مزید خبریں

ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن

 بورڈ آف ڈائریکٹرس کی سر نو تعیناتی

 بلال فرقانی
 
سرینگر// حکومت نے فروغ تجارت ادارہ(ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن) کے بورڈ آف ڈائریکٹروں کی سر نو تعیناتی کو منظوری دی اور اس کی کمان محکمہ صنعت و حرفت کے انتظامی سیکریٹری کو سونپی گئی ہے۔ پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے پیر کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیر ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن کے آرٹیکل آف ایسو سی ایشن کی دفعہ113 کے تحت بورڈ آف ڈائریکٹروں کے سر نو تعیناتی کو منظوری دی گئی۔آرڈر کے مطابق محکمہ صنعت و حرفت کے انتظامی سیکریٹری بورڈ کے چیئرمین ہونگے جبکہ محکمہ اعلیٰ تعلیم،محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج،محکمہ سیاحت کے انتظامی سیکریٹری ڈائریکٹر ہونگے۔بورڈ آف ڈائریکٹروں میں جموں کشمیر ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر،ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم، محکمہ خزانہ کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو اور محکمہ زراعی پیدوار و بہبود کاشتکار کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ  ہو،شامل ہیں۔
 
 

بڈگام میں کارچوروں کاگروہ بے نقاب

۔4گرفتار،13گاڑیاں برآمد

بڈگام//پولیس نے بڈگام میں کارچوروں کے ایک گروہ کو بے نقاب کرکے چارافراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چوری کی گئی 11گاڑیوں کوبرآمد کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران پولیس نے دومزید گاڑیوں کو جعلی نمبروں کے ساتھووترہیل بڈگام سے برآمدکرلیااور اس طرح برآمد کی گئی گاڑیوں کی تعداد13ہوگئی۔ان گاڑیوں میں سفیدرنگ کی ہانڈاسٹی(اصل رجسٹریشن نمبر DL14CC-5699) جعلی نمبر JK02BL-1170،سفیدرنگ کی وٹارابریزا(اصل رجسٹریشن نمبرDL9CAV-4656)جعلی نمبرDL2CBB-6437۔کیس کی تحقیقات جاری ہے اورمزیدگرفتاریاں خارج ازامکان نہیں ہے۔
 
 
 

جنوبی کشمیرمیں خوف وہراس،قاضی گنڈمیں پیرنی لُٹ گئی

لٹیروں نے بیہوش کرکے سونے کے زیورات اُڑا لئے

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//جنوبی کشمیر میں پیرکو لٹیروں نے ایک اورخاتون کودن دہاڑے گھرمیں گھس کرلوٹ لیاجس کی وجہ سے پورے جنوبی کشمیرمیں خوف ہراس پھیل گیاہے۔قاضی گنڈ کے بدرگنڈعلاقہ میں ایک خاتون پیرصاحبہ چوروں کوہاتھوں لٹ گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق  دونامعلوم افراد صبح پیرصاحبہ راسیہ بانوزوجہ منظوراحمدنجارنامی خاتون کے گھر مریدبن کرداخل ہوئے اورخاتون کے چہرے پر اسپرے پھینک کواُسے نیم بیہوش کرکے زیورات ونقدی لوٹ لئے۔واقع کی خبر پھیلتے ہی پیرصاحبہ کے رشتہ داراورمریداُس کے گھر پہنچے اوراُسے اسپتال لیجایا۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقع سرینگرجموں شاہراہ کے نزدیک پیش آیا۔خاتون کے گھر اکثرمریدوں کوتانتابندھارہتا ہے۔پولیس نے معاملے کودرج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز کولگام کے آگرو گائوں میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا ۔چوری کی بڑھتی وارداتوں سے لوگوں بالخصوص خواتین میں خوف ہراس پھیل گیا ہے۔لوگوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعات میں ملوث افراد کو پکڑنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔
 
 

سرکاری اسپتالوں میں کنسلٹنٹ

 انتظامی ذمہ داریوں سے دور رکھنے کی ہدایت

سرینگر //پرویز احمد //محکمہ صحت نے تمام چیف میڈیکل افسروں اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کو کوئی بھی انتظامی ذمہ داری نہ دیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کئے گئے سرکیولر میں کہا گیاہے کہ کنسلٹنٹ تمام اسپتالوں کیلئے ضروری ہوتے ہیں اور ایسے ماہر ڈاکٹروں کا استعمال اسپتال میں کو علاج و معالجہ فراہم کرنے میں ہونا چاہئے تاکہ اسپتالوں میں مریضوں کو ملنے والی طبی نگہداشت کو بہتر بنایا جاسکے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سینئر ڈاکٹروں اور کنسلٹنٹوں کو مریضوں کی دیکھ ریکھ کے علاوہ انتظامیہ ذمہ داریاں بھی نبھانی پڑتی تھیں جسکی وجہ سے اسپتالوں میں طبی نگہداشت پر اثر پڑتا تھا ۔ 
 

لداخ میں کورونا کے 34نئے مثبت معاملے درج

لیہہ//لداخ میں کورونا کے34نئے مثبت معاملوں کے سامنے آنے کے ساتھ ہی خطے میں کروناسے متاثر افراد کی تعداد27835ہوگئی ہے جبکہ مرکزی زیرانتظام اس علاقہ میں فعال کووِڈ – 19معاملوں کی تعداد341 ہے۔حکام کے مطابق کوروناوباء کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک اس مرکزی زیرانتظام علاقے میں228افراد موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں جن میں168کاتعلق لیہہ سے تھا جبکہ60کرگل سے تعلق رکھتے تھے.۔اتوارکوبھی خطے میں اس وبائی بیماری سے کسی کے فوت ہونے کی کوئی خبرنہیں ہے۔اس دوران 91مریضوں کو اسپتالوں سے صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے رخصت کیاگیاجن میں67کاتعلق لیہہ اور24کرگل سے ہیں ۔اس طرح خطے میں کووِڈ سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد27266ہوگئی ہے۔تازہ34کیسوں میں31کاتعلق لیہہ اور 3کاتعلق کرگل سے ہے۔
 
 
 

حسن پورہ بجبہاڑہ میں چوری

۔ 5گائیں چرالی گئیں

عارف بلوچ
اننت ناگ//حسن پورہ بجبہاڑہ میں دوران شب چوروں نے 5گائیں چرالیںجس کے باعث لوگوں میں تشویش پایا جارہا ہے۔ چوروں نے محمد یوسف بٹ کے گائو خانے سے 3گائیںاور بشیر احمد راتھر کے گائو خانے سے2گائیں چرالی ہیں ۔ لوگوں نے کہا ہے کہ مویشی چور کافی عرصے سے سرگرم ہیں ۔محمد یوسف راتھر کی اہلیہ نے بتایا کہ یہ دو گائیں ہی ان کی روزی روٹی کاذریعہ تھا ۔ادھر مقامی لوگوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ مویشی چوروں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔
 
 
 

نوکری نہیں تو خود روزگار سہی 

اونتی پورہ کے تعلیم یافتہ نوجوان کا اظہار خیال 

سید اعجاز
اونتی پورہ// اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان جنید احمد وانی نے لا گام کے نزدیک ترال میں امیر کبیر موٹرس کے نام سے اپنا کارو باری مرکز شروع کیا ہے جہاں ماہر اور تجربہ کار افراد کی خدمات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے تمام پرزے بھی یہاں موجود ہیں ۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے جنید نے بتایاکہ اُس نے انجینئرنگ اور ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی لیکن سرکاری نوکری نہ ملنے کے بعد خود روز گارکی طرف توجہ دی اور ابتدائی مرحلے میں فی الحال8نوجوانوں کو روز گار فراہم کر رہا ہے اور آنے والے وقت میں مزید نوجوانوں کو روز گار فراہم کر نے کی امید ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نوکریوں کا انتظار کرنے کے بجائے اپنا چھوٹا سا یونٹ شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ بھی اپنا روز گار کما سکیں گے ۔ 
 
 
 

ٹھیکیداروں کے واجب الادا رقومات واگزار کی جائیں:کانگریس 

سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے پیر کو ٹھیکیداروں کی زیر التوا ادائیگیاں جاری نہ کرنے پر حکومت پر تنقید کی، جنہوں نے اپنے کام بہت پہلے مکمل کر لئے ہیں۔جے کے پی سی سی کے جنرل سکریٹری سریندر سنگھ چنی نے ایک بیان میں ٹھیکیداروں کو ادائیگی جاری کرنے میں طویل تاخیر پر حیرت کا اظہار کیا ہے جبکہ تمام اصولوں اور ٹینڈرنگ کے عمل کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے پروجیکٹوں کو مکمل کیا ہے۔چنی نے کہا کہ ٹینڈرنگ کے عمل کومکمل کرنے کے بعد ٹھیکیداروں اور مختلف فرموں نے اپنا کام انجام دیا اور پروجیکٹس کو متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا۔
 
 

 

 این ڈی پی ایس ایکٹ

پولیس لائنز بانڈی پورہ میں ورکشاپ کا انعقاد

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے اے این ٹی ایف کے تعاون سے کانفرنس ہال ڈی پی ایل بانڈی پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔بانڈی پورہ پولیس نے اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس جے اینڈ کے کے تعاون سے کانفرنس ہال ڈی پی ایل بانڈی پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ پر ایک روزہ ورک شاپ کا اہتمام کیا۔ورکشاپ کا افتتاح ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر نے کیا ۔اس کے علاوہ ANTFکی ٹیم اور ایس ڈی پی او سمبل، ڈی وائی ایس پی ڈار بانڈی پورہ، ڈی وائی ایس پی پی سی حاجن ، ضلع بانڈی پورہ کے تمام ایس ایچ اوزوانچارج پولیس پوسٹ اور دیگر تفتیشی افسران کے علاوہ اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس جموں و کشمیرکی ایک ٹیم نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔ورکشاپ کا انعقاد تفتیشی افسران کو جدید ترین تکنیکوں اور معیاری طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تفتیش کو تیز کیا جا سکے اورNDPSکے مقدمات میں سزاؤں کو بہتر بنایا جا سکے۔ابتدا ئی خطاب کے دوران ڈی ایس پی ہیڈکواٹرنے شرکاء کو منشیات کے استعمال اورNDPSمادوں کی شناخت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ مختلف گھناؤنے جرائم کے مقدمات کو بروقت اور مناسب طریقے سے نمٹا جانا چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ جدید ترین تکنیک اور معیاری طرز عمل اپنائیں جس سے مقدمات کی تفتیش میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ موثر انداز میں تحقیقات کریں تاکہ اس لعنت کے تناسب کو کم کیا جا سکے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس کے افسران نے NDPSکے مقدمات میں گزیٹیڈ افسران کی قریبی نگرانی کا مشورہ دیا تاکہ سزا کی شرح کو بہتر بنایا جا سکے اور سنسنی خیز جرائم کے مقدمات کو نمٹا جا سکے۔این ڈی پی ایس ایکٹ کے مختلف پہلوؤں اور متعلقہ قوانین اور طریقہ کار پر اے این ٹی ایف کے افسران کی جانب سے پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔ اے این ٹی ایف کے اہلکاروں نے این ڈی پی ایس ایکٹ، پی آئی ٹی این ڈی پی ایس اور مالیاتی تحقیقات وغیرہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔جے کے این ایس
 
 
 

 چرار شریف میں تالاب کو بحالی کیا جائے:ایتو

سرینگر// اپنی پارٹی کے رہنما انجینئر نذیر ا یتو نے حکومت سے چرار شریف کے آستان کے باہر موجود تالاب کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو ان لوگوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے جو صدیوں سے اس تالاب کو مختلف قسم کی بیماریوں کے علاج کیلئے استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ اس طرح کے کاموں کو انتظامیہ سنجیدگی سے نہیں لیتی ہیں۔