مزید خبریں

۔ابر آلود مطلع کے بیچ شاہراہ پر ٹریفک جاری

 جموں سے مال اور مسافر گاڑیوں نے کشمیر کا سفر کیا

محمد تسکین 

بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر منگل کے روز جموں سے وادی کشمیر کی طرف یکطرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور پہلے مسافر بردار گاڑیوں اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو جموں اور ادہمپور سے وادی کشمیر کی طرف  جانے کی اجازت دی گئی۔ ٹریفک جام کے اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر شاہراہ پرمنگل کے روز معمول کا ٹریفک چلتا رہا اور شام تک بیشتر مسافر گاڑیوں نے بانہال ٹنل پار کیا تھا جبکہ ادھمپور سے گاڑیوں کے چھوڑے جانے کیلئے مقرر ہ اوقات سے پہلے مال بردار ٹریفک اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ واضع رہے کہ برفباری کی وجہ سے شاہراہ پر تین روز تک ٹریفک متاثر رہنے کے بعد اسے پیر کے روز معمول کے مطابق بحال کیا گیا تھا اور آج جموں سے کئی روز کے بعد ٹریفک چھوڑنے کی وجہ سے بھاری تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے جموں سے وادی کشمیر کا سفر کیا۔ جواہر ٹنل کے اِس پار بانہال اور وادی چناب کے کئی علاقوں میں منگل کی دوپہر بعد مطلع آبر الود ہوگیا ہے اور محکمہ موسمیات نے بدھ کیلئے بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ جبکہ سردی کی شدت کی وجہ سے پورے وادی چناب میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 
 
 

اندروال حلقہ کے سرپنچوں کے اعزازمیں تقریب

کانگریس پنچایتی راج اداروں کومستحکم بنانے کیلئے وعدہ بندـ:سروڑی

جموں//اندروال اسمبلی حلقے میں کچھ جماعتوں کے منفی پروپگنڈے کوگمراہ کن قراردیتے ہوئے ضلع کشتواڑ کے سینئرکانگریس لیڈرنے آج کہاکہ کانگریس کے بغیرریاست جموں وکشمیرمیں حکومت سازی ناممکن ہے جبکہ مرکزمیں ملک کے عوا م نے کانگریس کواقتدار عطاکرنے وبھاجپاکوبے دخل کرنے کامن بنالیاہے جوہرمحاذ پرناکام ثابت ہوئی ہے اوراین ڈی اے حکومت کادورسیاہ ترین ثابت ہواہے۔ پریس کے لئے جاری ریلیز کے مطابق اندروال اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہوئے56سرپنچوں کے اعزازمیں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈرونائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی غلام محمد سروڑی نے کہاکہ کانگریس پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم بنانے کی عہدبندہے۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس مرحوم وزیراعظم ہندراجیوگاندھی جوپنچایتی راج اداروں کے موجد ہیں‘ کے خوابوں کی تعبیرکی متمنی ہے۔سروڑی نے کہاکہ سرپنچ زمینی سطح پرتعمیری کاموں کی نگرانی میں کلیدی رول نبھاسکتے ہیں اور سرپنچوں کے سرپرگائوں کی ترقی کی بڑی ذمہ داری اورحصہ داری ہوتی ہے، لہٰذاانہیں دیانتداری اور انتہائی جانفشانی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ساتھ ہی سرپنچوں کو مرکزی وریاستی معاونت والی فلاحی اسکیموں کی بھرپورجانکاری ہونی چاہئے تاکہ انہیں پنچایتی سطح پرعملانے میں وہ اپناکرداربخوبی نبھاسکیں۔اُنہوں نے کہاکہ اندروال کی تعمیروترقی اوراسمبلی حلقے کومثالی اسمبلی حلقہ بنانے میں سرپنچوں کے سرپربڑی ذمہ داری ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اسمبلی حلقے میں نیشنل کانفرنس وپی ڈی پی کے لوگ کھوکھلے ڈھول پیٹ رہے ہیں اور اندروال کی مثالی تعمیروترقی سے بوکھلاکربے بنیاد پروپگنڈے کررہے ہیں جن سے عوام کوباخبررہنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اندروال کے عوام پی ڈی پی اور بھاجپاکوباہرکاراستہ دکھائیں گے۔اُنہوں نے کہاکہ نہ صرف اندروال بلکہ بھاجپاکوجموں سے اورپی ڈی پی کوکشمیرسے کھدیڑنے کاعوام نے مصمم اِرادہ کرلیاہے۔اُنہوں نے کہاکہ یہ تینوں جماعتیں پی ڈی پی ، بھاجپااورنیشنل کانفرنس اپنے حقیرچناوی مفادات کی تکمیل کیلئے عوام کو مختلف خانوں میں تقسیم کرنے پرتلی ہوئی ہیں اورعلاقائی، مذہبی وذات برادری کے نام پرتقسیم ان کاشیوابن چکاہے۔اس موقع پرسینئرکانگریس لیڈر شام لال شرما، عبدالرشیدڈار، عثمان مجید اور بلبیرسنگھ نے بھی نئے منتخب سرپنچوں سے خطاب کیا۔
 
 

ڈوڈہ میںسہ روزہ ضلع سطحی نمائش کا آغاز

ڈوڈہ //ڈوڈہ میں کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کے پروڈکٹوں کی تین روزہ نمائش معہ سیل کا منگل کے روز افتتاح کیا گیا،جسکا اہتمام جے کے کے وی آئی بی نے کے وی آئی بی کے اینٹر پرینورس کو مارکیٹنگ فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔نمائش میں ایم سی سی ڈوڈہ وید پرکاش گپتا ،جنرل منیجر ڈی آئی سی ڈوڈہ اور معززشہریوں  کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے بھی شرکت کی۔اے ڈی سی ڈوڈہ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بیروز گار نوجوانوں کو ان یونٹ ہولڈروں کو نقل کرکے اپنا آمدن بخش یونٹ شروع کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے نمائش میں یونٹ ہولڈروں کے پروڈکٹ پیش کرنے کی ستائش کی اور انہیں ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔انہوں نے کے وی آئی بی کے ضلع عہدہ داروںسے ضرورت مند بیروز گار نوجوانوں کو کے وی آئی بی سکیم کے تحت اپنے آمدن بخش یونٹ قائم کرنے میں کی مدد کرنے کی صلاح دی۔ انہوںنے الاٹ شدہ ہدف حاصل کرنے کے لئے بیداری کیمپ منعقد کرنے کی صلاح دی۔
 
 

چرس برآمد ،منشیات فروش گرفتار 

رام بن //رام بن پولیس نے سماج سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ کرنے کے لئے چلائی جارہی مہم کے تحت ایس ایچ او رام بن انسپکٹر وجے کوتوال کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے بازار میں گشت کے دوران ایک شخض کو مشکوک حالات میں دیکھا ،جس نے کاو باغ کے نزدیک پولیس کو دیکھ کر موقعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن چوکس جوانوں نے اس کا تعاقب کرکے اسے اپنی گرفت میں لیا ۔دوران تلاشی اسکے قبضہ سے 200گرام چر س برآمد ہوئی ۔ پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنی شناخت بطور ہری رام ولد جگت رام ساکنہ بھٹیاری ،رام بن کے بیان کی۔پولیس نے اس سلسہ میں زیر ایف آئی آرنمبر 15/19 ،این ڈی پی ایس ایکٹ زیر دفعہ 8/20  ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی،تاکہ اس فعل میں ملوث دیگر لوگوں کی شناخت کی جا سکے۔
 

نالٹھی کیمونٹی ہال کا ایم ایل سی کے ہاتھوں افتتاح 

عظمیٰ نیوز 

بھدرواہ //ممبر قانون ساز کونسل نریش کمار گپتا نے منگل کے روز یہاں نالٹھی میں ایک کیمونٹی ہال کا افتتاح کیا، جسکی تعمیر ایم ایل سی کے حلقہ ترقیاتی فنڈز سے 15.70لاکھ روپے کی لاگت سے کی گئی ہے۔اس موقعہ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہا وہ ہمیشہ علاقہ کے عو م کے لئے دستیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وہ علاقہ کے کمزور طبقوں کی بھلائی کے لئے وعدہ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتری بھون سے 10,000 سے زائد یاتریوں کو فائدہ پہنچے گا۔اس دوران انہوں نے اپنی حصولیابیوں کا بھی شمار کیا۔اس موقعہ پر موجود دیگران میںبی ڈی او فلیل سنگھ،شیر سنگھ منہاس، شبیر خان ، سرپنچ راجو دھرم پال ڈوگرہ،امت گپتا، ارون کول، ستیش کمار، اشرف خان ، رشما دیوی، نریش منہاس، ارشاد خان ،روشن لعل بھگت بھی شامل تھے۔
 

گول پولیس کاعوامی دربار

مقامی بیروزگاروں کو ریلوے میں روزگار فراہم کرنے کی مانگ

زاہد بشیر

گول// ایس ڈی پی او گول محمد رفیع گیری کی صدارت میں پولیس پبلک دربا ر کا انعقاد ہوا جس میں گول کی معزز شہریوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر ایس ایچ او گول ، پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی اور سیول سوسائٹی کے لوگ بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں بہت سے شرکاء نے بات چیت کی اور ضلع پولیس کے کام کی تعریف کی اور انہوں نے کسی بھی غیر قانونی یا ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے میں ان کی پوری حمایت اور شرکت کو یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں مقررین نے گول میں عوامی مسائل جس میں بجلی ، سڑک ، پینے کا پانی ، بازار کی حالت ، جیسے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر گول میں ایک کیمونٹی ہال کی مانگ بھی کی گئی ۔ کئی علاقوں میں جنگلی جانوروں کی وجہ سے خوف پیدا ہوا ہے جسے حل کرنے کے لئے لوگوں نے پولیس سے مدد مانگی ۔ لوگوں نے اس موقعہ پر بیروزگار نوجوانوں کو ریلوے کمپنیوں میں بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ یہاں ضلع ہسپتال گول میں اسامیوں کو پُر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر پولیس نے عوامی مسائل سُنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔  اس موقعہ پر ایس ڈی پی او گول نے لوگوں کو پولیس کے ساتھ بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا تا کہ علاقے میں جرائم کے خلاف قدم اٹھایا جا سکے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر اور اعلیٰ تعلیم دیں اور آنے والے کے اے ایس ، آئی ایس ایس ، آئی پی ایس جیسے امتحانوں کے لئے اپنے بچوں کو تیا رکریں ۔ یاد رہے ایس ڈی پی او گول محمد رفیع گیری جو حال ہی میں یہاں تعینات ہوئے ہیں کا پہلا اجلاس گول عوام کے ساتھ ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوا ۔ 
 
 

 آتشزدگی متاثرین کو امداد فراہم 

ڈوڈہ کی چار تحصیلوں کے لئے فائر سروس کا مطالبہ 

عظمیٰ نیوز 

ڈوڈہ // ضلع کے گوہا، مرمت علاقہ میںگذشتہ روز آتشزنی سے متاثرین کی امداد کے لئے ایک این جی او ’’ورک فار ادرس ‘‘نے کارڈی نیٹر جاوید اور عطا محمد کے ہمراہ جائے وقو ع کا دورہ کیا اور متاثرین میں ضروری اشیاء جیسے کہ کمبل، کپڑے وغیرہ تقسیم کئے۔WFO نے ضلع ترقیاتی کمشنر انشل گارگ کی سراہنا کی،جنہوں نے فوری طور کارروائی کرکے متاثرین میںٹینٹ،ترپال، کمبلیں ، راشن ، سولر لا ئٹس ،کچن و دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔تنظیم نے ریاست کے گورنر سے متاثرین کے حق میںمعقول معاوضہ منظور کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے تحصیل مرمت، بھرت بگلہ، گندنہ ،دیسہ وغیرہ میں فائر سروسز مہیا کرنے اور دیگر ایمرجنسی سروسز قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔کیونکہ یہ علاقے شہر سے کافی دور ہونے کے ساتھ ساتھ گنجان آباد بھی ہیں۔WFO کے چیئر مین انجینئر مجیب ملک، ڈائریکٹر انجینئر حجام اندرابی،منیجنگ ڈائریکٹر تاسف میاں اور ضلع صدر ڈوڈہ ڈاکٹر راحت بدر نے نے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ،جنھوں نے ہمیشہ سے ہی WFO ٹیم کو معاونت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
 
 

خطہ چناب میں آرمی ڈے پرمتعدد تقاریب کا انعقاد 

طاہر ندیم خان  

بھدرواہ // 71ویں آرمی ڈے منانے کے سلسلہ میں ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع میںمتعدد پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ،جن میں سولر لیمپوں کی تقسیم کاری ،پانی بچانے کی اہمیت پر لیکچر،اور ایکتا میٹنگیں بھی شامل تھیں۔اس موقعہ پر بھدرواہ میں نائب صوبیدار اشوک چکر،ویر چکر،سینا میڈل چونی لعل کے مجسمہ پر پھولوں کا ہار ڈالا گیا ۔سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے بشمول سابقہ فوجیوں ، ویر ناریوں ،طلاب اور نوجوانوں نے پروگرام میں شرکت کی۔بٹوت بلاک کے نو منتخبہ سرپنچوں اور لمبرداروں کو میڈیا اہلکاروں کے ہمراہ دھرمنڈ میں مدعو کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جنرل آفسیر کمانڈنگ ڈیلٹا فورس نے DKR  خطہ میں امن و بھائی چارہ برقرار رکھنے کے فوج کی یقین دہانی کا اعادہ بھی کیا۔انہوں نے دوران ڈیوٹی بہادر ر شہیدوں کو بھی خراج عقیدت ادا کیا ۔
 
 

گجوٹ کیلر،بھالہ میں پولیس کا عوامی دربار

بھدرواہ // ایس ڈی پی او  بھدرواہ عادل حسین ریشو نے انچارج پولیس پوسٹ بھالہ انسپکٹر برہم دیو سنگھ کے ہمراہ موضع گجوٹ،کیلر میں پولیس کا عوامی دربار منعقد کیاجس میں مقامی لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی ۔شرکائے میٹنگ نے پولیس انتظامیہ کی وساطت سے متعدد طالبات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میں بھالہ۔ گجوٹ سڑک پر میکڈم بچھانا ، ہیلتھ سب سنٹر کھروا گجوٹ میں وافر مقدار میں ادویات کی سپلائی ،کھانڈ اور تیل خاکی کی سپلائی ،پی ایس بھٹیاس میں دوا ساتذہ کی تعیناتی،خراب ہوئے بجلی کے کھمبوں کو بدلنا وغیرہ شامل ہے۔   ۔ایسڈی پی او بھدرواہ نے شرکائے میٹنگ کو یقین دلایا کہ اْن کی طرف سے اْجاگر کئے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی۔اْنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرکے اْن کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ منشیات ،غیر قانونی شراب، جنگلی جڑی بوٹیوں اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے اور جرائم سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہو سکے۔اْنہوں نے علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو بنائے رکھنے اور امن و امن کی فضا قائم رکھنے پر بھی زور دیا۔