مزید خبریں

منشیات مخالف مہم 

کنگن اور سوپور میں 3افراد گرفتار،نشیلی ادویات و چرس ضبط

غلام نبی رینہ+غلام محمد

کنگن+سوپور//کنگن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کرکے اُس کے قبضے سے چرس برآمد کیاہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کنگن پولیس نے ایس ایچ او کنگن ایس آئی سجاد احمد کھانڈے کی قیادت میںژنر کنگن میں ایک ناکہ کے دوران نواب خان ساکن وانگت کو گرفتار کرکے اُس کے قبضے سے150گرام چرس کو برآمدکرلیااور ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 39/2019درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ادھرسوپور پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر اْن کے قبضے سے نشیلی اشیاء برآمد کیں۔ وارپورہ کراسنگ کے نزدیک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران عبدالحمید میر اور بلال احمد چوپان ساکنان جانوار سوپور کو روک کر اْن کی جامہ تلاشی لی جس دوران اْن کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد ہوئیں۔ پولیس نے دونوں کو حراست میں لے کر اْن کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر190/2019کے تحت پولیس اسٹیشن سوپور میں کیس درج کرلیا۔
 
 
 
 

 بیگم عبداللہ کو پارٹی لیڈران کا خراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے بیگم عبداللہ کو اُن کے 19یں یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ 68سال کے طویل عرصے تک کشمیری کی سیاسی اور سماجی زندگی پر چھائی رہی۔پارٹی کے سینئر لیڈران علی محمد ساگر، ناصر اسلم وانی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، محمد شفیع اوڑی، دویندر سنگھ رانا،شریف الدین شارق، مبارک گل، غلام نبی رتن پوری ، چودھری محمد رمضان، محمد اکبر لون، آغا سید روح اللہ، جاوید احمد ڈار، قمر علی آخون ، کفیل الرحمن، جسٹس (ر)حسنین مسعودی، قیصر جمشید لون، عرفان احمد شاہ، سکینہ ایتو، شمیمہ فردوس، میر سیف اللہ ، پیر آفاق احمد، علی محمد ڈار، سجاد احمد کچلو ، شیخ محمد رفیع، اعجاز جان اور دیگر قائدین نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیگم عبداللہ کو پسماندہ طبقہ جات کی فلاح وبہبود کی فکر ہر وقت دامن گیر رہتی تھی۔
 
 
 

محکمہ فلڈ کنٹرول کی گگن گیر میں انہدامی کارروائی

کنگن/غلام نبی رینہ/گگن گیر سونہ مرگ میں کاہچرائی پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ روکنے کیلئے محکمہ فلڈ کنٹرول نے بدھ کو ایک کارروائی کے دوران ایک عمارت کو منہدم کیا۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کے بدھ کے ہی شمارے میں ایک خبر شائع ہوئی تھی جس کا محکمہ نے سنجیدہ نوٹس لیا۔
 
 
 

دفعہ370کی تنسیخ ناممکن:پیپلز مومنٹ 

سرینگر //جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ کے نائب صدر سید اقبال طاہر نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دفعہ 370مرکز اور ریاستی سرکار کے درمیان ایک رابطہ ہے جسے نہ ہی منسوخ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی کوئی ترمیم کی جا سکتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مرکزی وزیر برائے گہلت کے بیان کے رد عمل میں طاہر اقبال نے کہا کہ دفعہ 370اور35Aکو چھیڑا نہیں جا سکتا ہے کیونکہ دفعہ 370کی شق 3اب موجود نہیں ہے اور نہ ہی آئین ساز اسمبلی ابھی کہیں ہے جو اس حوالے سے کوئی فیصلہ کر سکے ۔
 
 

کرناہ حادثہ | عمر عبداللہ اور انجینئر رشید سمیت کئی لیڈران کا اظہار رنج

 سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ سمیت دیگر کئی سیاسی وسماجی تنظیموں نے کرناہ حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کی ہے ۔اپنے ایک ٹویٹ میں عمر عبداللہ نے لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید نے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے گورنر ستپال ملک سے رابطہ کرکے لقمہ اجل بنے افراد کے متاثرین کیلئے معاوضہ کی مانگ کی۔ سابق اسمبلی ممبران کرناہ کفیل الرحمان ، ایڈوکیٹ راجہ منظور اور ایم ایل سی جاوید احمد مرچال کے علاوہ کانگریس لیڈر علی اصغر خان نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔ سیول سوسائٹی کرناہ نے سوگواران سے تعزیت کی ہے اور لواحقین کے حق میں معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
 
 

 ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ سینٹر میں اپنے نام درج کریں

پلوامہ کے بیروزگار پوسٹ گریجویٹ نوجوانوں کیلئے اطلاع
پلوامہ// ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ پلوامہ نے ضلع کے بیروزگار پوسٹ گریجویٹ مرد وخواتین کو ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر پلوامہ نزدیک بی ڈی او آفس دروسومیں اپنے ناموں کا اندراج کرانے کی صلاح دی ہے۔رجسٹریشن کے اس عمل سے ڈیٹا بیس تیار کرنے کی مدد ملے گی۔جِسے اعلیٰ حکام کو بھیج دیا جائے گا۔اس سلسلے میں مزید جانکاری کے لئے سینئر اسسٹنٹ فیاض احمد کے اس موبائیل نمبر پررابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔7780835404
 
 

کنزر ٹنگمرگ میں سمینار کا انعقاد

ٹنگمرگ//کنزر ٹنگمرگ میں بدھ کو بانگل سول سوسائٹی کی جانب سے ایک روزہ منشیات مخالف سمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سمینار میں سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ شخصیات کے علاوہ مختلف سکولوں کے طالب علموں نے بھی مقالے پڑھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے منشیات کی لعنت کو جڑ سے دور کرنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ بلاک میڈیکل افسر کنزر ڈاکٹر رقیہ ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار گوکہامی اور کالم نویس احمد کشمیری نے بھی موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
 
 
 

سیاسی ،سماجی اور انتظامی شخصیات گورنر سے ملاقی

؎سر ی نگر//ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ کئی سیاسی،انتظامی و سماجی شخصیات نے ملاقات کی اور مختلف اشوز پر تبادلہ خیال کیا ۔ان شخصیات میں سیکریٹری سکولی تعلیم سریتا چوہان، شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے ممبر وِجے دھر،پنچایتوں کے محتسب کے بی اگروال،وسندرا پاٹھک مسعودی ( جموں اینڈ کشمیر کمیشن فار پروٹیکشن آف وومن اینڈ چائیلڈ رائیٹس کی چئیر پرسن)، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور قانون ساز کونسل کی سابق ممبر ڈاکٹر شہناز گنائی شامل ہیں۔سیکرٹری سکولی تعلیم سریتا چوہان نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ سریتاچوہان نے ریاست میں تعلیم کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ عملے کی مناسب تعیناتی اور سکولوں کے سالانہ تدریسی کیلنڈر پر عمل درآمد پر خاص توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ گورنر نے طالب علموں کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے سکولوں میں مِڈ ڈے میل سکیم کی عمل آوری پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے غذائی اجناس کے معیار کی خاص نگرانی کرنے پر زور دیا ۔ اس دوران  ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے ممبر وِجے دھر نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ وِجے دھر نے ماتا ویشنو دیوی کے درشن کیلئے آنے والے یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے کے تعلق سے گورنر کو اپنی رائے سے آگاہ کیا ۔ گورنر اور وِجے دھر نے ریاست کے نوجوانوں کے ہُنر کو اُبھارنے کیلئے اُٹھائے جا رہے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ ریاست کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے انہیں ہر ممکن موقعے فراہم کرنے پر زور دیا تا کہ وہ اپنے ہُنر کا مظاہرہ کر سکیں ادھر پنچایتوں کے محتسب کے بی اگروال نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ کے بی اگروال نے گورنر کو پنچایتوں کی کارکردگی سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے اس سلسلے میں محتسب کے ذریعے نمٹائے جانے والے معاملات کے بارے میں بھی بتایا ۔ گورنر اور کے بی اگروال نے زمینی سطح کے ان جمہوری اداروں کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا تا کہ دیہات کی جامع ترقی یقینی بنائی جا سکے ۔ گورنر نے پنچایتوں کو جواب دہ بنانے اور کارکردگی کو شفاف طریقے پر انجام دینے میں محتسب کے رول کو اُجاگر کیا ۔ اس دوران وسندرا پاٹھک مسعودی جن کو جموں اینڈ کشمیر کمیشن فار پروٹیکشن آف وومن اینڈ چائیلڈ رائیٹس کے چئیر پرسن کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے ، نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ وسندرا پاٹھک مسعودی نے خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے معاملات کے فوری نمٹارے کیلئے گورنر کو اپنی رائے سے آگاہ کیا ۔ گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر وسندرا پاٹھک مسعودی مستحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گی ۔ گورنر نے وسندرا پاٹھک کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔بصیر احمد خان نے کشمیر صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں اور امن و قانون کی صورتحال کے علاوہ شری امرناتھ جی یاترا کے احسن اِنعقاد کے لئے صوبائی اِنتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے بصیر احمد خان کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے تمام پہلوئوں کی نگرانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ یاترا کے دوران شردھالوئوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاتی ہے۔اُنہوں نے بصیر احمد خان کو مزید ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کے اِنتظام کے دوران عام لوگوں کو دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گورنر نے ریاست سے سفر محمود پر روانہ ہونے والے عازمین حج کو بھی تمام سہولیات فراہم کرنے کی صوبائی کمشنر کو ہدایت دی۔دریں اثناء قانون ساز کونسل کی سابق ممبر ڈاکٹر شہناز گنائی نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈاکٹر گنائی نے گورنر کو پونچھ کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور اُمیدوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے لوگوں کی بہبود کیلئے کام کرنے پر ڈاکٹر گنائی کی کوششوں کی سراہنا کی ۔
 
 

کے سی سی آئی وفد صوبائی کمشنر سے ملاقی

سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا ایک وفد صوبائی کمشنر بصیرا حمدخان سے ملاقی ہوا اور انہیں وادی میں صنعت وحرفت کی ترقی کے لئے درکار لازمی اقدامات کے بارے میں جانکار ی دی۔صوبائی کمشنرنے وفدکو غور سے سُنا اور یقین دہانی کرائی کہ اُن کے معاملات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کئے جائیںگے۔صوبائی کمشنر نے یہ بات دہرائی کہ سرکار وادی میں صنعتوں کے فروغ کی وعدہ بند ہے جو کہ ریاست کی اقتصادیات کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
 
 
 

ریچھ کے حملے میں 2افراد زخمی، ملہ بانگل ٹنگمرگ میں واقعہ

مشتاق الحسن ٹنگمرگ // ٹنگمرگ کے ملہ بانگل وارہ پورہ میں منگل کی شام 50 سالہ شہری حاجی غلام محی الدین بٹ ولد محمد صابر بٹ پر ریچھ نے زخمی کردیا  بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ شہری میوہ باغات میں کسی کام سے گیا تھا کہ شام کو گھر لوٹتے وقت اس پرریچھ نے اچانک حملہ کرکے زخمی کردیا ۔اگرچہ مذکورہ شہری کی چیخ پکار پر لوگ گھروں سے لاٹھیاں لاکر ریچھ کاپیچھا کیا تاہم وہ میوہ باغات سے فرار ہوگیا ۔ مقامی شہری شکیل احمد ڈار نے بتایا کہ حاجی بل ، وارہ پورہ ،ملہ بانگل، اور دیگر علاقہ جات میں ریچھوں کے جھنڈ دندناتے گھومتے پھرتے ہیں جن کو جنگل کی طرف واپس دھکیلنے کے لیے محکمہ ویلڈ لائف کوئی کاروائی نہیں کررہا جس کی وجہ سے مقامی لوگ کھیتوں میں جانے اور گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں ۔ادھر منگل کی شام کو ہی ٹنگمرگ کی گوجر بستی دارہ کشی میں تندوے نے منتظر احمد لون ولد منظور احمد لون نامی چار سالہ بچے کو اسوقت زخمی کردیا جب چار سالہ بچہ حاجت بشری کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا ۔دنوں زخمیوں کو ٹنگمرگ سب ڈسٹرکٹ اسپتال سے برزلہ اور جے وی سی ریفر کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ویلڈ لائف کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے مانگ کی کہ لوگوں کو جنگلی جانوروں سے نجات دلائی جائے
 
 
 
 
 

کھڈونی کولگام کا شہری چندی گڑھ میں لاپتہ

کولگام//خالد جاوید// کھڈونی کولگام کا شہری پچھلے نو روز سے چندی گڑھ کے مقام سے لاپتہ ہے جبکہ لواحقین کو اُسکی سلامتی کے بارے میں سخت تشویش لاحق ہے تفصیلات کے مطابق محمد ابراہم ڈار ولد محمد رمضان ساکن کھڈونی چوک یکم جولائی 2019 کو اپنے داماد شوکت احمد کو ساتھ لیکر چندی گڑھ ڈاکٹر کے پاس چک اپ کرانے کیلئے گیا۔ شوکت احمد کا کہنا ہے کہ 2 جولائی کی صبح تقریباََ 10 بجے محمد ابراہیم کو چک اپ کیا گیا اسکے بعد من نے دوائی لی میں نے محمد ابراہیم کو وہی پر انتظار کرنے کیلئے کہا اور خود دوائی کی ترتیب کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کیلئے کونٹر کی جانب بڑھا ابھی میں کونٹر پر پہنچا ہی نہیں تھا کہ میں نے پیچے مڑکردیکھا تو صرف تین منٹ کے وقفے کے بعد محمد ابراہیم کو وہاں سے گم پایا۔ میں فوراََ واپس آیا اور اُسے ڈھونڈنے لگا مگر تقریباََ ایک گھنٹے کی انتھک کوشش کرتا رہا مگر کچھ نہ ملا۔
 
 
 
 

وکلا کو درپیش مسائل پر بار ایسوسی ایشن کا اجلاس

دفعہ35 اےکے دفاع میں کتابچہ جاری کیا، اقوام متحدہ رپورٹ کا خیر مقدم

سرینگر//جموں کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے حقوق انسانی کی کشمیرسے متعلق دوسری رپورٹ جاری کرنے کیلئے شکریہ اداکرتے ہوئے دختران سربراہ آسیہ اندرابی کی ساس کا مکان منسلک کرنے پر تشویش کااظہار کیا۔ایک بیان کے مطابق بار ایسوسی ایشن کی ایک میٹنگ میں ہائی کورٹ میں وکلاء کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا ۔میٹنگ کے دوران ممبران نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق دوسری رپورٹ پیش کرنے کیلئے شکریہ اداکیاگیااورحقوق انسانی کونسل کی سبھی47ممبر ممالک پرزوردیاگیا کہ وہ کشمیر میں مبینہ حقوق انسانی پامالیوں کی تحقیقات کرنے کیلئے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کیاجائے ۔ممبران نے بھارت اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس اقدام کریں تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو مقامی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت دئے گئے حقوق کی ضمانتوں کااحترام کیاجائے ۔بار ممبران نے مرحومہ محمودہ بیگم زوجہ غلام حسن شاہ جو آسیہ اندرابی کی ساس تھی،کا مکان منسلک کرنے پر تشویش کااظہار کیااور اسے حقوق انسانی کی بدترین پامالی سے تعبیرکیا۔  بار نے ایازاکبر کی اہلیہ جو کینسر کی مریضہ ہیں ،کی صحت میں گراوٹ پر بھی فکر مندی کااظہار کیا۔اس موقعہ پرعدالت عظمیٰ میں دفعہ35Aکیخلاف عرضیوں کے ردعمل میں جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جوابات پر مبنی ایک کتابچہ بھی جاری کیاگیا ۔
 
 
 

محبوس مزاحمتی لیڈران کے تئیں نئی دلی کا رویہ غیر انسانی:گیلانی

سرینگر// حریت (گ) سید علی گیلانی نے حریت رہنما ایاز اکبر کی اہلیہ کی بگڑتی صحت، سینئر مزاحمتی قائد محمد یٰسین ملک کو 7؍اگست تک پھر سے این آئی اے کی تحویل میں دینے، مزاحمتی خاتون رہنما آسیہ اندرابی کے گھر کو سیل کرنے اور اپنے نواسے انیس الاسلام کو این آئی اے کی جانب سے دوبارہ دہلی طلب کرنے پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حکمران تمام انسانی، اخلاقی اور قانونی اقدار کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر یہاں کے آزادی پسند لوگوں کو انتقام گیری کا نشانہ بنارہے ہیں۔ بھارت یہاں کے آزادی پسند لوگوں سے اتنا زیادہ خوفزدہ ہوگیا ہے کہ وہ سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے کے بجائے انہیں اپنی فوج اور ایجنسیوں کے ذریعے پشت بہ دیوار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنما ایاز اکبر کی اہلیہ موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہے اور پچھلے 2سال سے تہاڑ جیل میں نظربند اپنے شوہر کا انتظار کررہی ہے، مگر حکمران نشۂ قوت میں مغرورہوکر اس کو اپنے شوہر سے ملنے کا موقع فراہم نہیں کررہے ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ ایاز اکبر کی اہلیہ کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہے۔ ایسی حالت میں اُن کے شریک حیات اُن کی تسلی اور حوصلہ کیلئے اُن کے پاس ہونا چاہیے تھا، لیکن آزادی کا مطالبہ اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے والے ان حریت پسندوں کو جان بوجھ کر اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور رکھ کر ایک مسلسل دردوکرب میں مبتلا کرکے غاصب قوتیں اپنے اجتماعی ضمیر کی تسکین کرتے ہیں۔گیلانی نے محمد یٰسین ملک کو 7؍اگست تک پھر سے این آئی کی تحویل میں دے کر تہاڑ جیل میں ان کی مدّت اسیری کو طول دینے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لوگ اپنے جائز اور پیدائشی حقوق کے حصول کے لیے جمہوری طریقوں سے جدوجہد کرتے ہیں، البتہ جموں کشمیر دنیا میں ایسا واحد خطہ ہے جہاں اپنے غصب شدہ حقوق کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف مختلف جسمانی امراض میں مبتلا ہے اور ان کی اسیری سے ان کی تکالیف میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ حریت چیرمین نے تہاڑ جیل میں نظربند حریت پسند خاتون راہنما آسیہ اندرابی کے گھر کو NIAکی جانب سے سیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حکمران اصولی طور اس حد تک پستی کی طرف جارہے ہیں کہ خاتون راہنما کے گھر کو سیل کرکے اس کے اہل خانہ کو بے گھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی اس وقت تہاڑ جیل میں محبوس ہیں، جبکہ ان کے شوہر پچھلے 27سال سے لاقانونیت کی زندہ مثال بن کر غیر قانونی اسیری کی سزا بھگت رہے ہیں، لیکن حکمران ان کے عزم وہمت سے اس قدر خوفزدہ ہوگئے کہ اب ان کے مکان کو بھی سیل کرکے اپنی ’’بہادری‘‘ کا نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ گیلانی  نے اپنے نواسے انیس الاسلام کو دووبارہ NIAکی طرف سے دہلی طلب کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرا عزم توڑنے کے لیے بھارت کے حکمرانوں میرے اہل خانہ کو نشانہ بنارہے ہیں، مجھے ذہنی عذاب میں مبتلا کرنے کے لیے میرے فرزندوں، دامادوں اور یہاں تک کہ معصوم نواسوں کو بھی ظلم وبربریت کا نشانہ بنارہے ہیں۔ حریت راہنما نے بھارت کے حکمرانوں کو تاریخ کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کسی قوم کو ماضی میں غلام بنایا جاسکا ہے اور نہ مستقبل میں کبھی ایسا ممکن ہے۔ ظلم وجبر، بربریت اور سفاکیت سے کسی مرحلے پر قبرستان کی خاموشی تو قائم کی جاسکتی ہیں، لیکن کسی قوم کو سرینڈر کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ان کے دلوں سے جذبۂ آزادی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
 
 
 

ایاز اکبر کوانسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے: پی ڈی پی

سری نگر //پی ڈی پی نے حریت (گ) ترجمان ایاز اکبر کی رہائی کیلئے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کی اہلیہ ایک موذی مرض میں مبتلا ہے لہٰذا اُن کے خاوند کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جانا چاہیے۔بیان کے مطابق پی ڈی پی نے حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر جو گزشتہ برس سے تہار جیل میں مقید ہے، کی فوری رہائی کیلئے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی ہے۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ ایاز اکبر کی اہلیہ خطرناک مرض میں مبتلا ہے تاہم موصوف تہار جیل میں گزشتہ برس سے مقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز اکبر اپنی بیمار اہلیہ کی خبرگیری کرنے سے قاصر ہے لہٰذا ریاستی سرکاراپنے اثر ورسوخ کو بروئے کار لاکر حریت لیڈر کو انسانی بنیادوں پر رہا کرے۔پی ڈی پی نے کہا ہے کہ حریت لیڈر کی اہلیہ زندگی کی جنگ لڑرہی ہے جس دوران انہیں اپنے خاوند کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا موصوف کے کنبے نے پہلے بھی گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی تھی اور فی الوقت پورا کنبہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ موصوف کو انسانی بنیادوں پر رہا کرکے موصوف کے کنبے جو کہ اضطرابی کیفیت سے دوچار ہے، کو کسی حد تک راحت پہنچائے۔پی ڈی پی ترجمان کے بقول قانون میں اس قسم کی گنجائش موجود ہے جہاں اس طرح کی صورتحال سے سابقہ پیش آجائے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرحکومت ایاز اکبر کو انسانی بنیادوں پر رہا کرتی ہے تو اس سے ساز گار ماحول کو یقینی بنانے میں کافی مدد ملے گی جو کہ ریاست کی تعمیر و ترقی اور امن کے مفاد میں ہوگا۔