کرسو راجباغ میں کمیونٹی ہال کی تعمیر تعطل کا شکار
نمائندہ عظمیٰ
سرینگر // کرسو راجباغ میں کمیونٹی ہال کی تعمیر تعطل کا شکار بنی ہوئی ہے جس پر مقامی لوگوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تقریبات کے انعقاد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔گذشتہ سال ریاستی سرکار نے کرسو راجباغ بنڈ کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کو منظوری دی ۔اگر اس دوران باقی علاقوں میں یہ کام چل رہا ہے تاہم کرسو راجباغ بنڈ پر کام ادھورا چھوڑ ا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کمیونٹی ہال کی تعمیر کے حوالے سے زمین کی نشاندہی کی گئی اور سروے مکمل کر کے اُس کی بنیادیں ڈالی گئیں تاہم پچھلے 6 ماہ سے اس کا کام نامعلوم وجوہات کی بنا پر رکا پڑا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے کناروں پر کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے کچھ ایک میٹریل بھی ڈالا گیا ہے جو وہاں پڑا سڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ڈویژنل کمشنر کشمیر اورضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے مطالبہ کیا ہے کہ کام کو دوبارہ سے شروع کرانے میں ذاتی مداخلت کریں تاکہ مستقبل میں تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
امراض جلد کی معروف معالج
ڈاکٹر عفت حسن شاہ خصوصی ایوارڈسے سرفراز
سرینگر// ریاست کی معروف ماہر امراض جلد اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں امراض جلد کے شعبہ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عفت حسن شاہ کوقومی انگریزی روزنامہ اکنامک ٹائمز کی طرف سے ایک ایوراڈ دیا گیا ہے ۔Inspiring Dermatologist of India awardنامی ایوارڈ انہیں ڈاکٹروں کے عالمی دن کے موقعہ پر نئی دلی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب پر دیا گیا ۔تقریبDoctor's Day Conclave 2019 29جون کو نئی دلی میں منعقد ہوئی۔
منشی غلام حسن کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ رنج
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معروف شخصیت اور جے کے بینک کے سابق چیئرمین حاجی منشی غلام حسن ساکن دولت آباد نائوپورہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ منشی غلام حسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اللہ نے مرحوم کو گوناگوں اوصاف سے نوازا تھا اور مرحوم ایک بہتر منتظم تھے۔ انہوں نے بحیثیت چیئرمین جے کے بینک اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ یاد رہے مرحوم منشی غلام حسن تحریک محاذ رائے شماری کے صدر الحاج منشی اسحاق کے فرزند تھے۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم کے گھر جاکر پسماندگاں کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔