کوٹرنکہ میں سٹیٹ بنک شاخ کے قیام کی مانگ
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ میں سٹیٹ بنک کی برانچ قائم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ وہ بنکنگ سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت یہاں چل رہے بنک صارفین کو سہولیات سے فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوامی مشکلات اور یہاں کی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹیٹ نیشنل بنک کی شاخ کھولی جانی چاہیئے۔مقامی سماجی کارکنان انجینئر سجاد ، جاویر اقبال ،الطاف احمد ، وغیرہ نے کہا کہ کوٹرنکہ تحصیل میں سٹیٹ نیشنل بنک کی برانچ کھل جانے سے صارفین کی مشکلات میں بہت زیادہ کمی واقع ہوگی۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں عوام کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کوٹرنکہ کے کئی طلبا بیرون ریاست میں زیر تعلیم ہیں جنہیں پیسہ بھیجنے کے لئے والدین کو راجوری جانا پڑتا ہے ، لہذا تمام پریشانیوں سے نجات کیلئے یہاں بنک کی شاخ کھولی جائے۔
کل ہندمشاعرے کے منتظمین کی ستائش
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم ہیومن ویلفیئر سوسائٹی پونچھ کے چیئرمین عباس ملک نے جموں میں اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے زیراہتمام 28جنوری کو منعقدہ مشاعرے کے شاندار انعقاد پر اکیڈمی کے سکریٹری اور دیگر افسران کی کاوشوں کوسراہاہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 جنوری کو جموں میں منعقدہ اس مشاعرے میں پورے ملک کے بہترین شعراء کے ساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر کے ان شعراء کرام کودعوت دی گئی تھی جو اس بات کا حق رکھتے ہیں کہ وہ کل ہند مشاعرہ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وہ ڈاکٹر علمدار عدم کلچرل آفیسر کی سراہنا کرتے ہیں جنہوں نے ایک بہترین فہرست تشکیل دے کر اس مشاعرے کی کامیابی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ یوم جمہوریہ پر منعقدہ مشاعرے میں شعراء کرام نے اپنے کلام کے ذریعے جو امن و آشتی کا پیغام دیا اس کے لئے شعرائے کرام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکیڈمی کے سیکرٹری اور ان کی پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک بہترین مشاعرے کا اہتمام کرکے جشن یوم جمہوریہ میں ان کو شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔
پولیس اہلکارترقیاب
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ میںمحکمہ پولیس کی جانب سے پولیس اہلکارمحمدآزادخان کوترقی سے نوازاگیا۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ایس ڈی پی اوسرنکوٹ ریاض احمد ،ایس ایچ او سرنکوٹ ،جاوید ملک انسپکٹر پولیس الطاف احمدودیگران موجودتھے۔۔اس دوران مقررین نے محمد آزاد خان کی محکمہ پولیس میں انجام دی گئی اکیتس سالہ خدمات کی ستائش کی۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سرنکوٹ نے محمد آزاد خان کے کاندھوں پر دو سٹار نصب کرکے اس کی عزت افزائی کی اور امید ظاہر کی کہ جس طرح آپ نے محکمہ پولیس میں کام کیا اس سے بھی اچھا کام مزید آپ کریں گے، وہاں سول سوسائٹی کے لوگوں کی طرف سے مبارکباد پیش کی، جب اس سلسلے میں محمد آزاد خان سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ اکتیس سال میں نے محکمہ پولیس میں ایک سپاہی کی حیثیت سے کام کیا ہے اور اب مجھے تقویت ملی ہے اور اے ایس ائی بن گیا ہوں،جس میں اپنے پولیس آفیسران کا سول سوسائٹی کا شکر گذار ہوں۔
سرنکوٹ میں دوچورگرفتار،مال ِمسروقہ ضبط
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے اقبال نگر مارکیٹ میں گذشتہ روز ایک شبانہ نقب زنی کا معاملہ سامنے آیا تھا جس میں لاکھوں کا سامان نقب زن لے کر فرار ہوگئے تھے۔ مالک دوکان محمد بشیر ولد نور حسن ساکنہ لسانہ حال سرنکوٹ نے پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایک درخواست دی تھی جس پر پولیس سرنکوٹ نے سختی سے کاروائی شروع کی،البتہ پولیس نے چوری کی وارات کے بعد دو مشکوک نوجوانوں کو دو دن پہلے پکڑ لیا تھا، جن سے پوچھ تاچھ کی گئی تو نقب زنوں نے قبول کیا کہ ہم نے چوری کی ہے۔ واضح رہے کہ وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔ پولیس سرنکوٹ کی جانب سے مسروقہ سامان کو ضبط کیا گیا ہے جس کی قیمت دو لاکھ بتائی جارہی ہے۔ اس سامان کو ذرائع ابلاغ کو دکھایا گیا۔اس بارے میں ایس ڈی پی او سرنکوٹ ریاض احمدنے بتایا کہ ہمیں درخواست دی گئی تھی تو ہم نے بغیر کسی تاخیر کے جانچ شروع کی اور ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال کی ہدایت کے مطابق کاروائی شروع کی جس میں دو نوجوان محمد اسحاق ولد قاسم ساکنہ نڈیالی مرہوٹ حال سرنکوٹ اور محمد امین ولد عبدالقیوم ساکنہ سرنکوٹ کو ہم نے حراست میں لیا ہے اور دو لاکھ کا سامان بھی ضبط کیا ہے جس میں تین بڑے گیزر دس پانی کی موٹریں بیس پاکٹ ٹائل پینٹ کی بالٹیاں فیوی کول کے ڈبے ودیگر سامان ضبط کیا ہے۔ تاہم ایف آئی آر زیر نمبر21 اور زیر دفعات 380 457 آر پی سی کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے اور دیگر مشکوک چوروں کی تلاش میں ہماری پولیس کام کر رہی ہے اور مگر کچھ بقایا سامان جو ہے وہ بھی جلد ضبط کیا جائے گا۔ اس اثنامیں مالک دوکان محمد بشیر نے بتایا کہ میرا لکڑی ،لوہے اور دیگر مکانوں کی زیبایش کے سامان کا کاروبار ہے۔ اور میرا کاروبار ہاڑی محلہ اقبال نگر سرنکوٹ میں ہے اور میی دوکان سے پندرہ لاکھ سے زائد کی قیمت کا سامان جو ہے چور لے کر چلے گئے۔ البتہ سرنکوٹ پولیس نے اچھا کام کیا ہے اور مبارک دیتا ہوں کہ انھوں نے دو چور تو سامنے لائے ہیں۔ البتہ جو کاروائی پولیس نے کی ہے یہ میرے لیے کافی نہیں ہے کیونکہ سامان لاکھوں کا چوری کیا گیا ہے۔
رضاکارتنظیم کی طرف سے سرحدی عوام کے تئیں ایثار
گھانی دھراٹی کے لوگوں میں رسوئی گیس ودیگر سامان تقسیم
پونچھ//راشٹریہ والنٹیئر یوتھ آرگنائزیشن نامی این جی او نے مینڈھرسرحدی علاقہ گھانی دھراٹی کے لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کرنے کیلئے ایک تقریب کااہتمام کیا۔اس دوران تقریب میں ڈاکٹر شہزادملک ،وائس چانسلر سائی ناتھ یونیورسٹی آگرہ مہمان خصوصی تھے۔اس دوران لوگوں میں رسوئی گیس کٹس اورسٹیشنری کاسامان تقسیم کیاگیاجس کامقصد علاقہ کی خواتین بالخصوص بیوائوں اورطلباکی امدادکرناتھا۔اس موقعہ پر ڈاکٹرشہزادملک نے ایس گردیپ سنگھ صراف اورآرکے بٹا ودیگراراکین کی کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے سرپنچ گھانی پنچایت اورگگن دیپ کوروارڈپنچ کاامدادی سامان تقسیم کرنے کے پروگرام کی میزبانی کرنے کیلئے اقدامات کی ستائش کی۔اس موقعہ پر امرت سنگھ صراف، سربجیت سنگھ، جگجیت ،دلیپ،سورج پرکاش اورپرتپال سنگھ بھی موجودتھے۔
سرنکوٹ میں کانگریس کی یوتھ کنونشن کاانعقاد
سرنکوٹ//سرنکوٹ میں کانگریس کی طرف سے یوتھ کنونشن کااہتمام کیاگیاجس کی صدارت سابق ایم ایل اے سرنکوٹ اکرم چوہدری کررہے تھے۔اس دوران کنونشن میں کثیرتعدادمیں کانگریس ورکروں اورمقامی نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے لوگوں کے مسائل ،کانگریس کی صورتحال اوربیروزگاری کے مسئلے پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پرشرکانے سابق ایم ایل اے کوعوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اکرم چوہدری نے پارٹی کارکنان پرزوردیاکہ وہ کانگریس کوزمینی سطح پرمضبوط بنانے کیلئے کام کریں۔
گولڈن انسٹی ٹیوٹ فتح پور نے یوم تاسیس منایا
راجوری//فتح پور علاقہ میں ایک نجی ادارہ گولڈن انسٹی ٹیوٹ نے سالانہ دن منانے کیلئے تقریب کااہتمام کیا۔تفصیلات کے مطابق گولڈن انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین پرویز چوہدری نے ادارہ کے آٹھ سال مکمل ہونے پرسالانہ منانے کیلئے پروقارتقریب منعقدکی۔اس موقعہ پر پرائیوٹ اسکول انسٹی ٹیوٹ کے ضلع صدر خورشید بسمل اور محکمہ اوقاف راجوری کے ایڈمنسٹریٹر قیوم ڈار مہمان خصوصی تھے۔ادارے کے طلبا و طالبات نے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا۔ دیگر نجی اداروں کے چیئرمین ودیگرمعززین بشمول پرویز خان،بابو خان بھی موجود تھے۔بچوں کے والدین نے ادارہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت ہی اچھے طریقے سے ہمارے بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے اس موقعہ پرمہمان خصوصی نے گولڈن انسٹی ٹیوٹ فتح پور کے چیئرمین کی بھی سراہنا کی اورنیک خواہشات کااظہارکیا۔
جنگلی ہرن شدیدزخمی حالت میں بازیاب
علاج ومعالجہ کیلئے راجوری منتقل
سمت بھارگو
راجوری//حدمتارکہ کے قریب شدیدزخمی ہوئے ایک جنگلی نر ہرن کوفوج نے بچالیاہے اوراس کوعلاج کیلئے راجوری منتقل کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق راجوری کے ترکنڈی سرحدی علاقہ میں ڈیوٹی پرتعینات فوجی اہلکاروں نے ایک ہرن کوتاروں میں پھنساہواپایاجوشدیدزخمی حالت میں تھا۔فوج نے اسے زخمی حالت میں نکال کرعلاج ومعالجہ کیلئے راجوری منتقل کیاگیاجہاں ویٹرنری ڈاکٹروں نے اس کاعلاج شروع کردیاہے ۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وائلڈلائف راجوری چوہدری مشتاق حسین نے بتایاکہ حدمتارکہ پرتاربندی میں پھنس کرایک نرہرن شدیدزخمی ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ آرمی ویٹرنری ہسپتال راجوری میں زخمی ہرن کاعلاج چل رہاہے اورمحکمہ وائلڈلائف پروٹیکشن نے ہرن کواپنی تحویل میں لے لیاہے۔
انٹرولیج کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
بڈھوال نے نکیاں کی ٹیم کوفائنل میں شکست دی
نیوز ڈیسک
راجوری//فوج کی طرف سے 4 جیکلائی کے رائفل مین ستیش کمارشرماکی یاد میںبدھوال گائوں میں منعقدہ انٹرولیج کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیرہوگیاہے جس میں 8ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کاآغاز 27 جنوری کوہواتھااورگزشتہ روزفائنل میچ بڈھوال اورنکیاں گائوں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیاجس میں بڈھوال کی ٹیم نے میچ 27رنوں سے جیت لیا۔ اس دوران مقررین نے کہاکہ رائفل مین شتیش شرما یکم جون 1999 میں ملی ٹینٹوں سے لڑتے ہوئے جان بحق ہوگیاتھا۔لوگوں نے فوج کی اس کاوش کوسراہا۔ اس دوران سابق ایکس سروس مین کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کیلئے پروگرام کابھی انعقاد کیاگیاجس میں درہال، تھنہ منڈی،نالی، کوٹلی،منجاکوٹ ،مہاری ،سابراگلی،گوہلد،کیری وغیرہ کے لوگوں نے حصہ لیااوراپنے مسائل سے فوج کوآگاہ کیا۔