مزید خبریں

عوام کی بہبودی کیلئے متفکر رہنا رہنمائے قوم کا شیوہ:مولانا قانونگو

سرینگر// خانقاہ بدریہ نقشبندیہ وانٹہ پورہ اور خانقاہ معلی سرینگر میں بعد معمولات انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اپنے تبلیغی بیان میں کہا کہ اولیائے کرام نے حضور اقدس ﷺ سے علمی، اخلاقی و روحانی ، عظیم تحریک سے وابستہ ہوکر بنی نوع انسان کیلئے مقام حزن بطور میراث حاصل کیا جس کا معنی عوام کی بہبودی کیلئے ہمیشہ متفکر رہنا داعی اسلام و رہنمائے ملت کا شیوہ ہے جس کے جذبہ کے ذریعہ وہ ہمیشہ قوم کو ہر لحاظ سے منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے متفکر رہتے ہیں۔مولانا قانونگو نے کہاکہ اگر یہ صفت حاصل نہ ہو، تو ہر شعبہ کی رہنمائی بے کار اور بے وزن ہے۔انہوںنے کہاکہ’ لہذا ہم پر ذمہ داری ہے کہ ہمیں سیاسی، مذہبی ، اخلاقی شعبوںمیں اپنے ملت کیلئے درمند رہنے کی ضرورت ہے، ورنہ طاغوت ہمیشہ قوم کو گمراہ کرنے کیلئے نئے نئے حربے بناکر عوام کو مخمصے میں ڈالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں‘۔ ان مجالس میں سرپرست انجمن حمایت الاسلام مولانا شوکت حسین کینگ نے بھی شرکت کی۔
 
 
 

مصائب و مشکلات سے نجات دین اسلام سے ممکن: مولانا ہمدانی 

سرینگر//خانقاہ معلی ایک روح پرور سیرتی مجلس کا انعقاد ہوا ۔نماز ظہر سے قبل بقعہ عالیہ کے سرپرست اعلیٰ میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں اولیائے کرام کی عظمت اور شان بیان کی ۔انہوں نے مسلمانان عالم سے اپیل کی کہ وہ قرآن اور حدیث کی تعلیم پر چٹان کی طرح قائم رہ کر ہی موجودہ پریشان کن حالات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مسلمانان عالم اس وقت گوناگوں مشکلات ، مصائب اور دشمنان اسلام کی سازشوں سے گرے ہوئے ہیں اور ان طاقتوں کی ناپاک سازشوں کا مقابلہ کرنا اور اسلام دشمن کارروائیوں پر قابو پانے کا واحد راستہ اتحاد وتفاق ہے ۔انہوںنے وادی کشمیر میں خصوصاً جنوبی کشمیر میں نوجوانوںکی مسلسل نسل کشی پر افسوس کا اظہار کیا اور فوج کے طاقت کے بے جااستعمال پر افسوس اور تشویش کااظہار کرتے ہوئے آپریشن آل آوٹ کو ختم کرنے کی اپیل کی اور کشمیری عوام کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ۔انہوں نے کہاکہ مسلمانان کشمیر کو طاقت کے بل پرزیر تسلط رکھنا عبث ہے ۔ نماز ظہر کے بعد ختمات المعظمات ، درود ازکار اور اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی جس میں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔ ایسی ہی تقریبات خانقاہ اول وچی ، سیر ہمدان، ڈورو شاہ آباد، ترال ، سوپور ،چرار شریف، نوبراہ ، کھاگ اور دیگر خانقاہوںمیں بھی منعقد ہوئیں ۔ علماء نے حضرت امیر کبیر ؒ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات اور تبلیغ دین کے کارناموں پر روشنی ڈالی ۔