مزید خبریں

 یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی کا وکرما دتیہ کو حمایت دینے کا اعلان

جموں //جے کے یوتھ (  1947 کے  پی او کے بے گھر)  شرنارتھی ایکشن کمیٹی ،جنھیں کانگریس کی سرکا رنے جموں خطہ کے مختلف مقامات جیسے کہ جموں، کٹھوعہ، سانبہ، اودہمپور، ریاسی ،راجوری اور پونچھ میں بسایا تھا ، نے آنے والے پارلیمانی انتخاب میں  اودہمپور ۔ کٹھوعہ۔ ڈوڈہ  ے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک پریس بیان میں کمیٹی کے صدر پنڈت آر سی شرما نے عام لوگوں خصوصاً پی او کے رفیوجیوں سے  اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ  اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے والد ڈاکٹر کرن سنگھ نے طبقہ کے لئے گاڑی گڑھ و دیگر مقامات میں زمین الاٹ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ طبقہ کے لئے  30 لاکھ روپے  فی کنبہ کے پیکیج کو بھی کانگریس نے سفارش کی تھی جبکہ مرکزمیں قائم بی جے پی کی سرکار نے اس پیکیج کو کم کرکے 5.5 لاکھ روپے فی کنبہ کر دیا ، جو کہ پی اوکے رفیوجیوں کے ساتھ ایک مذاق ہے۔انہوںنے ووٹروں سے آنے والے پارلیمانی انتخاب میں اودہمپور ۔ کٹھوعہ۔ ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔
 
 

ادبی کنج نے زینت فردوس کو چھٹی برسی پر یاد کیا 

جموں//ادبی کنج کی جانب سے نامقور مصنف زینت فردوس کا انکی چھٹی برسی پر خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے ادبی نشست منعقد کی۔نشست کی صدارت چیئرمین کرم اللہ ٹرسٹ اور مرحومہ زینت فردوس کے فرزند ایڈوکیٹ سوبیل مرزا نے کی۔ادبی کنج کے صدر شام طالب نے مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انکی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور انکی اردو اور پہاڑی نثر و نظم کے تئیں خدمت کو سراہا۔ادبی کنج کے چیئرمین ارش دلموترہ نے تنظیم کی بھلائی کے لئے مرحومہ کی خدمات کی ستائش کی۔نثری نشست میں شام طالب نے ’’زینت فردوس ۔ ایک پُر خلوص شخصیت‘‘کے عنوان سے ایک مکالہ پڑھ کر سنایا ۔اس موقعہ پر ایک شاعری نشست بھی منعقد کی گئی جس میں ارش دلموترہ، منجیت کامرہ، وید اپل، کالو رام سلگوترہ، جتیندر بھسین ، سنجیو کامر ،ببلی شرما ، سپرس شرما ، راجیو کمار، تلک راج ،بشن خاک، راج کمل، سنتوش ندان اور شام طالب نے شرکت کی۔نشست کا اختتام ارش دلموترہ کی جانب سے شکریہ کا ووٹ پیش کرنے کے ساتھ کیا گیا ۔
 
 
 

جی ڈی سی سانبہ میں کئیرئیر کونسلنگ نشست کا اہتمام 

سانبہ //گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ کے شعبہ انگریزی نے یونیورسٹی آف جموں کے ایمپلائمنٹ انفارمیشن و ایڈوائزری بیور شعبہ لائف لانگ لرننگ کے اشتراک سے کالج کے چھٹے سیمسٹر کے طلاب کیلئے کئیرئیر کونسلنگ نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ پروگرام کی صدارت ادارے کے پرنسپل ڈاکٹر جی ایس رکوال نے کی۔ ایچ او ڈی انگلش پروفیسر راشو شرما ، کونسلر شعبہ لائف لانگ لرننگ ڈاکٹر ریوا کھجوریہ نے ریسورس پرسنز ڈاکٹر گریما گپتا، ڈاکٹر روپالی فوترہ کا تعارف کرایا ۔ڈاکٹر گریما نے آرٹس شعبہ کے طلاب کو دستیاب مواقعوں کو اجاگر کیا۔ڈاکٹر روپالی فوترہ نے سائنس سٹوڈنٹس کے لئے متعدد سکالرشپ اور روزگار کے مواقعوں کی جانکاری دی ۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض شعبہ انگلش کی ڈاکٹر گیتا لکھوترہ نے انجام دئے۔اس موقعہ پر شعبہ کے دیگر فیکلٹی ممبراں میں پروفیسر سجاتا ٹھاکور، ڈاکٹر منمیت کور، اور پروفیسر وسیم یوسف بھی موجود تھی۔پروگرام میں ایچ او ڈی کامرس ڈاکٹر پون کمار گپتا، ایچ او ڈی ایجوکیشن ڈاکٹر رام سنگھ اور شعبہ زالوجی کے ڈاکٹر وکاس ڈوگرہ نے بھی شرکت کی۔
 
 
 
 

ڈوگرہ برہمن پرتیندھی سبھا کا چار روزہ مذہبی پروگرام 4مئی سے شروع

جموں // ڈوگرہ برہمن پرتیندھی سبھا پریڈکا بھگوان پرشو رام جینتی کے سلسلہ میں چار روزہ مذہبی پروگرام کا آغاز 4مئی کو جوش و خروش کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ا س  بات کی جانکاری اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ڈی بی پی ایس کے صدر وید پرکاش شرما نے دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی پروگرا م کا آغاز 4مئی کو وشال شوبھا یاترا کے ساتھ کیا جائے گا ،جس کا اختتام  7 مئی کو روایتی یگیہ ہون اور بھگوان پرشور ام جی کی پوجا اور یگینو پویت رسم کے ساتھ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مورخہ  4مئی کو وشال شوبھا یاترا تین بجے بعد دوپہر نکالی جائے گی ،جو شہر کے مختلف بازاروں موتی بازار، پکا ڈنگا، چوک چبوترہ، جین بازا، لنک روڈ ،پرانی منڈی ،شہیدی چوک ،رگھو ناتھ بازار اور شالیمار سے ہوتے ہوئے چانکیہ چوک پریڈ میں اختتام پذیر ہوگی۔شوبھا یاترا میں کاما ،راجستھان کے شری شری 1008 سوامی ہری چیتنیہ پوری مہاراج جی بھی شرکت کریں گے۔عالمی شہرت یافتہ دھرم گورو بھگوان پرشو رام جی کی زندگی پر روشنی ڈالیں گے اور خطبہ دیں گے۔سبھا نے عام لوگوں کو ریلی میں شرکت کرکے بھگوان پرشو رام جی کا آشیر واد حاصل کرنے کی اپیل کی ہے۔پریس کانفرنس میں پنڈت وی ایم مگترہ، ایڈوکیٹ پی سی شرما ،چندر موہن شرما ، ستیہ آنند شرما ، جگن ناتھ شرما ، سبھاش شاستری، رومیش شرما ،ست پال شرما ،سانتی سروپ گپتا، گورداس شرما وغیرہ بھی موجود تھے۔ 
 
 

پینتھرز پارٹی ریڈیو کشمیر جموں پر برہم 

جموں //پینتھرز پارٹی نے ریڈیو کشمیر جموں کی جانب سے لوگوں کو امید واروں کے رتبہ کی جانکاری دینے میں پینتھرز پارٹی کو فراموش کرکے  ووٹروں کو گمراہ کرنے کی مذمت کی ۔پارٹی کی جانب سے جاری ایک پریس بیان میں پارٹی کے سپریمو پروفیسر بھم سنگھ نے کہا ہے کہ انہوں نے ریڈیو کشمیر جموں کے 6.15 بجے بعد دوپہر کے ڈوگری بلٹین کو سنا ،جس میں ریڈیو کشمیر نے بتایا کہ ہرش دیو سنگھ بطور نیشنل کانفرنس امید وار کے انتخابی میدان میں ہیں۔پارٹی نے اسے پینتھرز پارٹی کے خلاف پروپگنڈا سے مترادف کیا ۔بیان میں اس خبر کو نہایت ہی قابل اعتراض قرار دیا  اور ریڈیو کشمیر جموں کے اس گمراہ کن بیان کی مذمت کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ریڈیو کشمیر جموں ،جموں ڈوگری بلٹین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
 
 
 

گورنر اور کے کے شرمانے مہا ویر جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد دی

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے بھگوان مہاویر کے جنم دِن کے موقعہ پر منعقد ہونے والی مہا ویر جینتی کے سلسلے میں ریاست کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔مبارک بادی کے اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ بھگوان مہاویر سچائی اور نیکی کی ایک مثال تھے اور اُن کے جنم دِن کو منانے کی بدولت ریاست جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے کی قدریں مضبوط ہوں گی۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔دریں اثناء مشیرکے کے شرما نے ریاستی عوام کو بھگوان مہاویرا کے جنم دِن یعنی مہاویر جینتی پر مبارک باد دی ہے ۔اپنے پیغام میں مشیر موصوف نے بھگوان مہاویرا کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچائی او رصداقت کے ایک مجسمہ تھے ۔کے کے شرمانے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
 
 
 

کالج میں توسیعی لیکچر کا اہتمام 

جموں // MIERکالج آف ایجوکیشن کی جانب سے’’ "Emerging Issues in Teacher Education  کے موضوع پرایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔س موقعہ پر پروفیسر ایس کے یادو ریسورس پرسن تھے جبکہ کالج کے پرنسپل و ڈائریکٹر پروفیسر ادت گپتا نے پروگرام کی صدارت کی۔MIERکالج آف ایجوکیشن کے ڈین اکیڈمکس پروفیسر این آر شرما ،ڈاکٹر مول راج، ڈاکٹر نشاط رانا نے فیکلٹی ممبروں کے ہمراہ لیکچر میں شرکت کی۔پروفیسر این آر شرما نے ریسورس پرسن کا خیر مقدم کرتے ہوئے انکا تعارف بطور ایک ماہر کے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر یادو ایک امتیازی تخلیق کار ہیں، جنھوں نے متعدد پیپرس تیار کئے اور پیش کئے ہیں اور قومی اور بین الاقوامی سطح کی ریسرچ منعقد کی ہیں۔اپنے خطاب میںپروفیسر یادو نے کہاکہ جن مدعوں نے دہائیں قبل اساتذہ کو متاثر کیا ہے وہ ابترعلیم کے شعبہ میں نئے رحجانات کی وجہ سے فرسودہ ہوئے ہیں۔انہوں نے ملازمت سے قبل اور ملازمت کے بعد اساتذہ کے تعلیمی پروگراموں اور انکے چلینجوں اور مدعوں پر مباحثہ کیا۔پروفیسر یادو نے بھارت میں آزادی کے بعد تا دم ٹیچر ایجوکیشن سکیموں ،کمیشنوں اور کمیٹیوں کو اجا گر کیا ۔انہوں نے اس شعبہ میں اپنے تجربہ کو بانٹا اور مدعوں اور انکے حل کو مثالوں کے ذریعہ سے پیش کیا۔اسکے بعد ایک بتادلہ خیال نشست منعقد کی گئی اور طلاب کے شکوک و شبہات کو دور کیا گیا ۔پی جی شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بھارتی ٹنڈن نے رسمی طور سے شکریہ کا ووٹ ؎پیش کیا ،جسکے ساتھ ہی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
 
 
 
 

آگ اور بحالی پر توسیعی لیکچرمنعقد

اودہمپور// طلاب میں آگ سے بچائو کے تدابیر کی جانکاری دینے کے لئے دہلی پبلک سکول اودہمپور میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی  جانب سے ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈویژنل فائر آفیسر ڈی ایف او تیج کرشن رینہ ترجمان اعلیٰ تھے،جنھوں نے آتشزنی کی وجہ سے جان و مال کے خطرات کو کم کرنے کے لئے اقدام پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ایسی ہنگامی صورتحال میں پھنسے لوگوں کی بحالی کے لئے کئے جارہے اقدام کو اجا گر کیا۔ سکول کے پرنسپل ڈاکٹر کنال آنند نے سکول کے طلاب کے لئے ایسا پروگرام منعقد کرنے کی کافی ستائش کی اور کہا کہ یہ پروگرام طلاب کے لئے بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے تیج کرشن رینہ کو طلاب اور فیکلٹی ممبران کو آگ سے بچائو کے طریقوں کی جانکاری دینے کیلئے انکا  شکریہ ادا کیا۔بعد میں پرنسپل نے رینہ کو ای مومینٹو بطور محبت کی علامت کے پیش کیا۔ ڈی پی ایس اودہمپور کی سی سی اے کارڈی نیٹر راکھی گپتا نے رسمی شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔
 
 
 
 
 

مویشی سمگلر پی ایس اے کے تحت گرفتار 

جموں //جے اینڈ کے پولیس ضلع سانبہ نے ضلع مجسٹریٹ سانبہ کے ایک حکم کے تحت ایک مویشی سمگلر کو مویشیوں کی سمگلنگ کے لئے جے اینڈ کے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق مبینہ ملزم محمد حسین ولد لعل حسین ساکنہ منوہر گوپالہ،سانبہ کا باشندہ ہے ،جس کے خلاف ضلع میں مویشی سمگلنگ کے متعدد معاملات درج ہیں، جسکی وجہ سے وہ ضلع کے امن کے لئے ایک خطرہ بن گیا ہے اور حکام اسے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کیلئے مجبور ہو گئی ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بار بار مویشی سمگلنگ کے فعل میں ملوث ہونے کی وجہ سے اسی ایس ی سانبہ نے ایک ڈوزائر تیار کی تھی ،جسے ضلع مجسٹریٹ سانبہ کو بھیجا گیا ،جنھوں نے رسمی طور سے بد نام زمانہ سمگلر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا۔ وارنٹ گرفتاری کو ایس ایچ او پولیس اسٹیشن سانبہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے عملایا ،مبینہ ملزم کو سب ۔جیل ہیرا نگر میں رکھا گیا ہے۔
 
 
 

جے جے ایس ایف کی پریس کانفرنس

 بھاری فیس وصول کرنے والے سکولوں کیخلاف سنگین کارروائی کا مطالبہ 

جموں // جموں جوائنٹ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے اُن پرائیویٹ سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو ہر سال طلاب کے لئے بھاری داخلہ فیس حاصل کرتے ہیں۔ منگل کے روز یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے جے ایس ایف کے ریاستی نائب صدر اتل سودن نے سرکار سے ایسے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو ہر سال طلاب سے بھاری فیس وصول کرتے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ سے ایسے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلاب سے بھاری ایڈمشن / ٹیوشن فیس اور سالانہ اخراجات وصول کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بعض پرائیویٹ سکول ہر سال داخلہ فیس میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ ٹیوشن فیس میں بھی بھاری اضافہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض پرائیویٹ تعلیمی ادارے والدین کو اپنے بچوں کے لئے کتابیں سکول سے  یا کسی مخصوص کتب فروش سے ہی خریدنے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے ان قصور وار سکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کی مانگ کی۔پریس کانفرنس میں رجت شرما ، انیل شرما ، آدرش بخشی، سنی شرما ، رمن شرما ،روہت کمار وغیرہ بھی موجود تھے۔