مزید خبریں

صحرائی کاشیخ محمد افضل سے اظہار تعزیت

 سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین شیخ محمد افضل کے والد خضر محمد شیخ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیاہے۔صحرائی نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔دریں اثناء تحریک حریت کے ایک وفدنے صدر ضلع اسلام آباد محمد شفیع وگے کی خالہ کی وفات پر عشمقام اسلام آباد جاکر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کے حق میں دعا کی ۔وفدمحمد یوسف لون اور بشیر احمد قریشی پر مشتمل تھا۔ وفد نے تنظیم کے رکن عاشق حسین نارژور کی 9ماہ بعد جیل سے رہائی پر اُن کا خیر مقدم کیا اور ان کی رہائی پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا ۔
 
 
 

بڈگام میں آفات سے نمٹنے اور حفاظتی تدابیر پر ورکشاپ کا انعقاد

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے نیشنل سکول سیفٹی پلان کے تحت بڈگام میں سکولی ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان کی تیاریوں کی مناسبت سے ایک روزہ ورکشاپ کی صدارت کی۔ورکشاپ میں زیڈ ای اووز،ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرنسپلوں اورگورنمنٹ وپرائیویٹ سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں نے بھی شرکت کی۔ورکشاپ میں ممکنہ آفات سے نمٹنے اورحفاظتی انتظامات سے متعلق شرکاء کو جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کے لئے منتظمین کی سراہنا کی۔اس سے قبل ترقیاتی کمشنر نے ایک میٹنگ کے دوران تعلیمی شعبے کے کام کاج کاجائزہ لیا۔جس دوران سی ای او بڈگام نے ضلع میں تعلیمی شعبے کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا۔
 
 

 کولگام میں پاگل کتے کے حملے میں کئی زخمی،15 ہسپتال منتقل 

سرینگر//کولگام میں پاگل کتوں نے کئی معمر خواتین اور بچوںسمیت کئی افراد کو زخمی کردیا جس کے دوران 15 شہریوں کوزخمی حالت میں کولگام ہسپتال منتقل کیاگیا۔ سی این ایس کے مطابق ڈی ایچ پورہ، لائسوقاضی گنڈ، بہی باغ میربازار میں بعد دوپہر اس وقت افراتفری پھیل گئی اور لوگ خوف کے مارے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے جب اچانک ایک پاگل کتے نے قریباً دودرجن افراد کو بری طرح کاٹ ڈالا ۔پاگل کتے نے دونوں علاقوںمیں اس قدر ہڑبونگ مچادی کہ چند خواتین پر غشی طاری ہوگئی۔ پاگل کتے کے کاٹنے سے علاقے میںدو درجن افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 15 زخمیوںکو علاج ومعالجہ کیلئے ضلع ہسپتال کولگام منتقل کردیا گیا۔ اگرچہ ہسپتال انتظامیہ نے زخمی افراد کو بروقت انجکشن دئے گئے تاہم بعد میں دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔
 
 
 
 
 

پاور کنٹرولر کشمیر کی اطلاع

گرڈ اسٹیشن کنگن 15سے18مئی تک بند رہے گا

سرینگر//پاور کنٹرولر کشمیر کی ایک اطلاع کے مطابق گرڈ اسٹیشن کنگن ضروری مرمت کے پیش نظر 15مئی صبح 9بجے سے 18مئی شام 5بجے تک بند رہے گا۔اس دوران اس گرڈ اسٹیشن سے متعلقہ علاقوں کو پاور سپلائی متاثر رہے گی۔
 
 
 
 
 

جموں کشمیر کے وکلاء کیلئے بہبودی اسکیم بنانے کی عرضی پر سماعت

 ہائی کورٹ کا ریاستی حکومت کے نام نوٹس

جموں// جموں کشمیر ہائی کورٹ کی جموں ونگ نے وکلاء کے لئے ایک بہبودی اسکیم بنانے کے مطالبے کو لیکر دائر کی گئی ایک مفاد عامہ عرضی کے جواب میں ریاستی حکومت کے نام نوٹس جاری کیا ہے۔جسٹس ڈی ایس ٹھاکر اور جسٹس سندھو شرما پر مشتمل ایک ڈویژن بینچ نے جمعہ کی شام حکومت کے نام  چار ہفتوں کے اندر اندر جواب دائر کرنے  کے لئے نوٹس جاری کیا۔بتادیں کہ مفاد عامہ عرضی ایڈوکیٹ سلیل گپتا اورایڈوکیٹ بھارت شرما نے ماہ مارچ میں دائر کی تھی اور وکلاء کی بہبودی کے لئے ایک اسکیم بنانے کے لئے دائر اس مفاد عامہ عرضی کو چیف جسٹس نے 7 مئی کو رجسٹر کرنے کی اجازت دی تھی۔عرضی دہندگان کی طرف سے ایڈوکیٹ گگن بسوترا اور ایڈوکیٹ ادتیہ شرما عدالت میں حاضر ہوئے اور مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت کو ہدایات دی جانی چاہئے کہ وہ ایڈوکیٹ ایکٹ یا دوسرے قوانین کے تحت نئے درج شدہ وکلاء کے لئے ماہانہ دس ہزار روپیے مشاہرہ مقرر کرے اور کم سے کم چالیس برسوں تک وکالت کے فرائض انجام دینے والے وکلاء کے لئے پنشن اسکیم متعارف کرے۔ایڈوکیٹ بسوترا نے مزید کہا کہ درج شدہ وکلاء کے لئے انشورنس اسکیم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔علاوہ ازین کیرلا اور دیگر ریاستوں میں ایسی اسکیمیں ہیں جہاں نئے درج شدہ وکلاء کو ماہانہ 5 ہزار روپیے مشاہرہ دیا جاتا ہے۔
 
 
 

 شرما  کا13 مئی کو جموں میں عوامی دربار 

سرینگر //گورنر کے مشیر کیول کمار شرما 13 مئی کو صبح دس بجے سے 12 بجے تک کنونشن سنٹر کینال روڈ جموں میں لوگوں کے مسائل سُننے کیلئے موجود رہیں گے ۔ عوامی وفود ، تنظیمیں اور افراد اس سلسلے میں اپنی مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر جموں کے دفتر میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر کے مشیر سرینگر اور جموں میں متواتر طور عوامی دربار کے دوران عوامی وفود کے ساتھ ملاقی ہورہے ہیں اور لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہیں۔
 
 
 

پولیس کی بلٹ پروف گاڑیوں کی خستہ حالت

کے راجندرا کمار کا اظہار  تشویش 

جموں// جموں کشمیر کے سابق پولیس سربراہ کے راجندرا کمار نے جموں کشمیر پولیس کی بلٹ پروف گاڑیوں کی خستہ حالت پر اظہار افسوس کیا ہے۔اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک تصویر جس میں پولیس کی ایک خستہ حال بلٹ پروف گاڑی کو دیکھا جاسکتا ہے، کو شیئر کرتے ہوئے سابق پولیس سربراہ نے کہا کہ اقتصادی بحران اور اہم سازوسامان کے حصول میں تاخیر جموں کشمیر پولیس کی آپریشن صلاحیت کے لئے کافی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے لکھا 'مہیندار رکھشک بلٹ پروف گاڑی جو جموں کشمیر پولیس کے لئے جنگجوؤں اور سنگ بازوں کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے، کی خستہ حالت دیکھئے، فنڈ بحران اور ضروری سازسامان کے حصول میں تاخیر جموں کشیر پولیس کی آپریشن صلاحیت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
 
 
 

ترقیاتی کمشنر پلوامہ کا ضلع ہسپتال کادورہ

 لمبی قطاریں دیکھ کر ضروری اقدامات کی یقین دہانی

پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل ضلع ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کاجائزہ لیا۔دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی ،اوپریشن تھیٹر ،ای سی جی یونٹ ،ڈینٹل سیکشن ،ایکسرے سیکشن اوردیگر شعبے کا معائنہ کیا۔اس موقعہ پر انہوںنے طبی اور نیم طبی عملے کی حاضری بھی چیک کی۔انہوںنے ملازمین کو فرض شناسی اورجانفشانی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔ترقیاتی کمشنر نے مریضوں کی مزاج پرسی کی اوراُن کی فوری صحت یابی کی امید ظاہر کی۔رجسٹریشن کے لئے مریضو ں کی لمبی قطاروں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ترقیاتی کمشنر نے ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بعدمیں ترقیاتی کمشنر نے مین مارکیٹ میں ڈِوائیڈروں کی تعمیر کی پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔
 
 
 

یتیم بچوں کی حوصلہ افزائی  | سنٹرل یونیورسٹی گاندربل میں تقریب منعقد

گاندربل //ارشاد احمد //سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ سکول آف ایجوکیشن کے تحت کمیونٹی کو متحرک کرنے کے پروگرام ک کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا۔گاندربل کے گرین کیمپس میںشعبہ سکول آف ایجوکیشن کے تحت منظم کئے گئے پروگرام میں سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر کے ساتھ راست گفتگو کرنے کے لئے جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ صورہ سرینگر سے کئی یتیموں کو مدعو کیا گیا تھا۔سکول آف ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر سید ظہور احمد گیلانی اس موقع پرکہا کہ پروگرام کا مقصد حوصلہ بڑھانے اور تعلیم کے حصول کے لئے یتیموں کو حوصلہ افزائی کرنا مقصود تھا ۔انہوں نے یتیموں کی طرف سماج کے امیر طبقے کے کردار اور ذمہ داری کے بارے میں غور و فکر کرنے پر زور دیا۔وائس چانسلرنے یتیموں کے لئے حکمت عملی اور حوصلہ افزائی کے لئے اہم ترین مشورے دیئے۔ اس موقع پرشرکاء میں سٹیشنری کٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔پروگرام میں ڈاکٹر ایم ایس بٹ،ریاض احمد وانی اور شگفتہ رحمان نے بھی شرکت کی۔
 
 
 

نرسوں کا عالمی دن | آرینزانسٹی چیوٹ آف نرسنگ میں تقریب منعقد

سرینگر// نرسوں کے بین الاقوامی دن کے موقعہ پرآرینزانسٹی چیوٹ آف نرسنگ میں ’نرسنگ:دی بیلنس آف مائنڈ ،باڈی اینڈ اسپرٹ‘موضوع پر ایک تقریب کااہتمام ہوا۔تقریب کاآغاز دیپ جلانے سے ہوا ۔طلباء نے عہد کیا اوررنگولی مقابلے میں حصہ لیا۔اس کے علاوہ تمدنی پروگرام،پوسٹر بنانے وغیرہ بھی تقریب کے دوران ہوئے۔ نرسنگ طلباء نے سماج کی خدمت کرنے کا حلف اُٹھایا۔انہوں نے نرسنگ پیشے کاتقدس برقرار رکھنے کا بھی عہد کیا۔ اس موقعہ پر میگھناشرمااوروجے لکشمی نے نرسوں پرزوردیا کہ اُنہیں آبادی کی صحت کوبہتر بنانے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل نرسنگ ایک ہنرمنداورپیشہ ورانہ معلومات کا پیشہ بن چکاہے ۔انہوں نے کہا نرسنگ ایک باعزت پیشہ ہے اور صحت کاپوراشعبہ مخلص اوربے لوث خدمات پر منحصر ہے۔ڈاکٹر ایس جے سنگھ اور مسزستوندر کور نے اس موقعہ پرتقریر کرتے ہوئے کہا کہ نرنگ کاشعبہ اب تجارت بن چکاہے تاہم انہوں نے نرسوں سے تلقین کی کہ وہ اپنے پیشے کے اصولوں پر کاربندرہیں ۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے پیشے کا مدعاومقصد خدمت نہ کہ کمائی ہونا چاہیے ۔ڈاکٹر انشوکٹاریہ چیئرمین آرینزگروپ نے طلباء کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ نرسوں کا سماج میں اہم اور کلیدی رول ہے اورنرسنگ کا شعبہ سب سے زیادہ باعزت ہے۔
 
 
 

مہمان پرندوں کا عالمی دن | ہوکر سرمیں تقریب منعقد،پالتیھن کی روک تھام پر زور

سرینگر //محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن اینڈ ویٹ لینڈ کشمیر کی جانب سے ہوکرسر میں  ‘World Migratory Bird Day’.کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ کے تمام افسران نے شرکت کی ۔پروگرام کا اہتمام محکمہ نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر کیا تھا جو آبی زخائر اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔اس تقریب کا مقصد عام لوگوں اور سکولی بچوں میں آبی پرندوں کے حوالے سے جانکاری فراہم کرنا تھا ۔پروگرام کے دوران آبی زخائر میں پلاسٹک اور ٹھوس فضلہ کے اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ ٹھوس فضلہ اور پلاسٹک کو آبی ذخائر میں ڈالنے سے لاکھوں مہمان آبی پرندے ہلاک ہو جاتے ہیں ۔اس دوران مقررین نے پلاسٹک اور پال تھین کے مضر اثرات اور اس سے ہونے والی الودگی کے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کیا ۔مقررین نے اس دوران مہمان پرندوں کی حفاظت اور پلاسٹک پولیوشن کا حل تلاش کرنے پر زور دیا ۔نوجوانوں کو بتایاگیا کہ پولیتھن اور پلاٹک کا کم استعمال کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں آبی زخائر کو بچانے میں اہم رول ادا کریں 
 
 
 

ڈگری کالج ترال میں سابق طلاب کی نشست

ترال //سید اعجاز//گورنمنٹ ڈگری کا کالج ترال میںچوتھی ’الومنی‘میٹنگ ادارے کے پرنسپل کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میںسابقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت ہے۔ جنہوں نے کالج سے فارغ ہونے کے بعد مختلف میدانوں نے نمائیاں کارکردگی دکھا ئی ہے ۔اس دوران ممبران نے کالج کو ادارے کے شانہ بشانہ ریاست کا بہتر کالج بنانے میں اپنے ہر طرح کے تعاون کی پیش کرنے کا عہد کیا۔کالج کے پرنسپل پروفیسر بشیر احمد شاہ نے کالج میں ہو رہی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کالج میں طلبا ء کی تعداد اور دیگر طرح کی جانکاری سے سابق طلاب کو آگاہ کیا ہے ۔
 
 

’’قدرت اللہ شہاب : شخصیت اور فن ‘‘

کشمیر یونیورسٹی میں توسیعی خطبے کا انعقاد

 سرینگر// نظامت ِ فاصلاتی تعلیم ، جامعہ کشمیر کے زیرِ اہتمام’’قدرت اللہ شہاب : شخصیت اور فن‘‘ کے زیر عنوان ایک توسیعی خطبے کا انعقادکیا گیا ۔یہ خطبہ صدرِ شعبۂ اردو اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس جامعہ جموں پروفیسر شہاب عنایت ملک ، جوبحیثیتِ مہمانِ خصوصی تقریب پر موجود رہے ، نے فرمایا۔ نظامت فاصلاتی تعلیم ، جامعہ کشمیر کے تمام شعبہ جات کے اساتذہ ، ریسرچ اسکالرز اور طلبا و طالبات نے اس میں شرکت حاصل کی ۔ ناظم، نظامت فاصلاتی تعلیم ، جامعہ کشمیر پروفیسر محمود احمدخان نے مہمانانِ مجلس اور سامعین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ادارہ کی اُردو سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عرفان عالم نے مقرر موصوف کے تعارف کے ساتھ ساتھ ان کی علمی و ادبی خدمات کا سرسری جائزہ پیش کیا ۔ اس کے بعد مہمانِ خصوصی پروفیسر شہاب عنایت ملک نے مذکورہ موضوع سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اورقدرت اللہ شہاب کی شخصیت اور فکر و فن بالخصوص اُن کے اہم ادبی شاہکار ’’ شہاب نا مہ ‘‘ کے حوالے سے نہایت اہم اور مخفی گوشوں کو اُجاگر کیا ۔ مرکزی جامعہ کشمیر سے وابستہ ڈاکٹر الطاف حسین نقشبندی نے خطبے سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔
 
 
 

مصطفی کمال کی عبداللہ فیملی پر تبصرے کی مذمت 

جموں //نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے عبداللہ خاندان پر ریاست کے سب سے اعلیٰ عہدہ دار کی جانب سے کئے گئے تبصرے کو غیر ضروری قرار دیا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی ایک سرکردہ سیاسی پارٹی عبداللہ خاندان پر ہتک آمیز تبصرہ کرنا ایک شرمناک کوشش ہے ،جو دہلی کی جانب سے جان بوجھ کر اس فیملی کو لوگوں کی نگاہوں میں گرانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں نے اس خاندان کو اپنی پہلی پسند کا انتخاب کیا ہے کیونکہ اس خاندان نے جے اینڈ کے نیشنل کانفرنس کے تحت تب کے حکمرانوں کے خلاف بغاوت کا جھنڈا اُٹھایا اور لوگوں کو ایک س وسال کی پریشانیوں اورافلاس سے آزاد کیا اور لوگوںکی بلا لحاظ مذہب و ملت ،رنگ و نسل ،مذہب و خطہ کے کی بھلائی کرکے انکے قسمت کو ایک صورت دی۔انہوں نے موجودہ گورنر کی تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کئی گورنر آئے اور چلے گئے لیکن موجودہ گورنر کی کارکردگی نہایت ہی ابتر ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا موجودہ گورنر کے دور میںانسانی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے،ایسا وہ دہلی کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کر رہے ہیں۔ 
 
 
 

پٹی سموسہ: افطار کے کھانے کا لازم حصہ 

سرینگر//مسلم کلینڈر میںرمضان المبارک کامہینہ عبادات اور خود کا محاسبہ کرنے کیلئے وقف ہوتا ہے۔اس ماہ مقدس کے ہر روز طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک روزہ رکھا جاتا ہے جس دوران نہ کھانا کھانے اور نہ ہی پانی پینے کی اجازت ہے، جو کہ انتہائی مشکل ہے۔ تاہم یہ مہینہ گھروں کے اندر افطار اور سحری کی تیاریوں کے دوران خوشیاں بانٹنے کا مہینہ بھی ہے۔دن بھر کی بھوک برداشت کرنے کیلئے سحری کے وقت کھجور اور دودھ کو ترجیح دی جاتی ہے جبکہ افطار کے وقت دستر خوان پر عمومی طور میوہ جات اور’ہمبل سموسے ‘نظر آتے ہیں۔اکثر اوقات چپٹے، تکونی اور بُھر بُھرے سموسے قیمہ سے بھرے ہوتے ہے۔ اس پورے مہینے کے دوران پوری دنیا کے ساتھ ساتھ بھارت کے بیشتر حصوں میںبھی روزانہ افطار کے کھانے میں روایتی پٹی سموسہ بھی شامل ہوتا ہے۔ ہمبل سموسہ(جسے اصل میں سمبوسہ کہا جاتا ہے)ایک یمنی ڈش ہے جوافطار کی تھالی میں موجود ہوتی ہے۔ یمن کی یہ روایت تاجروں کے ذریعے عرب دنیا، مشرقی افریقہ اور مغربی بھارت تک پہنچ گئی۔اب گلوبلائزیشن کے چلتے یہ روایت شمالی امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، سری لنکا، ملیشیا، انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مسلمانوں تک پھیل گئی ہے۔اب صورتحال یہ ہے کہ سموسے کے بغیر افطار نامکمل محسوس ہوتاہے۔ سویتز(Switz)دنیا بھر میں سب سے زیادہ سموسہ ڈوہ شیٹس(Samosa Dough Sheets)تیار کرنے والی کمپنی ہے۔یہ روایتی طور گوندے گئے آٹے سے بنی انتہائی باریک پیسٹری ہوتی ہے جس کی مدد سے گھروں کے اندر ہی مزے دار سموسے تیار کئے جاسکتے ہیں۔سویتز انٹرنیشنل کے سی ای او مسٹر قریش ماسٹر کا کہنا ہے’’ہم گھریلو خواتین کیلئے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ انہیں کھانے پکانے کیلئے زیادہ مشقت نہ کرنی پڑے اور ان کی توجہ نئے نئے پکوان بنانے پرمرکوز رہے ، اس سلسلے میں ہم سپرنگ رول شیٹس، فلو پیسٹری، پراٹھا، پف پیسٹری اور مزید کئی اشیاء بھی شامل کی ہیںتاکہ صارفین اپنی پسند کا انتخاب عمل میں لاسکیں‘‘۔ 
 
 
 

بھیم سنگھ کا گورنر کو مکتوب بوفورس گھپلہ پر 

تبصرہ ناقابل قبول

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست پروفیسربھیم سنگھ نے ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک کے نام ایک مکتوب میں اُن پراپنے عہدے کی آئینی اقدارکی خلاف ورزی کرنے کاالزام عائد کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق بھیم سنگھ نے مکتوب میں کہاکہ انہوں نے آنجہانی راجیوگاندھی کا نام بوفورس گھپلہ کے ساتھ جوڑ کر آئینی اقدارکی خلاف ورزی کی ہے ۔بھیم سنگھ نے اسے افسوسناک اور ناقابل قبول قراردیا۔انہوں نے کہا کہ گورنر کواس عہدے پر رہتے ہوئے سابق وزیراعظم کیخلاف انتہائی ناقابل قبول اورافسوسناک زبان کااستعمال نہیں کرناچاہیے تھا۔بھیم سنگھ نے امیدظاہر کی کہ گورنر اپنے بیان کوواپس لیں گے کیوں کہ یہ آئینی اقدار کے برعکس ہے۔
 
 
 

’رمضان الکریم۔تزکیہ کا مہینہ‘

 سنٹرل یونیورسٹی نوگام میں مفتی محمد یعقوب بابا کا خطبہ

سرینگر// ’’رمضان الکریم۔۔تزکیہ کا مہینہ‘‘ کے موضوع پر سنٹرل یونیورسٹی نوگام میں کل الکلیتہ السلفیہ کے مفتی اور مدرس مفتی محمد یعقوب بابا نے خطبہ دیا ۔اسسٹنٹ پروفیسر داکٹر شوکت احمد شاہ نے مہمان کا تعارف دیا ۔مفتی محمد یعقوب بابانے کہا کہ رمضان،پاکیزگی اور علم کے درمیان ایک تعلق ہے اور ماہ رمضان پاکیزگی اور علم کا ایک مہینہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے وجوہات ہیں، جس نے انسانی معاشرے کو خراب کیا ہے. یہ خالص علم ہے، جو کسی شخص اور معاشرے کی پاکیزگی کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔