مزید خبریں

میر کی قیادت میں کانگریس کا کنونشن 

سابق ممبراسمبلی سرنکوٹ نے خطہ پیر پنچال کیلئے صوبائی درجے کی مانگ کی

سرنکوٹ //سرنکوٹ میں کانگریس کا یک روزہ کنونشن منعقد ہواجس کی صدارت پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کی ۔ اس موقعہ پر شکیل خان ،مولہ رام اور دیگر لیڈران بھی موجو دتھے ۔کنونشن میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ آئندہ چنائو کیلئے تیار ہوجائیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کریں ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق ا س دوران نیشنل کانفرنس کے کئی کارکنان نے کانگریس میں شمولیت کااعلان کیا ۔اپنے خطاب میں غلام احمد میر نے کہاکہ علاقے کے عوامی مسائل کا حل کیاجائے گا اور ان کے جذبات و احساسات کی قدردانی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے کیلئے سخت کوششیں کی جائیں اور کانگریس پارٹی ہی ریاست کو ایک مستحکم و سیکولر حکومت فراہم کرسکتی ہے ۔ اس موقعہ پرسابق ممبراسمبلی سرنکوٹ چوہدری اکرم نے خطہ پیر پنچال کیلئے علیحدہ صوبے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اگر یہ مانگ پوری نہ ہوئی تو خطہ پیر پنچال کے لوگ اس کیلئے لڑائی لڑیںگے ۔
 
 

مزدور کی پراسرار حالت میں موت 

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ کے ڈنڈیسر سٹون کریشر پرکام کررہے ایک مزدور کی پراسرار حالت میں موت ہوگئی جس پر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق 55سالہ گوپال داس ولد موہن لعل ساکن دبڑ پوٹھہ نوشہرہ سیڑھی سٹون کریشر ڈنڈیسر میں گزشتہ بیس روز سے مزدوری کررہاتھا جہاں رات کے گیارہ بجے اسکی صحت اچانک خراب ہوگئی اور اسے فوری طور پر ساتھیوں نے وہاں سے اٹھاکر ہسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کرکے اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاہے جبکہ اس سلسلے میں دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
 
 

سڑک حادثے میں کانگریس لیڈرمضروب

راجوری //کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والا ایک سینئر لیڈر راجوری قصبہ کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوگیاجس کی شناخت بال کرشن شرما عرف بالی ولد بابو رام شرما ساکن راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔شرما کے اہل خانہ نے بتایاکہ موصوف راجوری سے پھلیانہ میں ایک میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے جس دوران ایک تیزرفتار کار نے ان کی سکوٹی کو ٹکر ماردی ۔شرما کو زخمی حالت میں فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں اس کاعلاج کیاجارہاہے ۔اس سلسلے میں کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ایک افسر نے بتایاکہ پولیس ٹکر مارنے والی کار کا پتہ کروانے کیلئے کوشش کررہی ہے ۔
 

بجلی شارٹ سرکٹ 

گائو خانہ خاکستر، مویشی جھلس کر ہلاک

جاوید اقبال 

مینڈھر//مینڈھر کے چھجلہ کیانی علاقے میں گزشتہ رات بجلی کے شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے گائو خانے کو آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں کئی مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ عبدل ولد محمد شفیع ملک ساکن چھجلہ کیانی کے گائو خانے کو رات کے وقت بجلی شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ گئی جس کے نتیجہ میں یہ گائو خانہ خاکستر ہوااور دو بھینسیں، دو بکریاں اور کئی درجن مرغے جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔عبدل ایک غریب شخص ہے جس کا گزر بسر یہی مویشی تھے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگاکر متاثرہ شخص کو معاوضہ فراہم کیاجائے ۔
 
 

جواہر ٹنل حادثے پر دکھ کا اظہار

جموںوکشمیر پیپلز ویلفیئر فائونڈیشن مینڈھر کے صدر نے جواہر ٹنل حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے جس میں تودے کی زد میں آکر آٹھ انسانی جانوں کا اتلاف ہوا۔تنظیم کے صدر نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور انتظامیہ پر زور دیتے ہیں کہ درماندہ مسافروںکو اپنی اپنی منزل تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ بہت بڑی تعداد میں درماندہ مسافر جموں اور شاہراہ کے مختلف مقامات پر ہیں جن کو مزید کسی تاخیر کے اپنی اپنی منزل پر پہنچایاجائے ۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ مرکز کی معاونت سے متاثرین کی مدد کریں ۔
 
 
 

مشن آل آئوٹ مستعدی سے جاری :وبودھ گپتا

راجوری//بھارتیہ جنتاپارٹی لیڈر وممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے کہاہے کہ جنگجوئوں کے خلاف مشن آل آئوٹ مستعدی سے جاری ہے ۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دھنون، کلر، اگراتی، سسلکوٹ، شاہپور ، ڈونگی علاقوں کے دورے کے دوران وبودھ گپتا نے کہا’’مشن آل آئوٹ پوری مستعدی سے جاری ہے اور بہادر ہندوستانی فوج دہشت گردی کی جڑیں ختم کردے گی جس نے دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے پاکستانی حمایت یافتہ دہشت گردی کو کشمیر میں کم کردیاہے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ بات چیت اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور یہ بات پاکستان کو سرجیکل سٹرائیک کے ذریعہ سمجھابھی دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے دور میں سرحدوںکو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں اور سرحدی علاقوں کے عوام حقیقی معنوں میں قوم کی اصل طاقت ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی پالیسی سرحدی علاقوں کے عوام کو بااختیار بنانے کی ہے اور پچھلے چار برسوں میں اس سلسلے میں کئی اقدام کئے گئے ۔
 
 

کانگریس کا سلواہ میں اجلاس منعقد 

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر کے سلواہ علاقے میں کانگریس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں مہمان خصوصی چوہدری عمران ظفر تھے۔اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے کہاکہ علاقے میں تعمیروترقی کا نام و نشان نہیں اور لیڈران ان سے ووٹ لینے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی حالت خستہ ہے جبکہ کوئی بڑا ہسپتال بھی نہیں جہاں لوگ اپنا علاج کراپائیں ۔انہوںنے بتایاکہ معمولی سے علاج کیلئے لوگوں کو مینڈھر ہسپتال کارخ کرناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی کٹوتی کا یہ عالم ہے کہ کٹوتی کا کوئی وقت ہی مقرر نہیں ہے ۔اسی طرح سے پانی کی سپلائی بھی متاثر ہے اور سکیمیں بند پڑی ہیں۔اپنے خطاب میں عمران ظفر نے کہاکہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو مضبوط بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آنے والے وقت میں ریاست میں کانگریس کی ہی سرکار بنے گی اور ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے کیونکہ کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو سبھی طبقہ جات کو ساتھ لیکر آگے بڑھتی ہے ۔اس دوران سینئر لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد نے بھی خطاب کیا۔
 
 
 

۔11سال سے مفرور 

ملزم گرفتار
راجوری //پولیس نے گیارہ سال سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او کنڈی منظور کوہلی نے ایک خصوصی اطلاع ملنے پر ایک جگہ پر چھاپہ مارکر گیارہ سال سے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 128/2007زیردفعات 363, 376آر پی سی کاکیس تھا۔ملزم کی شناخت 35سالہ طالب حسین ولد مٹو خان ساکن بارسلہ تحصیل کوٹرنکہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 
 

میاںنگری پلولیاں کے لوگوں کا اجلاس 

حلقہ انتخاب راجوری سے متعلق گفت و شنید

راجوری//راجوری کے میاںنگری پلولیاں کے لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں میاں محفوظ احمد اور میاں عمران احمد پسران روحانی رہنمامیاں لقمان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کئی پنچایتی نمائندگان بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ حلقہ انتخاب راجوری بدحکمرانی کی ایک مثال بن گیاہے اور یہاں منتخب ہونے والے نمائندگان نے عوامی مسائل حل نہیں کئے جس کا نتیجہ ہے کہ لوگ آج بھی بنیادی سہولیات جیسے بجلی ، پانی ، سڑک اور طبی و تعلیمی سہولت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے شعبے میں راجوری حلقہ کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیاہے اور ماسوائے چند سرکاری سکولوں کے باقی تمام اداروں میں نہ ہی بنیادی ڈھانچہ ہے اور نہ ہی طلباء کو دیگر سہولیات فراہم ہیں۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کے دوران ذات پات کی لڑائی لڑی جاتی ہے اور ووٹ حاصل کرنے کے بعد کوئی مڑ کر دیکھتا نہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگ چاہتے ہیں کہ تبدیلی لائی جائے ۔اس موقعہ پر سرپنچ سرفراز احمد، اسمٰعیل احمد، سمت کمار، ستپال سنگھ ، فضل حسین ودیگران بھی موجو دتھے ۔
 
 

سرسید ایجوکیشن مشن کے زیر اہتمام تقریب 

سارے IPS بنیں گے تو کھانا کون بنائیگا،وہی کریں جو اچھا لگے:بسنت رتھ 

حسین محتشم

ْپونچھ// آئی پی ایس آفیسر بسنت رتھ نے کہاکہ نوجوان تعلیمی میدان میں اپنانام پیدا کریں لیکن وہی شعبہ اپنائیں جن میں ان کی دلچسپی ہو ۔ اپنے دورہ ٔ پونچھ کے دوران انہوں نے سرسید ایجوکیشن مشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کوتعلیمی میدان میں آگے بڑھناچاہئے تاہم انہیں اسی شعبے میں آگے بڑھناچاہئے جس میں ان کی دلچسپی ہو ۔ ان کاکہناتھاکہ اگر سبھی پڑھ لکھ کر آئی پی ایس ہی بنتے رہیں گے تو کھانا پکانے والا کون رہے گا۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ جس میدان میں ان کی دلچسپی ہے اسی میدان میں وہ آگے بڑھیں۔بسنت رتھ نے کہا کہ وہ پونچھ سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں وہ ایس ایس پی کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اس لئے وہ یہاں کے نوجوانوں کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کس صلاحیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو راستہ دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں اور دیگر شعبوں میں اپنا نام بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کا دورہ انہوں کچھ دوستوں کے اسرار پر کیا ہے۔اس دوران ضلع کے 450طلاب میں انعامات تقسیم کئے گئے جنہوں نے امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔تقریب کی صدارت بسنت رتھ نے کی جبکہ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو اور ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال بھی موجود تھے ۔سرسید ایجوکیشن مشن کے چیئرمین سرفراز احمدمیر نے کہا کہ ان کی تنظیم کی کوشش ہے کہ عوامی و سماجی بہبود کے کام کئے جائیں اورجہاں لوگ عید ،دیوالی اور نئے سال پر لاکھوں روپے خرچ کرکے عیاشی کرتے ہیں وہیں وہ اس سے ہٹ کرعید، دیوالی اورنیا سال غریب اور یتیم بچوں کیساتھ مناتے ہیں تاکہ ان کو احساس کمتری نہ ہو۔اس دوران نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔