مزید خبریں

فرائض سے تغافل

بجبہاڑہ میں پٹواری معطل

اننت ناگ//سب ڈویژنل مجسٹریٹ بجبہاڑہ نے حلقہ ووپزن کے پٹواری کوتجاوزات روکنے میں لاپرواہی برتنے پر معطل کیا ہے۔حکم کے مطابق پٹواری کو ڈیوٹی سے تغافل برتنے پر فوری طور معطل کیا گیا ہے اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے دفتر سے منسلک رہیں گے،تحصیلداربجبہاڑہ کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 
 
 

لداخ میں کووِڈ- 19 کے32نئے کیس

لیہہ//لداخ میں کوروناوائرس کے 32نئے مثبت معاملے سامنے آئے ہیں اور اس طرح خطے میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد27867ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق مرکزی زیرانتظام اس خطے میں اس وقت کورونا کے321فعال معاملے ہیں جن میں276لداخ اور45کرگل میں ہیں۔ اس دوران52مریضوں کو لیہہ اور کرگل کے اسپتالوں سے شفایاب ہوکر رخصت کیاگیا۔ نئے34کیسوں میں24لیہہ اور10کرگل میں پائے گئے۔
 
 

 واقعہ افسوسناک، تحقیقات کی جائے: تاریگامی

 سرینگر// گاندربل ضلع کے کنگن علاقے میں اپنی عمارت کے انہدام کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوان کی خودسوزی کی کوشش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی انڈیامارکسسٹ رہنما یوسف تاریگامی نے کہا کہ جب عمارت تعمیر کی گئی تو انتظامیہ کہاں تھی؟۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ جس زمین پر عمارت تعمیر کی گئی ہے وہ کئی دہائیوں سے خاندان کے زیر کاشت ہے اور جو نوجوان پڑھا لکھا اور بے روزگار ہے، وہ اپنا کاروبار شروع کرنے کا سوچ رہا تھا۔ جب اس نے عمارت بنائی تو کسی نے اعتراض نہیں کیا اور اب جب کہ انہوں نے تعمیر مکمل کر لی ، پولیس اور محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم اس کی نئی تعمیر شدہ عمارت کو گرانے پہنچی۔ مسمار کرنے کی مہم کی تصاویر اور ویڈیو نے حکومت کی نئی زمینی پالیسیوں پر لوگوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
 
 

کی رعناواری اسپتال میں 4ڈپلوما سیٹوں کو منظوریNBE 

پرویز احمد 
 
سرینگر //نیشنل بورڈ آف ایجوکیشن نے جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کو دوبارہ مختلف شعبہ جات میں ڈگری اور ڈپلومہ کورورسز جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ رعناواری اسپتال کی ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر بلقیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا، ’’ شعبہ میڈیسن میں 2سیٹوں کو جاری رکھنے کے علاوہ منگل کو مزید4ڈپلومہ سیٹوں کی منظوری مل گئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اطفال  میںچار نئی ڈپلومہ سیٹوں  میں 3انیستھیسیا جن میں 2ڈگری جبکہ ایک ڈپلومہ سیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ امراض چشم میں 2سیٹوں کو منظوری ملی ہے جن میں ایک ڈگری جبکہ ایک سیٹ ڈپلومہ کرنے کیلئے منظور کی گئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جواہر لال نہرو میوریل اسپتال رعناواری میں کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران بھی مختلف قوامی اداروں کی جانب سے معائنہ کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے اسپتال کو پرانی سٹیوں میں داخلہ کی اجازت ملنے کے علاوہ نئی 4ڈپلومہ سیٹیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
 

صنعتی اورتجارتی اداروں کی واجب الادابجلی فیس اداکرنے میں مہلت دی جائے:کشمیرچیمبر

سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے لیفٹیننٹ گورنر پر زور دیا ہے کہ وہ تجارتی اور صنعتی صارفین کابجلی فیس معاف کریں۔چیمبر نے کہا کہ جموں کشمیرمیں کووِڈ- 19کی عالمگیروباء سے صنعت کار لگ بھگ تباہ ہوگئے ہیں اورحالات بد سے بدترہوگئے۔ایک بیان میں چیمبر کے صدر شیخ عاشق نے لیفٹیننٹ  گورنر منوج سنہا،چیف سیکریٹری ارون کمار مہتہ،اورلیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار اور پرنسپل سیکریٹری بجلی کی توجہ جموں کشمیرکے صنعتی شعبے کی طرف مبذول کرائی جومالی بحران کی وجہ سے گزشتہ پاورایمنیسٹی سے استفادہ نہیں کرسکا۔ صدر نے حکام سے درخواست کی کہ وہ صنعتی اور تجارتی اداروں کو بجلی کی سپلائی کاٹ نہ دیں جس کی وجہ سے وہ بند ہوجائیں گے۔کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ تجارتی صارفین کوچھ ماہ تک تین قسطوں میں بقایا بجلی فیس اداکرنے کی مہلت دیں۔ 
 
 
 

کوکرناگ میں عمارتی لکڑی ضبط

 
عارف بلوچ
اننت ناگ// کوکرناگ میں محکمہ جنگلات اور فارسٹ پروٹیکشن فورس نے مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی کو ضبط کیا ۔رینج افسر کوکرناگ پیرزادہ ریاض احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لکڑی کمپارٹمنٹ نمبر 67 سے بر آمد کی گئی۔محکمہ کو ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ کمپارٹمنٹ میں جنگل اسمگلر لکڑی کاٹ رہے ہیں جس کے بعد محکمہ نے فارسٹ پروٹیکشن فورس کے ہمراہ دوران شب کارروائی عمل میں لائی جونہی عملہ اسمگلروں کے نزدیک پہنچا تو اسمگلر رات کی تاریکی کافائدہ اٹھا کر جائے موقع سے فرار ہوگئے ۔اس بیچ محکمہ نے کائرو لکڑی کے 10 نگ جن کی پیمائش 82فٹ ہے ،کو ضبط کیا ۔ اس کے علاوہ دیگر آلات کو جائے موقع سے ضبط کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ لکڑی کو رینج آفس کوکرناگ منتقل کیا گیا اور معاملہ کی نسبت پولیس اسٹیشن کوکرناگ میں کیس درج کیا گیا۔
 

بڈگام میں شہری چرس سمیت گرفتار

بڈگام //پولیس نے بڈگام میں ایک شہری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ممنوعہ مادہ اور نقدی برآمد کرلیا۔تھانہ بڈگام کے اہلکاروں نے ایچھگام مندر کے قریب قائم ایک چوکی پر ایک مشکوک شخص کو روکا گیاجس کی شناخت محمد شفیع موچی ساکن ایچھگام کے طور پر ہوئی ۔ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 300 گرام چرس اور 11300 روپے برآمد ہوئے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ منشیات فروشی کی کارروائی ہے۔ اسے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔اس مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 43/2022 کے تحت بڈگام تھانے میںکیس درج کیا گیا ۔