مزید خبریں

امرناتھ یاترا2019| ضلع کمشنر اننت ناگ نے قاضی گنڈ کیمپوں کا دورہ کیا

اننت ناگ//ڈپٹی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے قاضی گنڈ میں میر بازار اور والنٹ فیکٹری علاقہ میں قائم امر ناتھ یاترا ٹرانزٹ کیمپوں کا دورہ کیا اور یاترا2019  کے احسن انعقاد کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی اننت ناگ، اے سی آر اننت ناگ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹرانزٹ کیمپوں میں یاتریوں کے لئے رہایشی سہولیات کے علاوہ پینے کے پانی اور بجلی کی سپلائی، طبی سہولیات، صحت و صفائی، راشن و دیگر اشیاء خوردنی کے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان مقامات پر سالڈ ویسٹ کے نپٹارے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔انہوں نے ان علاقوں میں مناسب ڈرنیج اور یاتریوں کی بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
 
 

صوبائی کمشنر جموں نے شاہراہ اور یاترا انتظامات کا جائزہ لیا

محمدتسکین 

بانہال // صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، انسپکٹر جنرل پولیس جموں منیش کمار سنہا ، ڈی سی رام بن شوکت اعجاز بٹ اور ایس ایس ایس پی رام بن انیتا شرما نے  ہفتے کو بذیعہ ہیلی کاپٹر رام بن اور بانہال کا دورہ کرکے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات اور شاہراہ کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نوگام ،ٹٹھہار اور گنڈ عدلکوٹ اور بانہال میں مسافر خانوں اور شیطانی نالہ میں امرناتھ یاتریوں کیلئے قائم کئے جانے والے مجوزہ کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے کہا کہ شاہراہ کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور مسافروں اور انتظامیہ کیلئے درد سر بنی فورلین شاہراہ کے کام کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے زمینی ٹرانسپورٹ کے ماہرین ، مرکز اور ریاست کے سابقہ اور موجودہ افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو شاہراہ کی کھدائی اور اس سے جڑے دیگر معاملات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ رام بن بانہال سیکٹر کے قریب پچاس فیصدی حصے پر میکڈم بچھایا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں شاہراہ پر سفر کو آسان بنانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم اور شاہراہ کی خرابی کے دوران لوگوں نے امرناتھ یاتریوں کیلئے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیئے ہیں اور یاترا کے حوالے سے لوگوں میں پائی جانے والی خوشی ہماری روائتی تہذیبی وراثت ہے اور اس بھائی چارہ کی مثال ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں اور سیول سوسائی ممبران سے تبادلہ خیال کیا ۔
 
 
 

خیر سگالی جذبے کے تحت کشمیری قیدیوں کو رہا کیا جائے

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت میں قائم ہونے والی نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے سبھی سیاسی قیدیوں کو خیر سگالی جذبے کے تحت حلف برداری کی رسم پریا اس کے بعد رہا کرنے کا اعلان کرے۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم اب پہلے سے بہت زیادہ مضبوط منڈیٹ کے حامل بن گئے ہیں اسلئے اُنہیں اب بین الاقوامی شخصیت کے طور اُبھرنے پر اپنی توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔بیان کے مطابق اگرانہوں نے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے عملی اقدامات کئے توانہیں بین الاقوامی لیڈر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔بیان کے مطابق بھارت اور پاکستان کو اپنی اپنی سطح پر بے شمار مسائل کا سامنا ہے اسلئے یہی وقت ہے کہ دونوں بالغ نظری اور وسعت قلبی کا مظاہرہ کرکے کشمیری عوام کے اُن مصائب و مشکلات کو حل کرنے کی تدابیر کریں جن کا سامنا وہ دہائیوں سے کرتے آرہے ہیں۔ 
 
 
 

زرعی یونیورسٹی جموں میںتقریب، سکندن کا سائنسدانوںاور انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال

جموں//گورنر کے مشیر کے سکندن نے شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز و ٹیکنالوجی کے دورے کے دوران سائنسدانوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔مشیر موصو ف نے یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ادارے کی ترقی کے لئے کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں ورناکیولر موبائل ایپلی کیشن کو متعارف کرنے پر زور دیا تا کہ علاقے کے کسان اس سے مستفید ہوسکیں۔مشیر موصوف نے سوئل ہیلتھ کے بہتر استعمال کے لئے تمام تر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس موقعہ پر نیچرل ریسورس کو بروئے کار لانے کے لئے ایک پرفارما تیار کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔مشیر نے اس موقعہ پر یونیورسٹی میں کام کررہے سائنسدانوں کے تجربات سے واقفیت حاصل کی۔اس سے قبل ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جے پی شرما نے یونیورسٹی کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں پر خاکہ پیش کیا۔مشیر موصوف نے اس موقعہ پر کیمپس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر ٹی اے ایس گنائی، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ مونیٹرنگ ڈاکٹر دیپک کھیر، ڈین فکیلٹی آف ایگری کلچر ڈاکٹر ڈی پی ابرول کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
 
 
 

شبِ قدر، جمعتہ الوداع اور عید الفطر

 بانڈی پورہ میںانتظامات کا جائیزہ لیا گیا

بانڈی پورہ//انتظامیہ نے بانڈی پورہ میںایک میٹنگ کے دوران جمعتہ الوداع، شبِ قدر اور عیدا لفطر کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ریاض احمد بیگ اوردیگر افسران کے علاوہ ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں لوگوں کی سہولیت کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا گیا۔اے سی آر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اشیاء خوردنی کے علاوہ بجلی و پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عید گاہ و دیگر مساجد کے اطراف میں صحت و صفائی اور طبی سہولیات کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔
 
 

ڈی سی کپواڑہ نے ایس ڈی ایچ عمارت پر جاری کام کا جائیزہ لیا

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ انشل گرگ نے ضلع افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع ہسپتال عمارت کپواڑہ پر جاری کام کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی کپواڑہ، ایگزیکٹو انجنیئر آر اینڈ بی، سی ایم اور دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ عمارت میں پانی اور بجلی کی فراہمی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے لولاب  بائی پاس سڑک کا بھی دورہ کیا جہاں سڑک کو وسعت دینے کا کام جاری ہے۔
 
 
 

 گاندر بل میں پی ایم ای جی پی انٹرویو ملتوی

گاندر بل//پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (پی ایم ای جی پی)کے تحت 27 اور28 مئی2019 کو ڈی آئی سی گاندر بل میں لئے جانے والے انٹرویو ملتوی کئے گئے ہیں۔