مزید خبریں

 امکانی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاریاں

ڈی سی کپوارہ نے ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کے ساتھ میٹنگ میں جائزہ لیا

کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کی صدارت میں ایک میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان کا جائزہ لیا گیا جس دوران امکانی آفات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں کپوارہ اور ہندوارہ کے اے ڈی سیز ،اے سی آر،ایس ڈی ایمز اورای اوز کے علاوہ ایس ڈی آر ایف اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے امکانی آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا اورآفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کرنے پر زوردیا تاکہ آفات کی صورت میں عوامی جان ومال کوبچایا جاسکے۔انہوںنے متعلقین کو تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے حساس مقامات کی فہرست تیار کرنے کے احکامات دیئے تاکہ وہاں افرادی قوت اور مشینری کے علاوہ ڈوزرس،ریت کے تھیلے،کشتیاں،گاڑیاں اور ڈی واٹرنگ پمپ تیاری کی حالت میں رکھے جاسکیں۔اس دوران خالد جہانگیر نے متعلقہ آفیسران کو اپنے علاقوں میںجانکاری کیمپوں کا انعقاد کرنے اور مشق کے عمل کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو آفات کی صورت میں بچائو اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جاسکے۔
 
 

ایس ڈی ایم کنگن کا دورہ، عوام کو درپیش مشکلات کی جانکاری حاصل کی

گاندربل//ارشاد احمد//سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگن نے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے کنگن سے ملحقہ کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے موقع پر حالات کا جائزہ لیا.ایس ڈی ایم کنگن نے کنگن تحصیل  سے ملحقہ علاقے خانن،پوشکر،برن بگ،سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرکے  حالیہ برفباری کے باعث رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے،پانی،بجلی اور دیگرضروریات زندگی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل سے بھی جانکاری حاصل کی۔ ایس ڈی ایم نے ٹراما ہسپتال کا بھی دورہ کیااورمریضوں اور تیماداروں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا.ان کے ہمراہ کئی محکموں کے افسران بھی تھے۔
 
 

جموں میں گوجر بکروال طبقے پر مظالم پی ڈی پی کے اقتدار کی مہربانی :ساگر

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمدساگر نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کوہدف تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مرحوم مفتی محمدسعید کے وزیراعلیٰ بننے کے ساتھ ہی جموں میں اقلیتی طبقہ کے لوگوں کو پریشان کرنے کی شروعات ہوئی۔نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر پربانڈی پورہ سے آئے گوجربکروال اور پہاڑی طبقہ کے لوگوں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے علی محمدساگر نے کہا محبوبہ مفتی جموں میں گوجرطبقہ کے لوگوں کے تئیں بہت فکرمنددکھائی دے رہی ہیں لیکن جب وہ اقتدار میں تھیں اُس وقت انہوں نے جموں میں اِن طبقوں پر ڈھائے جارہے مظالم پر لب کشائی  تک بھی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کے وزیر اعلیٰ بننے کے ساتھ ہی جموں میں اقلیتی طبقہ کو مختلف طریقوں سے پریشان کرنے کی شروعات ہوئی، جنگلاتی اراضی کے نام پر مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلائے گئے لیکن اُس وقت پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے ایک بھی فرد نہ آواز نہیں اُٹھائی۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ محبوبہ مفتی آج کہتی ہیں کہ انہوں نے رسانہ قتل اور عصمت دری کیس میں انصاف دلانے کی ہر ممکن کوشش کی ، لیکن موصوفہ کو شائد یاد نہیں کہ نیشنل کانفرنس کی طرف سے اسمبلی میں معاملے اُٹھانے کے بعد ہی اس معاملے میں کیس درج کیا گیا۔علی محمدساگرنے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہی ریاست کے پسماندہ اور پچھڑے طبقوں کے لوگوں کی زندگی کا معیار بلند کرنے کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اُٹھائے اور وقت وقت پر ایسے فیصلے لئے جو ان طبقوں کے لوگوں کیلئے راحت کا سامان بنے۔ وفد کے شرکاء نے اپنے علاقوں کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اُجاگر کئے ۔
 

ریاست میں مویشیوں کی سرشماری

سا مون نے پیش رفت کا جائیزہ لیا

جموں//پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں ریاست میں جاری20 ویں لائیو سٹاک سینسس کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کشمیر اور جموں صوبوں کے متعلقہ ڈائریکٹروں کے علاوہ مختلف اضلاع کے چیف انیمل ہسبنڈری افسران نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں ابھی تک87 فیصد سینسس مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کو دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
 

گاندربل ، شوپیان اوربڈگام میں نومنتخب سرپنچوں کی حلف برداری

سرینگر//محکمہ دیہی ترقی کشمیر نے گاندربل اور شوپیان اضلاع کے نو منتخب سرپنچوں کے لئے حلف برداری اورتربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ناظم دیہی ترقی قاضی سرور نے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا جبکہ اے ڈی ڈی سی گاندربل شفقت اقبال اور اے ڈ ی ڈی سی شوپیان بشیر احمد نے ان اضلاع میں نئے سرپنچوں کو عہدے کا حلف دلایا۔تربیتی پروگرام کے انعقاد کا مقصد سرپنچوں کو اُن کے متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں اورریاستی اور مرکزی معاونت والی سکیموں اور فلیگ شِپ پروگرام کی عمل آوری کے لئے منصوبے ترتیب دینے کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ انہیں مقامی سطح پر وسائل کو متحرک کرنے کے بارے میں بھی جانکاری دینا ہے تاکہ وہ ترقیاتی عمل میں اُن کی خود انحصاری یقینی بن سکے۔اس موقعہ پر محکمہ دیہی ترقی کے ناظم نے کہا کہ نئے منتخب سرپنچوں کو قواعد وقانون کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرسکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے کہا ہے کہ ضلع میں تعمیر وترقی کے لئے پنچایت ممبران کا اہم رول ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج نئے منتخب پنچوں اورسرپنچوں کے چار روزہ تربیتی پروگرام کے افتتاح کے دوران کیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے نئے پنچوں اورسرپنچوں کو دوسرے مرحلے کے تحت حلف برداری کی رسم بھی انجام دی۔ترقیاتی کمشنر نے منتخب ممبران پر زوردیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ کھلے ذہن سے ملاقات کرکے عوامی تعمیر وترقی کے لئے اقدامات کریں ۔
 
 

ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں علاج معالجہ کی شروعات

 ترقیاتی کمشنر نے تیاریوں کاجائزہ لیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے زیرتعمیر ہسپتال کا دورہ کیا اورفروری کے پہلے ہفتے میں ہسپتال کے جزوی کام کاج کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو،ریاض احمد بیگ ،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بلقیس میر،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اورجے کے ہائوسنگ بورڈ کے آفیسران بھی ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ایک سوبستروں والا ضلع ہسپتال 28.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اس کام کے لئے اب تک 24.50 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں جب کہ 3.50کروڑ روپے حال ہی میں واگذار کئے گئے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ فروری کے پہلے ہفتے میںہسپتال میں جزوی طور کام کاج شروع کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ہسپتال میں جزوی طور کام کاج شروع کرنے کا مقصد طبی عملے کی خاطر تکنیکی کاموں کے لئے سخت تکنیکی نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔
 
 

محکمہ اطلاعات کا مشتاق سازنواز کے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر//محکمہ اطلاعات صوبہ کشمیر کے ملازمین کے ایک وفد نے سینئر کلچرل اسسٹنٹ مشتاق ساز نواز کے گھر جاکر اُن کی والدہ محترمہ اور برادر نسبتی کے انتقال پر تعزیت پُرسی کی۔جوائنٹ ڈائریکٹر محمد اشرف حکاک کی قیادت میں ملازمین کے وفد نے سوگوار سازنواز اور اُن کے کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحو مین کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی۔
 
 

کرناہ کے کئی ملازمین تنخواہوں سے محروم 

کرناہ //کرناہ کے کئی ایک ملازمین تنخواہوں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان ملازمین نے’ کشمیر عظمیٰ ‘کو بتایا کہ 8جنوری کو انہوں نے اپنی تنخواہوں کی بلیں ٹریجری آفس ٹنگڈار میں جمع کرائیں تاہم ابھی تک اُنہیں دسمبر کی تنخواہ نہیں ملی جس کی وجہ سے وہ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل ٹریجری اینڈ اکائونٹس نے کہا کہ وہ آج ہی معلوم کرلیں گے کہ کیا وجہ ہے کہ اِن ملازمین تنخواہیں نہیں واگزارکی گئیں  ۔انہوں نے یقین دلایا کہ جن ملازمین کی بلیں ٹریجری میں پہنچی ہیں اُن کی تنخواہیں واگذر کی جائیں گی ۔
 
 
 

بشیراحمدککروکی وفات پرمیرواعظ کااظہاردکھ

سرینگر//چیرمین حریت(ع) میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نے بارہمولہ کے بشیر احمد ککرو حال امریکہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہارکرتے ہوئے ا ن کی کشمیر کاز کے تئیں بے لوث خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے امریکہ میں قیام کے دوران مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور اس کیلئے جو مثبت سرگرمیاںانجام دیں، وہ قابل تحسین ہیں۔ میرواعظ نے مرحوم کے لواحقین اور ککرو خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی۔
 
 

وفیات پرصحرائی کااظہارتعزیت

 سرینگر// تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے غلام نبی شیخ گنائی حمام بارہ مولہ کی اہلیہ، محمد دلاور شیخ اشٹینگو بانڈی پورہ کی والدہ اور محمد شفیع میر براٹھ کلان سوپور کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت کی دُعا کی جبکہ دانش مشتاق نے محمد دلاور شیخ کی والدہ کے جنازے کے موقع پر اور رئیس احمد نے مرحومہ کے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے موت وحیات پر روشنی ڈالی۔
 
 

ماتا ویشنو دیوی یاتری دل کا دورہ پڑنے سے فوت

جموں// ماتا ویشنو دیوی کا ایک یاتری دل کا دورہ پڑنے کے باعث فوت ہوگیا۔ ضلع ریاسی میں ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لئے آئے ایک 55 برس کے یاتری کا دل کا دورہ پڑ نے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ مہلوک یاتری کی شناخت پرکاش بھائی ساکن احمد آباد گجرات کے طور ہوئی۔ یہ یاتری گزشہ شب ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر کے درشن کے بعد کٹرہ میں اپنے کمرے میں پہنچتے ہی بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
 
 

سوپور اور حاجن میں7 قمار باز گرفتار

سرینگر//سوپور پولیس نے قمار بازی کے ایک اڈے پر چھاپہ کے دوران چار قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تارزو علاقے میں چھاپہ ڈالا اور وہاں چار قمار بازوں کی گرفتاری عمل میں لاکر داو پر لگائی گئی 48ہزا رروپئے کی رقم اور تاش کے پتے موقعہ پر ہی برآمد کرلئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 05/2019زیر دفعہ 13گیم بلنگ ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔اس دوران بانڈی پورہ پولیس نے حاجن میں قماربازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین جواریوں طارق احمد پرے، اعجاز احمد ڈار اور شبیر احمد پرے ساکنان حاجن کی گرفتاری عمل میں لاکر داو پر لگائے گئے1230روپئے اور تاش کے پتے ضبط کئے۔
 
 

پارٹی سے مزید 6 کارکن مستعفی 

سرینگر// پی ڈی پی کے امیراکدل زون کے نائب صدر سمیت دیگر6کارکنوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے۔نائب زونل صدر حاجی علی محمد بھگو،نائب صدر شیخ سجاد،زونل جنرل سیکریٹری ہلال احمد تانترے،زونل آرگنائزنگ سیکریٹری امان اللہ شاہ، پبلسٹی سیکریٹری عمران علی اور خزانچی بشیر احمد لون نے بھی پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے ۔
 
 

حضرت فاطمہؓ کی سیرت  ہدایات کا منبع:پیروان ولایت

سرینگر // پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے ایام فاطمیہ(ع) کو بھر پور انداز میں منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگر سوختہ ایام ہیں۔ مولانا نے کہا کہ حضرت فاطمہؑ ہدایت کا منبع ہے اوردنیا بھر کی خواتین کو چاہئے کہ وہ حضرت فاطمہ ؑ کو رول ماڈل بنا کر اپنی زندگی کو سنواریں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی خواتین جو مشکلات و مصائب سے دوچار ہیں جس کی اصل وجہ یہ ہے کہ انہوں نے حضرت فاطمہ الزھراؑ کی سیرت کو فراموش کیا ہے۔
 
 

مشتاق الاسلام اورخان سوپوری کی رہائی پر اظہار اطمینان

سرینگر//مسلم لیگ نے مشتاق الاسلام اور غلام محمد خان سوپوری کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق لیگ کا ایک وفد قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی قیادت میںسوپور اور بٹہ مالو گیا جہاں انہوں نے حال ہی میں رہا ہوئے مزاحمتی لیڈر مشتاق الاسلام اور غلام محمد خان سوپوری کے صبر واستقامت کو سراہا۔ وفد میںمحمد اسماعیل میر، مولوی رفیق، محمد یونس خان اور بشیر احمد وانی بھی شامل تھے۔اس موقعہ پر عبدالاحد پرہ نے کہا کہ جموں کشمیر کی جیلوں سے لے کر ججر ہریانہ جیل تک جس طرح دونوں رہنماؤں کو بدترین سیاسی انتقام گیری کانشانہ بنایا گیا اور ان کے حوصلے توڑنے کے لئے جیل انتظامیہ نے جس طرح کے حربے آزمائے اوردونوں رہنماؤں نے صبر و استقامت کے ساتھ قیدو بند کی وہ صعوبتیں برادشت کیںوہ ضمیرزندہ ہونے کی جیتی جاگتی مثال ہے۔
 
 

بجلی کی ابتر صورتحال پر تاریگامی کی تشویش

سرینگر//وادی میں بجلی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہاکہ حکومت سامنے آکر اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کرے ۔اپنے ایک بیان میں تاریگامی نے کہاکہ ریاست کے پاس بے شمار آبی ذخائر ہیں اور سیاستدانوں کے بڑے بڑے دعوئوں کے باوجود بجلی کے مسئلے کا حل نہیں نکالاگیا اور وقت بروقت قائم ہونے والی حکومتیں اس معمولی سے مسئلے کو دہائیوں سے حل نہیں کرپائیں ۔انہوں نے کہاکہ موسم گرما میں جموں جبکہ موسم سرما میں کشمیر کو بجلی بحران سے متاثر ہوناپڑتاہے ۔ان کاکہناہے کہ اگرچہ گورنر انتظامیہ خدمات میں بہتری کے دعوے کررہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بجلی کی صورتحال ٹھیک ویسی ہی ہے جیسی پچھلے برسوں میں ہواکرتی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بجلی کے شعبے میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی اور کیا موسم سرما میں بغیر کٹوتی کے بجلی کی فراہمی حکام کی ترجیح نہیں ہے ؟۔تاریگامی نے کہاکہ زمینی سطح پر بجلی سپلائی کا شیڈیول اپنایا ہی نہیں جارہا اور کئی علاقوں میں طویل کٹوتی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگ بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دور دراز علاقوں کے لوگ بجلی کے بغیر ہیں اور حالیہ برفباری نے ان کی مشکلات اور بھی بڑھادی ہیں ۔تاریگامی نے دو نوںصوبوں کیلئے کم از کم 3000ٹرانسفارمر رکھنے کا مطالبہ کیا تاکہ بغیر وقت ضائع کئے متبادل فراہم ہوسکے ۔ ان کاکہناتھاکہ یہ سننے میں آیاہے کہ محکمہ کے پاس 60ہزار بجلی ٹرانسفارمر ہیں اور ان میں 6ہزار کا اضافہ محض دس فیصد اضافہ ہوگا جس سے صورتحال پر قابو پایاجاسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسفارمروں کی مرمت کی سہولت ضلع سطح پر دستیاب رکھی جائے ۔
 
 
 

اوقاف صدر جامع مسجد شوپیان فوت

 سیاسی، سماجی اور مذہبی انجمنوںکا اظہار تعزیت 

سرینگر//جنوبی کشمیر کی ایک اہم شخصیت اور اوقاف صدر جامع مسجد شوپیان ماسٹر نذیر احمد خان مختصر علالت کے بعد صورہ میڈیکل انسٹچوٹ  میںانتقال کرگئے۔ ماسٹر نذیر احمد خان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افرادمرحوم کے گھر تعزیت پرسی کیلئے پہنچ گئے اور سخت سردی کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔اُن کے انتقال پر مختلف سیاسی ،سماجی اور مذہبی انجمنوں نے زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت پرسی کی ہے۔سابق ممبران اسمبلی  ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ ، اعجاز احمد میر ، ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے،مجلس مشاورت کے صدر عبدالرشید دلال ،پنشنرس ایسوی ایشن کے ماسٹر محمد یوسف گتو،کارڈی نیشن کمیٹی شوپیان کے جنرل سیکرٹری غلام محی الدین پنو، سٹیزنز ویلفیئر سوسائٹی اورٹھیکدار ایسوی ایشن کے علاوہ ادارہ روزنامہ الحاق نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔
 
 
 

۔1150سلیکشن گریڈ کانسٹیبل ترقیاب

آئی جی پی کشمیر نے احکامات جاری کئے

سرینگر // آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی کی سربراہی میں محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کشمیر زون کی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران 1150سلیکشن گریڈ کانسٹیبلوں کو ترقیوں سے نواز کر ہیڈکانسٹیبل بنایا گیا۔سلیکشن گریڈ کانسٹیبلوں نے تمام محکمانہ لوازمات مکمل کئے ہیں جس کے بعد انہیں باضابط طورپر ہیڈ کانسٹیبل کے بطور ترقی دی گئی جبکہ 907سلیکشن گریڈ کانسٹیبلوں کو پری پرموشن کورس مکمل کرنے کے بعد ضابطے کے تحت ترقی کے احکامات جاری کئے جائیںگے۔ اس موقعے پر آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے ترقی پانے والے پولیس آفیسران اور ان کے اہلِ خانہ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترقی پانے والے یہ اہلکار لگن اور تن دہی کے ساتھ اپنے فرائض بہ احسن خوبی انجام دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی پرموشن پانے والے اہلکار عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ امن و سلامتی کی بحالی کیلئے جوش و جذبہ اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی سعی کرئیںگے۔
 
 
 
 

کنگن کے کئی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر

کنگن/غلام نبی رینہ/ ضلع گاندربل کے گنڈ ،سونہ مرگ اورگگن گیر میں گذشتہ رات سے شدید برفباری کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں جبکہ کنگن ، گگن گیر شاہراہ پر سوموار کو گاڑیوں کی آمدو رفت بھی معطل رہی جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گنڈ، گگن گیر ،کلن ،سونہ مرگ ،زوجیلا کے مقامات پر اتوار کی شام سے ہی بھاری برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو سوموار کے روز دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں معمولات زندگی متاثر رہی ۔اس دوران کنگن سے گگن گیر تک سوموار کو شدید برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت بھی معطل رہی جبکہ شدید برفباری کے سبب ان علاقوں میں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سونہ مرگ میں چار فٹ،گگن گیر 2.5فٹ کلن اورگنڈ میںدو فٹ برف ریکارڑ کی گئی ۔ اس دوران ضلع انتظامیہ گاندربل نے الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے۔   
 
 

فاروق شاہ کا ا ضلاع میں ایمرجنسی اوپریشن سینٹر قائم کرنے پر زور 

جموں//امداد باہمی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے سبھی اضلاع میں آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے فوری طور مخصوص ایمرجنسی اوپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔یہ ہدایات اُنہوںنے جمو ں میں ضلع سطح ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ایکشن پلان کی جائزہ میٹنگ میں دئیے ۔ میٹنگ میں جموں صوبے کے ڈپٹی کمشنروں اور دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ اِن سینٹروں میں جدید آلات ، کشتیاں ، پانی کی نکاسی کے پمپ ،فسٹ ایڈ اور دیگر سازو سامان تیاری کی حالت میں رکھا جانا چاہیئے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے وقت بروقت کارروائی کی جاسکے۔اُنہوں نے ہر ایک سینٹر کو سیٹلائٹ فون فراہم کرنے کے بھی احکامات دئیے۔اُنہوں نے داخل کئے گئے ایکشن پلان میں ضروری درستی کرنے اور باقی ماندہ اضلاع کے لئے ایکشن پلان داخل کرنے کی ہدایت دی تاکہ رقومات جلد سے جلد واگزار کئے جاسکیں۔اُنہوں نے ڈی سی رام بن کو فوری طور ضروری سہولیات سے لیس اوپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ رام بن ۔ بانہال سڑک پر حادثات پیش آنے کے نتیجے میں ضروری کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کشتواڈ کے ڈی سی کو بھی انتہائی نگہداشت والی ایمبولنس گاڑیاں تیار رکھنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے ہر ایک ڈپٹی کمشنر کی تحویل ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے فی کس ساڑھے پانچ کروڑ روپے رکھے ہیں۔جبکہ متاثرین کی بہبود کے لئے بھی ڈپٹی کمشنروں کے تحویل میں 10کروڑ روپے کی ریلیف رکھی گئی ہیں۔میٹنگ میں کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔