میلہ کھیر بھوانی انتظامات | ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے جائزہ لیا
کپوارہ// ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے حکام کی ایک میٹنگ میں 10جون کو منائے جارہے میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ کھیر بھوانی میلہ ٹکر کپوارہ میں منایا جائے گا اور میلے کے احسن اور خوش اسلوبی کے ساتھ انعقاد کے لئے علاقے میں صفائی ستھرائی،شیڈوں کی تعمیر وتجدید،لاویٹری بلاکوں اورمندر اور اس کے گردونواح میںسلامتی اقدامات کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کی جارہی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو میلے کے دوران شردھالوئوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے لازمی اقدامات کرنے پر زوردیا۔انہوںنے مندر کی طرف جانے والی سڑکوں کی تجدید ومرمت کی بھی ہدایت دی۔
سرینگرجموں شاہراہ کے بارباربند ہوجانے سے رام بن کی آبادی مصائب سے دوچار
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ کے مسلسل بند رہنے اور بار بار کے ٹریفک جام کی وجہ سے جہاں روازنہ ہزاروں مسافروں اور مال بردار ٹرک ڈرائیوروں ، مالکوں اور ٹرکوں میں سوار بیوپاریوں کو سخت ترین اور ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں جموں سرینگر شاہراہ کے ساتھ جڑے اور اسی شاہراہ کے ذریعے اپنے کام کاج تک رسائی رکھنے والے نوگام ،ٹھٹھاڑ ، بانہال ، کھڑی ، رامسو مکرکوٹ ، اکڑال ، پوگل پرستان ، ڈگڈول ، بیٹری چشمہ ، ماروگ ، کیلاموڑ ، سیری ، بلیہوت ، گام ، رامبن ، کرول اور چندرکوٹ کے ہزاروں لوگوں کی معمول کی زندگی بھی بری طرح سے متاثر ہوجاتی ہے اور مقامی لوگوں کے ہنگامی اور معمول کے کام ہفتوں اور مہینوں تک دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔ شاہراہ پر آئے روز کے ٹریفک جام اور بند رہنے کی وجہ سے ضلع رام بن کے لوگ عاجز آئے ہیں اور شاہراہ پر ٹریفک کو معمول پر لانے کیلئے گورنر انتظامیہ سے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی خرابی کی وجہ سے رام بن، رامسو اور بانہال سب ڈویڑنوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا ہسپتال ، سکول اور کالج جانے والے طلباء کا اپنے اداروں تک اور سرکاری ملازمین کا اپنی ڈیوٹیوں تک پہنچنا نہایت ہی دشوار بن گیا ہے جبکہ رام بن بانہال سیکٹر کے عام دنوں کے سفر میں چار سے چھ گھنٹے بھی لگ جاتے ہیں۔ کئی سرکاری ملازمین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ کی خرابی کی وجہ سے بیشتر ملازمین شدید گرمی کے باوجود رام بن میں ہی عارضی رہائش رکھتے ہیں لیکن ہفتے کو اپنے گھر پہنچنے اور پیر کو واپس جانے میں ہر بار مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بیشتر مرتبہ انہیں میلوں پیدل سفر طے کرکے منزلوں تک پہنچنا پڑتا ہے جبکہ کئی بار دن بھر جام میں پھنسے رہنے کے بعد واپس اپنے گھروں کی راہ لینا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا سکول اور کالج جانے والے بچوں اور مریضوں کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں بار رام بن بانہال سفر میں دس گھنٹوں سے بھی زائد کا وقت لگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ ٹریفک جام اور پسیوں کے گرنے کا سلسلہ پچھلے دوسال سے جاری ہے تاہم 2019 کے آغاز سے شاہراہ پر پسیوں و پتھروں کے گرآنے اور ٹریفک جام میں شدت آئی ہے اور شاہراہ پر تپتی دھوپ میں بھی پسیاں و پتھر گرنا اور ٹریفک کا جام ہونا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر شاہراہ کے حوالے سے ابتک درجنوں اعلی سطحی میٹنگوں کے باوجود بھی سابق ریاستی سرکار، گورنر انتظامیہ اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے حکام رام بن بانہال سیکٹر میں شاہراہ پرٹریفک کی بہتری کیلئے کوئی بھی کارگر اقدامات نہیں کر سکے اور یہ شاہراہ ضلع رام بن کے لوگوں کیلئے مصائب مشکلات اور تکلیف دینے کی ایک وجہ بنی ہوئی ہے۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام اور شاہراہ کے بند رہنے کی وجہ سے درماندگی اور جام میں پھنس کر اور تنگ آئے سینکڑوں مسافرگرتے پتھروں کے بیچ ہی پسیوں کو پیدل ہی پارکرتے ہیں جو مستقبل میں کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ کودرست حالت میں رکھنے کیلئے عملی اقدام کریںتاکہ روزانہ مصائب کا سامنا کرنے والے مسافروں اور بانہال اور رام بن کے لوگوں کو اس روز روز کے عذاب سے چھٹکارہ مل سکے۔
نئی دہلی لوک سبھا نشست | پنتھرس پارٹی کے امیدوار کامنشور جاری
سرینگر//نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر اور جموں و کشمیر اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے پنتھرس پارٹی کے نئی دہلی سے امیدوار کے شری کرشنا کے لئے لوک سبھا انتخابات 2019 کے لئے منشور جاری کیا۔منشور میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ پنتھرس پارٹی جمہوری طورپر آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق جموں و کشمیر کے شہریوں کے لئے یقینی بنانے کے لئے تحریک چلائے گی۔ پینتھرس پارٹی نے عزم کیا کہ اگر ووٹر اپنے امیدوار ایڈووکیٹ کے شری کرشن کو پارلیمنٹ میں داخل کرنے کا موقع دیں گے۔ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے احترام اور فخر کے ساتھ باقی ریاستوں کی طرح جموں وکشمیر کے پورے بنیادی حقوق کے ساتھ مکمل انضمام کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ جب پارلیمنٹ کی طرف سے بنائے گئے قوانین جموں و کشمیر میں نافذ نہیں ہوتے تو جموں و کشمیر میں لوک سبھا کے انتخابات کیوں کرائے جاتے ہیں اور پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کے ممبران پارلیمنٹ کا کردار کیا ہے؟ ہندستانی پارلیمنٹ جموں و کشمیر کے الحاق نامہ کو قبول کیوں نہیں کرتی تاکہ کم از کم دفاع، خارجی امور اور مواصلات موضوعات پر پارلیمنٹ کو جموں و کشمیر کے تعلق سے قانون بنانے کا وہی حق حاصل ہو جو ہندستان کی دوسری ریاستوں میں پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔
آری پتھ نالے کاسروے | ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے جائزہ لیا
اننت ناگ// ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر کے ہمراہ آری پتھ نالہ کا دورہ کیا اورنالہ کے کنارے دونی پائو ا مہندی کدل بائی پاس روڈ کے سروے کے کام کی پیش رفت کاجائزہ لیا ۔ترقیاتی کمشنر نے تحصیلدار اننت ناگ کو کام میںسرعت لانے اور نالہ کے متصل تجاوزات اور حق ملکیت اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تاکہ موجودہ سڑک کی کشادگی کے لئے فوری طور کام شروع کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ بائی پاس کی تعمیر سے جہاں ٹریفک کے دبائو میں کمی آئے گی وہیں آری پتھ نالہ بھی جاذب نظر بن جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ان اقدامات سے سیلاب کے خطرات کو بھی کم کیاجاسکتا ہے کیونکہ نالے میں پانی کی گنجائش میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے سروے کے کام میں سرعت لانے کے لئے تمام متعلقہ آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔
ترقیاتی کمشنرکولگام کایاری پورہ میں عوامی دربار | سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی نے یاری پورہ میں عوامی دربار کے دوران مقامی آبادی کی شکایات اورمطالبات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر سی پی او،سی ایم او،تحصیلدار یاری پورہ کے علاوہ دیگر ضلع اورسیکٹورل آفیسران بھی موجود تھے۔عوامی دربار کے دوران یار ی پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے ترقیاتی کمشنر کے سامنے کئی مطالبات اور معاملات رکھے جن کا تعلق سڑک رابطوں ،بلا خلل بجلی،صحت سہولیات کے فروغ اور وومنز ڈگری کالج کی منظوری وغیر ہ سے تھا۔علاقے کے لوگوں نے علاقے میں صحت سہولیات کو بڑھاوا دینے کے لئے ہسپتال میں اوپریشن تھیٹر کو چالو کرنے کا مطالبہ کیا۔چنانچہ ترقیاتی کمشنر نے اوپریشن تھیٹر کو چالو کرنے کے لئے موقعہ پر ہی 15لاکھ روپے کی منظوری کا اعلان کیا۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثنأ ترقیاتی کمشنر نے یار ی پورہ میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کرکے یہاں طبی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا جس دوران انہوںنے طبی عملے اور مریضوں کے ساتھ بات چیت کی ۔انہوںنے مریضوں کے لئے خدمات کی فراہمی کی خاطر طبی عملے کو جانفشانی اورلگن کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔
ایوشمان بھارت | بڈگام میں70437مستفیدین کا اندراج
بڈگام// ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے محکمہ صحت کے آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے محکمے کے کام کاج کاجائز ہ لیا۔میٹنگ کے دوران سب ڈسٹرک ہسپتالوں،پبلک ہیلتھ سینٹروں، ڈھانچے کے فروغ ،طبی سامان کی دستیابی ،عملے کی تعیناتی اورضرورتوں کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی،اے ڈی سی،سی ایم او اورتمام بی ایم اووز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر سی ایم او نے صحت شعبے کے تحت جاری سرگرمیوں اورخدمات کی فراہمی کی مناسبت سے تفصیلی خلاصہ پیش کیا۔میٹنگ کے دوران یہ جانکاری بھی دی گئی کہ ضلع بھر میں ایوشمان بھارت کے تحت اب تک 70437مستفیدین کا اندراج کیا گیا جب کہ اس سلسلے میں ہدف93317تھا ۔اس کے علاوہ13000مستفیدین کے اندراج 917مریضوں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔میٹنگ سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے آفیسران پر لگن اور تندہی سے کام کرنے کی تلقین کی ۔انہوںنے سی ایم او پر پی ایچ سیز کے اراضی سے جُڑے تمام تنازعات کو فوری طورحل کرنے کی تلقین کی۔
ترقیاتی کمشنرگاندربل کا گنڈ میں عوامی دربار
مقامی آبادی کے معاملات اور مطالبات کا جائزہ لیا
گاندربل//لوگوں کی شکایات اور مطالبات کو اُن کی دہلیز پر ہی حل کو یقینی بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے گنڈ کنگن میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں اے ڈی ڈی سی ، ایس ایس پی ،اورایس ڈی ایم کنگن کے علاوہ مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اوردیگر حکام بھی موجود تھے جب کہ عوامی دربار میں گنڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف نوعیت کے معاملات کو بغور سُنا اور جائز مطالبات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔لوگوںنے سڑکوں پر میکڈم بچھانے ،بلاخلل بجلی، سکولوںمیںمزید عملے کی تعیناتی ،صحت سہولیات،کھیل کے میدانوں کی تعمیر اور دیگر مطالبات کو خاص طور سے اُبھارا۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے کئی جائز مطالبات کے حل کے لئے متعلق آفیسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں ۔انہوں نے آفیسران سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
سشیل اَتری کے اِنتقال پر آئی سی ڈی ایس کا اِظہار تعزیت
سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف انٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز جموں وکشمیر نے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس جموں سشیل کمار اَتری کے اَنتقال پر تعزیت کا اِظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں یہاں پرنسپل سیکرٹری سماجی بہبود محکمہ روہت کنسل کی صدارت میں آئی سی ڈی ایس کے عملے کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر آنجہانی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی جبکہ سشیل کمار اَتری کی آئی سی ڈی ایس ڈپٹی ڈائریکٹر کی حیثیت سے اُن کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ میٹنگ میں دعا کی گئی کہ سوگوار کنبے کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا ہو۔
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے زخمی شہری کی اعانت کی
ظفر اقبال
اوڑی//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع کی سربراہی میں سوسائٹی کی ٹیم محمد رفیق ساکن دھچی اوڑی کے گھر پہنچی ۔ محمد رفیق نامی شخص کی دونوں ٹانگیں ہماچل پردیش میں کام کے دوران ٹوٹ گئیں۔ محمد رفیق اوراس کی 5بیٹیاںاور بیوی بے سہارا ہوگئی ہیں۔ خواجہ محمد شفیع کے ہمراہ جوائنٹ سیکریٹری شمالی کشمیر اشفاق احمد لون، ضلع آرگنائزر بارہمولہ ندیم اکبر عباسی، تحصیل چیئرمین اوڑی بشیر احمد وتھلو، وائس تحصیل چیئرمین ارشاد احمد بڈھو اور تحصیل آرگنائزر محمد ایوب خان وہاں پہنچنے اور انہیںمالی امداد فراہم کی۔
ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کا مہم جو سیاحت کے فروغ پر زور
بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز مرزا نے ضلع میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے پر زوردیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بانڈی پورہ خوبصورت پہاڑیوں،دلکش نظاروں اور پُرکشش جھرنوں اوردریائوں سے مالا مال ہے جہاں مہم جوانہ سیاحتی سرگرمیوںکی کافی گنجائش ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ضلع بانڈی پورہ میں سیاحتی سرگرمیوں کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں سیاحت اورمتعلقہ محکموں کے سینئر آفیسران نے بھی شرکت کی۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو ضلع میں ٹرکنگ روٹس کے احیائے نو کے لئے ایک منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ بانڈی پورہ میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔انہوںنے کہا کہ ضلع میںماحول دوست ایڈونچر ٹورازم کی سرگرمیاں وقت کا اہم تقاضا ہے اورایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے مہم جوانہ سیاحتی سرگرمیوں کے شیدائیوں کو یہاں کی طرف راغب کیاجاسکتا ہے جس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے دیگر محکموں کے کام کاج اورحصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔
ژینہ بل پٹن کا زخمی نوجوان | صورہ اسپتال میں دم توڑ بیٹھا
سرینگر // ژینہ بل پٹن کا زخمی نوجوان صورہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر تین روز بعد چل بسا۔سمبل واقعہ کے خلاف 13مئی کو پر تشدد احتجاج کے دوران 23سالہ ارشد احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار کے سر پر پتھرائو کے دوران ایک شل لگا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا تھا اور انہیں صورہ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔سکمز کے سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے اس بات کی تصدیق کی کہ بدھ کی شام ارشد ڈار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔سرکاری طور پر بتایا گیا تھا کہ سمبل واقعہ کیخلاف 13مئی کو بڑے پیمانے پر پر تشدد مظاہرے ہوئے تھے جس کے دوران مظاہرین کے پتھرائو سے 47پولیس و فورسز اہلکار زخمی ہوئے تھے اور اسی دوران ارشد ڈار بھی زخمی ہوا تھا۔