مزید خبریں

چوہدری بشیر نازپونچھ کے سیاسی افق سے غروب 

گورنر،ڈاکٹر فاروق ،عمر اور آزادکااظہارِ تعزیت

عشرت حسین بٹ

منڈی// سابق ممبرقانون سازیہ و گوجر بکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین چوہدری بشیر احمد ناز مختصر علالت کے بعد پیر کو دیر رات گئے اپنی جموں رہائش گاہ پر اس دار فانی سے کوچ کر گئے جنہیں پیر کو اپنے آبائی علاقے لورن میں سپرد خاک کردیاگیا۔مرحوم کا تعلق تحصیل منڈی کے علاقہ لورن ڈھنہ سے تھا اوران کے والد مرحوم چوہدری فیروز دین کا شمار علاقہ کے اہم سیاستدانوں میں ہوتاتھا۔ بشیر ناز مارچ 1959کو لورن میں پیدا ہوئے اورانہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم پرائمری سکول ونڈ گیگیاں لورن سے حاصل کی اورپھرہائی سکول لورن سے دسویں جماعت کا امتحان پاس کر کے ہائراسکینڈری سکول منڈی سے بارہویں کی ڈگری حاصل کی ۔مرحوم نے اس کے بعدڈگری کالج پونچھ سے گریجویشن مکمل کی اور سیاست کے میدان میں سفر شروع کیا ۔1984 میں انہوں نے پہلی مرتبہ حلقہ انتخاب حویلی سے اسمبلی چنائو میں حصہ لیا اور 1987 میں آزاد امید وار اسی حلقہ سے کامیاب ہوئے اور دو سال تک لوگوں کی نمائندگی کی لیکن اسی دوران ریاست میں گورنر راج نافذ ہوگیا۔ مرحوم نے 1996 میں ایک مرتبہ پھر آزاد امید وار کے طور پرانتخاب لڑا جس میں وہ کامیاب نہ ہو سکے ۔وہ اس دوران بھارتہ جنتا پارٹی میں بھی شامل رہے اور پھر نیشنل کانفرنس میں شمولیت کرنے کے بعد2003سے 2008تک ممبر قانون ساز کونسل کے عہد پر فائز رہے ۔بعد ازآں وہ کانگریس میں شامل ہوگئے اور2009میں مرحوم نے پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑاجس میں بھی انہیں کامیابی حاصل نہ ہوئی تاہم 2010 میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس والی سرکار میں مرحوم کوگوجر بکروال مشاورتی بورڈ کا وائس چیئرمین بنایاگیااور وہ اس عہدے پر 2014تک تعینات رہے ۔مرحوم نے 2014 میںبھی کانگریس کی ہی ٹکٹ پر الیکشن لڑاجس میں بھی انہیں شکست ہوئی ۔اس طرح سے مرحوم کا اتاراچڑھائو والا سیاسی کیریئر ختم ہوگیا۔ ان کو لورن میں ہی سپرد خاک کردیاگیا اور نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی ، سماجی و مذہبی کارکنان نے شرکت کی ۔اس دوران گورنر ستیہ پال ملک نے سابق ممبراسمبلی پونچھ چوہدری بشیر احمد نازکے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے چودھری بشیر احمد ناز کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے بھی سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔ کانگریس کے سینئرلیڈر غلام نبی آزاد نے ناز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اس اچانک موت سے سخت صدمہ پہنچاہے ۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری بشیر ناز ایک معروف لیڈر تھے جنہوں نے جموں و کشمیر قانون سازیہ میں بھی خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی وفات سے ایک ایسا خلا پیدا ہواہے جس کو پُر نہیں کیاجاسکتا۔آزاد نے سوگوار کنبہ سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
 
 
 

سابق وزیر غلام حسن بٹ کو ڈاکٹر کا خراج عقیدت 

سرینگر//صدر جموں وکشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نائب صدر عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس نے سابق وزیر خواجہ غلام حسن بٹ آف قاضی گنڈ (ڈوروشاہ آباد) کی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  مرحوم دن رات لوگوں کی فلاحی کاموں اور لوگوں کی خدمت کرتا رہا ۔ مرحوم کی برسی کے سلسلے میں مرحوم کے مقبرہ پر فاتحہ خوانی ، گل باری کی جائے گی جبکہ پارٹی ہیڈ کواٹر پر مرحوم کی یاد میں ایک اجلاس منعقد ہو رہا ہے ۔
 
 
 

بھاجپا ضلع یوتھ صدر اننت ناگ پارٹی سے مستعفی

عارف بلوچ

اننت ناگ //بی جے پی ضلع اننت ناگ کے یوتھ صدر نے پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔مشتاق احمد کھانڈے ساکن کوکرناگ نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی ہے ۔ پارٹی کے ڈوروکانسچونسی انچارچ نے بھی گذشتہ روز استعفیٰ دیاہے۔
 
 
 

اسلام ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی سے منع کرتاہے:مولانا قاسمی

 سرینگر//جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرنے کہاہے کہ ماہ صیام دولت سازی کا نہیں بلکہ عبادت گذاری اور کردار سازی کا مہینہ ہے ۔جمعیت علماء جموں وکشمیر کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاہے کہ اسلام نے ناجائز منافع خوری ،ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ ودھوکہ دہی نیزناپ تول میں کمی اور غیر معیاری چیزوں کو معیاری چیزوںکی قیمت پر فروخت کرنے سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شریعت نے اگر چہ منافع کی کوئی حد مقرر نہیں کی ہے لیکن صریح ظلم جسے عرف عام میں جیب کاٹنا کہا جاتا ہے کی اجازت بھی نہیں رکھی ہے ۔مولانا نے کہا کہ ماہ صیام تو ویسے بھی رحمتوں ،برکتوں اور ایثار وہمدردی کا مہینہ ہے لہٰذا عام دنوں کی نسبت اس مہینہ میں زیادہ سے زیادہ انصاف اور ایثاروہمدردی کا جذبہ ہوناچاہئے ۔
 
 
 

 مغل روڈ پر درماندہ مسافروں کے لئے شلٹروں کی تعمیر

ترقیاتی کمشنر شوپیان کی رُکے پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے ہدایت

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد نے کل منی سیکریٹریٹ شوپیان میں آفیسرا ن کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع میںرُکے پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران رُکے پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے علاوہ دیگر پروجیکٹوں بشمول مغل روڈ پر درماندہ مسافروں کے لئے شلٹروں کی تعمیر،ضلع میںسیاحتی منصوبے اور فروٹ منڈی کے لئے پروٹیکشن بنڈ کے ترمیم شدہ ڈی پی آر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران پر رُکے پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے سرعت کے ساتھ کام کرنے اوراُن کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے ان کاموں کے سلسلے میں دودنوں کے اندر اندر کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے فنڈس کا منصفانہ استعمال کرنے پربھی زوردیا۔
 
 
 

ترقیاتی کمشنر کولگام کی ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے ساتھ میٹنگ 

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی نے کل ٹریڈرس ایسوسی ایشن کولگام کے ممبران کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کئی متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے ٹریڈرس پر سرکار کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر من وعن عمل آوری کو یقینی بنانے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ قیمتوں میںبلا جواز اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم نور آباد،اسسٹ کمشنر مال کولگام،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک،رسدات وامور صارفین اورچیف اینمل ہسبنڈری آفیسر کے علاوہ لائین محکموں کے آفیسران نیز اوقا ف کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔
 
 
 

مرکزی معاونت والی سکیموںکے تحت پروجیکٹ

گاندربل میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کاجائزہ لیاگیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے کل ایک میٹنگ کے دوران ضلع میںپاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ای او میونسپلٹی اورمختلف محکموںکے ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی نے مختلف ریاستی اور مرکزی معاونت والی سکیموںکے تحت پروجیکٹوں کی پیش رفت اورحصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔کئی بڑی اہم سکیموںکی پیش رفت کاجائز ہ لینے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے محکمے کو ان سکیموں کے تحت جاری کاموںمیں سرعت لانے کاموں کے معیاد کو ملحوظ نظر رکھنے کی ہدایت دی۔
 
 
 

ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کاسب ضلع اسپتال کا دورہ

 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت

اشرف چراغ 

کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے پیر کو سب ضلع اسپتال کا دورہ کر کے وہا ں نئی عمارت کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔سب ضلع اسپتال کی نئی عمارت جس پر کام مکمل ہوچکا ہے اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے جائزہ لیا ۔ان کے ہمراہ چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ ڈاکٹر پریہالد سنگھ ،ایکزکیٹو انجینئر تعمیرات عامہ اور دیگر آفیسران بھی تھے ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اسپتال میں او پی ڈی کا بھی دورہ کر کے وہا ں مریضوں سے بات چیت کی ۔انہو ں اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنا کام خوش اسلوبی انجام دیں اور اسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔انشل گرگ نے صحت و صفائی کی سہولیات اور علاج و معالجہ کے معیار کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ کپوارہ میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔