرکت کی۔ 
 
 
 
 

تحصیلدار حویلی کا عوامی کیمپ 

لوگوں کو مختلف قسم کے سرٹیفکیٹ جاری کئے 

حسین محتشم
پونچھ//تحصیلدار حویلی بشیر انجم کھٹک نے تحصیل کے دوردراز اور سرحدی گائوں اسلام آباد کے گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول میں کیمپ لگا کر لوگوں کو مختلف قسم کی سرٹیفکیٹ جاری کیں۔اسلام آباد جو ایک پسماندہ اور سرحدی علاقہ کے لوگوں کو ڈومیسائل ،سٹیٹ سبجیکٹ،کاسٹ سرٹیفکیٹ انکم سرٹیفکیٹ اور دیگر زمینوں کے ریکارڈ وغیرہ کے لئے تحصیلدار آفس پونچھ آنا پڑتا ہے جو ان کے لئے بڑا مشکل ہو جاتا ہے تا ہم تحصیلدار پونچھ نے لوگوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے اپنے گائوں میں کیمپ لگا کر سرٹیفکیٹ جاری کی۔اس موقعہ پر نائب تحصیلدار بانڈی چچیاں رندیر سنگھ بھی موجود تھے۔ مقامی لوگوں نے دونوں افسروں کی سراہنا کی اور کہا کہ تحصیلدار ایک قابل آفیسر ہیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس قسم کے اقدامات کی کئے جائیں گے۔کیمپ میں آئے لوگوں نے کہا کہ اس  کیمپ سے انھیں کافی حد تک سہولت فراہم ہوئی ہے۔
 
 
 
 

ٹریفک پولیس کی پونچھ میں کارروائی 

قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ// ٹریفک پولیس نے اعلی حکام کے احکامات کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کیلئے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی۔ اس دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے ضلع ٹریفک انسپکٹر محمد قاسم کی سربراہی میں ایک خصوصی ناکہ لگایا گیا اور قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انکے چالان کاٹے گئے اسکے علاوہ عوام کو کرونا کی احتیاطی تدابیر پر بھی عمل آوری کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ روکنے کئے مختلف مقامات پر بیریئر لگائے گئے-پولیس نے شہریوں سے  اپیل کی کہ وہ حادثات سے بچاؤ مہم میں مثبت کردار ادا کریں ،شہری اپنی جان کی حفاظت کیلئے ہیلمٹ لازمی استعمال کریں۔اس دوران ہیلمٹ پر پابندی کو شہریوں نے اچھا اقدام قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ پہننے کی پابندی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قانون سب کیلئے ایک ہو۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ ہمیں ٹریفک قوانین پر ہر قیمت پر عملدرآمد کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہئے۔
 
 
 

پرنسپل سیشن جج پونچھ کی والدہ کا انتقال

سرنکوٹ بار ایسوسی ایشن کا تعزیتی اجلاس 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//پرنسپل سیشن جج پونچھ کی والدہ کے انتقال پر بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کے دوران 2منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔سب جج منظور احمد خان اور منصف جج تبریز قاضی کی موجودگی میں وکلاء نے نے پریشنل سیشن جج پونچھ اشوک کمار شرون کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ بالخصوص جج موصوف کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ ماجد خان بار صدر، جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ ممتاز حسین شاہ سنیئر ایڈوکیٹ مختار احمد شیخ، ایڈوکیٹ اخلاق حسین شاہ سمیت تمام وکلاء نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی والدہ کافی عرصہ سے علیل تھی اور گزشتہ روز انتقال کر گئیں ۔اراکین نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
 
 
 
 
 

پنچایت ساگرہ میں ٹرانسفارمر خراب 

صارفین کئی دنوں سے گھپ اندھیرے میں 

جاوید اقبال 
مینڈھر //بلاک منکو ٹ کی پنچایت ساگرہ کی وارڈ نمبر ایک میں نصب کردہ بجلی کا ٹرانسفارمر گزشتہ کئی دنوں سے خراب پڑا ہو ا ہے جس کی وجہ سے عام صارفین گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔صارفین نے مقامی انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے خراب مشینری کے سلسلہ میں آفیسران و ملازمین سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے مذکورہ معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی دعوئوں کے باوجود بجلی محکمہ لوگوں کو سہولیت فراہم نہیں کررہا ہے ۔غور طلب ہے کہ بجلی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے جہاں درجنوں کنبے مشکلات کا شکار ہیں وہائیں بچوں کی آن لائن پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خراب مشینری کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
 
 
 
 

محمد رشید مغل کی بہو کا اچانک انتقال 

کئی سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار افسوس 

جاوید اقبال 
مینڈھر //ریٹائرڈ لیکچرار محمد رشید مغل کے اچانک انتقال پر کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیت نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔رشتہ داروں نے بتایا کہ موصوف کا اچانک انتقال ہوا جبکہ ان کی نماز جنازہ آبائی گائوں نکہ منجہاڑی میں ادا کی گئی جس میں عام لوگوں کیساتھ ساتھ سابقہ ایم ایل سی مرتضیٰ احمد خان ،سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک ،سنیئر پی ڈی پی لیڈر ایڈوکیٹ محمد معروف خان ،سابقہ چیف میڈیل آفیسر ڈاکٹر محمد یونس ،سابقہ ڈی ایس پی محمد رفیق چوہدری ،سرپنچ وسیم احمد خان ،پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئر فورم کے زونل صدر حاجی محمد عظم ساگر ،پی ڈی پی زونل صدر خرشید احمد خان نے نما جنازہ میں شرکت کی ۔وفات پر سابقہ وزیر نثار احمد خان ،سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی ،رحیم داد ،کانگریس لیڈر پروین سرور خان ،این سی لیڈر چوہدری ولی داد ،ایڈوکیٹ ندیم احمد خان ،محمد شوکت چوہدری ،محمد رشید خان ،محمد صادق چوہدری ،افتاب شاہ ،بلرام شرما ،محمد رفیق سابقہ سرپنچ ،ڈی ڈی سی ممبر باجی محمد فاروق چوہدری ،چوہدری عمران ظفر ،نصرت جبین ،امان اللہ چوہدری ،شمیم اختر ،انجینئر شفاق چوہدری ،انجینئر واجد بشیر خان کے علاوہ پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئر فورم ،ٹیچر ایسوسی ایشن و دیگران نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ۔
 
 
 
 

چوکی نڑیاں میں پانی کی قلت 

لوگوں کا محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے چو کی نڑیاں گائوں میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس سے تنگ آکر مکینوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں نے جموں پونچھ شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی اور ضلع انتظامیہ راجوری کیخلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن محکمہ کے ملازمین اور آفیسران سپلائی کو بحال کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے مرد و خواتین میلو پیدل سفر کر کے قدرتی چشموں سے پینے کا پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ سے کئی مرتبہ رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے فیلڈ میں تعینات آفیسران و ملازمین ڈیوٹی پر حاضری ہی نہیں رہتے جبکہ اعلیٰ آفیسران ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پانی کی سپلائی کو جلدازجلد بحال کیا جائے ۔
 
 
 
 
 
 

اپر کیول میں پانی کی بحرانی صورتحال 

کوٹرنکہ // سب ڈویژن کوٹرنکہ کے متعدد علاقوں میں اس وقت پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام عوام کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔بدھل کی پنایت اپر کیول میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ عوام کو معیاری سپلائی دینے میں پوری طرح سے ناکام ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت کی وارڈ نمبر 6میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے قلت پید ہوئی ہے لیکن محکمہ کے ملازمین لوگوں کو سہولیت فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے محکمہ کیخلاف غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ جل شکتی کے ایگز یکٹو انجینئر و جونیئر انجینئر لوگوں کی مشکل کی جانب دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پانی کی قلت کو جلداز جلد دوری کیا جائے ۔
 
 
 
 

محکمہ مال کا منجا کوٹ میں کیمپ 

633 سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے 

منجا کوٹ // محکمہ مال کی جانب سے منجا کوٹ میں ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران 633سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ میں لگائے گئے کیمپ کے دوران تحصیلدار منجا کوٹ جاوید چوہدری کی قیادت میں محکمہ کے ملازمین نے لوگوں کو مختلف زمروں کے تحت سرٹیفکیٹ جاری کئے ۔تحصیلدار منجا کوٹ نے بتایا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے منجا کوٹ میں لگائے گئے کیمپ کے دوران ضروری لورزامات حاصل کیں ۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے دوران کل 633 سرٹیفکیٹ جاری کئے جن میں 425پہاڑی سرٹیفکیٹ اور 198ڈومیسائل بھی شامل ہیں ۔موصوف نے بتایا کہ مذکورہ نوعیت کے کیمپوں کا اہتمام کرنے کا اصل مقصد عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا تھا جبکہ اس عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔
 
 
 
 

کالا کوٹ میں مفرور گرفتار 

راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے مختلف معاملات میں ملوث مفرور افراد کیخلاف اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے راجوری ضلع کے کا لا کوٹ علاقہ میں 16برسوں سے فرار ایک مطلوب شخص کو گرفتار کر کے کیس کی مزید کارروائی کو دوبارہ سے شروع کر دیا ہے ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او دیپک پٹھانیہ کی قیادت میں پولیس کی جانب سے شروع کی گئی ایک مہم کے دوران ایف آئی آر نمبر 32/2006 میں مطلو ب ایک خاتون ریکھا دیوی زوجہ پریحد سنگھ کو بیٹارہ کالا کوٹ سے گرفتار کر کے کیس کی مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ خاتون کیخلاف 2014میں گرفتاری ورنٹ جاری کئے گئے تھے ۔
 
 

24گھنٹوں میں اغوا کا معاملہ حل کر لیا گیا 

پونچھ //جموں وکشمیر پولیس نے اغوا کے ایک معاملے کو چوبیس گھنٹوں کے اندر حل کرتے ہوئے لڑکی کو باز یاب کرلیا ہے ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 11فروری کو ایک شخص کی جانب سے پولیس سٹیشن مینڈھر میں ایک شکایت درج کروائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کی لڑکی کو محمد سجاد ولد محمد لطیف سکنہ  دھنوٹ بالاکوٹ نے اغوا کر لیا ہے جس کے بعد پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 28 /2022درج کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ۔ایس ڈی پی او مینڈھر کی سربرائی میں ایس ایچ او کی قیادت والی ٹیم نے تحقیقات کے دوران اغوا شدہ لڑکی اور ملزم محمد سجاد ولد محمد لطیف کو گرفتار کر کے معاملہ کی مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ پولیس نے معاملہ کو حل کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے سلسلہ میں پولیس کو جانکاری فراہم کی جائے ۔