پی ڈی پی کا وادی میں بجلی بحران پر اظہار تشویش
انتظامیہ خاموش تماشائی کا رول ادا کررہی ہے:ہانجورہ
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے وادی میں سخت ترین سرما میں بجلی کے نہ ختم ہونے والے بحران پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ متعدد دورافتادہ علاقوں میں شام ہوتے ہی اندھیرا چھاجاتا ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی کا رول ادا کررہی ہے۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے ایک بیان میں کہا کہ دورافتادہ علاقوں میں بجلی کی مسلسل نایابی سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کاسامنا ہے اورحکومت یہ بحران دور کرنے میں غیرسنجیدہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں ،بزرگوں اور مریضوں کو کشمیر میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مسائل در پیش ہیں اورکئی علاقوں میں بجلی کئی کئی روزتک بند رہتی ہے۔ہانجورہ نے چرار شریف قصبہ، ہفروبٹہ پورہ،سورسیار،پیٹھ یار وکا دورہ کرکے لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ہانجورہ اور چرارشریف رسیونگ اسٹیشنوں پر جاری کام کی سست رفتاری پر فکرمندی کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق پی ڈی پی سرکار نے پکھرپورہ ہفروبٹہ پورہ،پانزن اور رانگر میں رسیونگ اسٹیشنوں کے قیام کو منظوری دی تھی لیکن ان پر ابھی تک کام شروع نہیں کیاگیا۔
جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں :وکیل
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے سینئرنائب صدر عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ جنگ اور تشدد سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے بلکہ ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے اور امن کا قیام بھی ممکن ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگ اور تشدد سے ایک تو تباہی ہو سکتی ہے اور اقتصادی بحران کے ساتھ ساتھ انسانی جانیں بھی تلف ہوتی ہیں جو کسی بھی ملک کے حق میں نہیں ۔انہوں نے ہند و پاک سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ جنگ اور تشدد کا راستہ ترک کریں اور اپنے مسائل کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنے کی طرف توجہ مبذول کریں تاکہ دونوں ممالک تباہی سے بچ سکیں اور طاقتور ممالک کی شکل میں ابھر سکتے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کے بچوں کے حق میں اسکالرشپ منظور
سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے تعلیمی سیشن2018کے دوران 12ویں جماعت کے امتحانات میں80فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں میں سکالرشپ منظور کی ہے۔90فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے چار ہونہار بچوں کو فی کس7200روپے کا وظیفہ منظور کیاگیا جبکہ 80فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے بارہ بچوں کو فی کس6000روپے دیئے جائیں گے ۔یہ اسکالر شپ سینٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ سے دیئے جائیں گے ۔پولیس اپنے مہلوک ا ہلکاروںاور نوکری کررہے اہلکاروں کے بچوں کو مختلف اسکیموں کے تحت اسکالرشپ فراہم کرتا آرہا ہے،تاکہ ان کے حوصلے بلند رہیں۔
بڈگام میں روڈ سیفٹی کی مناسبت سے جانکاری کیمپ
بڈگام//بڈگام کے ایک پرائیویٹ کوچنگ سینٹر میں روڈ سیفٹی کی مناسبت سے ایک روزہ جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کیمپ کااہتمام سول ڈیفنس بڈگام نے کیا جس دوران طلبأ کو روڈ سیفٹی کے بارے میں جانکاری دی گئی۔کیمپ میں بڑی تعدادمیں طلبأ اوراساتذہ کے علاوہ عام شہریوں نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس بڈگام منظور احمد نے کی۔انہوںنے اپنے خطاب میں ٹو ویلرسواروں کو ہیلمٹ پہننے کے علاوہ ٹریفک قوانین پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
سابق ایس ایس پی محمد یوسف راتھر فوت
سرینگر//سابق سپر انٹنڈنت پولیس حاجی محمد یوسف راتھر منگلوارکو دلنہ بارہمولہ میں انتقال کرگئے۔موصوف بلاک میڈیکل آفیسر ترہگام ڈاکٹر نثار احمد وانی، ٹریجری آفیسر محمد مظفر راتھر، سماجی کارکنان حاجی غلام رسول میر اور حاجی مشتاق احمد کے والد نسبتی تھے۔ کئی سماجی ، سیاسی اور دینی شخصیات نے سوگوار خاندان سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ مرحوم کا چہارم یکم مارچ بروز جمعہ اُن کے آبائی گھر دلنہ بارہمولہ میں انجام دیا جائے گا۔
صحافی کرامت قیوم کو صدمہ،ہمشیرہ انتقال کرگئیں
بارہمولہ//شمالی کشمیر کے سینئر صحافی و بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین کرامت قیوم کی ہمشیرہ سوموار کو مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں ۔ مختلف صحافتی ،دینی ،سماجی اور سیاسی تنظیموں نیسوگوار کنبے بالخصوص کرامت قیوم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔بارہمولہ بیو پارمنڈل کے جنرل سیکریڑی طارق احمد مغلو نے غمزدہ کنبے کے ساتھ تعزیت کی۔ہیومن ایڈ سوسائٹی کشمیر کی جانب سے ایک تعزیتی وفد زیر صدارت چیئرمین بشیر احمد میر سنگری پہنچے اور سوسائٹی کے بانی کرامت قیوم اوراہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ۔ بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور شمالی کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان ریاض گنائی نے ایک بیان میں کہا کہ صدرزرگر گلزار احمد،نائب صدر انظر مہجو اور جنرل سیکریٹری ظاہر بخاری پر مشتمل ایک وفد نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ۔ ا س د دوران انجمن اردو صحافت کے ممبران برائے بارہمولہ فیاض بخاری، مجید شیری اور منظور شیری نے بھی سنگری جاکر تعزیت پرسی کی اور انجمن قیادت کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔
انجمن علماء کا مفتی تنویر سے اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجد جموں کشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمان اشرفی نے جامع مسجد امام اعظم ابوحنیفہؒ پانپورکے خطیب مفتی تنویر احمد کے والد کے انتقال پر مفتی تنویر اور باقی لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدرد کااظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں انجمن علماء وائمہ مساجد جموں کشمیر مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ برابر شریک ہے اور دعاہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
بانڈی پورہ میںایک شہری سے70کلو چرس برآمد
سرینگر// بانڈی پورہ پولیس نے اشتیاق صادق پرے ساکن کاٹھ پورہ کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے 70کلو گرام چرس برآمد کرلئے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن
اجن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے۔
گاندربل میں حکام کی میٹنگ میں چنائو تیاریوں کا جائزہ
گاندربل//ضلع چنائو آفیسر گاندربل حشمت علی خان نے نامزد نوڈل آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں عام چنائو کے لئے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کے ساتھ افرادی قوت کے انتظام،ای وی ایمز،ٹرانسپورٹ،ٹریننگ ،مواد کے حصول،لیزان آفیسران کی دسیتابی،سویپ کی مؤثر عمل آوری ،کیمونیکیشن ،ڈھانچے کی تشکیل اورپولنگ اسٹیشنوں میں فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اسٹیشنوں میں فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ضلع میں چنائو عمل کا احسن اورخوش اسلوبی سے انعقاد یقینی بن سکے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے نوڈل آفیسران سے ٹریننگ کلینڈر،ای وی ایمز/وی وی پی اے ٹیزکے استعمال اورپولنگ عملے کی تربیت کے بارے میں جانکار ی حاصل کی۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو عام ووٹروں کے لئے ضوابط کے تحت پولنگ اسٹیشنوں میں لازمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
کشمیری طلبا کو ہراساں کرنا افسوسناک: بالی وڈ اداکارگگن دیپ
سرینگر// بالی وڈ اداکار گگن دیپ سنگھ نے کشمیر میں فلم کی عکس بندی کے دوران بیرون ریاست کشمیری طلبا کو ہراساں کئے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایسی کارروائیوں پر فوری روک لگانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فلموں کی عکس بندی کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔ بالی وڈ اداکارگگن دیپ نے اپنے کشمیر دورے کے دوران یہاں کی خوبصورتی اور سیاحتی دلکشی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر فلموں کی عکس بندی کے حوالے سے ایک بہترین جگہ ہے ۔ انہوں نے بیرون ریاست زیر تعلیم کشمیری طلبا کو فرقہ پرستوں کی طرف سے مسلسل ہراساں کئے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائیوں پر فوری روک لگانے پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ میں کشمیر میں ایک نئے منصوبے پر کام کررہا ہوں مگر بدقسمتی سے یہاں حالات کو جان بوجھ کر پرتنائو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے پیش نظر میں اپنے منصوبے کو فی الحال روک رہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ میں اپنی آنے والی فلم کو تبھی عکس بند کروں گا جب کشمیر میں حالات پٹری پر لوٹ آئیں گے۔ کشمیر خدا کی طرف سے ایک انعام ہے اور بیرون ریاست لوگوں کو یہاں آکر اس کی خوبصورتی کا مشاہدہ کرنا چاہیے۔گگن دیپ کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا کے اکثر ممالک کا سفر کیا ہے تاہم کشمیر آکر انسان کے وجدان پر الگ ہی کیفیت چھاجاتی ہے۔ گگن دیپ کا کہنا تھا کہ کشمیرآکر میں اُن تمام مقامات کو بھول گیا جن کا میں نے آج تک سفر کیا ہے۔اس دوران انہوں نے بتایا کہ ملک کی سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوج و فورسز اہلکاروں کی موت سے میرا دل چھلنے ہوجاتا ہے تاہم انہوں نے بیرون ریاست زیر تعلیم کشمیری طلبا کو فرقہ پرست قوتوں کی طرف سے ہراساں کئے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ گگن دیپ کا کہنا تھا کہ جن کشمیری طلبا کو پلوامہ حملے کے بعد ملک بھر کی ریاستوں میں ڈرایا دھمکایا گیا میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ میں ہر حال میں اُن کی حمایت کروں گا۔ اس موقعے پر انہوں نے بیرون ریاستوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو ہراساں کئے جانے کی کارروائیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
گورنر کے مشیرکے۔ وِجے کمارکا جموںمیں عوامی دربار
لوگوں کے مسائل کاترجیحی بنیادوں پر حل ا اوّلین ترجیح
جموں//کئی عوامی وفود اور افراد نے اپنے اپنے مسائل کوحکومت کی نوٹس میںلانے کے لئے یہاں کنونشن سینٹر میںگورنر کے مشیر کے وِجے کمار کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مطالبات سے انہیں روشناس کرایا۔جو وفود مشیرسے ملاقی ہوئے ان میں ہمالین بدھسٹ کلچرل سوسائٹی ، پاڈر کشتواڑ ، سبکدوش ہوئے جموں وکشمیر پولیس اہلکاروں کا وفد ،ایجوکیشنل انوارنمنٹل سوشل سپورٹس اینڈ کلچرسوسائٹی راجوری اور ڈوڈہ کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود شامل ہیں۔انفرادی سطح پر بھی کئی لوگوں نے اپنے مسائل کے بارے میں مشیر کو جانکاری دی۔کے ۔وِجے کمار نے لوگوں کے مسائل غورسے سنے اور لوگوں کو یقین دِلایا کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ گورنر اِنتظامیہ ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے اور مختلف محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اُنہیں بھیجی گئی شکایات کو فی الفور حل کریں۔
ترقیاتی کمشنر کولگام کی صدارت میں ڈی ایل آر سی میٹنگ منعقد
کولگام//ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی کی صدارت میںڈی ایل آر سی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں رواں مالی سال 2018-19ء کے تیسری سہ ماہی کے دوران اے سی پی کے تحت بینکوں اورلائین محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سی پی او،لائین محکموں کے ضلع آفیسران ، ایل ڈی ایم لیڈ بینک،ڈی ڈی ایم نبارڈ،مختلف بنکوں کے ضلع کوارڈنیٹر س اور این جی اووز کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران بینکوں کی طرف سے سرکاری معاونت والی سکیموں، بشمول کسان کریڈٹ کارڈ،این آر ایل ایم، سب کے لئے مکانات،ہینڈلوم،ویورس مُدرا،جے ایل جیز اور دیگر سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ ڈائریکٹ لنڈنگ موڈ کے تحت بینکوں کی طرف سے قرضوں کی فراہمی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں کُل ڈیپازٹ 1267.75کروڑ سے بڑھ کر1501کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے جب کہ ایڈوانسز میں بھی 973.41کروڑ روپے سے 1121.21کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔میٹنگ کے دوران دیگر حصولیابیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بجلی کی صورت حال
عام شہریوں کی شکایات کاازالہ کیاجائے:ڈپٹی کمشنر پلوامہ
پلوامہ//ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے محکمہ پاو رڈیولپمنٹ کے آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں بجلی کی صورتحال کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایگزیکٹیو انجینئران پی ڈی ڈی پلوامہ،اونتی پورہ،ایگزیکٹیو انجینئر ایس ٹی ڈی ٹرانسمیشن لائینز،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ضلع میں بجلی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں بجلی نظام میں بہتری لانے کے لئے کئی سکیموں اورپروگراموں پر عملدر آمد کیا جارہا ہے۔ترقیاتی کمشنرنے اپنے خطاب میںکہا کہ بجلی شعبے میں سکیموں کی مقررہ وقت میں عمل آوری کے لئے ٹھوس لائحہ عمل اپنایا جانا چاہیے تاکہ لاگت میں اضافہ اوردیگر معاملات پر روک تھام کویقینی بنایا جاسکے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ بجلی کی دستیابی کے بارے میں عام شہریوں کو درپیش معاملات کا ازالہ کرنے کے لئے لازمی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم وقت میںعوامی شکایات کو دور کیاجاسکے۔انہوںنے مختلف سکیموں کی موثر عمل آوری کویقینی بنانے پر بھی زوردیا۔
پردھان منتری شرم یوگی مندھن سکیم کی عمل آوری
ترقیاتی کمشنر شوپیان کا مستحقین کو سکیم کے دائرے میں لانے پر زور
شوپیان//غیر منظم کامگاروں کے لئے پردھان منتری شرم یوگی مندھن سکیم کی پیش رفت کاجائز لینے کے لئے ترقیاتی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں اے سی ڈی شوپیان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، چیف میڈیکل آفیسر شوپیان،کیئر یر کونسلنگ آفیسر ڈی ای اینڈ سی سی شوپیان،سیکریٹری میونسپل کمیٹی ،ڈسٹرکٹ منیجر کامن سروس سینٹر اورضلع منیجر ایل آئی سی کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے فیصلہ کیا کہ ڈسٹرکٹ منیجر سی ای سی ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر میں ولیج لیول انٹرپرنیورس کو تعینات کریں گے تاکہ 18سے40سال تک کی عمر کے کامگاروں کو سکیم کے دائرے میں لایا جاسکے۔اس دوران اے ڈی ایمپلائمنٹ کو ایک وٹس ایپ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی تاکہ تمام متعلقین کو اس گروپ میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے شامل کیاجاسکے۔
جے اینڈ کے بووین بریڈنگ اتھارٹی کی پہلی میٹنگ
جموں//پرنسپل سیکرٹری انیمل و شیپ ہسبنڈری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہاں سول سیکرٹریٹ جموں میں جے اینڈ کے بووین بریڈینگ اتھارٹی کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ جے اینڈ کے بووین رولز2019 کے ڈرافٹ پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی۔جے اینڈ کے بووین بریڈینگ اتھارٹی کے ممبران نے متعلقہ ڈرافٹ پر سیر حاصل بحث کی جو آئندہ آرٹی فیشنل سیمن کی فروخت، تقسیم کاری اور پیداوار میں باقاعدگی یقینی بنائے گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سامون جو اتھارٹی کے چیئرپرسن بھی ہیں، نے کہا کہ آرٹی فیشل سیمن کے معیار میں اس کوشش کی بدولت بہتری لائی جائے گی اور بووین کے پیداوار اچھی ہوگی۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ تمام سیمن سٹیشن، سیمن بنک، مصنوعی بریڈینگ سٹیشن، پرائیویٹ اے ایل ورکر اور بیل پالنے والوں کو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر ملک کی پہلی ریاست ہوگی جس نے بووین بریڈنگ رولز ترتیب دیئے۔
علاقائی پارٹیوں کا اتحاد ناگزیر : نذیرایتو
سرینگر// پی ڈی پی لیڈر اور پارٹی کے یوتھ صوبائی صدر نذیر احمد ایتو نے ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں اور لیڈروں کو وسیع تراتحاد کا مشورہ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ڈی پی ،نیشنل کانفرنس ،پیپلز کانفرنس ،عوامی نیشنل کانفرنس ،حکیم یاسین ،غلام حس میر ،انجینئر رشید اور دیگر سیاسی پارٹیوں اور لیڈروں کو چاہیئے کہ لوگوں کے وسیع تر مفاد کیلئے وہ متحد ہوجائیں ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی خطر ناک ہے اور اس خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی پارٹیوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔
بھاری برف باری کے دوران بیکن نے قابل قدرکام انجام دیا
سرینگر//حالیہ ایام میں وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے دوران پروجیکٹ بیکن نے مشکلات کے باوجوددن رات کام کیا۔جدید مشینری اور برف ہٹانے کے نئے آلات کے اہم مقامات پر دستیاب رکھنے سے پروجیکٹ بیکن نے سرینگر جموں شاہراہ پر قاضی گنڈ بانہال سیکٹر اور جواہرٹنل پر جمع برف کو کم سے کم وقت میں صاف کیا۔شاہراہ کے دوسرے حصوں جن کی فورلین کشادگی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کررہی ہے، بیکن اُس کے ساتھ بھی تال میل کے ساتھ کام کررہی ہے تاکہ وادی کے رابطہ بیرون کشمیرمیں کم سے کم خلل ہو۔ سرینگر ائر پور ٹ پر بھی بیکن نے جدیدترین مشینری کو کام پر لگاتے ہوئے رات کے دوران برف ہٹانے کاکام کیاتاکہ رن وے بند نہ ہو۔پہلی بار جنوری کے مہینے میں گریزکی چوٹی کو جنوری کے مہینے میں بھی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھلا رکھاگیااور سونہ مرگ تک سازوسامان پہنچاکر لیہہ رابطے کی جلدبحالی کی کامیاب کوشش کی۔مجموعی طور بیکن نے برف ہٹانے کے سو سے زیادہ سازوسامان کام پر لگادیئے گئے ۔بیکن کی کارکردگی کی سبھی نے سراہنا کی ہے کیونکہ برف ہٹانے کاساراکام مقامی انتظامیہ کے مکمل تعاون سے انجام دیاگیا تاکہ وادی کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال رہے۔
وجے پور میں مستحقین میں پولٹری پرندے تقسیم
پشوپالن محکمے کے بنیادی ڈھانچے کومضبوط بنانالازمی:سامون
جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پرور ی اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے وجے پور سانبہ میں پولٹری سینٹر کادورہ کر کے وہاں مستحقین میں پولٹری پرندے تقسیم کئے۔ انہوںنے این ایل ایم کے تحت 35مستحقین میں آلات اور پولٹر ی فیڈ بھی تقسیم کیا۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ اس قد م سے کسانوں کے لئے خود روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے اور وہ پولٹری فارمنگ کو بحیثیت پیشہ اختیار کرنے کی طرف راغب ہوں گے ۔انہوںنے کہاکہ پولٹری اور ڈیری سیکٹروں میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں ۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان سیکٹروں کے وسائل سے بھرپور استفادہ کریں ۔ڈاکٹر سامون نے کہاکہ حکومت نے پشو پالن محکمہ کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں تاکہ وہ ریاست میں مویشی پالنے والوں کی راحت رسانی کرسکے ۔انہوںنے کسانوں کو مویشی پالن کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانے کے لئے محکمہ کی ستائش کی۔دیگر لوگوں کے علاوہ ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری ڈاکٹر طاہر بیگ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
’بلیوریولیوشن‘
بانڈی پورہ میںماہی گیروں کو دوآٹو رکھشا فراہم
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈ ی پورہ شہباز مرزا نے بلیو ریولیوشن کے تحت ماہی گیروں کو دوآٹو رکھشا فراہم کئے۔سرکار سکیم کے تحت ماہی گیروں کو ٹوویلرس اورآٹو ٹرالیز رعایتی قیمت پر دستیاب کرتی ہے تاکہ وہ مچھلیوں کو آسانی کے ساتھ نزدیکی بازاروں تک پہنچا سکیں۔اُنہوںنے اس موقعہ پر ایک پرائیوٹ ٹراوٹ یونٹ کے مالک کو سامان کا ایک کِٹ بھی فراہم کیا اور کسانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں سرکاری سکیموں سے استفادہ کرکے پیداوار میں اضافہ کرنے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ سرکار کی طرف سے کسانوں کے لئے کئی سکیمیں متعارف کی گئی ہیں تاکہ وہ پیداوار میں اضافہ کے علاوہ اپنی کاروباری سرگرمیوں کوفروغ دیں۔انہوںنے محکمہ ماہی پروری پر سکیموں کی جانکاری کے لئے بیداری پروگراموں کا انعقاد کرنے پر بھی زوردیا۔
فارسی زبان کو نصاب میں
شامل کرنے کا اسکالروں کامطالبہ
سرینگر//فارسی زبان کے فارغ التحصیل طلباء اور اسکالروں نے ریاست میں اس زبان کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس زبان کا ادبی سرمایہ برباد ہونے سے بچایا جائے اور اس زبان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں فارسی زبان و ادبیات کا ایک بہت بڑا سرمایہ آخری ہچکیاں لے رہا ہیں ۔انتظامیہ کی عدم توجہی اور اور لاتعلقی کے باعث اس تاریخی ورثہ کا وجودریاست میں نابودہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارسی زبان کا شمار دنیا کی قدیم اور عظیم زبانوں میں ہوتا ہے لیکن ریاست میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس کو جڑ سے اکھاڑنے کی تمام ترکوششیں ہورہی ہیں ۔کشمیر یونیورسٹی میں فارسی ادبیات کا ایک بہت بڑا خزانہ برباد ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں فارسی کتابیں ریاست کی لائبریریوں میں گرد و غبار تلے دفن ہوچکی ہیں ۔لیکن محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اس سلسلے میں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فارسی کے تئیںسرکاری عدم توجہی ،تعلیمی اداروں میں اخلاقیات کے فقدان کا سب سے بڑا سبب بن گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے متعدد بارریاست کے سرکاری اسکولوں میں فارسی زبان رائج کرنے کیلئے وعدے اور یقین دہانیاں کیںلیکن بدقسمتی سے تاحال اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔فارسی زبان وادبیات سے وابستہ سینکڑوں فارغ التحصیل طلباء اور اسکالروں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکولوں میں فارسی کا نصاب شامل کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائیں تاکہ اس زبان کے تعلیم یافتہ نوجوانوںکا مستقبل تاریک ہونے سے بچایاجائے۔