مزید خبریں

سیاحتی مقامات پر تمام سہولیات بہم رکھنے پر خورشیدگنائی کازور

محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام کی گورنر کے مشیر کے ساتھ میٹنگ

 سری نگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے محکمہ سیاحت کی طرف سے آنے والے سیاحتی سیزن کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔کمشنر سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل ، ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی،مختلف ٹورازم اتھارٹیوں کے سی ای اوز نے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر خورشید گنائی نے سیاحتی مقامات پر عوامی سہولیات معرض وجود میں لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ریاست  کی سیر پر آنے والے سیاح مستفید ہوں ۔ انہوں نے ان مقامات پر باقاعدہ طور پر بیت الخلائوں کا اِنتظام کرنے کی بھی صلاح دی۔انہوں نے اس موقعہ پر ریاست میں بڑھنے والے سیاحتی دبائو کے مدنظر تمام سی ای اوز سے تجاویز طلب کیں ۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں پر ویب پورٹل کو بروئے کار لانے کے اقدامات کریں تاکہ تمام سیاحوں کو ضروری اطلاعات فراہم کی جاسکیں۔مہم جو سیاحت پر زور دیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ ان مقاما ت پر ٹینٹ و دیگر مہم جو آلات ہمیشہ دستیاب رکھے جائیں ۔مشیر موصو ف کو ٹی ڈی سی کے نمائندوں نے اس موقعہ پر کہا کہ کارپوریشن نے ریاست میں سیاحوں کے ٹھہرنے کے لئے 1240کمرے تیار رکھے ہیں ۔خورشید احمد گنائی نے ریاست میں سیاحت سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے پرومویشنل اقدامات کرنے پر زور دیا۔
 
 
 

گورنر کے مشیر کے وجے کمار کادورہ کپوارہ

ضلع انتظامیہ کو لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی تلقین 

اشرف چراغ 

کپوارہ//گورنر کے صلاح کار کے وجے کمار نے کپوارہ کا دورہ کر کے یہا ں ترقیاتی منظر نامہ اور مختلف پروجیکٹوں کے کام کاج کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ کے علاوہ انتظامیہ کے دیگر افیسران موجود تھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے انہیں ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کاج سے متعلق خاکہ پیش کیا ۔گورنر کے صلاح کار نے ضلع میں لوگو ں کو بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ پر زور دیا جبکہ لوگو ں کو طبی سہولیات بہم رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔انہو ں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں زیر تعمیر پروجیکٹوں کے کام کاج کی از خود نگرانی کریں اور ان کے دفتر کو ماہانہ رپو رٹ پیش کریں ۔کے وجے کمار نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مرکزی اور ریاستی سرکار کی جانب سے منظور کردہ سکیمو ں کی عمل آوری پر خصوصی توجہ دیں ۔گورنر کے صلاح کار نے وادی لولاب کے سوگا م کا بھی دورہ کیا اور وہا ں زیر تعمیر نئی اسپتال عمارت کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہو ں متعلقہ ایجنسیو ں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں زیر تعمیر ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔انہو ں نے سب ضلع اسپتال سوگام کے مختلف سکیشنو ں کا معائنہ کیا اور مریضوں اور تیمادارو ں سے بات کرکے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے او پی ڈی اور آئی پی ڈی بلاکو ں کا بھی معائنہ کیا ۔اس دوران سوگام میں لوگوں کا ایک وفد گور نرکے صلاح کار کے وجے کمار سے ملاقی ہوا جس دوران انہو ں نے لوگو ں کو در پیش بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق انہیںجانکاری دی ۔وفد نے پینے کے پانی،بجلی کی عدم دستیابی کی طرف توجہ دینے کا مطالبہ کیا جبکہ سوگام علاقہ میں خستہ حال سڑکو ں کی مرمت کا بھی مطالبہ دہرایا ۔کے وجے کمار نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ لوگو ں کے جائز مطالبات کی طرف انہیںحل کر نے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں ۔
 
 
 
 

 بھارت میں ذیابطیس کے مریضوں کیلئے نئی ادویات متعارف

 سرینگر// عالمی سطح کی کمپنی’’ گلن مارک فارماسیوٹیکلز‘‘ نے ذیابطیس کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے محفوظ اور عالمی سطح پر تحقیق شدہ سوڈئم گلکوز کو بھارت میںمتعارف کرنے کا اعلان کیاہے ۔ یہ دوا ذیابطیس میں مبتلا دوسرے مرحلہ کے بالغ مریضوں کے علاج میں استعمال میں لائی جائے گی۔سوڈئم گلکوز کو ٹرانسپوٹر(SGLT2) منفردایسی دوائی ہے۔ گلین مارک دنیا کی پہلی ایسی کمپنی ہے جو بھارت میں روموگلائیفوزین کو متعارف کر رہی ہے۔
 
 
 

نجی اسکول محکمہ تعلیم کے رہنما خطوط پر من وعن عمل کریں:ڈپٹی کمشنر بڈگام

بڈگام//ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ضلع کے تمام پرائیوٹ سکولوں کے سربراہان کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ان تعلیمی اداروں کے کام کاج کاجائزہ لیا۔میٹنگ کا اہتمام محکمہ تعلیم بڈگام نے کیا تھا۔جس میں سی ای او،ڈی ای پی او اورتمام زونل ایجوکیشن آفیسرا ن کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے شرکأ پر زوردیا کہ وہ سرکار اورمحکمہ تعلیم کے رہنما خطوط پر من وعن عمل آوری کریں۔انہوںنے کہا کہ یہ شکایات بھی مل رہی ہیں کہ سرمائی تعطیلات کے دوران بھی طلاب سے فیس وصول کی جارہی ہے اور بچوں کو جسمانی سزائوں کا بھی شکار بنایا جارہا ہے انہوںنے اس طرح کے رحجانات پر روک لگانے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنرنے پرائیوٹ سکولوں پر زوردیاکہ وہ داخلوں کے وقت غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے 25فیصد نشستیں مخصوص رکھیں۔انہوںنے بچوں کو اخلاقی تعلیم دینے اور ریڈکراس فنڈ کے لئے اُن کے تعائون کو یقینی بنانے پر بھی زوردیا۔
 
 
 

ڈیل مونٹے پیو اور دوبئی جائو | کشمیر کیلئے رمضان کے جشن کے ساتھ ڈھیر سارے انعامات

سرینگر// ڈیل مونٹے(Del Monte) پیسیفک لمٹیڈ اور بھارتی انٹرپرائزز کے مشترکہ وینچرفیلڈ فرش فوڈز پرائیویٹ لمیٹیڈ نے وادی کشمیر کے لوگوں کیلئے ایک خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے۔ ’’ڈیل مونٹے پیو، دوبئی جائو اور جیتو پے ٹی ایم کیش بیک ‘‘ کے نام سے اس خاص اسکیم کے تحت صارفین کو اپنا فروٹ ڈرنک خریدنے کیلئے نہ صرف شاندارپے ٹی ایم کیش بیک جیتنے بلکہ دوبئی کی سیر کرنے کا موقعہ بھی مل سکتا ہے۔’’ ڈیل مونٹے پیو، دوبئی جائو اور جیتو پے ٹی ایم کیش بیک‘‘ کی پیشکش 24کینز پر مشتمل ایک ٹرے(180ملی لیٹر یا240ملی لیٹر) خریدنے پر میسر ہوگی۔صارفین کو ٹرے پیک کے اندر ایک سکریچ کارڈ ملے گا جس پر موجود منفرد کوڈ کو پے ٹی ایم ویب لنک میں درج کرنا پڑے گا۔ہر خریداری پر کم سے کم 20روپے کیش بیک کی ضمانت ہوگی۔اس مہم میں مزید جوش ڈالنے کیلئے ہفتہ وار بمپر پرائز کے تحت 10ہزار روپے فی کس کے کیش بیک کیلئے دو خوش قسمت صارفین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ یہ اسکیم30جون تک جاری رہے گی اور اسکے اختتام پر ایک صارف کو سُپر بمپر پرائز سے نوازا جائے گا جسے دو افراد کیلئے تین رات اور چار دن دوبئی میں گزارنے کا سنہری موقعہ ملے گا۔اس مہم کے بارے میںفیلڈ فرش فوڈز پرائیویٹ لمیٹیڈ کے سی ای او یوگیش بیلانی نے بتایا’’گزشتہ کئی برسوں سے وادی کشمیر میں ہماری کینڈ فروٹ ڈرنکس کے حوالے سے صارفین کا جو رد عمل سامنے آیا ہے، ہمیں اس بات پر انتہائی خوشی محسوس ہوتی ہے،صارفین نے ذائقہ اور معیار کیلئے ہماری پیشکش کی حوصلہ افزائی کی ہے،وادی میں رمضان کا مہینہ روزہ رکھنے اور دعوتوں کا اہتمام کرنے کیلئے منایا جاتا ہے، ہم اس مہم کی شروعات اپنے صارفین کو انعامات سے نوازنے اور ہمارے پراڈکٹس کے تئیں ان کے پیار و محبت کیلئے ان کا شکریہ ادا کرنے کیلئے کررہے ہیں، ہم اپنی پیشکش کے ذریعے صارفین کے اس جشن کو مزیدخوش طبع بنانے اور ان کے ساتھ اپنے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی راہ دیکھ رہے ہیں‘‘۔فی الوقت ڈیل مونٹے (Del Monte)اپنے کین رینج میں کئی مزے دار پراڈکٹس فراہم کررہا ہے جن میں پیچ، گرین ایپل، پائن ایپل، فور سیزنز اور پائن ایپل اورینج شامل ہیں۔یہ ذائقے 180ملی لیٹر اور240ملی لیٹر کے سائز میں دستیاب ہیں۔مشروبات کے ساتھ ساتھ ڈیل مونٹے کئی دیگر اقسام کی چیزیں بھی تیار کرتا ہے جن میں لفافہ بند میوہ جات اور سبزیوں کے علاوہ سوسزو سپریڈس، اٹیلین پاستااور زیتون کا تیل وغیرہ قابل ذکر ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر میں ڈیل مونٹے کے 27بلواسطہ یا بلا واسطہ ڈسٹری بیوٹرز اور2500سے زائد ریٹیلر ز پر مشتمل ایک مضبوط نیٹ ورک موجود ہے۔
 
 
 

’قران اورپیام اخلاق‘ | جامع اہلحدیث بٹہ مالوہ میں یک روزہ کانفرنس 

سرینگر// ناظم اعلیٰ جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے جامع اہلحدیث بٹہ مالوہ میں یک روزہ کانفرنس’قرآن اور پیام اخلاق‘سے خطاب کرتے ہوئے علماء اور خطباء کے ساتھ عام لوگوں سے نبوی اخلاق اور کریمانہ خصائل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کی بد اعمالیوں نے آج اسلام کے روشن چہرے کو داغدار اور امت مسلمہ کو مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کرکے رکھدیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں ہم سب کو نبی کریمؐ کے اخلاق حسنہ، سیرت مطہرہ اور اسوہ کا ملہ کو اپنی زندگیوں میں اعلیٰ جگہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اسلام کی صحیح نمائندگی کرسکیں۔کانفرنس سے مفتی جماعت محمد یعقوب بابا المدنی نے رمضان کی پر انوار ساعتوں میں اللہ کے دربار میں عاجز ی اور انکساری کے ساتھ رجوع کرنے دعا اور توبہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان رحمتوں برکتوں اور جہنم کی آگ سے آزادی کا سیزن اور اس کے ساتھ ساتھ غریب و مساکین مفلوک الحال طبقات کی دعوتی اور ہمدردی کرنے کا بھی سنہری موقعہ ہے۔ کانفرنس سے مولانا مبشر احسن وانی المدنی نے اسلام اور خواتین کی تعلیم ، محترم ارشاد احمد تانترے المدنی نے خواتین کی صفات اور ظہور احمد شاہ المدنی نے فضائل الانفاق فی سبیل اللہ اور ڈاکٹر ظہور احمد ملک المدنی نے عظمت قرآن اورا نجینئر عاشق حسین نے فضائل قرآن اور  بشارت بشیر نے اخلاق حسنہ اور مولوی صوفی احمد اللہ نے صیام کی فضیلت کے موضوعات پر خطاب کئے ۔
 
 
 

ہوٹل تاج ویونتا کے ملازمین کیلئے طبی امداد

انڈین ریڈ کراس کا ابتدائی طبی امداد تربیت کا سہ روزہ پروگرام

سرینگر//انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی ریاستی شاخ نے تاج ویونتا ہوٹل ملازمین کیلئے سہ روزہ ابتدائی طبی امداد کے تربیتی پروگرام کاآغازکیا۔پروگرام کا مقصد ملازمین کو ضرورت کے وقت ابتدائی طبی امداد پہنچانے کی صلاحیت سے بہرہ ور اور انہیں کسی سماجی مصیبت کے وقت ہنگامی طور اقدام کرنے کی جانکاری فراہم کرنا ہے۔فی الوقت ہوٹل کے پندرہ ملازمین کو یہ تربیت دی جارہی ہے۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی ریاستی شاخ کے جنرل سیکریٹری کی ہدایت پرریاستی سطح کے تربیت کاروں کی ایک ٹیم کو اس تربیتی پروگرام کیلئے مقررکیاگیا ہے جس کی نگرانی ماسٹر ٹرینرڈاکٹر اتندرسنگھ بالی کررہے ہیں۔ 
 
 
 
 

رئوف ترنبو کوصدمہ،والدہ رحمت حق

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکااظہار تعزیت 

سرینگر//ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر نے اپنے بانی صدررئوف ترنبو کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ان کاانتقال طویل علالت کے بعد سوموار کوہوا۔ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکی ایگزیکیٹو کمیٹی اور جنرل ممبران نے اُن کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ /ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر کے صدر اشفاق صدیق ڈگ نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ترنبوکی رہائش گاہ جاکر تعزیت پرسی کی۔انہوں نے مرحومہ کے روح کے ابدی سکون کی دعا کی اورلواحقین کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا۔
 
 
 

سرکردہ تاجرشاہدحسین میر کوصدمہ،والدکاانتقال

تجارتی وسماجی انجمنوں کااظہار رنج وغم 

سرینگر// شہر کے سرکردہ تاجر اورکشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شاہد حسین میر کے والد غلام حسن میر طویل علالت کے بعد پیر کو انتقال کر گئے،جبکہ تجارتی و سماجی انجمنوں نے مرحوم کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحوم کو آبائی قبرستان دیاروانی میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس دوران کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے صدر حاجی محمد صادق بقال نے شاہد حسین کے والد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحوم کو ایک درویش صفت انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے انہیں ذاتی رنج ہوا۔کشمیر اکنامک لائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار،نائب چیئرمین اعجاز شہدار،مٹن دیلرس ایسو سی سی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی،کشمیر گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے صدر محمد صدیق رونگہ، کے ٹی ایم ایف کے نائب چیئرمین شیخ ہلال اور کارڈی نیٹر حاجی نثار، بیکری ایسوسی ایشن کے صدر عمر حیات،کشمیرشکارہ ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد،کشمیر ٹورسٹ میکسی کیب کے صدر غلام نبی پانڈو، کے ٹی ایم ایف کے ایک اور دھڑے کے میڈیا انچارج ہلال احمد منڈو اور دیگر تاجر لیڈروں نے شاہد حسین کے ساتھ  انکے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔
 
 
 
 
 
 

فوڈسیفٹی آرگنائزیشن متحرک |  قصور وارتاجروںپر 2,32,500 روپے جرمانہ عائد

 سری نگر//فوڈ سیفٹی آرگنائزیشن نے موجود ہ ہفتے کے دوران فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈاڈس ایکٹ 2006کے تحت قصور وار تاجروں پر00 2,32,5روپے کا جرمانہ عائد کیا۔اِن تاجروں میں دلی سپیشل ایٹنگ پوائنٹ اودھمپور ،فیوچر ریٹیل لمٹیڈ تالا ب تلو جموں ،شبھم گولڈی مصالحہ پرائیویٹ لمٹیڈ کانپور یوپی ،راجا کریانہ ریٹیل شاپ سندر بنی راجوری ، جے بوا داتی انٹرپرائزز سندر بنی راجوری اور بکانیر والا فوڈس پرائیویٹ لمٹیڈ گریٹر نائیڈا شامل ہیں ۔یہ تاجر ان اشیائے خوردنی کی فروخت ، تیار کرنے ، سٹور کرنے اور تقسیم کرنے میں ملوث تھے جنہیں مختلف فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں نے مضر صحت قرار دیا تھا ۔متعلقہ آرگنائزیشن نے ایک خصوصی مہم کے تحت ہسپتالوں میں داخل مریضوں ، تیمارداروں اور دربامؤ کے ساتھ آئے ہوئے ملازمین و عام صارفین کو فراہم کئے جارہے اشیائے خوردنی کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 

جرمن سفارتکاروں کا وفد تنویر صادق سے ملاقی

نئی دہلی اور اسلام آباد میں بہتر تعلقات کا فائدہ ریاست کو ہوگا

سرینگر//ہندوستان اور پاکستان کومذاکرات کی میز پر آکر تمام حل طلب معاملات پر بات چیت کرنی چاہئے اور اُن تمام معاملات پر اپنا اپنا نقطہ نظر رکھنا چاہئے جو دونوں ممالک کے رشتوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے جرمن سفارتخانے میں سکریٹری سیاسی امور و پروٹوکال مسٹر باسٹین ویبر اور سیاسی صلح کار ساکھشی ارورا پر مشتمل سفارتکاروں کے وفد کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ تنویر صادق نے سفارتکاروں کیساتھ ریاست اور خطے سے جڑے معاملات پر بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور پاکستان کو امن عمل کو پروان چڑھانے کیلئے رابطے میں رہنا چاہئے اور جامع مذاکراتی عمل کیساتھ ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پُراُمید ہے کہ ملک میں بننے والی نئی حکومت پاکستان کیساتھ مذاکراتی عمل شروع کریگی۔ تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستی کی وکالت کرتی آئی ہے کیونکہ نئی دلی اور اسلام آباد کے درمیان اچھے تعلقات کا سب سے زیادہ فائدہ جموںوکشمیر کے عوام کو ہی ملتا ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں بات کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے قریب اٹانومی ایک بہترین حل ہے اور ہمارا یہ موقف بھی ہے اگر اس سے اچھا حل بھی کسی کے پاس ہے، جو تینوں خطوں کے عوام کیساتھ ساتھ ہندوستان اور پاکستان کو بھی منظور ہوگا، ہم اُسے قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کی اٹانومی کی بحالی کیلئے وعدہ بند ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے وفد کو نیشنل کانفرنس کے تاریخ ساز اقدامات کی بھی جانکاری دی۔
 
 
 
 
 
 
 
 

قوم کی رہنمائی کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا :مذہبی جماعتیں

سرینگر//جامع مسجد کے امام حی مولا سید احمد سعید نقشبندی نے مولانا محمد فاروق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نہ صرف ایک مدبر اورسنجیدہ عالم تھے بلکہ دوراندیش سیاستدان اور مبلغ بھی تھے جنہوں نے اپنی تقاریر کے دوران ہمیشہ قوم کو صحیح رہنمائی کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ امام حی کے مطابق مولانا مرحوم کے ساتھ اُ ن کے ذاتی مراسم تھے۔انہوںنے کہا کہ مرحوم ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کیلئے فکر مند ہوتے تھے۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ موصوف ایک جید عالم دین، مقرر اور دوراندایش سیاستدان تھے اور اسی سیاسی تدبر سے وہ ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے متمنی تھے اور انہی کوشش میں انہیں عظیم شہادت دینی پڑی اور موجودہ وقت اسی نظریہ کے تحت تمام رہنمایانِ ملت حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مولانا محمد فاروق کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے جو ملی  خدمات اور وعظ تبلیغ و اشاعت اسلام انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔
 
 
 

پی ڈی پی کارکن کی ہلاکت پر | بخاری، تاریگامی اور ٹھاکرکا اظہار تشویش

سرینگر//سابق کابینہ وزیر سید الطاف بخاری،سی پی آئی (ایم) کے ریاستی لیڈر محمد یوسف تاریگامی اوربھاجپا کے ریاستی سیکریٹری الطاف ٹھاکر نے زنگل پورہ کولگام میں بندوق برداروں کی طرف سے پی ڈی پی کارکن کو ہلاک کرنے کی کارروائی کی مذمت کی۔ سابق پی ڈی پی لیڈر سید الطاف بخاری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاکتیں انسانی اقدار کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ارکان کی ہلاکتوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے لواھقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے پی ڈی پی کارکن محمدجمال بٹ کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ زنگل پورہ میں پی ڈی پی کارکن کی ہلاکت اور دیگر عام شہریوں کی فوجی معرکوں میں ہلاکتیں انتہائی مذموم ہیں۔ اس طرح کی ہلاکتیں ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہیں کہ آخر کب تک وادی کشمیر میں عام شہریوں کا خون ارزاں ہوتا رہے گا۔بھاجپا کے ریاستی سیکریٹری الطاف ٹھاکر نے عام شہریوں کی بے ہنگم ہلاکتیں تشویشناک معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ عام شہری چاہے فورسز کی گولی سے مارا جائے یا جنگجوئوں کی گولی سے مارا جائے، بہر حال اس سے صرف ایک قیمتی انسانی جان ضائع ہوجاتی ہے۔
 
 
 
 

سوپور میں مہلوک اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے ساتھ گفت وشنید 

سرینگر//ضلع پولیس لائنز سوپور میں پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران قصبہ سوپور سے تعلق رکھنے والے لقمہ اجل بنے پولیس اہلکاروں کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے میٹنگ میں شریک لوگوں کا استقبال کیا اور اس موقع پر انہوں نے مارے گئے اہلکاروں کے ورثا کو یقین دلایا کہ محکمہ پولیس اُن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کسی بھی تعاون کیلئے پولیس کی جانب سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ میٹنگ میں چند شرکاء نے کچھ مسائل اُجاگر کئے۔ ایس ایس پی نے اُن کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں حل کرنے کی بھر پور سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑے۔
 
 
 

ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ ملازمین کا وفد گورنر سے ملاقی

سرینگر//ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ ملازمین ایسوسی ایشن جموں وکشمیر کے ایک وفد نے راج بھون میں جاوید تلوانی کی قیادت میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ایسوسی ایشن سے متعلق مختلف امور پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ انہیں ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ ملازمین کی مستقلی کے عمل کو جلد سے جلد شروع کرنے کی گذارش کی۔
 
 
 
 

بجبہاڑہ میں دو منشیات فروش گرفتار

سرینگر// اننت ناگ پولیس نے کیری کدل بجبہاڑہ کے نزدیک ایک ناکہ کے دوران ایک لوڈ کیرئیر زیر نمبر JK03G-6578کو روک کر اُس کی تلاشی لی گئی ۔ دورانِ تلاشی لوڈ کیرئیر سے 420کلو گرام فکی برآمد کی گئی۔ ناکہ چیکنگ پر مامور پولیس افسران نے فوری طورپر لوڈ کیرئیر میں سوار دو افراد گل محمد لون ساکنہ وبزن بجبہاڑہ اور مشتاق احمد بٹ ساکن بانڈر پورہ بجبہاڑہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ معاملے کی نسبت پولیس نے بجبہاڑہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 
 
 

ڈی سی بڈگام نے مختلف محکموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنربڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے خاندانی بہبود ،آئی سی پی ایس ،ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم محکموںکے تحت ریاستی اور مرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران آسرا،این ایف سی ایچ ،آر ایم وی اور ڈبلیو او ڈی کے علاوہ چلڈرن ہومز کی پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر انٹی گریٹیڈ چائلڈ پروٹیکشن سکیم کے ساتھ ساتھ ہینڈلوم اورہینڈی کارفٹس محکمے کی حصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری ہینڈی کرافٹس،بالخصوص کانی شال کی مناسبت سے نمائشوں کا اہتمام کرنے اوربائر سیلر نشستوں کا انعقاد کرنے پر بھی زوردیا تاکہ ضلع میں ان شعبوں کا فروغ یقینی بن سکے۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی بڈگام اور متعلقہ محکموں کے آفیسران کے علاوہ تحصیلدار ہیڈ کواٹرس بھی موجود تھے۔
 
 
 

ڈاکٹر فاروق بانڈی پورہ کے استاد کی ہلاکت پر برہم

لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ،تحقیقات کا مطالبہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بانڈی پورہ میں جواں سال استاد مشتاق احمد لون ساکن گریز حال بانڈی پورہ کی اغواکاری کے بعد قتل کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے اس قتل ناحق پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ مرحوم کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ملوث قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ پارٹی کے شمالی زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون ،ڈپٹی سپیکر نذیر احمد خان گریزی اور پارٹی لیڈر نذیر احمد ملک نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی کے ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی ۔