مزید خبریں

گورنر کے مشیر نے ریاست کے ثقافتی ورثے کواجاگر کرنے کیلئے محکمہ اطلاعات کوسراہا

جموں//گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے ریاست کے تمدن اور ثقافتی ورثے کو مختلف پروگراموں کے ذریعے اُجاگر کرنے پر ریاستی محکمہ اطلاعات کی کوششوں کی سراہنا کی ہے ۔صلاح کار نے محکمہ اطلاعات کی طر ف سے جموں میں 70ویں 26جنوری تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ’’ جشن جمہوریت‘‘نامی پروگرام میں شرکت کے دوران اِن خیالات کا اِظہار کیا۔صلاح کار نے اُمید ظاہر کی کہ محکمہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرتا رہے گا تاکہ ریاست کے نوجوانوں کو ریاست کی گونا گوں ثقافت اور تمدنی ورثے کے بارے میں جانکاری مل سکے ۔اُنہوں نے مذکورہ پروگرام کے انعقاد کے لئے محکمہ کی کلچرل وِنگ کی سراہنا کی۔سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ نے محکمہ اور دیگر اداروں کے شرکأ کی سراہنا کرتے ہوئے طلباء اور فنکاروں کومقامی لوک ناچ اور فن و ثقافت کو ہر پلیٹ فارم فروغ دینے پر زور دیاتاکہ اسے آنے والی نسلوں تک پہنچایا جاسکے۔سیکرٹری اطلاعات طارق احمد زرگر نے مہمانوں کا خیر مقد م کرتے ہوئے محکمہ کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا۔
 
 

ڈگری کالج کپوارہ میں یوتھ پارلیمنٹ کا اہتمام ،طالبات نے بازی مار لی 

کپوارہ// اشرف چراغ //کپوارہ کے بائز ڈگری کالج میں پیر کو یوتھ پارلیمنٹ کا اہتمام کیا گیا جسمیں ڈگری کالج سوگام ،ہندوارہ کے علاوہ وومنز ڈگری کالج کی 18سال سے25سال تک کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا ۔ملکی سطح کی طرح کپوارہ میں بھی یوتھ پارلیمنٹ کا اہتمام کیا گیا تاکہ طلبہ کے صلاحیتو ں کو ابھارا جائے  ۔اس موقع پر کہا گیا کہ یوتھ پارلیمنٹ جیسی تقاریب منعقد کرنے سے طلبہ کے دل میں آئین کی پاسداری پیدا ہو گی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا ۔ایسے سمینار منعقد کرنے سے ان پروگرامو ں میں حصہ لینے والے ایک دوسرے کی بات کو سمجھنے اور برداشت کرنے کی قوت پیدا ہوجائے گی ۔یوتھ پارلیمنٹ میں 6جج جن میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر ،پرنسپل ڈگری کالج سوگام ،کپوارہ اور ہندوارہ کے علاوہ سابق ممبر اسمبلی کپوارہ بشیر احد ڈار اور معروف سینئر صحافی شبیر ملک مقرر کئے گئے تھے جنہو ں نے باریک بینی سے یوتھ پارلیمنٹ میں حصہ لینے والے طلبہ کی تقاریر سنیں ۔اس دوران 3طالبات نے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی اور ان میں پہلی پوزیشن وومنز کالج کپوارہ کی طالبہ جبکہ دوسری اور تیسری ڈگری کالج ہندوارہ کی طالبات نے حاصل کی ۔
 
 
 

 اننت ناگ سنٹرل کواپریٹو بنک کی میٹنگ

۔ 120 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

سرینگر//پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پہلی میٹنگ یہاں اننت ناگ سنٹرل کواپریٹو بنک میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ کی صدارت سیکرٹری کواپریٹوز عبدالمجید بٹ جو بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں نے کی ۔ میٹنگ میں مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ بورڈ نے لگ بھگ 24 ایجنڈا نکات پر تبادلہ خیال کیا اور کئی فیصلہ جات لئے جن میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی سربراہی میں آڈٹ کمیٹی تشکیل دینا اور کئی دیگر کمیٹیوں کی تشکیل بھی شامل ہے ۔بورڈ نے حکومت کی طرف سے 120 کروڑ روپے سرمایہ ڈالنے کی منظوری کے تعلق سے ایک قرارداد بھی اختیار کی ۔ جس کی بدولت بنک ریزرو بنک آف انڈیا کی لائیسنس حاصل کرنے کا اہل ہو گا ۔ پی بی او ڈیز نے بنک کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ زراعت اور ایم ایس ایم ای کے سیکٹروں میں زیادہ سے زیادہ قرضے جاری کریں ۔ بورڈ نے مالی بے ضابطگیوں میں ملوث کئی ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی بھی منظوری دی ۔ بورڈ نے کئی اہم مالی معاملات کا بھی جائیزہ لیا جن میں ڈیپازٹس ، قرضے اور سی ڈی ریشو شامل ہیں ۔
 
 
 

سکمز میڈیکل کالج بمنہ کے پرنسپل کو ایوارڈ

نان ٹیچنگ ایمپلائز یونین کی مبارک باد،حکومت کا شکریہ 

سرینگر//سکمزمیڈیکل کالج اسپتال بمنہ کی نان ٹیچنگ ایمپلائز یونین نے پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ (JVC) ریاض احمد اونتو کوانکی معیاری اور بہترین کارکردگی پر ریاستی ایوارڑ حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔یونین صدر غیاث الدین ،نائب صدر عبدالعزیز تانترے اور جنرل سیکریٹری منظور احمد کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ کے دوران ملازمین نے ڈاکٹر ریاض احمد اونتو کو اس قابل فخر اعزاز عطا کرنے پر حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ملازمین نے ڈاکٹر اونتو کی صلاحیتوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ جے وی سی اسپتال و میڈیکل کالج کو ایک باوقار طبی ادارہ بنانے اور خصوصا2014کے تباہ کن سیلاب کے بعد اس اہم طبی ادارے کو دوبارہ فعال بنانے میں ڈاکٹر اونتو نے قابل تحسین کام انجام دیا ۔ڈاکٹر اونتو کی مدت کار میں کی گئی بہترین کاوشوں کے نتیجے میں جے وی سی تاریکی سے نکل کرروشنی میں آگیا اور اب یہ ادارہ ایک ریاستی سطح کا طبی ادارہ بن چکا ہے جہاں اطراف واکناف سے لوگ آکر طبی خدمات پاتے ہیں ۔میٹنگ میں شریک ممبران نے 2016کے نامساعد حالات کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت میڈیکل کونسل آف انڈیا اس ادارے کی رجسٹریشن ہی منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن یہ ڈاکٹر اونتو کی انتھک محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ ایسی حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔بعد میں کونسل نے جے وی سی بمنہ کو ہی پوسٹ گریجویٹ کورسوں کیلئے سند عطا کی جس سے کیمپس میں روزگار کے دروازے کھلے اور پیشہ ور ڈاکٹروں کو کیمپس میں تعینات کیا جاسکا ۔
 
 
 
 

غیرقانونی شراب فروشی کے خلاف پولیس مہم 

اننت ناگ میں ایک گرفتار 

اننت ناگ//پولیس نے غیر قانونی شراب فروشی کے خلاف جاری مہم کے دوران اننت ناگ میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک شخص کو شراب سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ شخص غیر قانونی طور شراب فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا تاہم بروقت کارروائی کرکے اسے ناکام بنادیا گیا ۔ اننت ناگ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر شراب کا کاروبار کرنے والے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اْس کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔ ڈی او ویری ناگ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ویری ناگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ شخص جس کی شناخت صادق شاخساز ولد غلام حسن کے بطور ہوئی ہے، کو روک کر اْس کی تلاشی لی۔ چنانچہ دورانِ تلاشی مذکورہ شخص کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔اننت ناگ پولیس نے اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
 
 
 

ایکسائز ٹیکزیشن انسپکٹروں کے پہلے بیچ کی تربیت مکمل 

 نوین کمار چودھری نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائینہ کیا

جموں//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری نے ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن محکمہ کو اپنے ادارے میں آئی ٹی خدمات کی فراہمی اور معیاری فیکلٹی کے بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنا کر یہاںتربیت پانے والے اہلکاروں کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔نگروٹہ میں ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن انسپکٹروں کے بیچ کی سہ ماہی ریذیڈنشل ٹریننگ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اِظہار کیا۔ اس تربیت کے دوران ان اہلکاروں کو محکمہ کی مختلف خدمات کے بارے میں ماہرین نے تربیت فراہم کی۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ جب ادارے نے ہوسٹل اور دیگر خدمات کی فراہمی سے انسپکٹروں کو ریذیڈنشل ٹریننگ دی۔اس موقعہ پر ایکسائز کمشنر طلعت پرویز ، کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ پی کے بھٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے یہاں آنے والے اُمیدو اروں کو محکمہ کی مختلف خدمات سے متعلق معیاری تربیت پر زور دیا تاکہ جی ایس ٹی قانون کے نفاذ کے بعد اس کی مؤثر عمل آوری یقینی بن سکے۔
 
 
 

حاجی علی محمدشیخ کاانتقال

پی ڈی پی کا اظہار تعزیت

سری نگر//پی ڈی پی کے نائب زونل صدرسونہ واری حاجی علی محمدشیخ کے انتقال پرپارٹی کے ضلع صدربارہمولہ وانچارج ضلع صدربانڈی پورہ ارشادرسول کارنے افسوس اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔پارٹی بیان کے مطابق اس سلسلے میںضلع صدر بارہمولہ کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں سونہ واری اسمبلی حلقہ کے عہدیدار موجودتھے۔میٹنگ میں پارٹی کے دیرینہ کارکن حاجی علی محمدشیخ ساکنہ سعدنارہ حاجن کے انتقال پردکھ کااظہارکیاگیااور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ ارشادرسول کار، امتیازاحمدریشی ،ریاض احمدبٹ اورزونل کمیٹی سونہ واری نے مرحوم حاجی علی محمدشیخ کی خدمات کوخراج پیش کرتے ہوئے مرحوم کے غمزدہ اہل خانہ کیساتھ یکجہتی، دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔
 
 
 

بڈگام انتظامیہ کا بٹہ ہار سے ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے پرزور

بڈگام//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام نے بٹہ ہار علاقے سے پبلک ٹرانسپورٹ شروع کرنے کے لئے اے آرٹی اوردفتر کو ہدایات دی ہے۔اے ڈی ڈی سی نے یہ ہدایات بٹہ ہار کے ایک وفد کے ساتھ آفس چیمبر میں ایک میٹنگ کے دوران دئے ۔میٹنگ میں صحت عامہ،اری گیشن اور اے آر ٹی او کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مقامی لوگوں نے کئی معاملات بشمول آبپاشی کنال پر ناجائز تجاوزات کو ہٹانے ،سرینگر بڈگام کے درمیان ان کے گائوں سے ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے ،ایم جی نریگا کے تحت سڑکوں کی تجدید وتعمیر ،اوربجلی وپانی کی سپلائی میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ۔
 
 
 

گاندربل میں قانونی جانکاری کیمپ کا انعقاد

گاندربل//پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈسیشنز جج گاندربل محمد یوسف وانی کی صدارت میں ہائر سیکنڈری سکول گاندربل میں ایک روزہ قانونی جانکاری کیمپ کا انعقاد کیاگیا۔کیمپ کا انعقاد ڈسٹرکٹ لیگل سروسز کی طرف سے کیا گیا ۔پروگرام میں چائلڈ ویلفیئر کمیٹی ،جیونائیل جسٹس بورڈ ،وکلأ اورطلبأ کے علاوہ سکولی عملے نے شرکت کی۔کیمپ کے انعقاد کا مقصد طلاب کوقانونی جانکاری فراہم کرنے کے علاوہ انہیں خواتین اوربچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لئے قوانین کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔اس موقعہ پر کئی وکلأ نے شرکأ کو لیگل ایڈ  سروسز سے متعلق جانکاری فراہم کی تاکہ خواتین اور بچوں کو جنسی جرائم سے بچایا جاسکے۔اس دوران جیونائیل جسٹس ایکٹ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔خواتین اوربچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سشنز جج نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو اس طرح کے جرائم سے بچانے کے لئے سخت قوانین وضع کئے گئے ہیں۔انہوںنے طلبأ کو ان قوانین کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے پر زوردیا ۔
 
 
 

ترقیوں سے نوازنے پر اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین مشکور 

جموں//اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل کمار سنگھ اور سیکرٹری قانون ساز اسمبلی اچل سیٹھی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ ملازمین نے ایک بیان میں 50 سے زائد ملازمین کو ترقیوں سے نوازنے کیلئے سپیکر اور سیکرٹری موصوف کے فیصلے کی سراہنا کی ۔ ملازمین نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات مستقبل میں اٹھائے جائیں گے تا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے کام کاج میں تقویت لائی جا سکے ۔
 
 
 

روزنامہ ’عقاب کے عابد حسین کے ماموںجان کا انتقال

سماجی،سیاسی وصحافی برادری کا اظہارتعزیت

سرینگر // روزنامہ’ عقاب‘ سے وابستہ دیرینہ رکن و صحافی عابد حسین کے ماما انتقال کرگئے ۔اطلاعات کے مطابق معروف صحافی عابد حسین کے ماما محمد رجب ساکنہ سالیہ اننت ناگ اتوارشام کو اچانک رحلت کرگئے۔محمد رجب کی عمر 45 سال تھی۔مرحوم ایک نیک سیرت شخصیت ہونے کے ساتھ صوم الصلوۃ کے پابند تھے۔قابل ذکر ہے کہ مرحوم کا چھوٹا بھائی گزشتہ مہینے ہی فوت ہوا۔ریاست کی ادبی،سماجی،صحافی اور سیاسی تنظیموں سے وابستہ افراد نے عابد حسین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

مزاحمتی اراکین کی زندگیوںکو جیلوں میں خطرات لاحق

سرینگر//نیشنل فرنٹ نے کہا ہے کہ اگر چہ بھارت اور ریاست کی مختلف جیلوں کے اندر مقید سینکڑوں کشمیری سیاسی قیدیوں کیخلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہورہا ہے، لیکن اس کے باوجودبھارتی حکومت کشمیر کے ان سیاسی قیدیوں بشمول فرنٹ چیئر مین نعیم خان کی اسیری کو طول دینے کیلئے ہر حربہ آزما رہی ہے ۔موصولہ بیان کے مطابق اکثر قیدی مختلف عارضوں میں مبتلاء ہیں اور اُن کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔فرنٹ ترجمان نے کہا کہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے حقوق پرشب خون مارا جارہا ہے اور سلاخوں کے پیچھے اُن سے جوسلوک روا رکھا جارہا ہے اورا ُنہیں جس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہ ایک تشویشناک معاملہ بن گیا ہے۔ ترجمان نے عالمی سطح پر سرگرم حقوق البشر کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں بشمول نعیم خان کی فوری رہائی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ترجمان نے کہا کہ نئی دلی کو کشمیر تنازعہ سے متعلق حقائق کا ادراک کرکے اس طرزعمل سے پرہیز کرنا چاہئے۔
 
 
 

مسلم لیگ کی آری ہل کے غمزدہ کنبے سے تعزیت پرسی

سرینگر//مسلم لیگ کے ایک وفد نے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی کی قیادت میں آری ہل پلوامہ جاکر غمزدگان سے تعزیت پرسی کی۔وفد  منظور للہاری اور اعجاز احمدپر مشتمل تھا۔ محمد رفیق گنائی نے اس موقع پر کہا کہ کشمیریوں کا لہو ارزاں کرنا ہندوستان اور اس کی فوج کا محبوب ترین مشغلہ بن چکا ہے جو جدید ترین اسلحہ سے لیس ہوکر نہتے اور بے بس کشمیریوں کی نسل کشی کرنے میں مصروف ہے اور انسانی حقوق کے علمبردار و جمہوریت کے دعویدار اس صورتحال کا کھلی آنکھوں سے مشاہدہ کرتے ہوئے بھی مسئلہ کشمیر جیسے حساس اور انسانی و سیاسی مسئلہ سے غفلت شعاری کا شکار ہیں جو نہایت ہی افسوسناک اور جمہوری قدروں اور اصولوں کی بدترین پامالی ہے۔
 
 
 

قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل لازمی:ظفر بٹ

سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے کہا ہے کہ اب مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے اور جو وعدے یہاں کے عوام کے ساتھ کئے گئے ہیں انہیں عملی جامہ پہنانے کا وقت آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک نہ مسئلہ کشمیر کو اس کی تاریخی حیثیت،جمہوری اصولوں اور انسانیت کے دائرے میں حل کیا جاتاہے تب تک نہ ہی طاقت و قوت پر مبنی پالیسی کامیاب ہو سکتی ہے اور نہ ہی جنوب ایشائی خطہ میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔