سرنکوٹ کے متعدد دیہات میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی
لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،احتجاج کا انتباہ
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے متعدد گائوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بڑے بڑے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر صورتحال برعکس ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کچھ دنوں سے بجلی کی کٹوتی کیلئے کو ئی شیڈول ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے عام صارفین کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ پاور ڈیو لپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ ہر ایک ماہ میں مقرر وقت پر ہی صارفین کو بجلی کے بل دئیے جاتے ہیں لیکن بجلی کی کٹوتی کے ساتھ ساتھ فراہمی کے سلسلہ میں محکمہ صارفین کیساتھ کھلواڑ کر نے میں مصروف ہے ۔صارفین نے کہاکہ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے بچوں کو پڑھائی کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ کے دیہی علا قوں میں عوام کو بجلی کی معقول سپلائی فراہم کی جائے جبکہ اگر مذکورہ عمل جاری رہا تو انتظامیہ مخالف ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
سڑک کا سروے مکمل ہو نے پر پنچایت اپر راج نگر کی عوام خوش
محمد بشارت
کوٹرنکہ //راج نگر بدھل بلاک کی پنچایت اُپر راج نگر کی عوام نے سڑک کی تعمیر کیلئے سروئے مکمل ہونے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی مذکورہ سڑک کو تعمیر کر کے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اس سڑک کو تعمیر کر نے کیلئے گاوں بتھان تا گلیر پلن تراڑ تک سروئے کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہاکہ اس سڑک کی تعمیر کی مانگ ایک لمبے عرصہ سے کی جارہی تھی جبکہ اب انتظامیہ کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک قدم اٹھا یا گیا ہے ۔جموں وکشمیر سرپنچ پنچ ڈیمو کریٹک فورم کے جنرل سیکریٹری شبیر کملاک افلاطون نے کہا کہ تین ہزار کے قریب آبادی والے گائوں میں عوام کو سڑک جیسی بنیادی سہولیت ہی میسر نہیں تھی تاہم اب انتظامیہ کی جانب سے ایک قدم اٹھا یا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے ساتھ ساتھ پی ڈبلیو ڈی کے آفیسران اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے ۔
نظیر احمد ڈار کو ڈی ایس پی بننے پر مبارکباد
طارق شال
تھنہ منڈی //سابقہ ایس ایچ اوتھنہ منڈی نظیر احمد ڈار کو ڈی ایس پی بننے پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی آئندہ ملازمت کے دوران عوامی فلاح و بہبود کیلئے اپنی بہترین خدمات پیش کر ینگے ۔ چند رو زقبل ریاست جموں کشمیر میں محکمہ پولیس نے چند پولیس انسپکٹروں کو ترقی دیکر بطور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تعینات کیا تھا جن میں انسپکٹر نظیر احمد کا نام بھی شامل تھا ۔مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائمقام چیئر مین الحاج عبدالرشید شال، ٹریڈ یونین لیڈر محمد بشیرخان،سابقہ سب انسپکٹر عبدالر شید شال، محمد حفیظ ڈمال، بلاک صدر نیشنل کانفرنس مشتاق احمد شال، مشتاق احمد ٹھکر کونسلر تھنہ منڈی،سماجی کارکن شمیم احمد مغل، ایڈوکیٹ نوید انجم شال نے نظیراحمد ڈار کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
پونی سکول میں فوج نے شیلٹر کی تعمیر شروع کی
راجور ی//فوج کی جانب سے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول پونی میں شیلٹرکی تعمیر شروع کی گئی ۔سکول طلباء کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوج کی جانب سے پہلے مذکورہ سکول میں جگہ کا تعین کیا گیا تھا جس کے بعد طلبا کی سہولیت کیلئے ایک شیڈ کی تعمیر شروع کی گئی ۔تعمیرات شروع کر نے سے قبل نائب تحصیلدار پونی اور سکول کے نائب پرنسپل کی موجودگی میں مذہبی رسومات بھی ادا کی گئیں ۔فوجی آفیسران نے سکول انتظامیہ اور مقامی لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ شیڈ کی تعمیر کو ستمبر ماہ تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد طلباء کو تمدنی و دیگر پروگرام منعقد کرنے سہولیت ملیں گی ۔مقامی لوگوں نے اور سکول انتظامیہ نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فوج آئندہ بھی فلاحی کاموں میں پیش پیش رہے گی ۔
دیرہ گلی میں منشیات کیساتھ ایک گرفتار
طارق شال
تھنہ منڈی //پولیس نے منشیات کیخلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے دیرہ گلی میں ایک منشیات اسمگلر کر گرفتار کرلیا ہے ۔ایس ایس پی راجوری یگل منہاس کے مطابق تھنہ منڈی پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم کی جانب سے دیرہ گلی کے مقام پر معمول کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی تھی جس کے دوران سرینگر سے راجوری کی جا نب آرہی ایک گاڑی زیر نمبر JK12-2138کو روک کر تلاشی لی گئی ۔تلاشی کے دوران مذکورہ گاڑی سے چرس جیسی منشیات برآمد کر لی گئی جبکہ اس سلسلہ میں مذکورہ گاڑی کے ڈرئیوار جس کی شناخت نثار شاہ کے طور پر ہوئی ہے ،کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر111/2019درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔