مزید خبریں

 ضلع صدرNSUI کشتواڑکی عزت افزائی 

کشتواڑ//کانگریس کمیٹی کشتواڑ اور یوتھ کانگریس کشتواڑ کی جانب سے زیر قیادت و سیم مکڑ اور رندیپ بھنڈاری نومنتخبہ ضلع صدر این ایس یو آئی کشتواڑ عمر منگنو کی عزت افزائی کے لئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں لیڈروں نے ریاسست جموں و کشمیر میں کانگریس کی حصولیابیوں کو اجا گر کیا اور نوجوانوں سے علاقہ کی ترقی کے لئے کانگریس کے ہاتھ مضبوط کرنے کی درخواست کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر منگنو نے این ایس یو آئی کے آل انڈیا سیکرٹری شاداب خان ،این ایس یو آئی کے ریاستی سیکرٹری رفیق احمد خان ،رندیپ بھنڈاری ،وسیم مکڑ اور انجو منہاس کاانہیں ضلع صدر این ایس یو آئی تعینات کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ ضلع بھر میں سٹوڈنٹ طبقہ کی بھلائی کیلئے دن و رات کام کریں گے۔عاقب دیو، اجے راٹھور، ادریس وانٹ، سننی ٹھاکور، شاہ زمان ، مصور، اشرف بٹ، کشوری کمار، اکرم بٹ، توصیف بٹ،ناصر شال، وجے کمار، ونے کمار، فرید احمد و دیگران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
 
 
 

پدیارنہ،کشتواڑ میں طبی کیمپ کا اہتمام 

کشتواڑ// ریاست کے دور افتادہ علاقوں میں مقامی لوگوں کی مدد کے لئے فوج نے کوششیں جاری رکھتے ہوئے ضلع کے پد یارنہ علاقہ کے رہائش پذیر لوگوں کے طبی مشکلات کم کرنے کے لئے منگل کے روز ایک طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ کا مقصد مقامی لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا تھا جن کو معمولی صحت کے مسائل کیلئے کشتواڑ کا رُخ کرنا پڑتا تھا، اس کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیکل افسر نے طبی عملے کے ہمراہ طبی کیمپ کا اہتمام کیا، جس میں مقامی لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔  کیمپ میں  484سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا ،جن میں  286مرد ،112خواتین اور  86 بچے شامل تھے۔
 
 

 مغل میدان میں پی ڈی پی کادفترقائم

ڈار محسن 

اندروال// ضلع کشتواڑ پی ڈی پی کے صدر ایڈووکیٹ شیخ ناصر حسین نے منگل کوحلقہ اندروال کے بلاک مغل میدان میں پی ڈی پی کے ایک دفتر کاقیام عمل میں لایا۔ناصرنے پارٹی ورکران کو عوامی مسائل پر توجہ دینے کی صلاح دی تاکہ عوام کا پارٹی پر اعتماد برقرار رہے۔ انہوں نے پارٹی ورکران سے پارٹی کو مضبوط کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کرنا اپنا بنیادی فرض سمجھا ہے لہٰذا تمام ورکران کوتنظیم کو مضبوط بناناہوگاتاکہ آنے والے انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرسکے۔اس موقعہ پر عبدالکبیر ٹپل، راجیش سنگھ، راجندر کمار، تنویر شاہ، محمد یوسف چپو، ارشاد احمد چپو، حکم چند، مشتاق احمد، مبارک حسین، محمد عرفان، اوم لال، محمد شفیع، دانش کبیر وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
 
 
 
 

چانہ کا ٹرانسفارمر دس دن سے خراب

مقامی لوگ گھپ اندھیرے میں

زاہد ملک

مہور//تحصیل چسانہ گاؤں چانہ کا ٹرانسفارمر گذشتہ دس دنوں سے خراب ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی گھپ اندھیرے میں ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کا ٹرانسفارمر 21جنوری کو خراب ہوگیا تھا جس کو ٹھیک کرانے کیلئے محکمہ بجلی کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوںنے مزید بتایا کہ انہیں موبائل چارج کرنے کیلئے کئی کلومیٹر دور سنگڑی جانا پڑتا ہے۔ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ کے افسران کو اس ٹرانسفارمر کے بارے میں مطلع کیا لیکن ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرانے کیلئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
 
 
 
 
 

 مسافروں سے اضافی کرایہ وصولنے کی شکایات

 بانہال تھانے میں4الگ الگ کیس درج 

محمد تسکین

بانہال// ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی ہدایت پر زیادہ کرایہ وصولنے والی مسافر گاڑیوں کے خلاف بانہال ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کی گئی ۔ ریلوے سٹیشن بانہال سے جموں جانے والے مسافروں سے زیادہ کرایہ وصولے جانے کی شکایات کے بعد ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی ہدایت پر بانہال پولیس نے کئی ناکے لگائے اور ائور چارجنگ اور ائور لوڈنگ میں ملوث کئی گاڑیوں کی ضبطی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں چار الگ الگ کیس بانہال تھانے میں درج کئے گئے ہیں۔ یہ کارروائی ایس ڈی پی او بانہال سجاد سرور اور ایس ایچ او بانہال اعجاز وانی کی قیادت میں انجام دی گئی ۔