مزید خبریں

پنچایتوں اور میونسپل کمیٹیوں کیلئے فنڈز کا اعلان خوش آئند :سیول سوسائٹی 

نیوز ڈیسک 

جموں //سیول سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ آف جموں وکشمیر نے ریاستی انتظامیہ کو نسل کی بجٹ میٹنگ کے دوران پنچایتوں اور میونسپل کمیٹیوں کی تعمیرو ترقی کیلئے فنڈز مختص رکھنے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قد م سے ریاست میں تعمیرو ترقی کے ایک نئے دور کی شروعات ہوگی ۔سیول سوسائٹی کے ریاستی صدر پنیت سنگھ جموال نے جموں میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ گورنر انتظامیہ کے اس قد م سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ کی طرف سے لداخ خطہ کیلئے الگ یونیورسٹی کے اعلان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ خطہ کے طلباء کی ایک بڑی تعدا د اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ریاست جانے پر مجبور تھے لیکن ان کیلئے خطہ میں یونیورسٹی قائم کرنے سے مذکورہ طلباء بغیر کسی مشکل کے تعلیم جاری رکھ سکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ مالی برس 2019-20کیلئے پیش کئے گئے بجٹ میں تعلیم ،زراعت ،دیہی ترقی ،صحت و دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے خاص خیال رکھا گیا ہے جبکہ طلباء اور عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کر نے کیلئے بجٹ میں الگ سے رقم رکھی گئی ہے۔ سیول سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ آف جموں وکشمیر نے امید ظاہر کر تے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی کاموں کیلئے رکھے گئے فنڈز کو صاف و شفاف طریقہ کار سے استعمال کر نے کیلئے بھی انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرئے گی ۔
 
 

 منشیات اور حق اطلاعات قانون پر بیداری مہم اختتام پذیر 

نیوز ڈیسک 

ادہم پور //ضلع ادہم پور کے جگانوں علا قہ میں حق اطلاعات قانون اور منشیات کے استعمال پرمنعقدہ بیداری پروگرام اختتام پذیر ہو گیا ۔وزرات برائے اطلاعات گورنمنٹ آف انڈیا اور ضلع انتظامیہ ادہم پور کے اشتراک سے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول جگانوں میں اختتامی پروگرام میں نائب تحصیلدار جگانوں بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ میڈیکل آفیسر پرائمری ہیلتھ سنٹر جگانوںاور کمیونٹی ہیلتھ آفیسربھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر ضلع میں منشیات کے استعمال اور اس سے نوجوانوں پر پڑنے والے مضر اثرات پر کوئز و بحث و مباحثے کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ان مقابلوں میں گورنمنٹ ہائر سکینڈری اور ہائی سکول جگانوں کی کل چار ٹیموں نے شرکت کی ۔آرٹی آئی و منشیات پر منعقدہ کوئز مقابلوں میں گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول جگانوں کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ۔اس دوران منشیات کے استعمال کو لے کر طلباء نے ایک ریلی بھی نکالی جوکہ مین بازار سے ہوتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول جگانوں میں اختتام پذیر ہو ئی ۔
 
 
 

عظیم ترقی پسند شاعرکیفی اعظمی کی صدسالہ سالگرہ 

ریاست کے نوجوان شاعر ڈاکٹر لیاقت جعفری خلیجی ملک کویت مدعو 

جموں//اردو کی ترویج میں مصروف ایک ہندوستانی ادبی انجمن، انڈین کلچرل ایسوسی ایشن اردو ادب کے عظیم ترقی پسند شاعرکیفی اعظمی کی صدسالہ سالگرہ پر کویت میں تقریب منعقد کرنے جارہی ہے جس میں ریاست سے جواں سال ادیب اور شاعر ڈاکٹر لیاقت جعفری کومدعو کیاگیاہے ۔ اس عالمی مشاعرہ میں ہندوستان ،پاکستان، خلیج ،برطانیہ کنیڈاو امریکا سے لگ بھگ پندرہ شاعرکویت پہنچ رہے ہیں۔ اردو دنیا کے نمائندہ شعرا افتخار عارف، راحت اندوری، منظر بھوپالی، حسیب سوز، اقبال اشعر، شوکت فہمی، عثمان مینائی، علینہ عترت رضوی، ندیم شاد، ابرار کاشف وغیرہ اس تقریب میں حصّہ لے رہے ہیں۔ ہندوستان میں موجودہ صحافت کے علم برداراور صحافی ونود دوا اور حالیہ متنازعہ فلم ملک کے ڈائریکٹرانوبھؤسنہا مہمان خصوصی کے طور پر اس تقریب کی رونق میں اضافہ کریں گے۔ڈاکٹر لیاقت جعفری اس تقریب سے قبل گزرے مہینے ہی جشن ادب عالمی مشاعرے کے حوالے سے دبئی کا سفرکر کے ہندوستان لوٹے ہیں۔ رواں سال کے دوران ہی ہندوستانی سفارت خانے اور دیگر عالمی اردو انجمنوں کی دعوت پر وہ دوحہ، قطر، ریاض، جبیل، دمام، جدّہ، شارجہ وغیرہ کے کئی سفربھی کرچکے ہیں ۔کچھ برسوں سے لیاقت جعفری کم و بیش ہرمہینے ملک کے کسی نہ کسی کل ہند مشاعرے، اردو سیمینار یا کانفرنس میں مدعورہتے ہیں لیکن اب کچھ سال سے وہ لگاتارعالمی مشاعروں میں بھی شریک ہورہے ہیں ۔جدید لہجے کی تازہ دم غزل گواور پروفیشنل مشاعروں کے حوالے سے ادبی دنیا میں اپنا ایک الگ مقام بنا چکے ڈاکٹر جعفری ماضی میں بھی ایک ہندوستانی ثقافتی ڈیلی گیشن کا حصّہ بن کر پاکستان جا چکے ہیں۔لگ بھگ آدھ درجن کتابوں کے مصنف اورصحافتی و تحقیقی رسالوں کے مدیر لیاقت جعفری اردو ادب کے علاوہ تھیٹر،ٹی وی، صحافت اور فلم سے بھی وابستہ ہیں۔ گزرے سال ہی انہیں ان کی گوناگوں ادبی ثقافتی اورصحافتی خدمات کے لئے مشہورلالہ جگت نارائن قومی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔جعفری ریاستی حکومت کی طرف سے میں اردو زبان کی ترویج و ترقی کیلئے تشکیل دی گئی ریاستی سطح کی اردو کمیٹی کے پانچ سال سے زائد عرصہ تک کنوینئر بھی رہ چکے ہیں۔ پونچھ سے تعلق رکھنے والے لیاقت جعفری محکمہ اعلی تعلیم میں پروفیسر ہیں اور اس وقت وومنز کالج گاندھی نگر جموں میں اردو شعبے کے حوالے سے اپنے تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔موجودہ عہد کے تمام نمائندہ شاعروں بشیربدر، ندا فاضلی، گلزار، جاوید اختر، راحت اندوری، وسیم بریلوی، منور رانا،عباس تابش، فرحت احساس سے لے کرکماروشواس اور نواز دیوبندی تک کے ساتھ اسٹیج شیئرکر چکے لیاقت جعفری ابھی تک قریب سو سے زائد کل ہند مشاعروں میں شرکت کر چکے ہیں ۔اس وقت ڈاکٹر لیاقت جعفری بالی وڈ کے ساتھ بھی جڑے ہوئے ہیں، فلم انڈسٹری کے چند بڑے پروجیکٹوں کے ساتھ ان کا نام منسوب ہے، وہ آئندہ دنوں میں ریلیز ہونے والی کئی اہم فلموں کیلئے نغمے لکھ چکے ہیں اور ٹی۔سیریز، زی میوزک اور سونی میوزک جیسے موسیقی کے بڑے برینڈز کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔
 
 
 

جموں مئیر نے مہیش پور میں کھو کھا مالکان سے ملاقات کی 

نیوز ڈیسک 

جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا کمشنر جے ایم سی کے ہمراہ مہیش پور ،بخشی نگر علا قہ میں کھو کھا مالکان سے ملاقات کی ۔اس دوران کھو کھا مالکان نے اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بغیر کسی رسمی نوٹس کے ان کی ریڑیوں کو مسمار کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ تمام ریڑی مالکان گزشتہ 20برسوں سے مذکورہ علا قہ میں ریڑیاں لگا کر اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں انتظامیہ نے بغیر کسی رسمی نوٹس کے ان کی تجارت کو ہی بند کر دیا جس کی وجہ سے وہ گزشتہ 2ماہ سے احتجاجی دھرنے پر ہیں ۔جموں مئیر نے مونسپل انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان مالکان کو ریڑی لگانے کیلئے معقول جگہ فراہم کرئے تاکہ ان کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔انہوں نے دکانداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کیساتھ تال میل قائم کیا جائے ۔
 
 
 

وجے پور میں منشیات و آرٹی آئی پر بیداری پروگرام

نیوز ڈیسک 

سانبہ //ضلع سانبہ کے وجے پور علا قہ میں انتظامیہ کی طرف سے منشیات کے استعمال اور حق اطلاعات قانون پر بیداری پروگرام شروع کر دیا گیا ہے ۔ضلع انتظامیہ سانبہ ،محکمہ صحت اور ایجوکیشن کے اشتراک سے شروع کئے گئے پروگرام کے دوران عام لوگوں کیساتھ ساتھ سکولی بچوں کو منشیات کے استعمال اور حق اطلاعات قانون کے بارے میں بیدار کیا جائے گا ۔بی بی این ہا ئر سکینڈری سکول سانبہ میں منعقد کئے گئے اس پروگرام کے دوران منشیات کے مضر اثرات پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں سٹاف ممبران کے علا وہ سکولی بچوں ،آنگن واڑی ورکروں اور دیگر محکموں کے ملازمین نے بھی شرکت کی ۔بی بی این ہا ئر سکینڈری سکول کے چیئر مین ڈیمپل شرما کی قیادت میں منعقد کئے گئے پروگرام کے دوران مذکورہ سکول کے 12طلباء نے منشیات کے اثرات پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔ضلع کے پبلسٹی آفیسر گلشن رینہ نے اپنے خطاب میں مذکورہ پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سکولی طلباء منشیات جیسی لت کو سماج سے ختم کرنے میں ایک اہم رول ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے شرکاء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماج کو منشیات کے مضر اثرات سے متعلق بیدار کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں تاکہ نوجوان نسل کو تباہ ہو نے سے بچای اجاسکے ۔اس دوران ایک تمدنی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں سکولی بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔
 
 
 

سٹیٹ سپیڈ بال چمپئن شپ 

لارنس سکول کے طلباء نے 20میڈل جیتے 

نیوز ڈیسک 

جموں //سٹیٹ سپیڈبال چمپئن شپ کے دوران لارنس سکول کے طلباء کل 20میڈل حاصل کئے ۔جموں و کشمیر سٹیٹ سپیڈ بال ایسوسی ایشن او ر جموں یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقدہ مذکورہ چمپئن شپ کے دوران لارنس پبلک سکول کے طلباء نے سونے کے 6چاندی کے 8اور کانسے کے 6میڈل حاصل کئے ۔اس چمپئن شپ میں صوبہ جموں کے تعلیمی اداروں کے 400سے زائد طلباء شرکت کر رہے تھے ۔چیئر مین لارنس پبلک سکول، پرنسپل اور دیگر سٹاف ممبران نے طلبا ء کو مبارکباد پیش کی ۔
 
 
 

انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کی طرف تربیتی پروگرام کا انعقاد 

۔250  افسروں کو پروگرام کے تحت تربیت فراہم کی جائے گی : سوغات بسواس

جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ نے نیشنل انسٹی چیوٹ آف سمارٹ گورننس ( این آئی ایس جی ) کے اشتراک سے ’’ گورنمنٹ پروسیس ری انجینئرنگ ‘‘ اور پروجیکٹ مینجمنٹ آن پرنس2 کے عنوان پر تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔ ’’ گورنمنٹ پروسیس ری انجینئرنگ پروگرام ‘‘ کے تحت جو تربیت فراہم کی جائے گی اُس کی بدولت انڈر سٹینڈنگ گورنمنٹ پروسیس اور سروس کوالٹی ، ری انجینئرنگ کے عمل ، پروسیس میپنگ کیلئے اعدا وشمار جمع کرنے و دیگر اہم موضوعات کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ پروجیکٹ مینجمنٹ آن پرنس 2 بزنس معاملات آرگنائیزیشن معیار ، رسک اور پرنس 2 جیسے معاملات کو حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا ۔ تین روزہ تربیتی پروگرام میں ریاستی حکومت کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جن میں ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون ، منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمے کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات ایم کے دویدی ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور ایڈیشنل کمشنر جموں راہول شرما شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سوغات بسواس نے کہا کہ جے اینڈ کے ای گورننس ایجنسی ، محکمہ انفارمیشن ٹیکنا لوجی نے پہلی بار کسی پیشہ ور ایجنسی کے ساتھ اشتراک کر کے افسران کی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام ہر چھ سال کے بعد منعقد کئے جاتے ہیں اور اس پروگرام کے تحت ریاستی حکومت سے تعلق رکھنے والے کئی ایڈمنسٹریٹر اور افسران مستفید ہوئے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ڈائریکٹرز اور کئی افسران نے اس پروگرام کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ 
 

مختلف محکموں کو فعال بنانے کیلئے روڈ میپ تیار

جموں//منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمے کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بجلی ، تعمیراتِ عامہ ، صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کے مختلف ورکس ڈویژنوں کو فعال بنانے کیلئے ایک روڈ میپ ترتیب دیا گیا ۔ میٹنگ میں تعمیراتِ عامہ کے کمشنر سیکرٹری ، صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے سیکرٹری کے علاوہ محکمہ تعمیراتِ عامہ ، صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور محکمہ بجلی کے چیف انجینئروں نے حصہ لیا ۔ تمام امور پر سیر حاصل بحث کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا کہ متعلقہ محکمے اپنے اپنے ورکس ڈویژنوں کو فعال بنانے کیلئے ضلع دفاتر کے ساتھ اشتراک کر کے ان ڈویژنوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کریں گے ۔ 
 
 
 

 ایس سی ایس پی کیلئے 2.71 کروڑ روپے واگذار 

جموں//سماجی بہبود محکمہ نے مالی سال 2017-18 کیلئے شیڈول کاسٹ سب پلان کے تحت صرف نہ ہوئی رقم کو واگذار کیا ہے ۔ سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون کے مطابق اس خصوصی معاونت کے تحت متعلقہ ترقیاتی کمشنروں کے حق میں 2.71 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سکیم کے تحت رواں مالی سال کے منصوبے 24 دسمبر تک پیش کریں ۔ واضح رہے کہ ایس سی ایس پی کی یہ خصوصی معاونت ایک مرکزی سکیم ہے جس کے ذریعے سے ریاستوں کو شیڈول کاسٹ سب پلان کے تحت 100 فیصد گرانٹ دیا جاتا ہے ۔ اس سکیم کا مقصد یہ ہے کہ شیڈول کاسٹ طبقے سے تعلق رکھنے والے غریبی کی سطح سے نیچے گذر بسر کرنے والے کنبوں کی اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے اور انہیں سکیم کے تحت مختلف مراعات دی جا سکیں ۔ ریاستی حکومتوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ خصوصی سنٹرل معاونت کے تحت سکیم کے مجموعی فریم ورک کے تحت عملائیں ۔ 
 
 

آشا ورکروں کے لواحقین کو 5لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف فراہم

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے قومی صحت مشن میں کام کر رہی 3 آشا ورکروں کے لواحقین کو راج بھون میں پانچ لاکھ روپے فی کس کی ایکس گریشیا ریلیف تقسیم کی۔راجکماری، آسیہ بانو اور نازمینہ نامی ان آشا ورکروں کی نومبر میں وفات ہوئی تھی۔گورنر نے زمینی سطح پر صحت خدمات کی فراہمی، بچوں کی شرح اموات میں کمی، جنسی تناسب میں برابری اور دیہات میں نوزائد بچوں کو طبی نگہداشت کی فراہمی میں آشا ورکروں کے رول کو اُجاگر کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کمیونٹی ہیلتھ میں اہم رول ادا کرنے پر ریاستی سرکار نے آشا ورکروں کو سوشل سیکورٹی فوائد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انتقال کی صورت میں آشا ورکر کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے، معذوری کی صورت میں ڈھائی لاکھ روپے اور میڈیکل سہولیات کے لئے2 لاکھ روپے فراہم کئے جاتے ہیں۔
 
 

کیول شرما نے 36ویں قومی پنشنرس ڈے تقریب میں شرکت کی

جموں//گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے جموں کلب میں  36ویں قومی پنشنرس ڈے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب کا اہتمام سینٹرل گورنمنٹ پنشنرس ویلفیئر ایسو سی ایشن جموں وکشمیر نے کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صلاح کار نے پنشنروں اور سرکردہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور سماجی بہبود کے لئے مختلف سرگرمیوں پر ایسو سی ایشن کی سراہنا کی ۔اُنہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں شمسی توانائی کی کافی گنجائشن ہے اور ریاست میں شمسی توانائی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ڈاکٹر رفیق مسعودی کی مانگ کے جواب میں صلاح کار نے ایسو سی ایشن کے صدر کو مانگوں پر مبنی ایک فہرست پیش کرنے کے لئے کہا ۔انہوں نے اس موقعہ پر پنشنروں اور سرکردہ شہریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ایسو سی ایشن کے صدر ایس ایس وزیر نے مہمانوں کا خیرمقد م کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے کام کاج اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے محکمہ پنشن اینڈ پنشنرس ویلفیئر نئی دلی کی طرف سے مختلف بہبودی اقدامات اور رقومات کی ڈیجیٹل ادائیگی سمیت دیگر اقدامات کا خلاصہ کیا۔کے بی جنڈیال نے ریاست میں سینٹرل گورنمنٹ ہیلتھ سکیم کے بارے میں جانکاری دی ۔تقریب سے دیگر کئی مقررین نے بھی خطاب کر کے اپنے تجربات پیش کئے۔اس سے قبل صلاح کا رنے جموں کلب کے احاطے میں سیب کا ایک پودا بھی لگایا۔