مزید خبریں

 چائلڈ لائین سروس سے متعلق ورکشاپ کا افتتاح 

جموں// جموں اینڈ کشمیر انٹی گریٹیڈ چائلڈ پروٹیکشن سروسز( جے کے آئی سی پی ایس) اور چائلڈ ریسورس سینٹر( سی آر سی) نے چائلڈ لائین سروس سے متعلق یک روزہ خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔چائلڈلائین انڈیا مرکزی وزارت خواتین و اطفال کا ایک پروجیکٹ ہے اور چائلڈ لائین انڈیا فاؤنڈیشن ایک رضا کارانہ تنظیم ہے جو بچوں سے متعلق ٹیلی فون ہیلپ لائین چلارہا ہے تا کہ تکلیف میں مبتلا بچوں کی طرف سے اطلاعات حاصل کی جاسکیں۔یہ ملک کی بچوں کے لئے پہلی ٹول فری فون آؤٹ ریچ سروس(1098 ) جو24 گھنٹے چالو رہتی ہے۔اس موقعہ پر ایس سی او سی کے چیئرپرسن جسٹسا حسنین مسعودی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس حسنین مسعودی نے چائلڈ لائین کے رول کو اُجاگر کیا جو بچوں تک پہنچنے کے لئے ایمرجنسی آؤٹ ریچ سروس ہے۔انہیں بتایا گیا کہ2020 تک ریاست کے تمام22 اضلاع میں چائلڈ لائین انڈیا فاؤنڈیشن کے ذریعے چائلڈ لائین سروسز کے مراکز قائج کئے جائیں گے۔ممبر ایس سی او سی راجیو کھجوریہ نے اس موقعہ پر ریاست میں چائلڈ لائین کے خدو وخال بیان کئے۔چائلڈ ویلفیئر کمیٹیز کے چیئرپرسن اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل آئی سی پی ایس جے اینڈ کے کے ایڈمنسٹریٹو افسر ڈاکٹر محمد حُسین نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
 
 

خورشید گنائی نے مہاتما گاندھی کو  خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں// مہا تما گاندھی کو اُن کے72 ویں یوم وفات کے موقعہ پرگورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی ملک کے تئیں جنگ آزادی میں حصہ لینے کے رول کو اُجاگر کیا ہے۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے گاندھی گلوبل فیملی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کی جس کا اشتراک یونائٹیڈ نیشنز انفارمیشن سینٹر، ایسوسی ایشن آف پیوپلز آف انڈیا، گاندھی پیس فاؤنڈیشن اور دیگر منسلک تنظیموں نے بھی کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید گنائی نے مہاتما گاندھی کو مُلک کا سب سے بڑا لیڈرقرار دیا جنہوں نے جنگ آزادی کے دوران ملک کی بقاء کے لئے تمام تر کوششیں انجام دیں اور آزادی کے بعد ہمارے لئے ایک مشعلِ راہ تعمیر کی۔انہوں نے کہا کہ ملک تبھی ترقی کر سکتا ہے جب ہم مہا تما گاندھی جی کے دکھائے ہوئے راستے پر گامزن ہوں۔صلاحکار نے کہاکہ گاندھی جی نے بھائی چارے، مختلف مذاہب کے درمیان صبر و استقلال، قومی ہم آہنگی کا درس دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ستیہ، آہنسا اور ستیہ گرہ کے اصول سکھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی عوام گاندھی جی کی عزت اور محبت کرتے ہیں۔ملک کے نوجوانوں کو اس کی تعمیر میں حصہ لینے کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے طُلباء پر زور دیا کہ وہ گاندھی جی کے دکھائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مہاتما گاندھی کی طرف سے ملک کے تئیں کئے گئے کاموں کے بارے میں بچوں میں بیداری پیدا کریں۔ پریذیڈنٹ جی جی ایف، ایس پی ورما نے صلاحکار اور دیگر شخصیات کا تقریب میں شرکت کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔وائس چانسلر جموں یونیورسٹی انجو بھسین، سابق وزیر ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، ڈویثرنل کمشنر جموں سنجیو ورما،لیفٹنٹ جنرل راکیش شرما( ریٹائرڈ) ڈپٹی میئر جے ایم سی پورنیما شرما اور پریذیڈنٹ جی جی ایف، ایس پی ورما نے بھی مہا تما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 
 
 

پنتھرس سربراہ کا مطالبہ 

۔30جنوری کو قومی سوگ کا دن منایا جائے

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکیٹو رکن پروفیسربھیم سنگھ نے پارلیمنٹ سے30جنوری کو قومی سوگ کا دن منانے کااعلان کرنے کی اپیل کی ہے جس دن بابائے قوم مہاتما گاندھی کو قتل کیاگیاتھا۔
 
 
 
 

شمس الدین کی والدہ فوت ،غلام نبی وسیم کا اظہار تعزیت 

سرینگر// تحریک استقلال کے چیرمین غلام نبی وسیم نے حال ہی میںرہاہوئے شمس الدین خان کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردہ اورتعزیت کااظہارکیاہے۔ایک بیان میں انھوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ مرحومہ کوجوار رحمت نصیب ہو اور لوا حقین کو اللہ تعالیٰ یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔
 
 
 

اعجازرسول کے لواحقین سے اوقاف کمیٹی میدان چوگل کی تعزیت 

ہندواڑہ//میدان چوگل ہندوارہ کے لوگوں نے 28جنوری کو ہندوارہ میں فوجی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوئے فاریسٹ پروٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجازرسول وانی کو پرنم آنکھوں سے یاد کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔اوقاف کمیٹی چوگل نے مرحوم کے گھر سوپور جاکر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی اور اس حادثے پر افسوس کااظہار کیا۔ 
 
 
 

نیشنل کانفرنس بلاک صدر بونیار اوڑی کاانتقال

اوڑی/ظفر اقبال/نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر بونیار اوڑی غلام حسن میرکا بدھ کوصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر میںانتقال ہوگیا۔ غلام حسن میر گزشتہ ڈیڑھ سال سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور ایک ہفتہ قبل اْنہیں جموں میں کافی عرصہ رہنے کے بعدصورہ میڈیکل انسٹیچیو ٹ سرینگر میں علاج و معالجے کے لئے داخل کیا گیا جہاں اْن کی بدھ کو موت واقع ہوئی۔غلام حسن میر گزشتہ بیس سال سے نیشنل کانفرنس سے وابستہ تھے۔ میر کی موت پر کئی سیاسی اور سماجی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کیا۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی اوڑی محمد شفیع اوڑی اور نیشنل کانفرنس کے شمالی زون کے نائب صدر سجاد شفیع نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔
 
 
 

محکمہ اطلاعات نان گزیٹیڈ ایمپلائز یونین کی تشکیل نوشبیر احمد صدر منتخب

سرینگر//محکمہ اطلاعات نان گزیٹیڈ ایمپلائز یونین نے میڈیا کمپلیکس ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن جموں میں منعقدہ ایک میٹنگ میں محکمہ کے ملازمین کو درپیش معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات میں مزید سرعت لانے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں اتفاق رائے سے شبیر احمد کو یونین کا صدر منتخب کیاگیا جب کہ جموں ڈویژن کے ویرندر سنگھ اورکشمیر ڈویژن کے بلال احمد کو نائب صدر کے طور منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ کے دوران یونین نے عبدالرشید وانی کو جنرل سیکریٹری، حمید اللہ بچھو سیکریٹری،گگن سنگھ جموال کو پبلسٹی سیکریٹری اورمحمد لطیف پرے کا کیشر کے طور انتخاب عمل میںلایا۔جاوید انتخاب،نپن ونود بٹ،سریش کمار،منظور عبداللہ،محمد اشرف راتھر،راجیو شرما،ارشد تبو،محمد شفیع،فاروق احمد ،عابد بابا ،سجاد احمد ،پرتھپال سنگھ،کومل پنڈتا ،سویتا شرما،کلپنا مٹو اوراومیکا رینا یونین کے ایگزیکٹیو ممبران ہوں گے۔
 
 
 
 

آرینز کیمپس میں خون کے عطیے کاکیمپ

سرینگر//آرینزگروپ آف کالجزنے پوسٹ گریجویٹ انسٹی چیوٹ چندی گڈھ کے اشتراک سے کیمپس میں خون کے عطیے کا کیمپ منعقد کیا۔کیمپ کاافتتاح مدن لال ممبراسمبلی گھنور نے کیا جبکہ ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے تقریب کی صدارت کی ۔ اس دوران ڈاکٹر انیتا اسسٹنٹ بلڈ ٹرانسفیوژن آفیسر نے رضاکاروں کی طبی جانچ کی اور اہل رضاکاروں کو خون کا عطیہ دینے کیلئے منتخب کیا۔ا س موقعہ پر طلباء کو اسناد سے نوازا گیا۔مدن لال جلال پور نے آرینز کی ان کوششوں کو سراہاجن کے تحت اس کیمپ کانعقاد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آرینز بہت نیک کام انجام دے رہا ہے اورطلباء کو ذمہ دار شہری بنانے کیلئے ہر ممکن پلیٹ فارم کااستعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر کالجوں اور طلباء کو بھی آگے آکر اس طرح کے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے.۔ڈاکٹر انشوکٹاریہ نے تمام رضاکاروں جنہوں نے خون کا عطیہ پیش کیا کا شکریہ ادا کیا۔
 
 
 

سریکلچر محکمہ کے وال کلینڈر کی رسم رونمائی

ابریشم صنعت کے احیاء نو کیلئے ہمہ جہتی منصوبے پر عمل درآمد جاری

سرینگر// اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر اے آر تراگ نے یہاں سریکلچر محکمہ کے وال کلینڈر کی رسم رونمائی انجام دی۔ ڈائریکٹر سریکلچر گلزار احمد شبنم کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پروفیسر تراگ نے کہا کہ سریکلچر ریاست کی اقتصادیات میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے لہذا اس کا احیاء نو وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ غنچہ ابریشم ایک منافع بخش کام ہے اور لوگوں کو اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری دی جانی چاہئے۔ ڈائریکٹر سریکلچر نے کہا کہ محکمہ نے پہلی بار وال کلینڈر شائع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کشمیری اور ڈوگری زبانوں میں نیوز لیٹر شائع کرے گا جس کے ذریعے کسانوں کو جدید جانکاری فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سریکلچر محکمہ ریڈیو اور ٹیلی ویثرن کے ذریعے بحث و مباحثوں کا اہتمام کرے گا تا کہ سریکلچر کی سرگرمیوں سے متعلق جانکاری کو عام کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں سریکلچر کے احیاء نو کے لئے ہمہ جہت لائحہ عمل اپنا یا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے حال ہی میں شروع کی گئی کئی سکیموںکا حوالہ دیا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سریکلچر کشمیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس سے قبل محکمہ کی سرگرمیوں سے متعلق ایک ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
 
 
 

گریزی کی فرقہ پرست جماعتوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین

گاندربل//ارشاد احمد// نیشنل کانفرنس کے سینئررہنما و سابق رکن اسمبلی گریز نظیر احمد خان گریزی نے عوام کو کشمیر کی سالمیت اور بھائی چارے کو زک پہنچانے والی جماعتوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے۔ ضلع گاندربل کے تحصیل کنگن میں گریز، تلیل، اور کنزلہ ون کے رہائش پذیر لوگوں کے کئی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ایک ہی پارٹی کو ووٹ دیکر کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آج کل کشمیر کی سالمیت، اور بھائی چارے کو کمزور کرنے کے لئے تھرڈ فرنٹ اور فرقہ پرست جماعتیں نئے حربے استعمال کررہے ہیں جن سے کشمیر کی سالمیت،بھائی چارہ اور تعمیر و ترقی خطرے میں پڑ جاے گی اور ان پارٹیوں سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
 
 
 
 

آنکھوں کی بینائی کی کمی میں مبتلا بچوں کے لئے جموںمیں فلم فیسٹول 

جموں// ڈائریکٹوریٹ آف سماگرا ہ شکھشا نے ریڈیو مرچی جموں کے تعاون سے قوت بینائی سے محروم بچوں کے لئے ایک فلم فیسٹول کا انعقاد کیا ۔فلم فیسٹول کا انعقاد پام آئی لینڈ مال میں کیا گیا تھا جہاں روپ نگر جموں میں قائم بلائنڈ سکول کے بچے موجود تھے۔اس موقعہ پر سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے جسمانی طور خاص بچوں کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد کرانے پر زور دیا۔ڈائریکٹر سماگر اہ شکھشا ڈاکٹر ارون منہاس ، سٹیٹ کاڈی نیٹر سماگراہ شکھشا ڈاکٹر رویندر جانگرال اور دیگر عہدہ دار بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔جموں سنسکرتی سکول نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
 
 
 

 قیدیوں کیلئے سہولیات کا جائزہ

پرنسپل اینڈسیشن جج پلوامہ کا خصوصی جیل کا معائنہ

پلوامہ// پرنسپل اینڈ سیشن جج پلوامہ محمد ابراہیم وانی نے ضلع ترقیاتی کمشنر جی ایم ڈار کے ہمراہ سپیشل جیل کا دورہ کرکے وہاں انتظامی معاملات اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔پورے جیل خانے کا معائنہ کرنے کے بعد پرنسپل اینڈ سیشن جج اورترقیاتی کمشنر نے یہاں صحت سہولیات،صفائی ستھرائی اوردیگر سہولیات کا جائزہ لیا جو کہ قیدی کو فراہم کی جارہی ہیں اس موقعہ پر قیدیوں نے پرنسپل اینڈ سیشن جج کو جیل میںدرپیش مشکلات اور عدم سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے کہا کہ ہماری کوششیں یہی ہے کہ قیدیوں کو کتابوں کے علاوہ ہنر مندی کی تربیت دی جائے اور انہیں کھیل کود کا سامان فراہم کیا جائے۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے قیدیوں پرزوردیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تربیتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
 
 
 

 پیپلز کانفرنس کا پارٹی نشان’سیب‘ 

سرینگر//سجاد غنی لون کی سربراہی والی پیپلز کانفرنس نے ریاست جموں وکشمیر میںپارٹی کے لیے سیب کا نشان مقرر کیا ہے۔ سجاد غنی لون کی سربراہی والی پیپلز کانفرنس نے ریاست جموں وکشمیرمیں پارٹی کو متحرک، فعال اور مضبوط بنانے کے حوالے سے مزید پیش رفت کرتے ہوئے پارٹی کے لیے سیاسی نشان مقرر کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پارٹی نے سیاسی پیش رفت کے بطور کشمیر کے معروف پھل ’سیب‘ کو اپنا پارٹی نشان مقرر کیا ہے۔ سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر پی سی چیرمین سجاد غنی لون نے عوامی ، سیاسی اور غیر سیاسی حلقوں کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیب جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کا پارٹی نشان ہوگا۔ یہ نشان ریاست جموں وکشمیر کی معاشی قوت کا نشان ہوگا‘‘۔ سجاد غنی لون نے پارٹی کے لیے ’سیب‘ کا نشان مقرر ہونے پر سابق ایم ایل اے محمد عباس وانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وانی نے ہی پارٹی کے لیے یہ نشان تجویز کیا ہے۔ٹویٹر پر وانی کو شکریہ ادا کرتے ہوئے پی سی چیرمین نے کہا کہ ’’میں سابق ایم ایل اے گلمرگ محمدعباس وانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے ہی سیب کو پارٹی نشان بنائے جانے کی تجویز دی۔ ان کی اس تجویز سے ریاست کی معاشی قوت کا بھی اظہار ہوتا ہے‘‘۔خیال رہے پیپلز کانفرنس نے سال 2014کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے شمالی کشمیر کی دو نشستوں پر جیت درج کی تھی تاہم گزشتہ برس سے پارٹی سے اُس وقت عوامی مقبولیت حاصل کی جب سابق مخلوط حکومت کے ٹوٹ جانے کے بعد سابق حکمران جماعت پی ڈی پی کے اندر خلفشار اور ٹکرائو نے جنم لیا۔ اس دوران پی ڈی پی سے کئی سینئر لیڈران اور کارکنان نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی سے مختلف معاملات پر اختلاف کرتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ پیش کیا اور یوں پی ڈی پی کے باغی اور ناراض لیڈران کی بڑی تعداد پی سی کے ساتھ جڑتی گئی جس کس سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
 
 
 

نوجوان ہی بدلائو کا بیڑا اُٹھائیں :کانگریس

ڈورو اننت ناگ//نوجوانوں کے مثبت رول کو امن وامان کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہی ریاست کو موجودہ غیر یقینیت ،تکالیف اور مشکلات کے بھنور سے باہر نکال سکتی ہے ۔ڈورو ویری ناگ اننت ناگ میں یوتھ کنونشن اور پہلی مرتبہ رائے دہی کا استعمال کرنے والے ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی غلام احمد میر نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ۔ان کا کہناتھا کہ نوجوان نسل ہی کشمیر کو موجودہ بحران سے باہر نکال سکتی ہے ۔انہوں نے ووٹ کو جمہوریت کی بقاء اور عوامی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو متحرک ہونا پڑے گا ۔کیونکہ ووٹ سے ہی سماج اورمعاشرے میں بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے جسکی وجہ اس وقت اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی نوجوان یہ محسو س کر چکتے ہیں کہ جموں وکشمیر کو فرقہ پرستوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تبدیلی ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا’ میں صرف حلقہ ڈورو کے نوجوانوں پر یہ زور نہیں دے رہا ہوں بلکہ ریاست کے تینوں خطوں کے نوجوانوں سے یہ کہنا چاہتاہوں کہ استحصالی سیاست کو شکست دینے کیلئے آپ کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر نا ہوگا اور کانگریس کو مضبوط بنانا ہوگا ‘۔ان کا کہناتھا کہ کانگریس کی لیڈر شپ جسکی سربراہی راہول گاندھی کررہے ہیں ،نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے حوالے سے وعدہ بند ہے۔اس موقع پر یوتھ کنونشن سے غلام محی الدین بٹ ، محمد اقبال میر ،محمد اقبال آہنگر ،طارق محی الدین گنائی ،شبیر احمد ڈار ،پیر شاہباز،سید محمد رفیع اور دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا ۔
 
 
 
 

چناؤ فہرستوں کی اشاعت 

مدت میں7 فروری تک کی توسیع

جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر میں حتمی چناؤ فہرستوں کی اشاعت کی تاریخ 7 فروری 2019 تک بڑھا دی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے شیلندر کمار کے مطابق اُن کا دفتر تمام سیاسی پارٹیوں کو چناؤ فہرستوں کی حتمی اشاعت کی تاریخ میں توسیع کرنے کے تعلق سے  باخبر کر رہا ہے کیونکہ یہ ایک آئینی ضرورت ہے ۔ شیلندر کمار نے نئے ووٹروں کے اندراجات اور اپ ڈیشنز کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور نئے ووٹر کسی بھی وقت آن لائین ویب سائیٹ www.nvsp.in  پر اپنے اندراجات عمل میں لا سکتے ہیں یا وہ گوگل پلے سٹور سے ووٹر ہیلپ لائین ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر یونیورسل ووٹر ہیلپ لائین 1950 سے بھی جانکاری حاصل کر سکتے ہیں ۔ 
 
 
 

گورنرکامجاہدین آزادی کوخراجِ عقیدت 

جموں// گورنر ستیہ پال ملک اور راج بھون کے سول اور سیکورٹی عملے نے بدھوارکو صبح 11بجے دومنٹ کی خاموشی اختیار کر کے اُن مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہدکے دوران اپنی جانوں کی قربانی  پیش کی۔
 
 
 

چودھری رمضان سے عمر عبداللہ کی تعزیت پرسی

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مرحوم چودھری عبدالعزیز کے گھر ہندوارہ جاکر تعزیت پرسی کی ۔انہوں نے اس موقعہ پر مرحوم کے داماد اورپارٹی کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان سے یکجہتی کا اظہارکیا ۔ اس موقعہ پر مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعاکی گئی۔ اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، وسطی زون صدر علی محمد ڈاراور دیگرپارٹی لیڈران شمی اوبرائے، تنویر صادق، بشارت بخاری ، غلام حسن رائے اور دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے۔
 
 
 

ظفر بٹ کا غمزدہ کنبوں سے اظہار یکجہتی

سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔انہوں نے  کہا کہ جس ہمت و پامردی سے تحریک مزاحمت کے کارواں میں اپنی جانی قربانیاں پیش کررہے ہیں ،اُن کا تقاضا ہے کہ بلا خوف  استقامت اور اتحاد و اتفاق سے مشن کو تکمیل تک پہنچایا جائے۔
 
 
 
 
 

پیپلز کانفرنس مضبوط جماعت بن کر ابھرے گے:وکیل

سرینگر// پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر عبد الغنی وکیل نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پیپلز کانفرنس ایک مضبوط جماعت بن کر ابھر گئی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ مستحکم سرکار ضرور دینگے کیونکہ عوام اب روایتی جماعتوں سے کافی تنگ آچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات اب ایسے ہیں کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو اسمبلی اور پارلیمنٹ کیلئے امید وار ہی نہیں مل رہے ہیں اور اب وہ سبکدوش افسروں کو امیدواری کی لالچ دیکر پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔ وکیل گاندھی نگر جموں میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کشمیر کے پہلے ایسے لیڈرہیں جنہوں نے اپنے بیٹے عمر عبداللہ کو مرکزی وزیر بنانے کیلئے اتحاد کیا تھا بلکہ اتنا ہی نہیں انہوں نے پروفیسر سوز کو اسی لئے پارٹی سے الگ کر لیا کیونکہ انہوں نے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیکر بی جے پی سرکار کو گرا دیاتھا ۔
 
 
 

بارہمولہ میں کلکولیٹر بنانے والی کمپنی پر50ہزارکا جرمانہ عائد

بارہمولہ// لیگل میٹرالوجی محکمے نے بارہمولہ میں کلکولیٹر بنانے والی ایک کمپنی پر لیبلنگ ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں 50000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔اس سے قبل لیگل میٹرولاجی ڈیپارٹمنٹ نے کمپنی پر خلاف ورزی کے الزام میں 2011کے قانون کے تحت معاملہ درج کیا تھا کیونکہ کمپنی کی طرف سے کلکولیٹر کے پیکیج پر اضافی قیمت درج کی گئی تھی۔لیگل میٹرولاجی نے سوپور علاقے میں پیکیجز کو ضبط کیا اور جانچ شروع کی جس کے بعد معاملہ کمپنی کے ساتھ اُٹھایا گیا ۔کمپنی کی طرف سے غلط تسلیم کی گئی اوراسسٹنٹ کنٹرولر بارہمولہ نے کمپنی پر 50000ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔