۔9کلو چرس برآمد،سرغنہ کی گرفتاری کا دعویٰ
عاصف بٹ
کشتواڑ//چھاترو کے پارنہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے پسی ہوئی بھنگ برآمدکرنے کا دعویٰ کیاگیا۔بیان کے مطابق پولیس ٹیم نے چھاترو کے پارنا چنگام علاقے میں ایک ناکہ لگایا اورپیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پیدل چلنے والے کی مشکوک نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے ناکہ پارٹی نے اس شخص کو رکنے کو کہا جبکہ اس کے سامان کی چھان بین کرتے ہوئے اس کے قبضے سے چرس جیسی نشہ آور چیز برآمد کر لی جس کا وزن تقریباً 8 کلو 900 گرام تھا اور ملزم کو موقعہ پر ہی گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت عبدالطیف ولد محمد رمضان ساکنہ پارنہ چنگام کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 18/2022 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ چھاترو میں درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان کیلئے تیاری کاجائزہ
کٹھوعہ //جے کے ایس ایس بی اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان کے ہموار انعقاد کے انتظامات کو آگے بڑھانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راہل یادو نے لائن ڈپارٹمنٹس کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے امتحان کے لیے ضلع بھر میں 43 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جو کہ 6 مارچ 2022 کو ہونے والے ہیں۔ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیک اپ سٹاف کی فراہمی کے ساتھ مراکز پر وافر عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔ امتحانی مواد کی نقل و حمل سے متعلق انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مجسٹریٹس، نگران عملہ، امتحانی مبصرین کی پوسٹنگ، ویڈیو گرافی کے علاوہ عملے کی تربیت اور امتحان کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
رام بن میں 112 ٹیکے لگائے گئے، 2439 نمونے جمع
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24500 روپے جرمانہ وصول
رام بن//ضلع امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش کے مطابق، محکمہ صحت نے سنیچر کوضلع میں 15-17 سال کی عمر کے گروپ کے 62 بچوں سمیت 112 افراد کو کووڈ ویکسین کی خوراکیں دیں۔پورے ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول نافذ کرنے کی مہم جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر 24,500 جرمانہ وصول کیا۔ انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کووڈ ٹیکہ کاری مراکز پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراک لینے کی تاکید کی۔چیف میڈیکل آفیسررام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 2439 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 515آر ٹی پی سی آر اور 1924آر اے ٹی نمونے شامل ہیںجبکہ اسکے علاوہ ضلع کے مختلف مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 112 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔ .
آگ کی واردات میں موبائل دکان خاکستر
کشتواڑ//عاصف بٹ//ضلع کشتواڑ کے منی بس سٹینڈکے قریب آگ کی ہولناک واردات میں لاکھوں روپے کی املاک جل کرراکھ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق یہ آگ کی واردات سنیچر کی صبح قریب پانچ بجے اس وقت رونماہوئی جب مقامی لوگوں نے موبایل کی دوکان سے دھواں نکلتے دیکھا جسکے بعد پولیس و فائر سروس کو مطلع کیا گیا اور اس پر قابو پالیا گیا تاہم اس دوران دوکان میں موجود سامان مکمل طور جل چکا تھا۔
محمد ایوب خان دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے
متعدد سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار دکھ، کلہوتران بھلیسہ میں سپرد خاک
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ جنگلات سے سبکدوش ہونے بطور فارسٹر و علاقہ بھلیسہ کے سماجی کارکن محمد ایوب خان کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 63 برس کے تھے۔مرحوم کا تعلق سب ڈویڑن گندوہ کے گاؤں کلہوتران سے تھا اور وہ اپنے وقت کے نامور شاعر مرحوم طالب بھلیسوی کے فرزند و معروف گلوکار محمد سلیم خان کے برادر اکبر تھے۔ محمد ایوب خان کچھ برس قبل محکمہ جنگلات سے بطور فارسٹر سبکدوش ہوئے تھے اور اس کے بعد وہ سماجی و مذہبی کاموں میں مصروف رہتے تھے۔مرحوم ایک نیک سیرت، خوش مزاج ،ملنسار انسان تھے. ان کی وفات سے پورے علاقہ میں ماتم چھا گئی۔مرحوم کا نماز جنازہ اپنے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی اور وہیں پر پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔ان کی وفات پر کانگریس لیڈر و سماجی کارکن الحاج غلام مصطفی بٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔وہیں سابق بھاجپا ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار، سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ، نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر، بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر، ڈی ڈی سی کونسلر ندیم شریف نیاز، بی جے پی ضلع نائب صدر جاوید اقبال زرگر،چئیرمین سوسائٹی محمد ایوب زرگر، ٹیچر فورم رہنما جماعت علی آگاہ نے محمد ایوب خان کی اچانک وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے۔