مزید خبریں

 پولیس ہیلپ لائن شروع 

فوری مدد اورہنگامی خدمات کیلئے112گھمائیں

سری نگر//کشمیر میں پولیس نے ’ڈائل 112‘ ہیلپ لائن شروع کی ۔جس پرعام شہری پولیس کی مدد، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس خدمات کیلئے کال کر سکتے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ ہیلپ لائن ایمرجنسی رسپانس سپورٹ سسٹم (ERSS) پروجیکٹ کے تحت شروع کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہری جہاں بھی پریشانی میں ہوں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی امداد کے لئے 112 گھما سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ عام پولیس کی مدد کے علاوہ، پریشانی میں مبتلا لوگ خواتین کی حفاظت کے معاملے میں بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔حکام نے مزید کہاکہ شہری ایمبولینس یا فائر بریگیڈ کی خدمات کے لئے بھی ہیلپ لائن نمبر112 پر کال کر سکتے ہیں۔
 
 
 

پنزی نارہ سوناواری میں کار نے راہگیر کوکچلا

ارشاداحمد
سرینگر//سمبل سوناواری میں نجی کارکی ٹکر سے ایک راہ گیرہلاک ہوا۔پولیس کے مطابق کہ سرینگر سمبل سوناواری سڑک پرپنزی نارہ کے مقام ویگنار کار زیر نمبر JK01S-3393 نے راہ گیر کو ٹکر مار دی جس کی شناخت بشیر احمد میر ولد غلام محی الدین ساکنہ ڈانگر پورہ پنزی نارہ کے طور پر ہوئی، جو شدید طورپر زخمی ہوا۔اس موقع پر ویگنار کار کا ڈرائیور کار چھوڑ کر موقع واردات سے فرار ہوگیا،تاہم اسے پولیس نے بعد میں گرفتار کرلیا۔مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی شہری کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔معاملے کی نسبت پولیس تھانہ پارمپورہ سرینگر میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
 
 

بشیرپٹھان اپنی پارٹی سے خارج 

بھاجپارہنمائوں کی میٹنگوں میں شرکت کانتیجہ

اننت ناگ//اپنی پارٹی کے تعلق رکھنے والے لہانجدن اننت ناگ کے بشیراحمدپٹھان کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کیاگیاہے۔ایک بیان کے مطابق  اپنی پارٹی ضلع صدر اننت ناگ اور سابق لیجسلیچر عبدالرحیم راتھر نے لہانجدن اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد پٹھان کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے نکال دیا ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے لیاگیا۔ اس ہفتہ پارٹی کی طرف سے اُنہیں وجہ بتا ؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے اُن پر رشوت ستانی اور بھاجپا لیڈران کی میٹنگ میں شرکت کے الزامات پر وضاحت طلب کی گئی تھی جس کا وہ کوئی معقول جواب نہیں دے سکے۔ راتھر نے کہاکہ ہماری جماعت میں رشوت کے لئے کوئی جگہ نہیں، صرف صاف وشفاف اور ایماندار ممبران ہی اپنی پارٹی کے بینر تلے کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کو بے اختیار بنانے کی بھاجپا کی کوششوں کے خلاف لڑیں گے اور ہماری جماعت لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی وعدہ بند ہے۔
 
 
 

کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن نے مسائل نوٹس میںلائے

ارشاد احمد
سوناواری//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کے دورے کے دوران کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن سوناواری کے وفدنے مختلف مسائل سے ضلع کمشنر کی نوٹس میں لائے۔وفد کی قیادت سوناواری کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر الطاف احمد بٹ کررہے تھے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کو گزشتہ سال یاترا کے کام کے زیر التوا بلوں کی ادائیگی،کوروناوائرس وبائی بیماری کے دوران کئے گئے کاموں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کئے گئے رقومات کی واگزاری سمیت دیگر ٹھیکیداراروں کے زیر التوا معاملات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسئلہ پر غور کیا جائے گا اور جلد ازالہ کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے سوناواری کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ آنے والے ترقیاتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جموں و کشمیر کی تبدیلی کا حصہ بنیں۔
 
 
 

سرکردہ عالم دین مولانا غلام نبی ہمدانی کا یوم وصال منایا گیا

خانقاہ معلی میں فاتحہ خوانی ،ڈاکٹر فاروق کا خراج عقیدت  

سرینگر//ریاست کے سرکردہ عالم دین مولانا غلام نبی ہمدانی کا 63واں یوم وصال عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی جہاں علماء اور زعماء جمعیت ہمدانیہ نے مرحوم کی تاریخ ساز اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر بقعہ عالیہ کے امام و خطیب حاجی غلام محمد نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ نمازِ ظہر کے بعد اُن کے حق میںاجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔وادی کی کئی مساجد ، زیارت گاہوں ، خانقاہوں میں بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیاگیااور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت ادا کی گئی۔ آخر پر صدرِ جمعیت ہمدانیہ حاجی فاروق احمد گانی نے فاتحہ خوانی میں شمولیت کرنے والوں اور اُن تمام دینی، سیاسی اور سماجی انجمنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ادھر عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے بھی مولانا غلام نبی ہمدانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مولانا غلام نبی ہمدانی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جو ملی خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے بھی مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی ہے۔ 
 
 
 

لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیراہتمام بیداری کیمپ کا انعقاد

ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے ضلعی سطح کے مرکز برائے خواتین’’مہیلا شکتی کیندر‘‘گاندربل کے تعاون سے ولیج لیگل کیئر اینڈ سپورٹ سنٹر کوندہ بل میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول میں خواتین پر مبنی مختلف اسکیموں پر بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔پروگرام میں آنگن واڑی کارکنان، آنگن واڑی مددگار، مقامی خواتین، کچھ نوعمر لڑکیاں، پی ایل وی، پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر خواتین ہیلپ لائن اور مہیلا شکتی کیندر کے عملہ نے شرکت کی۔تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سبیتا جان ویمن ویلفیئر افسر نے مہیلا شکتی کیندر اور اس کے مقاصد اور مختلف محکموں میں خواتین پر مبنی اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔اس کے علاوہ پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر ویمن ہیلپ لائن بلال احمد بٹ نے ویمن ہیلپ لائن 181اور اس کے فوائد پر بات کی۔ایڈوکیٹ شگفتہ کونثر پینل لائر، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل نے بھی خواتین کے قانونی حقوق بالخصوص گھریلو تشدد اور جموں کشمیر کے متاثرین کو فراہم ہونے والے امدادی اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
 
 

 حضرت قاسم شاہ حقانی کے عرس پر انتظامات کئے جائیں: شمیمہ فردوس

سرینگر//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے حضرت قاسم شاہ حقانی واقع نرپرستان فتح کدل کے سالانہ عرس کے پیش نظر زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ عرس یکم اور 2مارچ کو منایا جارہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کی کہ وہ عرس اور ایام متبرکہ کے دوران عقیدتمندوں کیلئے بجلی، پینے کا پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کے خاص انتظامات رکھیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ آستانِ عالیہ کے ارد گرد سٹریٹ لائٹس نصب کریں۔ 
 
 

امام خمینی کی توہین ناقابل برداشت

آغا حسن کا ZEE میڈیا کے خلاف سخت ردعمل

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے ZEEمیڈیا نیٹ ورک کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک نے جموں و کشمیر کے حالات اور عسکریت پسندی کے حوالے سے تیار کی گئی دستاویزی فلم میں امام خمینی کی تصویر کو دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی علامت کے طور پر استعمال کیا ہے ۔آغا حسن نے کہا کہ امام خمینی ایک بلند پایہ اسلامی مفکر ،مایہ ناز دینی قائد اور تاریخ ساز انقلابی و روحانی شخصیت تھی جس نے قرآنی افکار و نظریات ،اخلاق و عمل اور روحانی اقدار کے بل پر ایران میں انقلاب برپا کیا ۔انہوں نے کہا کہ امام خمینی کی انقلابی تحریک مکمل طور پر عسکری اور مسلح عنصر سے مبرا ہے اور خالصتاً ایک عوامی انقلاب ہے۔
 

کنگن بازاروں کا معائنہ

ناقص سبزیاں ضائع،جرمانہ وصول

کنگن/غلام نبی رینہ/محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور فوڈ سیفٹی محکمہ کی چیکنگ ٹیم نے کنگن کے مختلف بازاروں کا معائنہ کرکے قیمتوں کا جائزہ لیا،جس کی قیادت تحصیل افسر کنگن حاجی جاوید احمد ماگرے اور فوڈ انسپکٹر فیاض احمد کررہے تھے ۔انہوںنے کنگن مامر اورہاری گنی ون کے بازاروں کا معائنہ کرکے قیمتوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔محکمہ امور صارفین کے ایک افسر نے بتایا کہ اس دوران کئی کوئنٹل غیر معیاری سبزی اور میوہ کو موقع پر ہی ضائع کیا گیا جبکہ قصوروار دوکانداروں سے 1100روپے موقع پر ہی جرمانہ وصول کیا گیا۔
 

 طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں پر کام کریں

بیت الہلال میں IITکے ماہرین کا اظہا رخیال

سرینگر//بیت الہلال جواہر نگر میں طلبا کے اندر سائنسی مزاج پیدا کرنے کیلئے پروفیسر سریش آر دیواساہام ڈین IITجموں اور پروفیسر دیپانکر سابق پروفیسر IITممبئی نے چیئرمین یتیم فائونڈیشن محمد رفیق لون کی دعوت پر بیت ہلال کا دورہ کیا ۔دونوں مہمانوں نے طلبا کے ساتھ 3گھنٹے گزارے اور انہیں اہم اور قیمتی معلومات سے روشناس کیا۔ یہاں مقیم طلبا نے پروفیسر وں سے سائنس کے بارے میں مختلف سوالات پوچھے جن کا مہمانوں نے نہایت ہی خندہ پیشانی کے ساتھ جوابات دئیے۔پروفیسر دیپانکر جوکئی چیزوں کے موجد بھی ہیں ، نے ہوا کے دبا میں مستحکم پلازما ڈسچارج آرکس بنانے کی ایجاد کا پروٹو ٹائپ طلبا کو دکھایا۔ اس ایجاد سے آرک فرنس، گیس لیزر وغیرہ بہت سی مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں۔ طلبا ورکنگ ماڈل کو دیکھ کر بہت ہی مسرور ہوئے۔مہمانوں نے طلبا کی دلچسپی اور جانکاری کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر اساتذہ اور یتیم فائونڈیشن کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں پر کام کریں۔ ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ نئے اور جدید خیالات کے ساتھ سامنے آئیں۔بعد ازاں پروفیسروں نے بیت الہلال سے فارغ التحصیل طلبا سے بات چیت کی اور انہیں کیرئر کے انتخاب کے حوالے سے قیمتی مشوروں سے نوازا۔ چیئرمین یتیم فانڈیشن نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ بیت الہلال میں مقیم طلبا کی باقاعدگی سے مسلسل رہنمائی کریں۔
 
 
 

سوپور اور کولگام میں5افرادنشیلی ادویات سمیت گرفتار 

غلام محمد+ایجنسیز
سوپور//وادی میں منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے سوپور اور کولگام میں 5افراد کو گرفتاررکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرلیا ہے ۔شمالی قصبہ سوپور میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے نشیلی ادویات کوبرآمد کیا گیا ہے۔پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران زندری بومئی کراسنگ پر ایک سفید رنگ کی ایکو گاڑی زیر نمبر JK04D-7480کو روکا جس میں سوار دوافراد باسط احمد لون اور مدثر احمد گنائی ساکنان تجر کو گرفتار کیا گیا اور ان سے نشیلی ادویات 144سپاکسوپرکسوان کیپسول برآمد کئے گئے۔پولیس نے ان کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 08/2022بومئی تھانے میں درج کیا۔اس بارے میں ایس ڈی پی او سوپور فرقان قادر نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران سوپور پولیس نے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں، کو نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کو گرفتار کروانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ قاضی گنڈتھانہ کے دائرہ اختیار میں منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے ایک قابل اعتماد اطلاع پر پولیس چوکی میربازار کی پولیس پارٹی نے نیپورہ میں ایک ناکہ قائم کیا اور چیکنگ کے دوران دو افراد بشمول ایک خاتون ساکن چیک بدوانی قاضی گنڈ اور بشیر احمد کو حراست میں لے لیااور ان کے قبضے سے 5کلو پوست کا بھوسا اور 4گرام براؤن شوگر برآمد کر لیا۔قاضی گنڈ تھانہ نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 32/2022کے تحت کیس درج کرکے اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کردی ۔ اسی دوران کولگام پولیس نے ایک اور کاروائی کرتے ہوئے دلواچ قاضی گنڈ کے مقام پر ناکہ چیکنگ کے دوران جاوید احمد ڈار عرف جانی ساکن بیرگام کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 4کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کر لیا گیا۔تھانہ پولیس قاضی گنڈ نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر33/2022 درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شہری بدنام زمانہ منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی این ڈی پی ایس کے متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں اور خاص طور پر قاضی گنڈ میں نوجوانوں میں منشیات فروخت کرتا ہے ۔ قاضی گنڈ کے لوگوں نے پولیس کی کارروائی کی ستائش کی ہے اور اس بدنام زمانہ منشیات فروش کی گرفتاری پر راحت کی سانس لی ہے۔مشمولات جے کے این ایس
 
 

 ذیشان فاضل کے انتقال پر تعزیت پر سی کا سلسلہ جاری 

سرینگر / / معروف براڈکاسٹر ذیشان فاضل کے انتقال کے سلسلے میںدوسر ے روز بھی تعزیت پر سی کا سلسلہ جاری رہا۔موصوف جمعہ کی شام کو انتقال کر گئے۔ ذیشان فاضل کچھ وقت سے علیل تھے اور سرینگر کے گلشن نگر، نٹی پورہ میں واقع اپنی رہائش گاہ میں جمعہ کی شام انتقال کرگئے۔ان کے انتقال پر کئی سیاسی، سماجی و ادبی جماعتوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے ذیشان فاضل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک ذہین براڈکاسٹر تھے۔انہوں نے سوگراکنبے سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔خبر رساں ادارے سی این ایس کے مدیر اعلیٰ رشید راہی نے ذیشان فاضل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے انکی رحلت پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نشریاتی شعبہ کے ساتھ ساتھ کشمیری زبان و ادب کے تئیں گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اورزبان و ادب کے تئیں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیںگی۔ حلقہ ادب سوناواری نے اْن کے انتقال کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں حلقہ کے صدر شاکر شفیع نے ذیشان فاضل کو ایک نیک انسان اور ایک معروف براڈکاسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورانِ سروس اور اس کے بعد کشمیری زبان و ادب کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ صدرِ حلقہ نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔ گلشن کلچرل فورم کشمیر کے اہتمام سے ذیشان فاصلی کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس فورم کے صدر سید بشیر کوثر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیشتر شخصیات کے پیغامات سوشل میڈیا کی وساطت سے اس تعزیتی مجلس میں شیر کئے گئے جن میں پروفیسر عبدالجبار گوکہامی، پروفیسر بشر بشیر، پروفیسر گلشن مجید، شمشاد کرالہ واری، شہناز رشید، غلام حسن بابا اور عبدالرشید شہباز شامل ہیں ۔ ماگام میں منعقدہ اس تعزیتی اجلاس میں گلشن بدرنی، خورشید خاموش، لطیف نیازی، مقبول شیدا، ڈاکٹر محمد ادریس اور غلام الدین بیگ نے شرکت کرکے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور مغفرت کی دعا کی۔
 
 

عوامی آواز پارٹی نے چندھی گڑھ میں درماندہ کشمیریوں کی مدد کی

سرینگر//عوامی آواز پارٹی نے چندی گڑھ ائر پورٹ پر پھنسے متعدد کشمیری مسافروں کو وہاں سے نکلنے میں مدد کی ۔ پارٹی نے ایک بیان میں بتایا کہ پارٹی کی سٹوڈنٹس ونگ پنجاب کے صدر عادل حسین بٹ اور دیگر طلبہ نے ائر پورٹ پر درماندہ مسافروں کو کھانا پینا اور دیگر سہولیات پہنچائیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ چندی گڑھ ائر پورٹ پر کشمیری مسافروں کو ایر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے دن بھر کھانے پینے کی کوئی چیز فراہم نہیں کی گئی اور مسافروں نے عوامی آواز پارٹی سے رابطہ کرکے اپنی روئداد سنائی ۔ پارٹی نے فوری طورحرکت میں آکر وہاں انہیں مدد فراہم کرتے ہوئے انہیں ٹرانسپورٹ سہولیت بھی فراہم کی اور ہوٹل میں جگہ بھی دلوائی ۔ اس موقع پر درماندہ مسافروں نے پارٹی کے اس رویہ پر کافی اطمیان کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ طلبہ ونگ کا شکریہ اداکیا ۔