مزید خبریں

کئی سال پرانا انگرالہ پل مرمت کا منتظر

لوگ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر عبور ومرور پر مجبور

زاہد ملک

مہور//سب ڈویژن مہور کا انگرالہ پل کئی سال سے مرمت کا منظر ہے ۔ یہ پل اس قدر کمزور ہے کہ کسی بھی وقت گر سکتاہے جس سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے کا احتمال ہے ۔تاہم اسکے باوجود مقامی لوگ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر اسی پل سے عبور و مرور کرنے پرمجبورہیں۔قابل ذکر ہے کہ کچھ سال قبل تک علاقہ گلابگڑھ میں گاڑیوں کی سڑکیں نہیں تھیں اور اس پل سے گلابگڑھ علاقہ کے لوگ آیاجایاکرتے تھے ۔اس پل سے اڑبیس،شبراس،نہوچ،دیول،ڈوگا وغیرہ کے لوگ آر پارتے ہیں لیکن حد تو یہ ہے کہ اس کی مرمت کیلئے حکام کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ اس پل سے عبورومرور کرتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ خطرے میں رہتے ہیں کیوں کہ اس پل سے جب چلتے ہیں تو یہ ہل جاتا ہے اور کبھی بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔اڑبیس کے ایک شہری شبیر احمد نے بتایا کہ اڑبیس اور شبراس کے لوگ اسی پل سے راشن اپنے گھروں کو لے جاتے ہیں اور یہ پل کبھی بھی ٹوٹ سکتا ہے جس سے کبھی بھی کوئی انسانی جان جاسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ کہ اس پل کے اوپر سے گھوڑے بھی چلتے ہیں اوراس دوران پل پوری طرح سے ہلتا ہے جس کے ٹوٹنے کا احتمال ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے پل کی فوری طور پر مرمت کاکام شروع کرنے کی مانگ کی ہے۔
 
 

 شب برا ت آج

 مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں روح پرور اجتماعات ہونگے

سرینگر//شب برات کی تقریبات آ ج یعنی ہفتہ کو ریاست کی تین خطوں میں انتہائی عقیدت و احترام اورتزک و احتشام کیساتھ منائی جارہی ہیں ۔ مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب خوانی کا اہتمام ہوگا جس دوران لاکھوں فرزندان توحیدگنا ہو ں کی بخشش و مغفر ت ،ایما ن و سلامتی ،رزق کی کشادگی ، آفا ت و بلیات ،مصیبت ،محتا جی ،تنگ دستی ،صحت اور عا فیت کی دعا ما نگیںگے۔ماہِ شعبانِ المعظم کی پندرہویں شب کو شبِ برات کہا جاتا ہے۔ اِس شب میںرب العزت اپنے فضل و کرم کے سبب بے شمار گناہ گاروں کی مغفرت فرماتا ہے اور سال بھر میں ہونے والے واقعات و حوادث کو لکھ دیتا ہے اور پورے سال میں انسانوں سے سرزد ہونے والے اعمال اور پیش آنے والے واقعات سے بھی اپنے فرشتوں کو باخبر کردیتا ہے۔ و ادی میں شب برات کی بڑی تقریبات آثار شریف درگاہ حضرت بل اور جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہو رہی ہیں جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے رات بھر شب خوانی کریں گے۔واضح رہے کہ امسال یہ تقریب مجلس توبہ و استغفار کے طور پر بھی منائی جا رہی ہے۔اس دوران   میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے اعلان کیا کہ  شب برات کی مقدس تقریب حسب معمول مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز عشاء کے بعد منائی جا رہی ہے جبکہ عشاء کی نماز9:30 پر قائم ہوگی اور اسکے فورا بعد وعظ و تبلیغ اور توبہ و استغفار کی خصوصی مجلس آراستہ کی جائیگی۔تاریخی خانقاہِ معلی میں نمازِ عشاء ساڑھے 10بجے ادا کی جائیگی ۔ کوہ ما راں میں واقع میں زیارت شیخ مخدوم ؒ کے آ ستانیہ عالیہ جناب صاحب صورہ ، سید صاحب سونہ وار،خانیار ،آثار شریف شہری کلاشپورہ ،اقرا مسجد سرائے بالااورحضرت سلطان العارفین ؒ، شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت گاہ واقع چرار شر یف ،پنجورہ شوپیان ، تجر شریف سوپور ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ ، جامع مسجد کپوارہ کیساتھ ساتھ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میںبھی  شب خوانی کا اہتما م کیا جاہا ہے جسکے دوران ائمہ مساجد نے تفصیل کے ساتھ شب برات کی اہمیت اور فضیلت کو اْجاگر کیا جائے گا۔ادھرجموںاور لہیہ لداخ کے مسلم آبادی والے علاقوںمیں شب برات کی مقدس اور بابرکت تقریبات کا انعقاد کیا  جارہا ہے۔
 
 

 اب سرحدی علاقے بھی 

شراب و منشیات کے اثرات سے متاثر:مولاناحامیؔ

سرینگر//شراب اور منشیات کے اثرات اب شہروں اور قصبہ جاتوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے دور دراز علاقوں تک عیاں نظر آرہے ہیں سینکڑوں گھرانوں کے چشم و چراغ اپنی زندگی کو گنوا کر اپنے والدین اور اقرباء کو بھی بربادی کی تاریکی میں غرق کر رہے ہیں۔ منشیات اور شراب دیہاتوں اور سرحدی خطوںمیں بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار امیر کاروان غلام رسول حامیؔ نے ماگام دھوبی ون میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کے لئے المیہ ہے جوشراب اور منشیات کو پروان چڑھانے والوں کے حق میں ووٹ یا دیگر ذرائع سے غیر انسانی طاقتوں کو مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پندرہویں شعبان المعظم کی رات ایک عظیم رات ہے جس سے سرکار دوعالم  ﷺ نے قدر اور فضل کی رات قرار دیا ہے لہٰذا تمام امت مسلمہ یکسوئی کے ساتھ زندگی کے تمام اختلافات بھلا کر امت مسلمہ کی بدحالی کو مدِ نظر رکھ کر فلسطین ، شام اور پوری انسانیت کی فلاح اور کامیابی کے لئے دعا کریں ۔
 
 

 ڈاکٹر فاروق کی شب برات پر مبارکباد

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شب برات کی مقدس شب پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کیا ہے۔ اُنہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ،کہ وہ اِس مقدس اور بابرکت شب میں اللہ کے دربار میں سروسجود ہوکر عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور ریاست کے لوگوں کی خوشحالی وامن وامان کیلئے دعا کریں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اورعلی محمد ساگر نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برات کے مقدس تقریب کے سلسلے میں تمام مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام باڑوں میں بجلی، پینے کی پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات میسر رکھیں۔
 

لیہہ میں میٹنگ کیلئے مشاہدین دستیاب

لیہہ//ڈپٹی ضلع چنائو آفیسر لیہہ عبدالغفار زرگر نے کہا ہے کہ لداخ پارلیمانی نشست کے لئے مشاہدین اکھلیش کمار شرما،پولیس اوبزرورسوریا کانت اور اخراجاتی مشاہد ملن رُچال لیہہ پہنچ گئے ہیںجہاں وہ اب ملاقات کے لئے دستیاب ہیں۔ڈپٹی ضلع چنائو آفیسر کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کا نمائندہ ننکُن وی آئی پی گیسٹ ہائوس نزدیک کے جی بی آر ائر پورٹ میں مشاہدین کے ساتھ صبح10بجے سے 11بجے تک ملاقات کرسکتا ہے ۔جب مشاہدین کے ساتھ ان نمبرات پر بھی رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔جنرل اوبزرور 9484120883،پولیس اوبزرور7051666442 اوراخراجاتی مشاہد9484242839
 
 

سونہ مرگ میں بجلی بحال کی جائے

ہوٹل مالکان اور دکانداروںکا مطالبہ

غلام نبی رینہ

 کنگن //صحت افزا مقام سونہ مرگ کے ہوٹل مالکان نے بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سونہ مرگ شاہراہ پر15 اپریل کوآمد ورفت بحال کیا گیا جس کے بعد سونہ مرگ میں سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہوٹل مالکان اور دکانداروں نے بتایاکہ ابھی تک سونہ مرگ میںبجلی بحال کرنے کے لئے محکمہ پی ڈی ڈی نے کام شروع نہیں کیا ہے ۔اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجنیئر پی ڈی ڈی گاندربل نے بتایا کہ بجلی بحال کرنے میں قریباً پندرہ روز کا وقت لگ سکتا ہے انکا کہنا تھا کہ ہنگ کے مقام پر بھاری بر فانی تودے گرنے آنے کی وجہ سے کام کرنے کے دوران مشکلات پیش آسکتے ہیں۔ سونہ مرگ کے ہوٹل مالکان اور دکانداروں نے بتایا کہ اگر بجلی جلد بحال نہیں کی گئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائینگے۔
 
 

پارلیمانی چناؤ 2019

اننت ناگ اور شوپیان میں چنائو تیاریوں کاجائزہ لیا گیا

اننت ناگ//ریٹریننگ آفیسر 3اننت ناگ پارلیمانی نشست خالد جہانگیر نے کل تمام اے آر اووز اورنوڈل آفیسران کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں چنائو تیاریوں کاجائزہ لیا ۔اس موقعہ پر ریٹریننگ آفیسر نے ویب کاسٹنگ ،ویڈیو گرافی ،خواتین کے لئے پولنگ اسٹیشنوں کا قیام ،ٹرانسپورٹ منصوبے ،ماڈل پولنگ اسٹیشنوں اور کنٹرول رومز کا قیام اور دیگر امور کے علاوہ ڈسٹریبیوشن مراکز کاجائزہ لیا ۔اے آر او ٹریننگس نے ریٹریننگ آفیسر کو بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں بجلی ،پانی ،فرنیچر اوردیگر سہولیات کی دستیابی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ ضلع اننت ناگ میں 28پولنگ مقامات پر ویب کاسٹنگ دستیاب رکھی جائے گی۔ادھرضلع چنائو آفیسر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد نے کل پارلیمانی چنائو2019کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران پولنگ عملے کی تعیناتی ،تشکیل دی گئی ٹیموں کی سرگرمیوں،پولنگ مواد کی دستیابی ،کنٹرول رومز کے قیام،ٹرانسپورٹ منصوبے اور خواتین پولنگ اسٹیشنوں کے علاوہ دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ای او نے ضلع میں چنائو کے احسن اور منصفانہ انعقاد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے پر زوردیا ۔انہوںنے پولنگ اسٹیشنوں میں بجلی اورپانی کے علاوہ دیگر سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں اے ڈی سی،اے سی آر،ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر،اے آر اووز وچی،شوپیان اور چیف ایجوکیشن آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔
 
 
 
 
 
 

پی ایچ سی کلاروس میںڈاکٹر کی بر طرفی

کپوارہ میںڈاکٹروں کا احتجاج ، کام چھو ڑ ہڑتال کی دھمکی

اشرف چراغ 

کپوارہ//موری کلاروس کی درد ذہ میں مبتلا خاتون کو ایمبولنس نہ ملنے کے نتیجے میں بچے کو سرراہ جنم دینے کے معاملہ نے اس وقت نیا مو ڈ لیا جب پرائمری ہلتھ سنٹر کلاروس میں تعینات ڈاکٹر کو نوکری سے بر طرف کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر ایسو سیشن بھی ڈاکٹر کو فوری طور نوکری پر بحال کرنے کے میدان میں آگئے ۔گزشتہ ہفتہ موری کلاروس کی درد ذہ میں مبتلا خاتون فا طمہ بیگم کو جب پرائمری ہلتھ سنٹر کلاروس لایا گیا تو وہاں ڈاکٹروں نے انہیں کپوارہ منتقل کیا تاہم لو احقین نے الزام لگایا تھا کہ ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر بلال احمد نے انہیں ایمبولنس فراہم نہیں کی جس کے نتیجے میں انہو ں نے بچے کو سرراہ جنم دیا جو پھر علاج نہ ملنے کی وجہ سے فوت ہو گیا ۔لواحقین نے اس واقعہ سے متعلق سخت احتجاج کیا جس کے بعد چیف میڈیکل آفیسر نے ڈاکٹروں کی دو رکنی ٹیم جس میں ڈاکٹر محمد یوسف ماہر امراض خواتین اور ڈاکٹر فاروق کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کیا اور انہیں دو روز میں اپنا رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔چیف میڈیکل آفیسر نے ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ ملنے کے ساتھ ہی مزکورہ ڈاکٹر کو نوکری سے بر طرف کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر جو ڈسٹرکٹ ہلتھ اینڈ سوسائٹی کے چیر مین بھی ہے سفارش کی جس کے بعد ڈاکٹر بلال کو نوکری سے بر طرف کیا گیا ۔ڈاکٹر بلال کی بر طرفی کے ساتھ ہی کلاروس کے لوگ اور ڈاکٹر ایسو سیشن کپوارہ نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مزکورہ ڈاکٹر کو فوری طور تعینات کیا جائے بصورت دیگر سوموار سے ضلع کے تمام چھو ٹے بڑے اسپتالو ں میں کام چھو ڑ ہڑتال کیا جائے گا ۔ایسو سیشن کے ضلع صدر ڈاکٹر اعجاز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ابھی ڈاکٹر کی دو رکنی تحقیقاتی ٹیم نے اپنا حتمی رپورٹ پیش نہیں کیا اور اس سے قبل ہی ڈاکٹر کو معطلی کے بجائے نوکری سے بر طرف کیا ۔انہو ں نے مطالبہ کیا واقعہ کی غیر جانبدانہ تحقیقات عمل میں لائی جائے ۔