اؤر سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، وی ایس سکیم
حکومت ازسر نو شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے: خورشید گنائی
جمو ں//ریاست کے بے روز گار نوجوانوں کو ملک اور بیرون ملک میں روز گار کے مواقعے فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ اؤر سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ(جے کے ایس او ای سیل ایل) کو از سر نو شروع کرنے ا ور کارپوریشن کے ذریعے ہنر مند بے روز گار افرادی قوت کوبیرون ممالک میں روز گار فراہم کرنے کیلئے متحرک بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔اس کے علاوہ گورنر انتظامیہ والینٹری سروس الاؤنس سکیم کو بھی دوبارہ شروع کرنا چاہتی ہے جس کے تحت تعلیم یافتہ بے روز گار نوجوانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔یہ سکیم2015 سے عمل درآمد نہیں ہورہا تھا۔ان باتوں کا اظہار گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے محنت و روز گار محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت، چیف ایگزیکٹو افسر جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر بورڈ(جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو) مظفر احمد پیر، ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ایم آئی پرے، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ وائی پی سمن، جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز، جے کے بنک کے نمائندے اور مختلف محکمہ کے سنیئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ محکمہ محنت نے آن لائین ڈیش بورڈ معرض وجود میں لایا ہے اور13 خدمات آن لائین فراہم کی جاتی ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ26 خدمات کو پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔پرویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن ( پی ایف او) اور ایمپلائیز سٹیٹ انشورنس کارپوریشن کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایف او پورٹلurlwww.jkepfo.gov.in پر خدمات فراہم کررہا ہے اورتمام اضلاع میں ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا کام شروع کیا گیا ہے۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مشن موڈ کے تحت چلائیں اور معیاد بند طریقے پر آرگنائزیشن کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کریں۔جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ 359695 ورکروں کو اب تک رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور بورڈ نے 83470.68 لاکھ روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔سال2018-19 کے دوران بورڈ نے مختلف بہبودی سکیموں پر7635 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔میٹنگ میں ای ایس آئی سی/ ای ایس آئی ایس اور جے اینڈ کے ای پی ایف او سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔محنت طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بہبودی سے متعلق مختلف سکیموں کو اُجاگر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے فیلڈ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کریںتا کہ لوگ ان سکیموں اور پروگراموں سے روشناس ہوسکیں۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ جے کے ای ڈی آئی اور ڈبلیو ڈی سی کی طرف سے جاری مختلف سکیموں پر نگرانی رکھنے کے لئے ایک مستحکم نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
چنینی دھناس پٹن گڑھ سڑک خستہ حالی کا شکار
ادہم پور //این سی بلاک کمیٹی نے چنینی دھناس پٹن گڑھ سڑک کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع وریاستی انتظامیہ سڑک کی حالت بہتر بنانے کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید دقت کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔یہا ں جاری ایک مشترکہ پریس بیان میں پارٹی کے بلاک صدر ایس سی سیل چرنداس اور نائب صدر رمیش چندر نے کہا کہ چنینی دھناس پٹن گڑھ سڑک کی خستہ حالت اور اس کی مرمت کیلئے مقامی لوگوں نے متعدد بار اپنی آواز بلند کی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے عوام کو صرف یقین دہانیاں کروائیں جبکہ عملی طور پر کوئی بھی کام نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ چنینی دھناس پٹن گڑھ سڑک پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں چلتی ہیں لیکن سڑک کئی جگہوں سے ٹوٹی ہو ئی ہے اور نہ ہی تار کول و بجری بچھائی گئی ہے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کو ئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے ۔نیشنل کا نفرنس لیڈران نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس سڑک کی حالت کو جلداز جلد بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو درپیش مسائل حل ہوسکیں ۔
’میری پہچان ‘رضا کاروں کا دورہ ٔ پالیان منڈل
جموں //خواتین کلب ’میری پہچان ‘کی رضا کاروں نے پالیان منڈل گائوں کا دورہ کر کے عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں مقامی خواتین و معززین کیساتھ بات چیت کی ۔اس دورے کے دوران ’میری پہچان ‘کلب کی چیئر پرسن سندھیا گپتا کو معززین نے علا قہ کی عوام کو درپیش مسائل کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ اس گائوں میں طبی سہولیات کے فقدان ے علا وہ تعلیم ،پینے کا صاف پانی ،بجلی ودیگر مسائل کا سامنا کر نا پڑرہا ہے جبکہ مقامی و ریاستی انتظامیہ اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھا رہی ۔دورے پر آئی ہوئی رضا کاروں نے مقامی لوگوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل کو اجا گر کرنے کے علا وہ وہ ان کو حل کر نے کے سلسلہ میں مقامی لوگوں کی مدد کرینگے ۔میری پہچان ‘کلب کی چیئر پرسن سندھیا گپتا نے کہاکہ کلب کی جانب سے خواتین کی فلاحو بہبود کیلئے رضا کارانہ طور پر اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں اور وہ مذکورہ علا قہ کی خواتین کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے اپنا رول ادا کرینگی ۔
بچوں کیلئے منعقدہ 5روزہ ورکشاپ اختتام پذیر
جموں //نٹرنگ تھیٹر کی جانب سے بچوں کیلئے منعقدہ پانچ روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گیا ۔کارٹون بنانے کیلئے منعقدہ ورکشاپ کے دوران کئی ماہر کارٹون فنکاروں نے شرکت کی ۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں کارٹون بنانے کے ماہر فنکار چندر شیکھر نے اس شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے بچوں کو شعبہ کی مزید جانکاری فراہم کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے نٹر نگ ڈائر یکٹر بلونت ٹھا کر نے کہاکہ نٹر نگ انتظامیہ کی جانب سے بچوں کیلئے اس طرح کی ورکشاپوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے تاکہ اس میدان میں دلچسپی رکھنے والے بچوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر نے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ بچوں کیلئے سرمائی تھیٹر ورکشاپ آئندہ 7جنوری کو شروع کی جارہی ہے جبکہ اس دس روزہ ورکشاپ میں بچوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے ۔ موصوف نے کہاکہ کارٹون بچوں کو سب سے زیادہ پسند ہیں اور بچوں کو اس میدان میں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں نٹرنگ منتظمین نے ایک پروگرام شروع کیا ہوا ہے ۔
خواتین کی با اختیاری میںاین سی نے اہم رول ادا کیا :بملا لتھرا
ادہم پور //نیشنل کا نفر نس خواتین ونگ کی ریاستی نائب صدر اور سابقہ ایم ایل اے بملا لتھرا نے کہا ہے کہ پارٹی نے خواتین کی اقتصادی حالت بہتر بنانے اور ان کو با اختیار بنانے کیلئے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔ضلع ادہم پور میں منعقدہ ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں نیشنل کا نفرنس کی جانب سے خواتین کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کو ہر ایک میدان میں برابری کا درجہ دینے کی ایک الگ تاریخ موجود ہے اور پارٹی کی عوام بالخصوص خواتین دوست پالیسیوں کی وجہ سے ہی تعلیمی اداروں میں ان کیلئے ریزرویشن اور دیگر فلاحی اسکیمیں شروع کر نے کی طرف قدم اٹھا ئے گئے ۔اس کنونشن میں وجے لکشمی دتا ضلع صدر ادہم پور سنیل ورما ودیگران کارکنان بھی موجود تھے ۔ وجے لکشمی نے کہاکہ پارٹی ریاست میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس سے قبل پارٹی کے زیر اثر بنائی گئی تمام حکومتو ںنے عوامی کی فلاح و بہبود اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کیا اور آئندہ بھی پارٹی سماج کے پچھڑے ہوئے طبقہ کی سماجی واقتصادی حالت بہتربنانے کیلئے کام کرتی رہے گی ۔اس کنونشن میں سورن سنگھ ،پشپوا ڈوگرہ ،اکشے ورما ،موہن لعل ،منمو ہن ورما ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
پروجیکٹوں کو بر وقت مکمل کیاجائے:کے کے شرما
جمو ں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کٹھوعہ میں جاری مختلف سڑک پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کے احکامات دیئے۔چیف انجینئرتعمیرات عامہ جموں اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران بھی دورے کے دوران مشیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ان پروجیکٹوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے عمل آوری ایجنسیوں کو ان کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ ضلع کے لوگ جدید رابطہ سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کیا جانا چاہئے۔مشیر موصوف نے بعد میں ڈینگا امب میں ایک جائیزہ میٹنگ کے دوران افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو معیاری خدمات فراہم کریں۔انہوں نے ضلع میں بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لئے کہا۔اس سے قبل راستے میں کئی عوامی وفود نے اپنے مطالبات اور مسائل مشیر موصوف کی نوٹس میں لائے۔انہوں نے یہ مسائل متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھا کر مرحلہ وار بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔
فاروق شاہ نے فلٹریشن پلانٹ اور وی ٹی پمپ سٹیشن بوریا کا معائنہ کیا
جمو ں//صحت عامہ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ نے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کو ترجیحات میں شامل رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں شہر میں لوگوں کے لئے وافر مقدار میں پینے کا پانی دستیاب رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ان باتوں کا اظہار سیکرٹری موصوف نے فلٹریشن پلانٹ اور وی ٹی پمپ سٹیشن بوریا کے معائنہ کے دوران کیا۔انہوں نے300 کیوسک توی لفٹ پمپ سٹیشن اور پُرانے پمپ سٹیشن بوریا کا بھی معائنہ کیا۔گاندھی نگر میں سیکرٹری موصوف نے پی ایچ ای ڈویثرن ساؤتھ کے افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی اور متعلقہ عملے کے ساتھ بات چیت کی۔سیکرٹری موصوف کو بتایاگیا کہ موسم سرما کے دوران روزانہ40 لاکھ گیلن پانی کی ضرورت پڑتی ہے جس میں سے18 لاکھ گیلن پانی دستیاب ہے۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ اگلے ہفتے سے پانی کی قلت والے علاقوں کو اضافی4 لاکھ گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔فاروق شاہ کو بتایا گیا کہ بٹھنڈی، نو آباد، نروال، سنجواں، سینک کالونی اور جموں شہر کے دیگر علاقوں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بوریا اور نروال2.50 لاکھ نفوس کو پینے کا پانی فراہم کرتے ہیں۔بعد میں فاروق شاہ نے نروال، ملک مارکیٹ، بٹھنڈی، نو آباد اور سنجواں کا دورہ کیا اور وہاں پینے کے پانی سے متعلق لوگوں کی شکایات سُنیں۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ گورن انتظامیہ معیاد بند طریقے پر اُن کے تمام جائیز مطالبات پورا کرے گی۔سیکرٹری موصوف نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں پانی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ٹینکر سروس دستیاب رکھی ہے اور متعلقہ لوگ ان خدمات سے مستفید ہونے کے لئے کنٹرول روم نمبر0191-2439890 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔چیف انجنیئر پی ایچ ای جموں اشوک گنڈوترہ متعلقہ ایگزیکٹو انجنئیر ز اور دیگر افسران بھی دورے کے دوران سیکرٹری موصوف کے ہمراہ تھے۔
پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے فارماسسٹوں کے لئے آن لائین رجسٹریشن کا آغاز کیا
جمو ں//پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈُلو نے جے اینڈ کے سٹیٹ فارمیسی کونسل کی طرف سے منعقدہ ایک ورکشاپ پر فارماسسٹوں کے لئے آن لائین رجسٹریشن اور لائسنسوں کے رینول کا آغاز کیا۔ورکشاپ کااشتراک فارمیسی کونسل آف انڈیا نے کیا ہے۔دو روزہ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد مختلف طبی اداروں اور نجی سیکٹروں میں کام کرنے والے رجسٹر شدہ فارماسسٹوں کے لئے کنٹنیوئنج ایجوکیشن پروگرام اور ریفرشف پروگرام چلانا ہے۔کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار، پریذائڈنگ افسر ایف ایس اے ٹی ، اے کے کول، ڈرگ کنٹرولر لوتیکا کھجوریہ، ممبر فارمیسی کونسل سشیل سدن کے علاوہ بھاری تعداد میں فارماسسٹس نے ورکشاپ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اتل ڈُلو نے کہا کہ ہمیں تعلیم، تربیتی پروگراموں کے معیار کو قائم رکھتے ہوئے فارماسسٹوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنی ہوں گے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ریاست میں20 ہزار فارماسسٹ،15 ہزار فارمیسیز اور45 ادارے قائم ہیں جو فارمیسی سے متعلق ڈپلومہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو اعلیٰ تربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت سے لیس کرنا ہوگا تا کہ وہ مریضوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرسکیں۔انہوں نے فارمیسی ایکٹ کی عمل آوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ایکٹ کی موثر عمل آوری کے لئے ڈرگ کنٹرولر کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کی اُن کاوشوں کو سراہا جن کے تحت محکمہ نے ایسی ورکشاپوں کا انعقاد کیا۔
ایم جی نریگا کے تحت توت کے پودوں کی شجرکاری
جمو ں//محکمہ ابریشم نے محکمہ دیہی ترقی کے اشتراک سے ضلع کٹھوعہ کے گراکلیال گاؤں میں ایم جی نریگا پروگرام کے تحت شہتوت کے پودوں کی شجرکاری کا آغاز کیا۔ڈائریکٹر سیریکلچر گلزا ر احمد شبنم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ،جوگیندرسنگھ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کٹھوعہ ایس سکھپال سنگھ نے مشترکہ طور ڈسٹرکٹ سیریکلچر افسر کٹھوعہ انجو کول، بی ڈی او منڈلی ستیش کمار، سینٹرل سلک بورڈ کے سائنسدانوں، پنچوں، سرپنچوں، جاب کارڈ ہولڈروں، ریشم کے کیڑے پالنے والوں اور مقامی لوگوں کی بھاری تعداد کی موجودگی میں مہم کا آغاز کیااس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گلزار احمد شبنم نے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے موجودہ موسم کے دوران دیہی ترقی محکمہ کے اشتراک سے دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر شہتوت کے پودوں کی شجرکاری کا ایکشن پلان تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لگ بھگ40 ہزار شہتوت کے پودے ضلع کٹھوعہ کے کمیونٹی بلاکوں میں لگائے جائیں گے جہاں زیادہ سے زیادہ ریشم کے کیڑے پالنے کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم جی نریگا کے تحت شہتوت کے پودوں کی شجرکاری کی بدولت ان علاقوں کے نوجوانوں کے روز گار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوگا۔محکمہ ابریشم ریاست بھر میں دستیاب اراضی پر شہتوت کے پودے لگانے کے امکانات کا جائیزہ لے رہا ہے تا کہ بڑے پیمانے پر ریشم کے کیڑے تیار کئے جاسکیں۔ڈائریکٹر نے پنچائتی راج اداروں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہتوت کے پودوں کے تحفظ کے لئے اپنا رول ادا کریں۔اے سی ڈی کٹھوعہ اور ڈی ایس او کٹھوعہ نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔بعد میں ڈائریکٹر سیریکلچر نے متعلقہ افسروں کے ہمراہ کٹھوعہ میں قائم مختلف ملبری نرسریوں کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ ضلع کی نرسریوں میں1.70 شہتوت کے پودے موجود ہیں۔
کے ایل سہگل ہال میں تقریب منعقد
ولی محمد اسیر کی دو تصنیفات کا اجراء
جموں//کاشُرمرکزی ادبی فورم جموں، رساؔ جاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی جموں،کشمیری آرٹ لٹریچر اینڈ میوزک کلب جموں،اور جموں کشمیر اُردو فورم جموں آپ کے اشتراک سے ولی مُحمد اسیرؔ کشتواڑی کی دو تصنیفات ’’کشیرِٔ تہ جیمس منز کاشِر زبان و ادب‘‘ اور ’’ذکر و فکر‘‘کے رسم اجرا کی تقریب یہاں کے ایل سہگل ہال ،ریاستی کلچرل اکیڈمی جموںمیں منعقدکی گئی ۔اس موقعہ پررسم رونمائی تقریب کی صدارت پروفیسر ارشاداحمدحمال سابقہ وائس چانسلرباباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری نے۔اس دوران مہمان خصوصی سیکریٹری ریاستی کلچرل اکادمی ڈاکٹرعزیزحاجنی جبکہ مہمان ذی وقارپروفیسرمحمدزمان آزردہ سابقہ صدرشعبہ اُردواورڈین فیکلٹی آف آرٹ کشمیریونیورسٹی تھے۔ایوان صدارت میں بشیربھدرواہی، پروفیسرشہاب عنایت ملک ،اسیرکشتواڑیشامل تھے ۔اس موقعہ پرتقریب میں ادباء،شعرا اورمعززشہریوں کی کثیرتعدادموجودتھی۔’’ذکروفکر‘‘اسیرکشتواڑی کے اُن ادبی مضامین کامجموعہ ہے جوانہوں نے مختلف کتابوں اورجموں وکشمیرمیں زبان وادب کے مختلف موضوعات پروقتاً فوقتاً تبصرے کیے ہیں ۔ 434 صفحات پرمشتمل اس کتاب کواقراپبلیشرس راجور ی نے شائع کیاہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹرشہنازقادری ،اسسٹنٹ پروفیسراُردو،ایم اے ایم کالج نے کتاب سے متعلق پرمغزمقالہ پڑھا۔ انہوں نے کہاکہ اسیرؔ کشتواڑی نہ صرف ایک معروف تاریخ دان ہیں بلکہ ایک بلندپایہ کے ادیب بھی ہیں۔مقالہ میں بتایاگیاکہ اسیرؔکشتواڑی کے ادبی مقالات کافی معیاری اورمعلوماتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مصنف موصوف نے اپنے مقالات میں تحقیق کی تکنیکوں کوبروئے کارلایاہے۔ڈاکٹرشہنازقادری نے کہاکہ رساؔجاودانی،خالدحسین،پروفیسرزمان آزردہ ،عبدالغنی شیخ سے متعلق اسیرؔکشتواڑی کے لکھے ہوئے مقالات نہایت دلچسپ اورمعلوماتی ہیں ۔ ’’کشیرِٔ تہ جیمس منز کاشِر زبان و ادب‘‘ اسیرؔکشتواڑی کی کشمیری زبان میں تصنیف کردہ کتاب ہے جوکہ 1616صفحات پرمشتمل ہے اوراسے فل سکیل صفحات پرعرشیہ پبلی کیشنزنئی دہلی نے شائع کیاہے۔یہ کتاب وادی کشمیرمیں کشمیری زبان وادب اورجموں خطے میں کشمیری زبان کے خصوصی حوالے سے تفصیلی تحقیق ہے ۔اسیرؔکشتواڑی نے رساؔجاودانی، کامگارکشتواڑی ،مرغوب بانہالی،تحسین جعفری اورشہبازراجوری ودیگرکشمیری ادباء وشعراء کی خدمات پرسیرحاصل تبصرے کیے ہیں ۔اس کتاب سے متعلق دومقالات پروفیسرمسری اورضمیرانصاری نے پیش کئے ۔اس دوران دونوںمقالہ نگارحضرات نے کشمیری زبان وادب کی ترویج میں اسیرؔکشتواڑی کے رول کواُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑی کشمیری زبان کے بھی نامورادیب ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑی اب تک اُردو،کشمیری اورانگریزی زبان میں 35کتابیں تصنیف کرچکے ہیں اوراب تک کلچرل اکادمی سے دومرتبہ بہترین کتابوں کے ایوارڈحاصل کرچکے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ موصوف کی زبان کی ترقی کے حوالے سے انجام دی گئی خدمات کوتاریخ دان فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔مقررین بشمول ڈاکٹرعزیزحاجنی ،بشیربھدرواہی ، پروفیسرمحمدزمان آزردہ ودیگران نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑی ایک ادیب وتاریخ دان ہونے کے ساتھ ایک نیک انسان بھی ہیں جنھوں نے کے اے ایس افسرکی حیثیت سے سرکاری ملازمت کے دوران مختلف عہدوں پراپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑی کاملازمت کے دوران کافی مصروف شیڈیول رہا۔انہوں نے کہاکہ اب تک اسیرؔکشتواڑی نے کچھ نادرتصانیف اُردو،کشمیری اورانگریزی زبان وادب کودی ہیں جن میں فوکس آن جموں اینڈکشمیر،تصویرضلع ڈوڈہ ،ضلع ڈوڈہ کی ادبی شناخت، تاریخ اولیائے کرام جموں وکشمیر قابل ذکرہیں۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ کتابیں آئندہ نسلوں کیلئے حوالہ جاتی حیثیت رکھتی ہیں ۔مقررین نے اسیرؔکشتواڑی کومزیددوکتابوں کے اجراکیلئے مبارکبادپیش کی ۔اس دوران مقررین نے اسیرؔکشتواڑی کی شاعری میں خدمات پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں ایک اُردواورکشمیری کااہم شاعرقراردیا۔قبل ازیں صدررساؔجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے اسیرؔکشتواڑی کامختصرتعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑ کشتواڑکے ایک غریب خاندان میں پیداہوئے ۔انہوں نے شرکاکوبتایاکہ اسیرؔکے والدبھی ایک کشمیری شاعرتھے ۔پروفیسرشہاب ملک نے کہاکہ اسیرؔکشتواڑی نے گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعدکے اے ایس کے مسابقتی امتحان میں کامیابی حاصل کی اورمختلف عہدوں پرفرائض انجام دیتے ہوئے اسیرؔکشتواڑی ڈائریکٹرجنرل اکائونٹس اینڈٹریجریز حکومت جموں وکشمیرکے عہدے سے سبکدوش ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ موصوف نے اُردواورکشمیری زبان کی ترویج کیلئے متعددکتابیں اورسینکڑوں مضامین تحریرکیے ہیں اوراسی وجہ سے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے اسیرؔکشتواڑی کے تحقیقی کام پرتحقیقی مقالہ لکھنے کیلئے ساجدحسین اوریش پال شرماکوایم فل اورپی ایچ ڈی ڈگریاں تفویض کی گئی ہیںاورجموں یونیورسٹی میں اسیرؔکشتواڑی کی ادبی خدمات کے حوالے سے ہوا تحقیقی کام کتابوں کی صورت میں بھی منظرعام پرآچکاہے۔اس دوران نظامت کے فرائض ناموربراڈکاسٹربرج ناتھ بیتاب نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک بشیربھدرواہی نے پیش کی۔