مینڈھر میں صفائی مہم کے دوران ناجائز تجاوزات کو بھی ہٹا یا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر انتظامیہ کی طرف سے قصبہ میں صفائی مہم کے دوران نالیوں پر کی گئی ناجائز تجاوز کو بھی ہٹایا گیا ۔مقامی انتظامیہ نے جے سی بی مشین لگا کر ناجائز تجاوازت کو ہٹایا جبکہاس دوران ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساہل جنڈیا،تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کے ساتھ ساتھ محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین اور پولیس پارٹی بھی موجود تھی ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے سختی کے ساتھ دکاندار طبقہ کو ہدائت جاری کرتے ہوئے کہاکہ نالیوں پر ناجائز طور پر تجاوز نہ کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ نالیوں پر کی گئی تجا وز کی وجہ سے گندگی ودیگر پلیدی جمع ہو تی ہے جو کہ قصبہ میں بد بو کی اصل وجہ بنتی ہے ۔انھوں نے ناجائز تجاوازت کو ہٹانے کے بعد پانی کی ایک گاڑی کے ذریعہ نالیوں کی صفائی کی تاکہ نالیوں سے بد بو نہ آئے ۔انہو ں نے دکانداروں و عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپنے آس پاس صفائی ستھرائی کو بحال رکھیں ۔
فوج کی طرف سے بالا کوٹ میںمفت طبی کیمپ منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر//رومیو فورس نے بالاکوٹ علاقہ کے گورنمنٹ ہائی سکول سندوٹ میں ایک میڈیکل کیمپ لگا کر سینکڑوں کی تعداد میںمریضوںکا مفت طبی معائینہ کرکے دوائیاں تقسیم کی۔طبی کیمپ کے دوران فوج کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بیدار و احتیاطی تدبیروں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی ۔فوج کی جانب سے لگائے گئے مفتی طبی کیمپ کا اصل مقصد سرحدی علا قوں کی عوام کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کرنا تھا ۔اس کیمپ کے دوران چار سو سے زائد مریضوں کا طبی معائینہ کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی آئندہ بھی اس طرح کے طبی کیمپوں کے ذریعہ مقامی لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائینگی ۔
جموں وکشمیر بینک شاخ ڈھانگری میں آگ نمودار
وقت پر کی گئی کارروائی سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا
سمت بھارگو
راجوری //ضلع راجوری کے ڈھا نگری علا قہ میں قائم جموں وکشمیر بینک شاخ میں اچانک آگ نمو دار ہو ئی تاہم انتظامیہ کی جانب سے وقت پر کی گئی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈھانگر ی میں قائم کی گئی شاخ میں آگ کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں نے پولیس انتظامیہ اور فائر اینڈ ایمر جنسی سروس راجوری کو مطلع کیا جس پر فوراً کارروائی عمل میں لاتے ہوئے فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی ۔فائر سٹیشن آفیسر راجوری مقبول حسین نے بتایا کہ آگ کی جانکاری موصول ہو تے ہی محکمہ کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران آگ کو قابو کر لیا گیا اور ایک بڑا نقصان ہونے سے بچالیا گیا ۔
بانڈی چچیاں میں منشیات مخالف بیداری پروگرام
حسین محتشم
پونچھ// پولیس کی جانب سے پی سی پی جی کے تحت گاؤں بانڈی چچیاں میں ایک منشیات مخالف اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں، پنچوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں و اسکولی بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کے دوران نوجوانوں کو منشیات کے مضراثرات کے بارے جانکاری فراہم کی گئی۔ اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈی وائی ایس پی اعجاز بٹ نے کہا کہ نشیلی ادویات کی وباء جو کہ معاشرے کو تباہ و برباد کررہی ہے۔اس کے خاتمہ کیلئے پولیس کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی ہے ۔موصوف نے کہاکہ کچھ سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو مذکورہ پیشہ میں ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پولیس ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھ رہی ہے ۔انہوں نے نوجوان طبقہ کو تلقین کر تے ہوئے کہاکہ وہ منشیات کیخلاف شروع کر دہ جنگ میں حصہ لے کر سماج کو پاک بنانے میں اپنا رول ادا کریں ۔واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے پوری ریاست کی طرح پونچھ میں بھی منشیات کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکے۔
اسد نعمانی کے والد کی وفات پر تعزیتی پیغامات
رہبر تعلیم اساتذہ پونچھ
پونچھ// سرنکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ریاستی سینئر وائس چیئرمین رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نجم الحسن جعفری اور وحید احمد بانڈے چیئرمین رہبر تعلیم ٹیچرز فورم پونچھ نے کی۔ اس میٹنگ میں ضلع صدر پونچھ شاہ نواز کاظمی ،زونل صدر سرنکوٹ محمد یوسف شاہ ،سید علی مرتضیٰ شاہ ،الطاف احمد چوہان سینئر نائب صدر ،جاوید خان جنرل سیکرٹری ضلع پونچھ، چیف پیٹرن عرف راٹھور، بدر الدین راتھر تحصیل صدر سرنکوٹ ،شمیم الحسن انصاری تحصیل صدر منڈی ،الیاس احمد زونل صدر منکوٹ ،نیاز کرمانیزونل صد ساتھرہ ،عبدالوارث ،شکیل شاہ ذونل صدر ننگا لی ،مجید خواجہ ،غلام محی الدین ،شبیر خواجہ ، چوہدری نور احمد،عامر کرمانی ،پرویز احمد شوکت چوہدری،عبدالقوی ،اکبر علی بانڈے موجود تھے۔میٹنگ میں رہبر تعلیم اساتذہ نے مولانا شریف نعمانی کی وفات پرتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسد نعمانی و دیگر لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر مرحوم کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی ۔
الجمعیۃ الاسلامیہ الخیریہ
ُپونچھ // الجمعیۃ الاسلامیہ الخیریہ کے مولانا حافظ شہزاد انوری نے بھی اپنے ایک تعزیتی پیغام میں خطہ پیر پنچال کے بزرگ عالم دین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الجمعیۃ الاسلامیہ الخیریہ اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
شیعہ فیڈریشن
پونچھ//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صوبائی نائب صدر محمد بشیر میر نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم ایک علمی شخصیت کے مالک تھے ۔موصوف نے شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان و دیگر تمام اراکین اور شیعہ برادری کی جانب سے مرحوم کی وفات پر لراحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
مولانا غلام قادر
پونچھ //معروف سماجی و دینی شخصیت مولانا محمد شریف نعمانی کے انتقال پر نامور عالم دین اور جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے مہتمم مولانا غلام قادر نے گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کو عزم و ہمت کی علامت قراردیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی انفرادی اور اجتماعی زندگی جدوجہد و مشکلات سے بھری رہی تاہم اس کے باوجود بھی انہوں نے حق کی آواز کو بلند کرنے کے حامی تھے ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے اپنے دوستوںکا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے جبکہ جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے ابتدائی دور میں مولانا کی بے لوث قربانیاں یاد رکھی جائینگی۔ اس موقعہ پر تنظیم علماء اہل سنت ولجماعت پونچھ کی قیادت نے بھی مولانا مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ تنظیم کے کارگزار صدر مولانا سعید احمد حبیب نائب صدر مولانا فتح محمد ،جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ قاسمی نے مولانا کے انتقال کو ملی خسارہ قرار دیتے ہوئے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہا رکیا
’گائوں کی اور ‘پروگرام چوتھے روز بھی جاری رہا
منڈی کے آڑائی اور راجپورہ میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا گیا
عشرت حسین بٹ
منڈی//سرحدی ضلع پونچھ میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ ’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام چوتھے روز بھی جاری رہے ۔اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے تحصیل منڈی کے پسماندہ علا قہ ڑائی کی تین پنچایتوں اور راجپورہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔آفیسران نے مذکورہ پنچایتوں میں عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کر تے ہوئے ان کو قلمبند کیا ۔ عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ پنچایتوں میں چل رہے مختلف تعمیری کاموں میں سرعت لائی جا ئے جبکہ منریگا اسکیم کے تحت کئے گئے کاموں کی اجرت جلداز جلد وگزار کی جائے تاکہ مزدور طبقہ کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔ اس دوران راجپورہ پنچایت میں محکمہ دہی ترقی کی طرف سے شروع کئے جانے والے تعمیر اتی کام اور پارک کے تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے ان پنچایتوں میں سکولوں ،آنگن واڑی سنٹروں ودیگر اداروں کے کام کاج کا جائزہ بھی لیا ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کر تے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں نے ضلع کی مختلف پنچایتوں میں ’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام کے تحت آفیسران عوامی مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ اسکیم کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہو نگی ۔
قوت سماعت سے محروم افراد میں مشینیں تقسیم
عشرت حسین بٹ
منڈی// منڈی کی پنچایت راجپورہ میں بیک ٹوولیج پروگرام کے دوران محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے چار افراد میں سماعت کی مشینیں تقسیم کی گئیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحصیل آفسر کی موجودگی میں چار افراد کو مذکورہ مشینیں تقسیم کی گئی۔ عبد رشید ولد رمضان ج،محمد دین ولد باغ علی،محمد صادق ولد رمضان جو اور وزیر محمد ولد صادق نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ’گائوں کی ائور ‘پروگرام کے تحت ان کو سہولیات دستیاب کی گئی ہیں ۔اس موقعہ پرمحکمہ سوشل ویلفیئرکے تحصیل آفیسر نے بتایا کہ اس سے قبل بھی منڈی کے مختلف علا قوں میں قوت سماعت سے محروم افراد میں مذکورہ مشینیں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ مذکورہ عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔