مزید خبریں

ڈی سی پلوامہ نے مہیلا شکتی کیندرا کی 

عمل آوری کا جائزہ لیا

پلوامہ//ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمدڈار نے افسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میں مہیلا شکتی کیندرا کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میںاے ڈی سی ،ضلع پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس،چیف پلاننگ آفیسر،چیف میڈیکل آفیسر،چیف ایجوکیشن آفیسر،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر کے علاوہ دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تشکیل دی گئی کمیٹی خواتین کے لئے ضلع سطح مرکز کے لئے رہنماخطوط کے تحت عملے کی تعیناتی عمل میں لائے گی جو کہ دیہی اور بلاک سطح پر خواتین کے لئے سکیموں کی عمل آوری کے لئے تال میل قائم کرے گی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ سکیم کا مقصد کیمونٹی شرکت داری کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ قومی اور ریاستی سطح پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
 
 

۔26جنوری کی تقاریب

ہندوارہ اور بڈگام میںانتظامات کا جائزہ لیا گیا

اشرف چراغ +نمائندہ عظمیٰ
ہندوارہ+بڈگام //شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ سب ڈویژن میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے انتظا مات کا جائزہ لیا گیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ گلزار احمد کی قیادت میں منی سیکٹریٹ ہندوارہ میں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انتظامات سے متعلق مکمل جانکاری حاصل کی ۔انہیں بتایا گیا کہ ڈویژنل ہیڈ کواٹر پرتقریب منعقد ہوگی جس میں مہمان خصوصی پریڈی پر سلامی لیں گے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نے متعلقہ محکمو ں پر زور دیا کہ اس دن پینے کے پانی ،بجلی ، ٹرانسپورٹ کے مکمل انتظامات کئے جائیں۔ اے ڈی ڈی سی بڈگام نے ضلع کے افسران اورمختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں تقریبات کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی۔میٹنگ میں اے ڈی سی،اے ایس ایس پی،سی پی او، ایس ڈی ایمز اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب سپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جب کہ سب ڈویژن سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔میٹنگ میں یہ جانکاری دی گئی کہ جے کے پی،آئی آر پی،سی آر پی ایف،این سی سی اور پرائیوٹ نیز سرکاری سکولی بچوں کی ٹکڑیاں مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گی۔جب کہ تقریب کے دوران ثقافتی وتمدنی پروگرام میں پیش ہوں گی۔اے ڈی ڈی سی نے تقریب کی کامیابی کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں انہوںنے ضلع میں چھوٹی بڑی سڑکوں پر برف ہٹانے کے کام کاجائز ہ لیا۔
 
 
 
 

شاہدالاسلام کو رہا کیا جائے

آر ٹی آئی مومنٹ کی گورنر سے اپیل

سرینگر// جموں و کشمیر آر ٹی آئی مومنٹ نے گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر سیاسی قیدیوں خاص طور رپ شاہد الاسلام کی رہائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورنر کی حریت سے بات چیت کی پیش کش کا استقبال کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاسی قیدیوں کے مسئلہ کو وزارت داخلہ کے ساتھ اُٹھائے۔انہوں نے کہا کہ اگر گورنر کے بیان میں سچائی ہے تو سبھی سیاسی قیدیوں خاص کر شاہد الاسلام کو رہا کرائیں۔انہوں نے کہا کہ شاہد الاسلام کی اہلیہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی دو بیٹیاں بھی ذہنی تنائو سے گزر رہی ہیں۔ آر ٹی آئی مومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر راجا مظفر بٹ نے کشمیر سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شاہد الاسلام کی رہائی کے مسئلے کو اُجاگر کرے۔
 
 
 

سرینگر میونسپلٹی کے ڈپٹی میئر شرما سے ملاقی 

جموں//سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمرا ن نے گورنر کے مشیر کیول کمار شرما سے ملاقات کی اور انہیں کارپوریشن سے متعلق کئی معاملات زیر غور لائے ۔ ڈپٹی میئر ایس ایم سی اور دیگر کارپوریٹروں نے ایس ایم سی کے کارپوریٹروں اور ایس ایم سی کے ملازمین کو بااختیار بنانے ،صحت و صفائی کے کاموں کو ترقی دینے ، سرینگر شہر کی دیدہ زیبی و دیگر معاملات مشیر موصوف کے سامنے اُجاگر کئے۔کارپوریٹروں کی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ منتخب شدہ کارپوریٹرو ں کو اپنے اپنے علاقوںمیں ترقیاتی عمل میں خاص رول اداکرنا ہوگااور گورنر انتظامیہ اس سلسلے میں مکمل تعاون دینے کے لئے تیار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ رقومات کی دستیاب اور افسران کی محنت ترقیاتی عمل کو تیز کرنے میں ضروری ہے جس سے لوگوں کی بہبودی یقینی بنائی جاسکے گی۔کاپوریٹر حاجی محمد اشرف ، غلام نبی ، اعجاز رسول ، وجاہت حسین ، مظفر گورو اور محمد لطیف میر اس موقعہ پر موجود تھے۔
 
 
 

منشیات مخالف مہم

اننت ناگ میں شہری گرفتار

سرینگر//اننت ناگ پولیس نے پازلپورہ بجبہاڑہ میں ایک شہری کو بھنگ سمیت گرفتارکیا۔ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر اننت ناگ پولیس نے شاہراہ پر پازلپورہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران محمد امین بٹ ساکنہ کنلون بجبہاڑہ نامی ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اُس کے قبضے سے 2.5کلو گرام بھنگ کو برآمد کیا گیا۔
 
 
 

بانڈی پورہ میں 4 قمار باز گرفتار

سرینگر//بانڈی پورہ پولیس نے قمار بازی کے ایک اڈے پہ چھاپہ مار کر چار قمار بازوں کوداوَ پر لگائے گئے5045 روپئے سمیت گرفتارکیا۔پولیس نے ان کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔ 
 
 
 

برف صاف کرنے کیلئے 

مشینوں کو دستیاب رکھا جائے:پی ڈی پی یوتھ صدر

سرینگر//وادی میں بھاری برفباری کے پیش نظر بلاک سطحوں پر برف صاف کرنے والی مشینوں کو دستیاب رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پی ڈی پی نے انتظامیہ کو متحرک کرنے کی اپیل کی۔پارٹی کے یوتھ صوبائی صدر انجینئر نذیر یتو نے کہا کہ بلاک سطحوں پر برف ہٹانے والی مشینوں کو بہم رکھنے سے نہ ہی سڑکیں بند ہونگی اورنہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔یتو نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو برف باری کے ساتھ ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بلاک سطحوں پر مشینوں کی دستیابی سے بروقت برف کو صاف کیا جاسکتا ہے۔انجینئر نذیر یتو نے بھاری برف باری کی پیشن گوئی کے پیش نظر بوجوانوں کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں متحرک رہنے کی اپیل کرتے  کہا کہ کسی بھی نامسائد موسمی حالت سے متعلق وہ ان سے 9419000592 اور9797000685 نمبرات پر رابطہ قائم کریں۔
 
 
 

ڈوڈہ کے متعدد گائوں برقی رو سے محروم

سرد اور تاریک راتوں میں مکینوں کو جنگلی جانوروں کے حملوں کا خطرہ 

طاہر ندیم خان 

بھدرواہ //حالانکہ حکومت کی طرف سے یہ دعوے کئے جاتے ہیں کہ ریاست جموں وکشمیر میںبجلی کے شعبے میں مقرر کردہ اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں اور سبھی گھروںکو برقی رو فراہم کی گئی ہے لیکن ضلع ڈوڈہ کے کاہرہ اور دیسہ علاقوں میں ایک درجن کے قریب ایسے گائوں ہیں جو اکیسویں صدی میں بھی برقی رو کی سہولت سے محروم ہیں جہاں کے مکینوں کو موسم سرما کی سرداورتاریک راتوں میں جنگلی جانوروں کے حملوں کا خوف لاحق رہتاہے ۔کاہرہ تحصیل کے 150کنبے آج بھی بجلی کے بغیر ہیں باوجود اس حقیقت کہ حکومت کی طرف سے برقی رو کی فراہمی کیلئے مرکزی معاونت والی متعدد سکیمیں چلائی جارہی ہیں ۔بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناہے اوروہ سماجی و اقتصادی طور پر پسماندگی کی زندگی بسر کررہے ہیں لیکن سب سے بڑی مشکل سردیوں کی تاریک راتوں میں انہیں جنگلی جانوروں کی طرف سے حملوں کا خطرہ ہوناہے۔گنوری کے عبدالطیف ماگرے نے بتایاکہ ہندوستان کو آزاد ہوئے 71برس ہوگئے ہیں اور وہ پچھلے بیس برسوں سے یہی سنتے آرہے ہیں کہ گائوں میں بجلی فراہم کی جائے گی مگر وہ آج بھی زمانہ ٔ قدیم کی زندگی بسر کرنے پرمجبور ہیں اور انہیں جنگلی جانوروں کے حملوں کا خطرہ لاحق ہے ۔مقامی شہریوں کاکہناہے کہ دین دیال اودپادھیائے گرام جیوتی یوجنا اور دیگر سکیموں کی مدد سے برقی رو کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے اور یہ دعوے بھی ہوئے کہ ریاست کے تمام گھروں کو برقی رو فراہم کی جاچکی ہے لیکن ان کے گائوں میں صورتحال مختلف ہے اور انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیاہے ۔بجلی سے محروم علاقوں میں تحصیل کاہرہ کے گنوری ، کتھول ، بانی ، درمن، بگدن، اپر تانتا، وانی پورہ ،درمن پین اور ماگرے محلہ جبکہ تحصیل دیسہ کے شنکلی ، مالان ، کنڈا، زرتھم اور گرامینی علاقے شامل ہیں ۔دستیاب اعدادوشمار کے مطابق پچھلے ایک سال کے دوران ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں 3شہری جاں بحق ہوئے جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوئے ۔اس کے علاوہ 500سے زائد مویشی بھی جنگلی جانوروں کا نوالہ بن گئے اور ان میں سے 90فیصد واقعات دورا فتادہ اور برقی روسے محروم علاقوں میں رونماہوئے ہیں ۔
 
 
 

بانہال کا طالب علم

 مدینہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سے سرفراز 

محمد تسکین 

بانہال // ضلع رام بن کے تحصیل کھڑی بانہال کے بزلہ نامی گاؤں سے تعلق رکھنے والے عبد الحمید بٹ ولد عبد الوہاب بٹ کو  اسلامک یونیورسٹی مدینہ منورہ کی طرف سے امتیازی نمبرات کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔ڈاکٹر عبدالحمید بٹ لگ بھگ پچھلے پندرہ برسوںسے سعودی عرب کی مشہور یونیورسٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں زیر تعلیم ہیں ۔
 
 
 
 

پریس ٹی وی اینکر کے ساتھ 

امریکی زیادتیاںافسوسناک:آغا حسن

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے پریس ٹی وی اینکر مرزیہ ہاشمی کے ساتھ امریکی حکام کی زیادتیوں اور انہیں وطن واپسی پر حراست میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ٹرمپ انتظامیہ کے اسلام دشمن جذبات کا کھلا مظاہرہ قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ امریکی باشندہ مرزیہ ہاشمی نے ایک طویل تحقیق کے بعداسلام قبول کیا۔ موصوفہ اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی بنا پر پریس ٹی وی ایران کی مقبول  اینکر بن گئیں۔ انہوں نے کہا کہ موصوفہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے عالم اسلام سے ایک زوردار آواز بلند ہونی چاہئے اورایسا کرنا ملت اسلامیہ کا دینی اور ملی فریضہ ہے۔  
 
 
 

محکمہ باغبانی نے صوبائی سطح کا ہارٹی ویژن2019 کا انعقاد کیا 

جموں//محکمہ باغبانی نے گلشن گرائونڈ جموں میں صوبائی سطح کے ہارٹی ویژن ۔2019ء کا انعقاد کیا جس کا مقصد کسانوں کو مختلف باغبانی شعبے سے متعلق پیداوار میں بہتری لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنی تھی۔سیکرٹری ہارٹیکلچر منظور احمد لون نے ہارٹی ویژن میلے کا افتتاح کیا جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر جموں رومیش کمار ، آئی جی پی ، سی آئی وی  پی ایچ کیو ، ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر راکیشن کمار سرنگل، سیکرٹری صحت عامہ فاروق احمد شاہ ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایچ کے راز دان ، ڈائریکٹر سریکلچر گلزار احمد ڈار اور باغبانی محکمہ کے ضلع افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ریاست و مرکز کے تما م منسلک محکموں نے اس موقعہ پر میوئوں کے مختلف اقسام کی نمائش کی تھی ۔اس کے علاوہ کسانوں کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی جن میں مشینری کے سٹال بھی شامل تھے۔ اس ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد صوبہ جموں کے میوہ اُگانے والوں کوباغبانی کے ماہرین و سائنسدانوں کے ساتھ ملاقات کرانے اور باغبانی سے متعلق جانکاری حاصل کرنا تھا۔ضلع سطح کے افسران نے سیکریٹری موصوف کو مختلف علاقوں میں اُگائے جارہے میوئوں کے اقسام کے بارے میں جانکاری دی۔دریں اثنا ء سیکریٹری نے اس موقعہ پر نمائش میں رکھے گئے تمام میوئوں کے سٹالوں کاجائزہ لیا۔بعدمیں آڈیٹوریم میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں صوبہ جموں کے تمام اضلاع کے کسانوں نے شرکت کی ۔سیکرٹری موصوف نے کسانوں اور محکمہ کے آپسی اشتراک اور تال میل کو قائم رکھنے کے لئے ایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ اس نمبر کو جاری کرنے کا مقصد روزانہ بنیادوں پر کسانوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کرتے ہوئے انہیں موقعہ پر ہی حل کرنا ہے ۔ایک وال کیلنڈر بھی اس موقعہ پر جاری کیا گیا ۔مختلف باغبانی سکیموں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اس موقعہ پر ایک ڈرامہ بھی پیش کیا گیا ۔سیکرٹری نے اس موقعہ پر کہا کہ محکمہ کسانوں کو پودے لگانے اور ان کی دیکھ ریکھ سے متعلق مکمل تعاون دینے کے لئے اقدامات کررہا ہے اور اُنہیں مختلف سکیموں کے تحت پودے حاصل کرنے کے لئے سبسڈی بھی فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشینیں خریدنے کے لئے بھی کسانوں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔محکمہ کے ناظم نے صوبے کے تمام کسانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت کسانوں میں بیداری پیدا کرنا اور انہیں میوئوں کی پیداوار میں بہتری لانے کے لئے نئی تکنیک کا استعمال کرنے کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی جارہی ہے تاکہ ان کی آمدنی میں اضافہ ہو۔
 

محمد سعید بیگ کے انتقال پر صحرائی کا اظہار رنج

 سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے صحافی محمد سعید بیگ بانڈی پورہ کی والدہ ماجدہ کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی روح کے لئے مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دُعا کی۔ تحریک حریت چیرمین کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفد صدرِ ضلع کی قیادت میں مرحومہ کے گھر گیاجہاں انہوں نے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
 

 پارٹی خیرخواہ سے مسلم لیگ کااظہار تعزیت

سرینگر// مسلم لیگ نے پارٹی کے دیرینہ خیرخواہ محمد اسماعیل خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان نے ان کی وفات کو مسلم لیگ اور پارٹی کے چیئرمین مشتاق الاسلام کے لئے ذاتی صدمہ قرار دیا۔
 
 

مطالبات حل نہیں ہوئے تو احتجاج ہوگا:ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن 

سرینگر// جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کو منوانے کیلئے ایک مرتبہ پھر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 15 فروری 2019 تک ان کے جائیز مطالبات کو حل نہیں کیا گیاتو ریاست کے سبھی جسمانی طور ناخیز لوگ 18 فروری کو جموں کے پریس کلب میں گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کریں گے جبکہ تمام ضلع ہیڈ کواٹروں پر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے کہا کہ جس طرح سابق حکمرانوں نے انہیں نظر انداز کیا ہے کہ اب اسی طرح گورنر انتظامیہ بھی انہیں نظر انداز کر رہی ہے۔ 
 

 نیشنل فرنٹ کا پیر سیف اللہ کی بگڑتی صحت پراظہار تشویش

سرینگر// نیشنل فرنٹ نے تہار جیل میں محبوس پیر سیف اللہ کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جملہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے کیونکہ اب ان سیاسی قیدیوں کیخلاف کچھ ثابت نہیں کیا جاسکا ہے اور یہ حقیقت اب سب کے سامنے آگئی ہے کہ جملہ کشمیری قیدیوں کیخلاف عاید ایک ایک الزام سفیدجھوٹ کے سوا کچھ بھی نہیں ،بلکہ محض سیاسی انتقام گیری ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پیر سیف اللہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اُن کی مسلسل اسیری نے اُن کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے اس لئے اُنہیں فوری طور پر دلی کے اُسی ہسپتال میں داخل کیا جانا چاہئے جہاں اُن کاآپریشن ہوا تھا۔
 
 

حکیم یاسین کا کھردونگلہ حادثے پر اظہار رنج

جموں // پی ڈی ایف کے چیئرمین حکیم محمد یٰسین نے دراس کے کھردونگلا میںحادثے کے دوران جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ حکیم یاسین نے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال مالک سے مطالبہ کیا کہ مرحومین کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا ریلیف کے تحت نوکری فراہم کی جائے۔
 
 

خورشید گنائی کا رسوئی گیس اورپیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا جائزہ 

 برف سے ڈھکے علاقوں میں وافر مقدار میں اشیائے ضروریہ دستیاب رکھیں

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے محکمہ خوراک و رسدات کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ریاست میں رسوئی گیس ، ڈیزل ، تیل خاکی اور پیٹرولیم مصنوعات کی سٹاک و سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری خوراک و رسدات ، ڈائریکٹر خوراک و رسدات کشمیر ، ڈائریکٹر خوراک و رسدات جموں ، کنٹرولر ایل ایم ڈی ، انڈین آئیل کارپوریشن ، بھارت پیٹرولیم ، ہندوستان پیٹرولیم کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔وادیٔ کشمیر کے دور درا ز علاقوںمیں موسم سرما کے سلسلے میں اشیائے خوردنی و دیگر مصنوعات کے ذخیرہ کرنے سے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے محکمہ کے افسروں نے بتایا کہ کل 245844 رسوئی گیس کے سلنڈر ،3019 کلولیٹر تیل خاکی،10079 کلولیٹر ایچ ایس ڈی اور 4683 کلولیٹر ایس کے او سٹاک کئے گئے ہیں۔اسی طرح یہ اشیائے ضروریہ جموں صوبے میں بھی سٹاک کئے گئے ہیں۔مشیر موصوف نے اِن تمام اشیاء کی موجودہ سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ریاست میں برف سے ڈھکے علاقوں میں وافر مقدار میں اشیائے ضروریہ دستیاب رکھیں۔ انہوں نے متعلقہ کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ لگ بھگ 21دِنوں کے لئے رسوئی گیس کا سٹاک برقرار رکھیں تاکہ مقامی آبادی کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مشیر موصوف نے ڈائریکٹر خوراک و رسدات کشمیر سے کہا کہ وہ تیل خاکی سپلائی سے متعلق یوٹیلائزیشن سر  ٹیفکیٹ پیش کریں تاکہ صارفین کو صحیح وقت پر تیل خاکی کا کوٹا واگزار کیا جاسکے ۔مشیر موصوف نے کنٹرولر ایل ایم ڈی کو ہدایت دی کہ وہ گوشت ، چوزے و بیکری جیسے اشیائے خوردنی کی صحت و صفائی یقینی بنانے سے متعلق ضروری اقدامات عمل میں لائیں ۔