مزید خبریں

جموں مسلم فرنٹ نے پلوامہ ہلاکتوں کی مذمت کی 

نیوز ڈیسک 

جموں //جموں مسلم فرنٹ نے گزشتہ روز وادی کے پلوامہ ضلع میں ہوئی شہری ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہندوپاک حکومتوں پر زور دیاکہ وہ مسائل کے حل کیلئے مفاہمت کا راستہ اختیار کریں ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں جموں مسلم فرنٹ کے صدر قاضی عمران نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ی عوام کیخلاف طاقت کے استعمال کو بند کرکے تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کیاجائے ۔انہوں نے ہندوپاک کے وزرائے اعظم سے اپیل کی کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے اور ریاست میں دیر پاامن کے قیام کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کیاجائے ۔
 
 
 

فوج نے ادہم پور میں وجے دیوس منایا 

نیوز ڈیسک 
ادہم پور //فوج کی شمالی کمانڈ کی جانب سے ضلع ادہم پور میں 47واں وجے دیوس منایا گیا ۔اس موقعہ پر منعقدہ پروگرام میں لفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔ہر برس 16دسمبر کو ملکی افواج کی جانب سے 1971میں ہندو پاک افوج کے مابین ہو ئی لڑائی کے سلسلہ میں وجے دیوس منایا جاتا ہے ۔فوج کے مطابق اس لڑائی میں 90ہزار سے زائد پاکستانی فوجیوں کو حراست میں لیا گیا تھا ۔اسی طرح جموں کے دیگر فوجی کیمپوں اور ہیڈ کوارٹروں پر بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران جنگ کے دوران ہلاک ہو ئے فوجیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
 
 
 

جگانوں میں ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا 

ادہم پور //ضلع ادہم پور کے بلاک جگانوں میں فوج کی جانب سے ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔محکمہ پشو پالن ادہم پور اور ویٹرنری ہسپتال اور سکاسٹ یونیورسٹی جموں کے شعبہ ویٹرنری کے طلباء کے اشتراک سے لگائے گئے اس طبی کیمپ کے دوران ماہر ڈاکٹروں نے مختلف اقسام کے 2672مویشیوں کا معائینہ کیا اور ان کو ادویات وٹیکے بھی لگائے ۔ڈاکٹروں نے مقامی لوگوں بالخصوص علا قہ کے بکروال طبقہ کو مال مویشیوں کی صحت اور ان کو لگنے والی مختلف بیماریوں کے بارے میں بیدار کیا ۔ڈاکٹروں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مویشیوں کی طبی جانچ کے سلسلہ میں علا قہ کے ویٹرنری ہسپتال کے ڈاکٹروں کیساتھ رابطہ میں رہیں ۔
 
 
 
 

رائے دہندگان کے اندراج کیلئے مہم شروع 

جموں //سمودھان سوسائٹی اور بلاک سطحی آفیسران نے مشترکہ طور پر پولنگ اسٹیشن 72سے 77تک نئے ووٹروں کی رجسٹریشن کیلئے ایک مہم شروع کی جس کے دوران 18سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کا اندراج عمل میں لایا گیا ۔مہم کے دوران کئی ووٹروں میں الیکشن کارڈ بھی تقسیم کئے گئے جبکہ مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے ووٹر فہرستوں میں اندراج کیلئے اپنے فارم جمع کروائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سمودھان سوسائٹی کے چیئر مین کیشو چوپڑہ نے الیکشن کمشنر اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مہم سے کئی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہندگان استعمال کر نے کے قابل ہو گئے ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ جموں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس مہم کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے تاکہ 18بر س سے زائد عمر کے نوجوانوں کو ووٹر فہرستوں میں شامل کیا جاسکے ۔
 
 
 
 

ٹنی ٹائز ہائر سکینڈری سکول نے 18واں یوم تاسیس منایا 

نیوز ڈیسک 

جموں //ٹنی ٹائز ہائر سکینڈری سکول میں 18واں یوم تاسیس کے موقعہ پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ممبر پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اس پروگرام کے دوران تمدنی و ثقافتی پروگرام کے علا وہ ملکی تاریخ اور سماجی تحفظ کیلئے شروع کی گئی مختلف تحریکوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔تقریب کے افتتاح کے دوران سکول پرنسپل سکول نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔اس دوران’ بک بینگ تھیوری ‘انسانی نسل کا ارتقاء ،منجوڈہاڑو تہذیب ،چنکیاکی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔طلباء کی جانب سے ملکی تاریخ آزادی کی تحریک پر لیکچرو ں کے علا وہ قومی گیت بھی پیش کئے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے علاوہ کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کرے ۔
 
 
 
 

ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی میں ورکشاپ کا اہتمام 

نیوز ڈیسک 

کٹرہ //شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کٹرہ میں ’تدریسی عمل کیلئے ضروری صلاحیتوں پر ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔پنڈت مدن موہن مالویہ نیشنل مشن کے اشتراک سے منعقدہ اس ورکشاپ کا اصل مقصد طلباء اور اساتذہ کے درمیان تال میل بہتر بنانے میں درپیش مسائل و معاملات پر غور کرنا تھا ۔مذکورہ ورکشاپ میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پروفیسروں نے شر کت کر کے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کٹرہ کے ماہر ین تعلیم نے اپنے خطاب میں کہاکہ یونیورسٹی ریاست میں پہلی ایسی یونیورسٹی ہے جس نے ٹیچروں اور طلباء کے درمیان بہترین تال میل کیلئے مذکورہ ورکشاپ کا اہتمام کیا ۔تمام اراکین نے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کیلئے عزم ظاہرہ کیا۔
 
 
 

آیو شمان بھارت کے تحت میڈیکل کا لج میںطبی کیمپ منعقد

نیوز ڈیسک 

جموں //جموں میڈیکل کالج میںمرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی آیو شمان بھارت ‘اسکیم کے تحت ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس طبی کیمپ میں میڈیکل کالج اور ایس ایم جی ایس ہسپتال کے 13شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں و دیگر عملے نے شرکت کی ۔اس طبی کیمپ کا افتتاح پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولونے جی ایم سی پرنسپل کی موجودگی میں کیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران 500سے زائد مریضوں کی طبی جانچ کرنے کیلئے مختلف بیماریوں سے متعلق بیدار بھی کیا گیا ۔میڈیکل کالج کے سپر سپیشلٹی ہسپتال میں لگائے گئے اس طبی کیمپ کے دوران ہسپتال کی حالیہ کارکردگی کے سلسلہ میں پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو تفصیلی جانکاری بھی فراہم کی گئی ۔مذکورہ طبی کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کے علا وہ نیم طبی عملے و دیگر سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی ۔
 
 
 
 

سابق حکومت کے دور میں رام گڑھ اسمبلی حلقہ عدم توجہی کا شکار رہا :ہرش دیو 

نیوز ڈیسک 

جموں //پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کے دور میں اسمبلی حلقہ رام گڑھ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اسمبلی حلقہ میں عوام تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ان خیالات کا اظہار پنتھرز پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے اسمبلی حلقہ کے ٹھنڈا پانی علا قہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا نے اقتدار کیلئے عوامی مسائل کو حل کر نے کی طرف توجہ ہی نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ رام گڑھ میں کوئی بھی تعمیر اتی پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے جبکہ انتخابات کے دوران عوام کیساتھ بلند و بانگ وعدے کئے گئے تھے ۔ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ 2013-14کے دوران مذکورہ اسمبلی حلقہ میں پی ایم جی ایس وائی اسکیم کے تحت کل 27سڑکوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی لیکن ان میں سے کئی ایسے پروجیکٹ بھی ہیں جن پر ابھی تک کام شروع ہی نہیں کیا جاسکا ۔موصوف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رام گڑھ ڈگری کالج کے ہوسٹل کی عمارت ،آئی ٹی آئی کالج ودیگر پروجیکٹوں کی جانب سابقہ حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ میں عوام کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کر نے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔موصوف نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں اور عیاں کر نے اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں ۔
 
 
 
 

۔10ویں سٹیٹ سپیڈ بال چمپئن شپ کا افتتاح 

نیوز ڈیسک 

جموں //جموں یونیورسٹی میں 10ویں سٹیٹ سپیڈ بال چمپئن شپ شروع ہو چکی ہے ۔اس چمپئن شپ کا افتتاح جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے دیگر سٹاف ممبران اور کھلاڑیوں کی موجودگی میں کیا ۔جموں وکشمیر سپورٹس سپیڈ بال ایسوسی ایشن اور جموں یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقدہ چمپئن شپ میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع سکے 400سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کمار دھر نے کہاکہ چمپئن شپ کو کامیاب بنانے کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ پورا تعاون فراہم کررہی ہے ۔جموں وکشمیر سپورٹس سپیڈ بال ایسوسی ایشن کے اراکین نے ڈائریکٹر سپورٹس جموں یونیورسٹی ودیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔چمپئن شپ کے پہلے دن کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔
 
 
 

متعدد نوجوانوں کی کانگریس میں شمولیت کادعویٰ 

نیوز ڈیسک 

جموں //نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کا کانگریس میں شمولیت کادعویٰ کیاگیاہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق ضلع کانگریس کمیٹی جموں کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیاجس میں پارٹی کے ضلع صدر وکرم ملہوترہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔نوجوانوں کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے وکرم ملہوترہ نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کانگریس کی جانب راغب ہو چکی ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی لیڈر اوجوت سنگھ نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہود کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جموں میں نوجوانوں کھلاڑیوں کیلئے کوئی بھی اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے نوجوانوں میں بھاجپا کے تئیں غصہ پایا جا رہاہے ۔پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں ساگر پنڈتا ،منپریت سنگھ ،رنجوت سنگھ ،منیش شرما ،سنیل کمار ،شویم شرما ،راکیشن لینگے ،اشونی چوہدی ودیگران شامل ہیں ۔
 
 
 
 

فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ٹیسٹ 

۔7۔ہزار380امیدوار شریک ہوئے 

نیوز ڈیسک 

جموں //ریاست میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کیلئے منعقدہ امتحانات میں نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔پولیس ذرائع کے مطابق جموں ،کشمیر اور لداخ میں یک وقت دو نشستوں میں امتحان لیا گیا جس میں کل 7,380 امید واروں نے شرکت کی ۔پولیس احکام کے مطابق اس سلسلہ میں وادی میں کل 10سنٹر قائم کئے گئے تھے جبکہ جموںاور لداخ میں ایک ایک سنٹر قائم تھا ۔کشمیر کے 5,457 امید وار ٹیسٹ کے اہل قرار پائے تھے جن میں سے پہلی نشست میں 5,419امید واروں نے شرکت کی جبکہ اسی طرح دوسری نشست میں 184امید واروں نے شرکت کی ۔جموں صوبہ میں 1,709 امیدواروں میں سے 1,690 نے پہلی نشست میں امتحان میں شرکت کی جبکہ دوسری نشست میں 50میں سے 47امیدواروں نے امتحان دیا ۔کرگل میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث پولیس لائین میں امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 39میں سے 38امیدواروں نے شرکت کی ۔
 
 
 

۔515ممنوع کیپسول ضبط، 1گرفتار 

حافظ قریشی 

کٹھوعہ//کٹھوعہ پولیس نے ایک کاروائی کے دوران 515ممنوع کیپسول برآمد کرتے ہوئے ایک اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ نگری کی طرف سے سب انسپکٹر وکاس جسروٹیہ کی قیادت میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک شخص جس کی پہچان رومیش لعل عرف دیپ ولد رام پال کے قبضہ سے مذکورہ ممنوع ادویات ضبط کر تے ہوئے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 443/2018 کرلیا ہے اور اس سلسلہ مز ید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔
 
 
 

جے ٹی جی سی میں امچوئیر گالف چمپئن شِپ2018 کا انعقاد

جموں//جموں توی گالف کورس نے جموں وکشمیر محکمہ سیاحت کے اشتراک سے جے ٹی جی سی امیچور چمپئن شِپ2018 کا انعقاد کیا۔کلب کے ارکان نے اس مقابلے میں شرکت کی اور توی اور چناب ٹیموں کی نمائندگی کی۔چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر شلیندر کمار نے چناب ٹیم کی قیادت کی اور جیت حاصل کی۔شلیندر کمار اس موقعہ پر مہمان حصوصی کی حیثیت سے بھی موجود تھے اور جیتنے والی ٹیم میں انعام تقسیم کئے۔اس موقعہ پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کے لئے خورشید وڈو کی عزت افزائی کی گئی جبکہ توی ٹیم سے تعلق رکھنے والے عمیر نثار گنائی کو رنر اپ ٹیم میں سے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اسی طرح ایس ایس جموال کو سٹریٹ ڈروائیو، سچن شرما کو لاگنسٹ ڈرائیو جبکہ بھوپیش گپتا کو نزدیک ڈرائیو کے لئے ایوارڈ دیئے گئے۔مہمان خصوصی نے جیتنے والی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے سیکرٹری جے پی جی سی پر زور دیا کہ وہ گالف کورس میں سہولیات میں مزید بہتری لائیں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموں بھی گالفنگ کے ایک اہم مقام کے طور پر اُبھر کر سامنا آرہا ہے اور جموں توی گالف کورس دریائے توی کے کنارے پر واقع ایک خوبصورت گالف کورس مانا جاتا ہے۔اس موقعہ پر ایک رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
 
 
 
 

ہارٹی کلچر محکمہ جموں نے بیداری کیمپ کا انعقاد کیا

جموں//محکمہ ہارٹی کلچر جموں کی طرف سے میوہ نرسری گڑی جموں میں یک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں راکیش کمار سرنگل مہمان کی حیثیت سے موجود تھے۔اس کیمپ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے125 کسانوں نے شرکت کی اور انہیں باغبانی شعبۂ کی مختلف سکیموں سے روشناس کرایا گیا۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے خاص طور سے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر حکومت کی جانب سے جاری سکیموں کا فائدہ اُٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اعلیٰ پیداوار دینے والے پودے لگا کر اپنی سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتری لانی چاہئے۔ماہرین نے اس موقعہ پر کسانوں کو باغبانی کے جدید طور طریقوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔