درماندہ مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح: صوبائی کمشنر جموں
۔70 فیصد سڑک صاف ، اشیائے ضروریہ کی مناسب سپلائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے
جموں//ڈویڑنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے کہا کہ شاہراہ کے بند ہونے سے بس سٹینڈ اور شاہراہ پر درماندہ مسافروں کی سلامتی ریاستی انتظامیہ کا اولین فرض ہے اور انہیں بہتر سہولیات دستیاب کرانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد سڑکیں صاف کی گئی ہیں جبکہ باقی ماندہ سڑکوں کو دو یا تین دنوں کے اندر اندر بحال کیا جائے گا۔ڈاکتر سنجیو ورما ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑکیں بھاری برف باری اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے بند ہوئی تھیں۔ آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار ، آئی جی پی جموں منیش کے سنہا اور ڈپٹی کمشنر جموں راکیش کمار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ ڈویڑنل کمشنر نے کہا کہ ناساز گار موسمی حالات کی وجہ سے درماندہ ہوئیں 600 گاڑیوں نے ٹنل کراس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، راجوری ، پونچھ اور دیگر علاقوں میں 1700 کلو میٹر سڑکوں میں سے 1400 کلو میٹر سڑکیں صاف کی جا چکی ہیں جبکہ باقی ماندہ سڑکوں کو بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے کافی تعداد میں افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف سے ڈھکے علاقوں میں راشن ، ایل پی جی ، ادویات ، پیٹرول اور دیگر ضروری چیزوں کا وافر سٹاک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں درماندہ مسافروں کو جموں سے سرینگر اور ڈوڈہ ، کشتواڑ سے جموں منتقل کیا جا چکا ہے۔ ڈویڑنل کمشنر نے کہا کہ ڈوڈہ ، رام بن اور کشتواڑ میں 90 فیصد بجلی بحل کی جا چکی ہے جبکہ باقی علاقوں میں کل تک یہ کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے درماندہ مسافروں کی مدد کیلئے ٹریفک ، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کے افسروں اور اہلکاروں کی تعریف کی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور انتظامیہ متاثرہ لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ساز گار موسمی حالات کے دوران عوامی کی بہتر خدمت کیلئے لوگوں کا تعاون ضروری ہے۔
محمد یوسف ندیم کو کی برسی پر مجلس ترحیم کا اہتمام
سرینگر//تحریک وحدت اسلامی کے سربراہ نثار حسین راتھر نے محمد یوسف ندیم کی برسی پر سندی پورہ جاکر مرحوم کے مرقدپر حاضری دیکرخراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے عنقریب ’مجلس ترحیم‘ بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پہلی پرسی پر سرکردہ سیاسی قائدین، مفکرین اور جید علمائے دین کو عقیدت کا خراج پیش کیا جائے گا۔
مسلم لیگ کا پارٹی کارکن کی گرفتاری پر اظہار برہمی
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے صوبائی صدر محمد اکرم نجار کی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام گیری قراردیا ۔ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے کہا کہ کرالہ گنڈ کپوارہ پولیس نے محمد اکرم نجار کو گھر واقع بچھروارہ کپواڑہ سے رات کے آٹھ بجے گرفتار کیا جب وہ بیٹی کے علاج و معالجہ کے حوالے منصوبہ بندی کررہے تھے۔انہوں نے کہا لیگ رہنماؤں کی سیاسی مکانیت سازش کے تحت مخدوش کی جارہی ہے اورپرانے اور نئے فرضی کیسوں میں پھنسا کر جیلوں کی زینت بنایا جارہا ہے تاکہ انہیں پشت بہ دیوار کیا جاسکے۔
بانڈی پورہ میں جنگجویت متاثرین کے حق میں معاوضہ کی منظوری
بانڈی پورہ//ی ایل ایس سی سی بانڈی پورہ نے کل ایک میٹنگ کے دوران ملٹنسی واقعات سے متاثرین کے حق میں 50لاکھ روپے کے معاوضے کی ادائیگی کو منظوری دی۔میٹنگ کی صدارت ترقیاتی کمشنربانڈی پورہ نے کی جس میں فوج کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران 21معاملات کوزیر غور لایا گیا اورمعاوضے کی ادائیگی کے لئے تمام معاملات کو منظوری دی گئی ۔اس کے علاوہ جائیداد کے نقصان کے لئے 8لاکھ روپے کی ادائیگی کو بھی منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
معروف اردو شاعر ودھیا رتن آسیؔ فوت
گورنر کا اظہاررنج
جموں//اردو زبان کے معروف شاعر و ادیب ودھیا رتن آسی ؔ انتقال کرگئے ہیں۔ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے آسیؔ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کرتے ہوئے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی ہے اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیاہے۔
مفتی سجاد حسین کو صدمہ نوزائد بچہ فوت
رحیمیہ کے عملہ کا اظہار تعزیت
سرینگر//رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے ریاستی دفتر کے ناظم مفتی سجاد حسین کے نوزائد بچہ کے انتقال پر دارالعلوم رحیمیہ کے عملہ نے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی ۔ایک بیان میں دارالعلوم کے عملہ نے کہا کہ اللہ تعالی مفتی سجاد حسین اور ان کے جملہ اہل خانہ کو صبرجمیل عطاکرکے اجر کا مستحق بنا دے اور اللہ تعالی انہیں اس کا نعم البدل نصیب کریں۔