مزید خبریں

بیٹاباپ کے آخری دیدار سے محروم

تہاڑ جیل میں قیدپیر ظہور سے اظہار ہمدردی

 سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تہاڑ جیل میں بند پیر ظہور احمد شاہ کے والد پیر حبیب اللہ شاہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ظہور احمد شاہ گزشتہ 2سال سے تہاڑ جیل میں نظربند ہیں جبکہ اُن کے والد اُن کی رہائی کے انتظار میں زندگی کی جنگ ہار گئے اور دنیائے فانی سے وفات پاگئے۔ تہاڑ جیل میں نظربند ظہور احمد شاہ اپنے والد کے آخری دیدار سے بھی محروم ہوگئے۔ صحرائی نے کہا کہ انسانیت کا تقاضا تھا کہ موصوف کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جاتا مگر انسانیت سے عاری حکام نے انہیں رہا نہیں کیا۔ انہوں نے ظہور احمد شاہ کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا اگر اس بے قصور قیدی کو اپنے باپ کا آخری دیدار کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا، لیکن کم سے کم اس کو انسانی بنیادوں پر رہا کرکے اپنے دیگر لواحقین کے ساتھ غم میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا جائے۔ صحرائی نے مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔
 
 
 

چودھری محمد رمضان کے والد نسبتی کا انتقال

نیشنل کانفرنس لیڈران کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے چودھری محمد رمضان کے والد نسبتی چودھری عبدالعزیز کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی سکریٹری شوکت احمدمیر، ضلع صدر پیر آفاق احمد، صدرِ ضلع بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز ،نذیر احمد ملک اور دیگر پارٹی لیڈران نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے گھر جاکر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیلی فون پر چودھری محمد رمضان کے ساتھ تعزیت کی ۔ پارٹی لیڈران ناصر اسلم وانی، عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، میاں الطاف احمد، آغا روح اللہ مہدی، آغا سید محمود، دیوندر سنگھ رانا ، شریف الدین شارق، قیصر جمشید لون، میر سیف اللہ، شمیمہ فردوس، سکینہ ایتو، محمد اکبر لون، عرفان احمد شاہ ،ڈاکٹر بشیر احمد میر، الطاف احمد کلو، شبیر میر اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس دوران پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے شانگس جاکر پارٹی کے بلاک صدر غلام نبی میر کے گھر جاکر تعزیت کی۔ اس موقع پر پارٹی لیڈران تنویر صادق، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے۔
 
 
[

محبوسین طبی سہولیات سے محروم:محاذ آزادی

سرینگر// محاز آزادی نے ریاستی و غیر ریاستی جیلوں میں کشمیر ی سیاسی نظربندوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  سیاسی نظربندوں کو طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ پارٹی ترجمان محمد یوسف گلکارنے ایمنسٹی انٹر نیشنل سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا شدید نوٹس لیا جائے۔انہوں نے دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی ،جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 
 
 
 
 

 ڈاکٹر فاروق اور سوزکاجارج فرنانڈیز کے انتقال پر اظہارِ رنج

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرکردہ سیاستدان اور سابق وزیر دفاع جارج فرنانڈیز کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے اور اس سانحہ پراُن کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور اُن روح کے سکون کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرنانڈیز ایک سیکولر لیڈر تھے اور ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی وکالت کی اور کشمیریوںکے تئیں ہمیشہ ہمدردی کا اظہار کیا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی جارج فرنانڈیز کے انتقال پر صدمے کا اظہار کیا اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ سینئر کانگریس لیڈرپروفیسر سیف الدین سوزنے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 1990 کے ابتداء میں جب جگموہن کے ہاتھوں کشمیر میں ظلم و جبر کا ماحول پروان چڑھا تھا تو اُس وقت جارج فرنانڈیز کشمیریوں کیلئے امید کا ایک مرکز بن گئے تھے۔
 
 
 

ممبر پارلیمنٹ کولگام نے مفت ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے

کولگام//ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا نذیر احمد لاوے نے منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطہ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے کنبوں میں 55سے زیادہ مفت ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے۔تقریب کا انعقاد خوراک،امو ر صارفین وعوامی تقسیم کاری محکمے کی طرف سے کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ سرکار سماج کے کمزور طبقوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوںنے کہا کہ پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت کنبے کے کسی خاتون کے نام مفت گیس کنکشن فراہم کرنا دراصل خواتین کو بااختیار بنانے اور اُن کے صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ایک پہل ہے۔تقریب کے دوران بتایا گیا کہ سکیم تحت اب تک مستفیدین میں 34000کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔
 
 
 

بلال بٹ کیساتھ سیکریٹری اور ناظم اطلاعات کی تعزیت پرسی

جموں//سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ نے اے این آئی سرینگر کے بیورو چیف بلال احمد بٹ کے برادر پرویز احمد بٹ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیاہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں سیکریٹری موصوف نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر نے بھی بلال احمد بٹ کے برادر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ادھرمحکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ (کشمیر) کے ایک وفد نے محکمہ کے انفارمیشن اسسٹنٹ منظور احمد راتھرکے گھر جاکر اُن کی والدہ کے انتقال پر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔وفد میں جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن محمد اشرک حکاک اوراے ڈی آئی محمد اسلم خان کے علاوہ دیگر افسران اور ملازمین شامل تھے۔وفد نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی۔اُدھر محکمہ اطلاعات اننت ناگ کی ایک اور تعزیت میٹنگ میں غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا اورمرحومہ کے روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی گئی۔ 
 
 
 

خورشید گنائی کا آئی سی ڈی ایس سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور

جموں//گورنر کے صلاحکار خورشید احمدگنائی نے سماجی بہبود محکمہ کے افسران کو ریاست میں آئی سی ڈی ایس سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر زور دیا ہے تاکہ سماجی کے کمزور اور پسماندہ طبقوں کو ان سکیموں سے بھرپور فائدہ ملے ۔اُنہوں نے آئی سی ڈی ایس سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے بلائی گئی ایک جائز ہ میٹنگ میں ان خیالات کا اِظہار کیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون ، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویر جی ہانگلو ، ڈائریکٹر فائنانس سماجی بہبود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صلاح کار نے مختلف بہبودی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے منظم لائحہ عمل اپنانے اور تمام سطحوں پر بھی بہتر تال میل کے لئے ضابطہ عمل وضع کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے آنگن واڑی ورکروں کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دینے پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پوشن ابھیان کا مقصد تمام تغذیہ سے متعلق سکیموں کو ضم کر کے متعلقہ آبادی کو مقوی تغذیہ فراہم کرنا ہے۔صلاح کار نے صحت ، تعلیم اور صفائی ستھرائی کے بارے میں عوام میں جانکاری پیدا کرنے پر بھی زور دیا تاکہ اقتصادی ترقی یقینی بن سکے۔انہوں نے پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے تحت اہداف کو حاصل کرنے اور بچوں کو مقوی غذا فراہم کرنے کے بارے میں بیداری کرنے پر بھی زور دیا۔ 
 
 
 

سوائن فلو بیماروں کیلئے علیحدہ کلنک شروع کئے جائیں:ڈاک

سرینگر//وادی میں اس سال سوائن فلو بیماروں کی تعداد میں اضافہ اور اس سے اب تک15اموات ہونے کے بعد ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے منگل کو اسپتالوں کے آئوٹ ڈورمیں سوائن فلو بیماروں کیلئے علیحدہ کلنک شروع کرنے پرزوردیا ہے ۔ایک بیان میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا ’’اسپتالوں میں علیحدہ سوائن فلو کلنکوں کے قیام سے اس بیماری کے پھیلنے کو روکا جاسکے گا اور اس طرح انسانی جانیں بچ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کلنک سوائن فلو سے متاثرہ بیماروں کے دیگر بیماریوں میں مبتلاء بیماروں سے میل جول کوختم کریں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ سوائن فلو بیماروں کو  اسپتالوں میںعلیحدہ کرنے سے دیگر بیمار اس بیماری سے محفوظ رہیں گے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ اسپتالوں میں دیگر دائمی بیماریوں جیسے پھیپھڑے کی بیماری،امراض قلب،گردے کی بیماری،ذیابیطس حتی کہ کینسر کے مریضوں کابھی آناجانا رہتا ہے اور ایسے بیماروں کیلئے سوائن فلو جان لیوا ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ سکمزصورہ اور ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں اس بیماری کیلئے مخصوص وارڈ ہیں لیکن وہ ہدایات کے تحت نہیں بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر فار ڈیزیزکنٹرول اینڈ پرونشن کی ہدایات کے مطابق مخصوص وارڈ میں الگ الگ  کمرے ہونے چاہیے جن میں ہوا کے اخراج کیلئے خاص انتظام ہونا چاہیے اور دو بستروں یا بیڈوں کے درمیان تین فٹ کافاصلہ ہونا چاہیے۔سوائن فلو کے مریضوں کی نگہداشت کیلئے اسٹاف بھی وقف ہونا چاہیے۔جس کے معنی یہ ہے کہ سوائن فلو کے مریضوں کاعلاج کرنے والے ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ اسپتال میںدیگر مریضوں کا ملاحظہ نہیں کرنا چاہیے۔ سوائن فلو کی شدت ہرسال موسم سے موسم میں تبدیل ہوتی رہتی ہے ۔2015میں جب ہم نے سوچا کہ اب بدترین دور ختم ہوا ہے ،تو فروری میں اس کی شدت میں اضافہ ہوا۔  سینٹر فار ڈیزیزکنٹرول اینڈ پرونشن نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ فلو کی سرگرمی میں اضافہ ہورہا ہے اور سوائن فلو کے جراثیم غالب ہیں ۔
 
 
 

نیوسپورٹس کیف سے متاثرہانڈا سی بی 300 کی بکنگ شروع

گروگرام//ہونڈاموٹر سائیکلز اینڈ سکوٹر انڈیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت میںموٹر سائیکل کی سواری کے شوقین افراد کیلئے جاپان میں بنائے گئے نیو سپورٹس کیف سے متاثرہونڈا سی بی300بنایا جائے گا جس کی بکنگ منگلوار سے شروع ہوئی ۔ہونڈا سی بی300بھارتی مارکیٹ میں سی کے ڈی کے ذریعے دستیاب ہوگا۔اس سلسلے میں ہونڈا موٹر سائیکل اینڈ سکوٹرس انڈیا کے سینئر نائب صدر سیلزاینڈ مارکیٹنگ یدوندرسنگھ گلیریانے کہا کہ اس سے موٹر سائیکل کے سوار میں نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوگا اور یہ سڑکوں پر ارتعاش پیدا کرے گا۔ہونڈا کی اعلیٰ ٹیکنالوجی کا مزہ لینے کیلئے گاہکوں کو یہ موٹر سائیکل ڈھائی لاکھ روپے سے کم قیمت پر ملے گی ۔انہوں نے آج سے شروع ہونے والی بکنگ کیلئے گاہکوں کا خیرمقدم کیا۔ہلکا ترین موٹر سائیکل ہونے کے ساتھ ساتھ یہ 286سی سی انجن سے فٹ ہوگااور یہ نہایت ہی طاقتور ہوگا۔
 
 
 

متاثرہ باغبانوں کی فوری امدادپر زور

سرینگر//سی پی (آئی) ایم کے سینئر رہنما و سابق ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے گورنر انتظامیہ پر زور دیاہے کہ میوہ صنعت سے جڑے متاثرہ باغبانوں کو فوری طور پر امدادفراہم کی جائے ۔ اپنے ایک پریس بیان میں تاریگامی نے کہاکہ 4نومبر کی برفباری کی وجہ سے وادی کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اورخاص طور پر اس سے میوہ صنعت کو بری طرح سے نقصان پہنچا۔انہوں نے کہاکہ اس تباہی پر گورنر انتظامیہ کی طرف سے بہت کم ریلیف دینے کا اعلان کیاگیاتاہم ابھی تک یہ امداد متاثرین کونہیں دی گئی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ وقت پر ان کو امداد نہ دینے کی وجہ سے حکومت سے ان کا اعتماد ختم ہورہاہے۔تاریگامی نے گورنر پر زور دیاکہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور رقومات ترجیحی بنیادوں پر واگذار کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ میوہ صنعت ریاست کے معیشت کیلئے اہمیت کی حامل ہے اور اس اہم شعبے کے تئیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجانا افسوسناک ہے جس سے ریاست کی مجموعی معاشی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے ۔
 
 
 

ہراسانی کیخلاف مشترکہ حکمت کی ضرورت

سرینگر// پی ڈی پی کے صوبائی صدر انجینئر نذیر احمد یتو نے  فورسزکے ہاتھوں عام لوگوں کوہراسان کئے جانے پرزبردست غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پرزوردیا ہے۔ایک بیان میں نذیر یتو نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ظلم کے خلاف مزاحمت کیلئے آگے آئیں اور عام لوگوں کی سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بیان میں انہوںنے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں  بشمول مہاجر کشمیری پنڈتوں سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ کیلئے اختلافات سے بالاتر ہوکر اُن کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ اُنہیں نوجوانوں کے ردعمل کاانتظار رہے گا۔
 
 
 

محکمہ سیاحت کے سبکدوش ملازمین کی گورنرسے مداخلت کی اپیل

 سرینگر// جموں وکشمیر ٹور ازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سبکدوش ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے کارپوریشن کی طرف سے لاپرواہی اور اُن کے حق میں کی جانے والی سرد مہری کا شکار ہوئے ہیں۔کے این این کے مطابق ان سبکدوش ملازمین نے کہا کہ اُن کے حق میں چھٹے تنخواہ کمیشن اور سرکار کی جانب سے وقتاً فوقتاً اعلان شدہ مہنگائی بھتہ کے بقایاجات کو واگزار نہیں کیا جارہا ہے۔ بیان کے مطابق سبکدوش ہوئے ملازمین نے ریاستی گورنر اور متعلقہ مشیر سے مودبانہ اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور مداخلت کرکے سبکدوش ہوئے ملازمین کا حق دِلوائیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کارپوریشن سے وابستہ چند ایک ایک سبکدوش ملازمین اپنا بنیادی حق حاصل کئے بغیر ہی فوت ہوئے ہیں اور اُن کے لواحقین کارپوریشن کی لاپرواہی کی وجہ سے کسما پُرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
 
 
 

بڈگام میں ذہنی صحت پر پروگرام

بڈگام//سیول ڈیفنس بڈگام کی طرف سے ذہنی صحت سے متعلق ایک روزہ جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں آن لائین گیمنگ خصوصاً پی یو بی جی کی طرف خصوصی توجہ دی گئی۔ہوم گارڈ کے رضاکاروں،سول ڈیفنس کے رضاکاروں،ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں اور طلبأ کے علاوہ والدین نے پروگرام میں شرکت کی اورپروگرام کے انعقاد کی سراہنا کی۔اس موقعہ پر محکمہ صحت بڈگام کے ڈاکٹروں نے موضوع پر لیکچر پیش کئے۔پروگرام کی صدارت ایریا کمانڈنٹ وڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس بڈگام نے کی۔
 
 
 

 شبیرشاہ اور حکیم رشید کی بگڑتی صحت پرتشویش

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پارٹی سربراہ شبیر شاہ کی تہاڑ جیل میں بگڑتی صحت پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جملہ کشمیری سیاسی قیدیوں کو بھارتی ظلم کا شکار قرار دیا۔ ایک بیان میںپارٹی نے ریاست اور ریاست سے باہر کی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کی سیول سوسائٹی اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم اداروں سے اپیل کی کہ وہ شبیر شاہ سمیت کشمیر کے جملہ سیاسی قیدیوں کی اسیری ختم کرانے کیلئے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں ۔ حریت (گ) کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے کورٹ بلوال جیل میں محبوس حریت پسند لیڈر حکیم عبدالرشید کی بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ پچھلے کئی دنوں سے جیل میں ان کی حالت کافی حد تک خراب ہوگئی ہے لیکن جیل انتظامیہ انہیں معقول طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے جس کی وجہ سے اس کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے ریاست اور ریاست سے باہر دوسرے نظربند حریت قائدین مسرت عالم بٹ، غلام احمد گلزار، محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، مظفر احمد ڈار، طارق احمد ڈار، منظور احمد، عبدالغنی بٹ، محمد یوسف میر، سرجان برکاتی، فاروق توحیدی، شیخ محمد رمضان، اسداللہ پرے، عمر عادل ڈار، بشیر احمد قریشی، حکیم شوکت، سراج الدین، عبدالرشید مغلو کے علاوہ جملہ قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے جانے کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ جیل خانوں کا دورہ کرکے یہاں قیدیوں کی حالت زار کا از خود مشاہدہ کریں اور اس ضمن میں انسانی ہمدردی کے ناطے مناسب اقدامات کرکے جموں کشمیر کے قیدیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کریں۔
 
 
 

شکیل بٹ، غازی بابا اور ظہور کنہ سنٹرل جیل منتقل

سرینگر// مزاحمتی اراکین شکیل احمد بٹ، غازی جاوید بابا اور ظہور احمد کنہ کو مہاراج گنج پولیس سٹیشن سے سنٹر جیل منتقل کیا گیا ہے۔ غازی بابا کے اہل خانہ کے مطابق وہ 28 جنوری تک ریمانڈ پر سنٹرل جیل میں بند تھے لیکن رہائی کے فوراََ بعد انہیں جیل کے دروازے کے باہر گرفتار کر کے دوبارہ مہاراج گنج پولیس سٹیشن میں بند رکھا گیا جہاں سے منگل کو انہیں 4 فروری تک پولیس ریمانڈ میں رکھا جائے گا۔ دریں اثنا ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے شکیل بٹ کی دوبارہ گرفتاری پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مزاحمتی کارکنوں کی بار بار گرفتاریوں اور خصوصاََ بیرون ریاست جیلوں میں زیر حراست اراکین کی حالت زار کا جائزہ لیں۔
 

 

دیہی ترقی کا ملازم حرکت قلب بند ہونے سے فوت

اوڑی/ظفر اقبال/دیہی ترقی محکمہ میں بحیثیت ولیج لیول ورکر کام کر رہے آفتاب احمد خان عرف آفتاب سرحدی ساکن کمل کوٹ اوڑی منگل کو بارہمولہ میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے فوت ہو گئے۔جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے شمالی زون کے نائب صدر ڈاکٹر سجاد شفیع نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔