صوبائی درجہ نہیںتو ایجی ٹیشن ہوگا:پی ڈی پی لیڈر
جاوید اقبال
مینڈھر //پی ڈی پی لیڈر ایڈووکیٹ ندیم رفیق خان نے انتظامیہ کو دوٹوک الفاظ میں انتباہ دیاہے کہ یاتو خطہ پیر پنچال کو صوبائی درجہ دیاجائے یاپھر ایجی ٹیشن کاسامناکیاجائے۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ندیم خان نے کہاکہ راجوری ضلع13تحصیلوں پر مشتمل ہے جس کا کل رقبہ 2ہزار630مربع کلو میٹر ہے جبکہ پونچھ 6تحصیلوںپر مشتمل ہے جس کا رقبہ 1ہزار674مربع کلو میٹر ہے ۔انہوں نے لداخ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں خطہ پیر پنچال کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس خطے کے عوام نے کئی جنگوں کاسامناکیا اور کئی مرتبہ یہاں کے لوگ اجڑے ۔انہوںنے کہاکہ اس کے باوجود لوگوںنے ملک کے ساتھ وفانبھائی لیکن بدلے میں ان کے ساتھ امتیاز کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کی اس خطے کے تئیں سوتیلی ماں کے سلوک سے نوجوان نسل کے جذبات بھڑک سکتے ہیں اور وہ احتجا ج کیلئے مجبور ہوجائیںگے۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے خطہ پیرپنچال اور خطہ چناب کیلئے صوبائی درجوں کی مانگ کی وکالت کی ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ساٹھ برسوں سے ناانصافی کاشکار رہے خطہ پیر پنچال کو صوبائی درجہ دیاجائے نہیں تو ایجی ٹیشن شروع کی جائے گی۔
’پیرپنچال کیساتھ کیا دشمنی ہے‘؟
منڈی// پیر پنجال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین مولوی فرید ملک نے کہاکہ لداخ کو صوبے کادرجہ ملنا خو ش آئند ہے مگر خطہ پیر پنچال کو نظرانداز کیاجانا افسوسناک ہے۔اپنے ایک بیان میں مولوی فرید نے کہاکہ پیر پنجال کو صوبے کا درجہ نہ ملنا یہاں کی عوام کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے جس پر انہیں سخت افسوس اور تشویش ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ مانتے ہیں کہ لداخ کی یہ دیرینہ مانگ تھی لیکن خطہ پیر پنچال کے ساتھ کیا دشمنی ہے جو اسے یہ حق نہیں دیاجاسکتاجبکہ آبادی کے لحاظ سے یہ خطہ لداخ سے کئی گنا بڑھاہے اور اس کا رقبہ بھی پیر پنچال کی پہاڑی سے لیکر سندربنی اور دوسری طرف سے سرحدی علاقوں تک پھیلاہواہے ۔مولوی فرید نے کہاکہ سیاسی جماعتوں نے تو امتیاز کیاہی لیکن گورنر سے انہیں ایسی توقع نہیں تھی ۔ان کاکہناتھاکہ سیاسی لیڈران نے یہاں کے سادہ لوح عوام کا استحصال کیا اور ستر برسوں سے پہاڑی اور گوجر کے نام پر ووٹ بٹورے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا خطہ پیر پنچال کا نوجوان انصاف چاہتاہے اور گورنر انتظامیہ یہ جائز مانگ پورے کرے نہیں تو آئندہ الیکشن سے بائیکاٹ کیاجائے ۔
لداخ کیلئے ہاں تو پیر پنچال کیلئے نہ کیوں؟
پرویز خان
منجاکوٹ//گورنمنٹ ڈگری کالج کے سابق پرنسپل رزاق خان اور سابق وارڈن بابو حسین نے خطہ پیر پنجال کوصوبائی درجہ دینے کی مانگ کی ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ بہت بڑی ناانصافی ہے کہ حکومت نے لداخ کو الگ صوبے کادرجہ دیاہے لیکن خطہ پیر پنچال کو نظرانداز کردیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ خطے کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی ناقابل برداشت ہے اور اگر لداخ کو یہ درجہ مل سکتاہے توپھر راجوری پونچھ کو کیوں نہیں۔ان کاکہناتھاکہ لداخ کے ہاں تو پھر خطہ پیر پنچال کیلئے نہ کیوںہے؟۔ انہوںنے کہاکہ گورنر انتظامیہ خطے کے عوام کی مانگ کو پورا کرے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا جس کی تما م تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
سرحدی گائوں سریاہ میں پانی کی قلت
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سرحدی گائوں سریاہ کے لوگوںنے حکومت سے پینے کے پانی کیلئے ٹینک تعمیر کرنے کی مانگ کی ہے ۔ حد متارکہ کے قریب واقع اس گائوںمیں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناہے ۔مقامی شہریوں رام پرشاد، انل کمار، وکی کمار ، کوشیلا دیوی ، سوم راج اور محمد اقبال نے بتایاکہ ان کے گائوںکو پانی سپلائی کرنے کیلئے ٹینک کی تعمیر کی مانگ عرصہ دراز سے کی جارہی ہے تاہم حکام کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔ انہوں نے کہاکہ سریاہ گائوں کو ایک اضافی ٹینک دیاجائے تاکہ پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوسکے ۔
ڈگری کالج پونچھ میں تصادم آرائی
۔6طلباء معطل ، تحقیقات کا حکم صادر
سمت بھارگو
راجوری //گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں طلباء کے دو گروپوں کے مابین تصادم آرائی ہوگئی جس سے کیمپس میں افراتفری کا ماحول پیدا ہواجس پرسخت کارروائی کرتے ہوئے کالج انتظامیہ نے 6طلباء کو معطل کردیاہے جبکہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق کالج میں منگل کی صبح کچھ طلباء کے درمیان لڑائی جھگڑاہوگیا جس کے نتیجہ میں معمولی زخم بھی آئے ۔ اس تصادم آرائی سے کیمپس میں افراتفری کا ماحول پیدا ہواجس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کالج انتظامیہ نے چھ طلباء کو معطل کردیاہے جن میں سے چار طلباء دوسرے سمسٹر جبکہ دو چوتھے سمسٹر میں زیر تعلیم ہیں ۔کالج پرنسپل پروفیسر تیجندر سنگھ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ انہوںنے تحقیقات کا حکم جاری کیاہے اور اس سلسلے میں گیارہ ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ بروقت مداخلت سے صورتحال پر قابوپالیاگیا اور کسی کو بھی بڑا زخم نہیں آیاہے ۔ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایاکہ پولیس ٹیم نے مداخلت کرکے صورتحال پر قابو پالیا۔انہوں نے بتایاکہ کالج انتظامیہ کی طرف سے تحقیقات شروع کی گئی ہے اور انہوں نے ابھی تک کسی بھی طرح کا کوئی کیس درج نہیں کیا ۔
پنچایت گھروں میں بنیادی ڈھانچہ نہ دارد
طارق شال
تھنہ منڈی//پنچایت گھروں میں بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات نہ ہونے پر سرپنچوں نے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کو تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔تھنہ منڈی کی پنچایت لاہ کے سرپنچ عبدالرشید ٹھکر نے کہا کہ حالیہ پنچایتی انتخابات کے دوران بڑی تگ ودو کے بعد سرپنچوں کا انتخاب ہوا اور حکومت نے اختیارات دینے کا وعدہ بھی کیا لیکن حالت یہ ہے کہ پنچایت گھروں میں بیٹھنے کیلئے کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی فرنیچر ہے اورنہ ہی کاغذات رکھنے کیلئے الماری ہے ۔سرپنچ نے کہاکہ اس سلسلے میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر پلانگڑھ کو بتایابھی گیالیکن وہ فرنیچر وغیرہ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ پنچایتوں کووجود میں آئے ہوئے تین ماہ بیت گئے ہیں ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔رابطہ کرنے پربلاک ڈیولپمنٹ آفیسر پلانگڑھ حکیم محمد انور نے بتا یا کہ پنچایتوں کے سامان کیلئے تحریری طور پر حکام کو لکھاگیاہے اور جیسے ہی منظوری ہوتی ہے تو سامان فراہم کیاجائے گا۔
نوجوان 3روز سے لاپتہ
راجوری //راجوری کے نوشہرہ سیوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان تین روز سے لاپتہ ہے ۔ سریندر سنگھ ولد چمیل سنگھ اتوار کی شام سے لاپتہ ہے جس کے بارے میں گھر والوں نے پولیس تھانہ میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی ہے تاہم ابھی تک اس کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا۔اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو بھی سریندر کے بارے میں کچھ پتہ چلے تووہ فون زیر نمبرات 01292262515 اور9419142993پر رابطہ کرکے پولیس کو مطلع کرے۔
منشیات پر بیداری پروگرام کا اہتمام
راجوری //پولیس کی طرف سے منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقے میں منشیات کے مضر اثرات کے موضوع پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیاگیا۔یہ پروگرام گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول گھمبیر مغلاں میں منعقد ہواجس کی صدارت ایس ڈی پی او منجاکوٹ نثار خوجہ نے کی ۔اس موقعہ پر طلباء کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بتایاگیا اور ساتھ ہی اس پر قابو پانے کے اقدامات پر زور دیاگیا۔ مقررین نے کہاکہ طلباء کا اس حوالے سے اہم رول ہے اور وہ سفیر بن کر منشیات کے خلاف مہم چلاسکتے ہیں۔دریں اثناء گھمبیر مغلاںمیں عوام کے ساتھ پولیس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت بھی ایس ڈی پی او نے کی ۔اس میٹنگ کے دوران لوگوں نے طبی عملے کی قلت ، پانی کی قلت اور بجلی کے کمزور بنیادی ڈھانچے و سڑک کی خراب حالت کی شکایت کی ۔پولیس افسران نے انہیں یقین دلایاکہ ان کے مطالبات کو متعلقہ حکام کے نوٹس میںلا کر حل کروایاجائے گا۔
پردھان منتری کسان سمپادہ یوجنا پر بیداری کیمپ
بختیار حسین
سرنکوٹ// محکمہ مال کی جانب سے مرکزی معاونت والی اسکیم پردھان منتری کسان سمپادہ یوجنا کے تحت ہر پنچایت میں کیمپ لگائے جارہے ہیں جس دوران اس سکیم کے بارے میں جانکاری فراہم کی جارہی ہے ۔منگل کے روز اس سلسلے میںپنچایت مڈل سنئی میں ایک کیمپ منعقد ہواجس میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ محمد سلیم ،تحصیلدار سرنکوٹ شاہد اقبال اور نائب تحصیلدار سرنکوٹ و لسانہ بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے کہاکہ اس اسکیم کے فوائد سے استفادہ کیاجائے اور رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد اکتیس مارچ سے پہلے مستحقین کے بینک کھاتے میں چھ ہزار روپے جائیں گے ۔انہوں نے محکمہ مال کے عملے پر زور دیاکہ تمام مستحقین کو اس سکیم کے دائرہ میں لایاجائے اور اس سلسلے میں جانکاری گھر گھر تک پہنچائی جائے ۔اس موقعہ پرسرپنچ وحیدحسین شاہ، مولانا بشارت حسین ، نائب سر پنچ جاوید حسین شاہ،چوکیدار ظفر چوہدری و دیگران بھی موجو دتھے۔
ڈپٹی کمشنر کا دورہ ٔ ڈھانگری جیل
خواتین قیدیوں میں سلائی مشینیں تقسیم
نیوز ڈیسک
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے منگل کے روز ضلع جیل ڈھانگری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خواتین قیدیوں میں سلائی مشینیں تقسیم کیں ۔اس موقعہ پر خواتین قیدیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس اقدام کا مقصد ان کو خودروزگار کے قابل بناناہے تاکہ وہ رہائی کے بعد اپنے ہنر کوبروئے کار لاکر روزگار کماسکیں۔ انہوں نے کہاکہ قیدیوں کو جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ دیاجائے گا اورلائبریری و کمپیوٹر لیب قائم کی جائے گی ۔اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جیل کمپلیکس میں والی بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اور قیدیوں کو یقین دلایاکہ انہیں لازمی کھیل کود میٹریل فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے جیل کمپلیکس میں پودا بھی لگایا ۔اعجازاسد نے میڈیکل سنٹر، ووکیشنل سیکشن ، لائبریری، کچن، میٹنگ ایریا و دیگر سیکشنوں میں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کی طرف سے طبی کیمپ بھی منعقد کیاگیا ۔