مزید خبریں

سوبھاگیہ سکیم کے تحت بندر بانٹ کا الزام 

مستحق افراد نظرانداز، زمینی سطح سے رپورٹ طلب کرنیکا مطالبہ 

بختیار حسین 
 
سرنکوٹ //برقی رو فراہم کرنے کیلئے مرکزی معاونت سے چلائی جارہی سوبھاگیہ سکیم کے خلاف مسلسل شکایات سامنے آرہی ہیں ۔سرنکوٹ کے لوگوں نے بتایاکہ اس سکیم کے تحت مستحق کنبوں کو فائدہ نہیں دیاجارہا اور بند ربانٹ کی جارہی ہے ۔ سرنکوٹ کے گائوں سنئی کے عنایت حسین شاہ نے بتایاکہ اسے گھر تک ترسیلی لائن پہنچانے کیلئے چار کھمبوں کی ضرورت تھی تاہم ایک بھی کھمبا فراہم نہیں کیاگیا۔ ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں محکمہ بجلی سے استدعا بھی کی گئی لیکن کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔اسی طرح سے درابہ کے شیراز ملک اور سیالاں کے عبدالحمیدٹھکر نے بتایاکہ انہیں بھی سوبھاگیہ سکیم کے تحت کھمبے نہیں ملے جبکہ اس کیلئے وہ کئی بار دفاتر بھی گئے ۔ ان کاکہناتھاکہ محکمہ بجلی کی طرف سے کھمبے اور ترسیلی لائنیں فراہم کرنے کیلئے کوئی سروے وغیرہ بھی نہیں کروایاگیا اور من مرضی سے بندر بانٹ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ سکیم برقی رو سے محروم افراد کو بجلی فراہم کرنے کیلئے شروع کی گئی ہے تاہم اس سے انہی لوگوں کو فائدہ پہنچ رہاہے جو اثرورسوخ رکھنے والے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ محکمہ کے چیف انجینئر اور کمشنر سیکریٹری زمینی سطح سے رپورٹ طلب کریں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ کس علاقے میں اور کس کو کھمبے فراہم کئے گئے ہیں اور کون اس سے محروم ہے ۔سرنکوٹ کے علاوہ دیگر کئی علاقوں سے بھی ایسی ہی شکایات سامنے آرہی ہیں اور لوگوں کاکہناہے کہ اس سکیم کی تشہیر تو بہت کی جارہی ہے مگر اس سے ان عوام کو فائدہ نہیں پہنچ رہا جن کیلئے یہ سکیم شروع کی گئی ہے۔
 
 
 

منڈی کالج کی مناسب جگہ پر تعمیر کی مانگ 

حسین محتشم

پونچھ//منڈی کے عوام نے ڈگری کالج کی تعمیر کسی مناسب جگہ پر کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہاکہ کالج کیلئے کسی ایسی جگہ کا انتخاب کیاجائے جو سب کیلئے مناسب ہو ۔اس حوالے سے ’ڈگری کالج منڈی ایکشن کمیٹی‘ تشکیل دی گئی ہے جس کا مقصد کالج کی مناسب جگہ پر تعمیر کراناہے ۔کمیٹی ممبران جاوید اقبال ریشی، حفیظ اللہ خان،سجاد کاظمی، سرپنچ فضل حسین، سابق سرپنچ خورشید حسین، خادم حسین شاہ، عاشق حسین ودیگران نے کہاکہ اس کالج کو غیر موزوں مقام پر تعمیر کرنے کی سیاست رچائی جا رہی ہے جو قابل قبول نہیںہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وہ جلد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور دیگر افسران سے مل کر کالج کی عمارت کو موزوں مقام پر تعمیرکرنے کی اپیل کریں گے جہاں منڈی کے ساوجیاں، لورن، اڑائی، گلی پندی، چکترو، ہاڑی بڈھا سمیت سبھی علاقوں کے طلبا آسانی سے پہنچ سکیں۔ انہوں نے عوامی مفاد کے اس کام کیلئے لورن، منڈی اور ساوجیاں کے لوگوں کی حمایت بھی طلب کی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے گزارش کی کہ اگر اس عمارت کو غیر موزوں جگہ پر تعمیر کیا تو یہاں حالات خراب ہوں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
 
 

رہبر کھیل لسٹ جاری 

ناکام قرار دیئے گئے امیدواروں کا احتجاج 

جا وید اقبال

مینڈھر//رہبر کھیل اساتذہ کی سلیکشن لسٹ شائع ہونے کے بعد سرحدی سب ڈیویژن مینڈھر کے کئی امیدواروں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ضلع سپورٹس افسر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ان امیدواروں نے لسٹ میں دھاندلیاںہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس میں منظور نظرافراد کو لیاگیاہے اور مستحقین کو باہر کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ انٹرویو لینے والی کمیٹی نے جان بوجھ کر ان امیدواروں کو منتخب کیا جن کے نام میرٹ میں نہیں آرہے تھے جبکہ ایسے امیدواروں کوباہر کاراستہ دکھایاگیا جو اس کیلئے اہل تھے ۔انہو ں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا اس لسٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئی ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے ۔ انہوں نے ضلع سپورٹس افسر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ منتخب کئے گئے امیدواروں سے پس پردہ ملے ہوئے تھے اور اس لسٹ میں بندر بانٹ کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاگیاہے ۔احتجاج کررہے امیدواروں نے ریاستی گورنر اور ان کی انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ اس لسٹ کی جانچ کرائیں اور مستحق امیدواروں کو ان کا حق دیاجائے ۔
 
 

منجاکوٹ کی دکان میں نقب زنی

پرویز خان 

 
منجاکوٹ//منجاکوٹ بازار میں چوری کی واردات رونماہوئی جس دوران ہزاروں کی مالیت کا سامان چوری کرلیاگیاہے ۔ پولیس کے مطابق نقب زنوں نے آر ایس ٹریڈر ز کی دکان میں داخل ہوکراس سے ہزاروں روپے مالیت کے کپڑے چوری کرلئے ۔ دکان کے مالک مدن لعل نے بتایاکہ انہوں نے صبح دیکھاکہ کپڑے اور دیگر سامان بکھراہواہے جس کی اطلاع پولیس کودی گئی جس پر ایس ڈی پی او منجاکوٹ نے موقعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ۔ پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کررہی ہے اورایس ڈی پی او نثار خواجہ نے بتایاکہ نقب زنوں کی جلد نشاندہی کرلی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے کچھ افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے اپنی تحویل میں بھی لیاہے ۔
 
 

بجلی کی ترسیلی لائنوں سے لگ کر 

ایک نوجوان لقمہ اجل ، ایک زخمی 

پرویز خان

منجاکوٹ//منجاکوٹ کے گلہوتی علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لائن کے ساتھ لگ کر نوجوان بری طرح سے جھلس گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی ۔محمد سفیر ولد محمد ایوب سکنہ گلہوتی بجلی کی تار کے ساتھ لگنے سے جھلس گیا جس کو فوری طور پی ایچ سی منجاکوٹ میں لایا گیا جہاں طبی ابتدائی امداد دینے کے بعد اسے مزید علاج کیلئے ڈاکٹروں نے اسے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاجہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔اس سلسلے میں پولیس نے پولیس تھانہ منجاکوٹ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔دریں اثناء کوٹلی کالابن علاقے میں ایک نوجوان ترسیلی لائن سے جھلس گیا جس کی شناخت محمد خلیل ولد عبدالغنی کے طور پر ہوئی ہے ۔ اسے فور ی طور پر منجاکوٹ ہسپتال لایاگیاجہاں سے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔
 
 

گولہ باری کے دوران بچیوں کی حفاظت

ایس ڈی پی او کا ڈرائیور شیر کشمیر پولیس میڈل سے سرفراز

جاوید اقبال 

مینڈھر //یوم جمہوریہ کے موقعہ پر سابق ایس ڈی پی او مینڈھر کے ڈرائیور مقصود احمد کو ان کی بہادری پر شیر کشمیر پولیس میڈل سے سرفراز کیاگیا ۔ مقصود احمد سابق ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے کے ساتھ بطور ڈرائیور خدما ت انجام دے رہاتھا جس دورا ن اس نے گزشتہ برس بالاکوٹ کے دیوتا علاقے میں اس وقت دو بچیوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں مدد کی تھی جب گولہ باری کے دوران ان بچیوں کے گھر کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ مقصود نے ایس ڈی پی او کے ہمراہ دو کم عمر بچیوںکو گولہ باری اور فائرنگ کے دوران گھرسے باہر نکالنے میں اہم رول ادا کیا ۔ واضح رہے کہ بعد میں ان بچیوں کو بھمبر گلی کے مقام سے ہوائی جہاز کے ذریعہ جموں منتقل کیاگیاجہاں ان کاکامیاب علاج ہوا۔اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر دو بچیوں کو بچانے والے مقصود کو شیر کشمیر پولیس میڈل کے ایوارڈ سے نوازاگیاہے ۔
 
 

شاہدرہ سڑک پر حادثہ ، 2افرادزخمی 

طارق شال

تھنہ منڈی // تھنہ منڈی۔ شاہدرہ روڈ پر ایک ماروتی وین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ قصبہ تھنہ منڈی سے صرف ایک کلو میٹر کی دوری پر ہسپلوٹ کے مقام پر ایک ماروتی وین زیر نمبرJK02V-8072ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر لگ بھگ 300 فٹ کی دوری پرنیچے جاگری جس کے باعث اس میں سوار 2 افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت بشارت حسین ولد محمد شبیر سکنہ ہسپلوٹ تھنہ منڈی اوروقار خان ولد محمد کبیر سکنہ سنگیوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں نے جائے حادثہ سے اٹھاکر تھنہ منڈی ہسپتال لایاجہاں ان کا علاج کیاگیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے تھنہ منڈی تھانے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 
 

پونچھ میں محفل مشاعرہ کا اہتمام 

حسین محتشم  

پونچھ//جشن یوم جمہوریہ کے عنوان سے ٹی آر سی پونچھ میں ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوئی۔ اس مشاعرے کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر عبدالحمید شیخ اس موقعہ پر موجود رہے۔ اس دوران ڈاکٹر شہناز گنائی کے علاوہ با ر ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سیاسی و سماجی کارکنان اورمعزز شہریوں نے شرکت کی۔ صدر مشاعرہ نے کہا کہ پونچھ علم و ادب کا گہوارہ رہا ہے اور یہاں کہ سامعین مہذب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی گنگا جمنی تہذیب سے وہ بے حد متاثر ہیں۔مشاعرے میں جلیل غازی، عشرت بٹ، سلیم تابش، فتح محمد عباسی، محتشم احتشام، نظیر بھٹی، کے ڈی مینی وغیرہ نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض پونچھ کے معروف ناظم پردیپ کھنہ نے انجام دیئے ۔
 
 

نمائندہ عظمیٰ اعزاز سے سرفراز 

مینڈھر//کشمیر عظمیٰ کے مینڈھر سے نمائندہ جاوید اقبال کو یوم جمہوریہ کے موقعہ پر اعزاز سے نوازاگیا۔یہ اعزاز انہیں ان کی صحافت کے میدان میں بہترین کارکردگی پر دیاگیا۔ جاوید اقبال کو اعزاز ایس ڈی ایم مینڈھر کے ہاتھوںدیاگیا جس دوران گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے پرنسپل سید شبیر حسین شاہ و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے جاوید اقبال کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
 

نوشہرہ کبڈی چمپئن شپ 

رملی دھرا کی ٹیم نے لام کو ہراکر فائنل جیت لیا

نوشہرہ //نوشہرہ ڈے کے سلسلے میں فوج کی طرف سے نوشہرہ کبڈی چمپئن شپ 2018-19کا انعقاد کیاگیا ۔یہ چمپئن شپ 19سے 27جنوری تک چلی جس کا اہتمام کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت کیاگیا۔ اس دوران نوشہرہ ، رملی دھرا، جھنگڑ، کلال ، لام اور کسلیاں گائوں کی ٹیموں نے کھیل میں حصہ لیتے ہوئے اپنی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔اس دوران رملی دھرا رویالز اور کسلیاں نائٹ رائڈر و کلال سٹرائیکس اور لام واریئرز کے درمیان سیمی فائنل مقابلے ہوئے جن میں رملی دھرا اور لام کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی جن کے درمیان 27جنوری کو فائنل مقابلہ ہواجس میں رملی دھرا کی ٹیم نے فتح حاصل کرکے خطاب جیت لیا ۔رملی دھرا بٹالین کے کمانڈنگ افسر اور مقامی سرپنچ کے علاوہ دیگر کئی لوگ بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ میچ دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی ۔ اس دوران جیت حاصل کرنے والی ٹیم کو اعزاز سے سرفراز کیاگیا ۔