مزید خبریں

دھیری رلیوٹ میں محکمہ مال کا کیمپ 

پرویز خان 
منجا کوٹ //محکمہ مال کی جانب سے منجا کوٹ تحصیل کے دھیری رلیوٹ گائوں میں ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران لوگوں کو مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔تحصیلدار منجا کوٹ جاوید چوہدری کی قیادت میں محکمہ مال کے ملازمین نے بھی اس عوامی کیمپ میں شرکت کرکے لوگوں کو ڈومیسائل ،پہاڑی ،ودیگر سرٹیفکیٹ جاری کئے ۔اس عوامی کیمپ میں دیراڑی ،دبروٹ ،دھیری رلیوٹ وغیرہ علاقہ کے لوگوں کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین نے بھی شرکت کی ۔کیمپ کے دوران محکمہ کی جانب سے 603سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔گزشتہ کچھ دنوں سے محکمہ کی جانب سے تحصیل کے مختلف علاقوں میں مذکورہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے کیمپوں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔
 
 

سٹریٹ لائٹ کی مرمت کا مطالبہ 

پرویز خان 
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر انتظامیہ کی جانب سے نصب کی گئی سٹریٹ لائٹ گزشتہ کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں رہائش پذیر عام لوگوں کو شدید مشکلات کاسا منا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں و دکانداروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ پولیس سٹیشن کے قریب چوک میں نصب کردہ سٹریٹ لائٹ کئی ماہ سے خراب پڑی ہوئی ہے جبکہ اس کی مرمت کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک اس کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سٹریٹ لائٹ کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
 
 

دھار گلون میں کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے دھار گلو ن گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول میں کھیلا جارہا ہے وائی ایس ایس کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دھار گلون کرکٹ کلب کی ٹیم نے آسانی کیساتھ کامیابی حاصل کر لی ۔فائنل میچ اللہ رکھا کرکٹ کلب اور دھار گلون کرکٹ کلب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہائر سکینڈری سکول دہار گلون کلب کی ٹیم نے مقررہ 15اوروں میں 115رنز بنائے جبکہ اللہ رکھا کرکٹ کلب کی ٹیم صرف 61رنز بنا کر آئو ٹ آگئی ۔اس موقعہ پر ہائر سکینڈری سکول دھار گلون کے پرنسپل محمد امین مغل اور متعلقہ شعبہ کے آفیسر نظیرحسین نے انعاما ت تقسیم کئے ۔
 
 

دارالعلوم محمودیہ قاسم نگرمیںجلاس منعقد 

قرآن و سنت کے نور کو ترجیح بنیادوں پر عام کیا جائے :مولانا فتح محمد

جاوید اقبال 
مینڈھر //دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھرکے شعبہ انجمن اصلاح البیان کا سالانہ اختتامی مسابقتی اجلاس مرکزی جامع مسجد انور مینڈھر میں منعقد ہوا۔ دونشستوں پر مشتمل اجلاس کی پہلی نشست جو نماز عصر سے شروع ہوکر نماز مغرب تک جاری رہی اس میں مدرسہ کے درجہ دینیات کے ننھے بچوں نے اپنا پروگرام پیش کیا، جس میں کل 18 بچوں نے حصہ لیا۔ دوسری نشست مغرب سے رات دیر گئے تک چلی جس میں 10 بچوں نے اپنے اپنے پروگرام پیش کئے۔ دونوں پروگراموں میں اناؤنسری اور نظامت اجلاس کے فرائض مفتی طارق محمود رحیمی ناظم شعبہ انجمن اصلاح البیان نے ادا کئے۔دونوں نشستوں میں طلباء نے پرمغز، ولولہ انگیز اور معلومات سے بھرپور تقریروں، پنجابی، گوجری اور اردو زبان میں نعتہائے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور نظموں کے پرکیف و پربہار سنگم پر مشتمل رنگارنگ پروگرام پیش کئے۔ اس دوران مولانا فتح محمد سینئر نائب صدر تنظیم علماء اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ نے دارلعلوم محمودیہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم محمودیہ نے قوم کے نونہالان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے روز اول سے ہی کوشاں و سرگرم عمل ہے، بچوں کی تحریر و تقریر کو درست اور بولنے تمرین و مشق کے لئے شعبہ انجمن اصلاح البیان قائم کیا گیا۔ پورے سال اس شعبہ کے ناظم مفتی طارق محمود رحیمی رہے، اس شعبہ کے سالانہ اجلاس میں آپ سب نے شرکت کی، ابھی اس کی ایک نشست باقی ہے، آئندہ کسی تاریخ میں اس کا اعلان کیا جائے گا۔ مولانا فتح محمد نے کہا کہ مدرسہ میں سال بھر دینی اصلاحی و دعوتی مجالس منعقد ہوتی رہتی ہیں، بچوں کے بہتر مستقبل اور اچھی سے اچھی تعلیم و تربیت کے لئے پورے سال محنتیں جاری رہتی ہیں، اور نصابی سرگرمیوں کے علاوہ تقریر و تحریر، زبان و بیان میں باصلاحیت بنانے کے لئے ہر ہفتہ انجمنیں ہوتی ہیں جن میں بچوں کی اس حوالے سے تربیت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ میری خواہش ہے کہ تقریر و تحریر میں صرف اللہ پاک کلام یعنی آیات مبینات یا اللہ کے نبی ؐ کا کلام یعنی احادیث مبارکہ ہونی چاہئے‘‘۔مولانا موصوف نے کہاکہ بچوں کو دین اسلام کا داعی اور قرآن و سنت کے نور کو عام کرنے والا بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس اجلاس میں معززین علاقہ اور بچوں کے والدین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس پورے مسابقتی اجلاس میں حکم اور جج یعنی بچوں کو نمبرات دینے کی ذمہ داری لیکچرار مقبول حسین، ماسٹر ظہیر احمد،مولانا مفتی محمد اسداللہ خان رحیمی،مولانا منظور احمد اشاعتی،حافظ اسحاق نڑول نے ادا کی۔
 
 

ساتھرہ میں نہرو یوا کیندر کے زیر تحت آگاہی پروگرام 

عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے بلاک ساتھرہ میں نوجوانوں کیلئے نہرو یوا کیندر کی جانب سے’آتم نر بھر بھارت ‘کے تحت ایک جانکاری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی ڈی سی لسانہ رخسانہ کوثر مہمانِ خصوصی کے طور پر شامل ہوئی جبکہ اس موقہ پر مختلف محکمہ جات کی جانب سے بلاک کے نوجوانوں کو سرکار کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف سکیموں سے آگاہ کیاگیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رخسانہ کوثر نے کہا کہ سرکار کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کیلئے مختلف محکمہ جات کے زیر تحت متعدد سکیمیں لانچ کی ہیں جن کے ذریعہ بے روزگار اور پڑھے لکھے نوجوان اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور انتظامیہ کی جانب سے  شروع کردہ آتم نربھر جیسے پروگرام بے روزگار نوجوانوںکیلئے سود مند ثابت ہونگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے ایم جی منر یگا جیسی سکیمیں چلائی جا رہی ہے جن سے بھی نوجوانوں کو پیسے کمانے کا موقعہ فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہرو یوا کیندر اور ساتھرہ کے مقامی رضار کاروں کی مشکور ہوں جنہوں نے یوتھ اورینٹیشن کے تحت اس پروگرام کا انعقاد کر کے تمام محکمہ جات کی سکیموں سے نوجوانوں کو روشناس کر کے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا موقہ فراہم کیا۔
 
 
 

ڈی سی پونچھ نے سرکاری رہائشی کوارٹرز کا جائزہ لیا

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ضلع میں سرکاری رہائشی کوارٹرزمیں رہائش کی حالت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سرکاری رہائشی کوارٹرز کی حیثیت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور کوارٹرز کو غیر قانونی/مقامی قابضین کے قبضے سے 15 روز کے اندر اندر خالی کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکمہ جات میں تعینات سرکاری ملازمین کو پانچ خالی کوارٹرز الاٹ کر دیئے۔ میٹنگ میں جن افسران نے شرکت کی ان میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ظہیر احمد کیفی، ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال، ایس ڈی ایم سرنکوٹ نعیم النساء￿  بھٹی، تحصیلدار حویلی انجم بشیر خان خٹک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال ڈاکٹر سید مشتاق حسین جعفری ، ایکس ای این آر اینڈ بی ہرویندر سنگھ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
 
 
 

دبڑ پوٹھہ میں بینک شاخ کھولنے کی مانگ 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دبڑ پوٹھہ گائوں کے لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے تاکہ عام لوگوں کو علاقہ میں بھی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے دبڑ پوٹھہ گائوں میں بینک کی شاخ کھولنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔صارفین نے بتایا کہ علاقہ میں بینک شاخ نہ ہونے کی وجہ سے وہ کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے نوشہرہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر جانے پر مجبور ہیں جبکہ وسیع علاقہ کے درمیان میں ہونے کی وجہ سے نوشہرہ بینک شاخ میں بھاری ہجوم کی وجہ سے وہ گھنٹوں انتظار کرتے ہیں ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دبڑ پوٹھہ میں جموں وکشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے ۔
 
 

پولیس نے مفرور کو گرفتار کرلیا 

راجوری//پولیس اسٹیشن راجوری میں درج ایک مقدمہ میں مطلوب ایک مفرور کو پولیس کی جانب سے گرفتار کر کے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ محمد رزاق ولد مندھی سکنہ نمبلاں چٹی بکری گزشتہ 9برسوں سے مفرور تھا تاہم پولیس نے اس کو پولیس سٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر نمبر 337/2013زیر دفعات 341/325/336/147/323آر پی سی کے تحت گرفتاری کیا ہے جبکہ اس کو راجوری عدالت میں بھی پیش کیا گیا ہے ۔
 
 

شہدا کے لواحقین کے ساتھ پولیس کا اجلا س

راجوری// جموں وکشمیر پولیس نے شہدا کے اہل خا نہ کی شکایات سننے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے راجوری میں پولیس شہداء کے لواحقین اور شہید کے خاندانوں کے افراد کا ایک اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس کے دوران شہدا کے اہل خانہ و دیگر لواحقین نے اپنا مسائل کے سلسلہ میں آفیسران کو جانکاری فراہم کی ۔میٹنگ میں موجود پولیس افسران نے تمام مسائل کو صبر سے سنتے ہوئے موقع پر ہی متعدد شکایات کا ازالہ کیا۔آفیسران نے ان کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ سول محکموں سے متعلق بہت سے دیگر مسائل کو ضروری حل کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔