مزید خبریں

تعمیراتی کاموں میں مبینہ دھاندلیاں

۔.جے کے پی سی سی  حکام کی رہائش گاہوں پر چھاپے

سرینگر// پولیس کی کرائم برانچ نے نیم سرکاری ادارے پروجیکٹ کنسٹریکشن کارپوریشن کی طرف سے تعمیراتی کاموں میں مبینہ دھاندلیوں کے کیس میں ٹنل کے آر پار8مقامات پر چھاپہ ماری کی،جس کے دوران کرائم برانچ نے غیر قانونی دستاویزات کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ جے کے پی سی سی کی 10ویں یونٹ کی طرف سے کی گئی کاموں کے نتیجے میں خزانہ عامرہ کو نقصان پہنچا۔اس معاملے میں کرائم برانچ پولیس تھانے میں پہلے ہی ایک کیس زیر نمبر 02/2020 U/S 468, 471, 120 B IPC, 5(2) انسداد کورپشن ایکٹ کے تحت درج ہے۔ کرائم برانچ ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ ماری جموں کشمیر پروجیکٹ کنسٹریکشن کارپوریشن کے سابق  منیجنگ ڈائریکٹر دلیپ ٹھسو کے بھگوتی نگر جموں کی رہائش گاہ کے علاوہ سابق منیجنگ ڈائریکٹر وقار مصطفیٰ شانٹو کی قمرواری،سابق ڈپٹی جنرل منیجر یونٹ10محمد عباس لون کی جیلان آباد پیر باغ، سابق ڈپٹی جنرل منیجر شبیر احمد نجار کی کنہ مزار سرینگر،سابق ڈپٹی جنرل منیجر محمد صدیق ملہ کی ہارن گاندربل، جونیئر انجینئر غلام محمد بٹ کی ٹینگہ پورہ بائی پاس سرینگر کی رہائش گاہوں پر ہوئی۔ کرائم برانچ کے مطابق تلاشیوں کے دوران اہم دستاویزات کو برآمد کیا گیا۔
 
 
 
 

نجی اسکولوں کی انجمن گلمرگ میں کھیل مقابلوں کے انعقاد پر برہم

تعلیمی اداروں کو ’کرئوناوائرس‘ سے بچائو کی تمام تدابیر کرنے کی ہدایت

سرینگر// نجی اسکولوں کی انجمن نے گلمرگ میں قومی سرمائی کھیلوں کے انعقاد پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ،تمام نجی تعلیمی اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ دنیابھر میں کوروناوائرس کی وبا کے مدنظرسبھی احتیاطی اورتحفظاتی اقدام کریں ۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ تعلیمی اداروں پرزوردیا گیا ہے کہ وہ جموں کشمیرمیں ایسی بیماروں کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام تدابیر کو یقینی بنائیں ۔ایک بیان میں نجی اسکولوں کی انجمن کے صدر جی این وار نے کہا کہ یہ خطہ اس مہلک بیماری سے محفوظ ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم کوئی لاپرواہی برتیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اسکولوں سے تمام ممکنہ اقدام کرنے کوکہا ہے اور ساتھ ہی اسکولوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کروناوائرس کی دہشت کو طلبہ کو صحت وصفائی کی طرف دھیان دینے کیلئے استعمال کرے۔وار نے کہا کہ ہم نے اسکولوں کو کم سے کم مختصر وقت کیلئے صبح کی اسمبلی منعقد کرنے یا اِسے فی الحال سرے سے ہی منسوخ کرنے کی صلاح دی ہے ۔وار نے کہا دوسری بات تمام غیرضروری امتحانات کو ملتوی کرنے کی ضرورت ہے اور تیسری بات ہر ایک اسکول کو مقامی اسپتال یا ڈاکٹر کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہیے اور ضرورت کے وقت اُن سے رابطہ قائم کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اساتذہ تمام طلبہ پر کڑی نگاہ رکھیں گے کہ کہیں کسی کو زکام جیسی علامات تونہیں ہیں ۔اس کے علاوہ تمام اساتذہ کو اس بیماری سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے اور کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے انہیں یہ بتایا گیا ہے اورطلبہ کوبھی اس پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی اساتذہ کو ہدایت دی گئی ہے ۔اسکولوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ کلاسزاوراسکول گاڑیوں اور وینوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ دھیان دیں ۔اس دوران انجمن نے اس موقعہ پر گلمرگ میں قومی سرمائی کھیل منعقد کرنے کی سخت تنقید کی ہے ۔انجمن نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں بحران پایاجاتا ہے ۔عالمی سطح پر بڑی بڑی ٹورنامنٹ اور کھیل مقابلے ملتوی کئے گئے ہیں لیکن کشمیر میں اس کے برعکس ہورہا ہے ۔انجمن نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کیوں حکومت گلمرگ میں اس وقت ان کھیلوں کا انعقاد کرنا چاہتی ہے جن میں 800کھلاڑی اور ملک اور بیرون ملک سے ہزاروں تماشائی شامل ہوں گے ۔یہ تمام ایک چھوٹی جگہ پر ہوں گے جہاں  ہر جگہ درجہ حرارت کم ہوگا اوراندازہ لگائیں اگر کسی کو اس بیماری کی علامات ہوں گی ،توکیا ہوگا۔وار نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ کرونا وائرس سرددرجہ حرارت میں نشونما پاتا ہے اور اگر کسی کو خدانخواستہ یہ بیماری ہوگی اوروہ کشمیر میں داخل ہوگا تو یہ تباہ کن ہوگا۔  انجمن نے حکومت پرزوردیا کہ وہ ان کھیلوں کو فی الحال ملتوی کرے ۔
 
 
 

مساجد اور خانقاہوں میں مجالس توبہ استغفار کاانعقاد

سرینگر//’کرئوناوائرس‘ سے بچنے کیلئے نمازجمعہ کے موقعہ پر وادی کی تمام مساجد،خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں توبہ استغفارکی مجالس کاانعقادکیاگیااور علماء اور مقررین نے نہایت آہ وزاری اورانکساری کے ساتھ رب العزت سے دعائیں مانگیں کہ وہ عالم انسانیت کوکروناوائرس کی وبائی بیماری سے نجات دیں ۔اس سلسلے میں مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خانقاہِ پانپور اور خانقاہِ سرینگر میں اُن آیات اور دعائوں کی وضاحت کی ،جن کا ایسے حالات میں ورد کرنے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ سید فریدالدین بخاری، علامہ شوکت حسین کینگ، مولانا خورشید احمد قانونگو، سید محمد اشرف کاملی، پروفیسر محمد طیب کاملی، ریاض الحق نورآبادی، محمد حسین قادری اور دیگر علمائے کرام نے بھی خطہ جمعہ پر خصوصی دعائیں مانگیں ۔ 
 
 
 
 

دھونس دبائو سے حقیقت کو جھٹلایانہیں جاسکتا: اکبر لون

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمداکبرلون نے کہا ہے کہ ظلم و ستم اور دھونس و دبائو سے وقتی خاموشی طاری کی جاسکتی ہے لیکن اس پالیسی سے نہ تو جموں وکشمیر کے زمینی حقائق کو جھٹلایا جاسکتا ہے اور نہ ہی عوام کے دل جیتے جاسکتے ہیں۔ ایک بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے جنوبی کشمیر کے پارٹی لیڈران، عہدیداران ، کارکنان اور عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تنگ طلبی، گرفتاریوں، ظلم و ستم اورقیادت کو قید و بند میں رکھنے کے کسی بھی صورت میں اچھے نتائج نہیں برآمدہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہند کو جموں وکشمیر کے عوام کے احساسات اور جذبات کو ملحوظ نظر رکھ کر اپنی غلط کشمیر پالیسی تبدیل کرلینی چاہیے۔ رکن پارلیمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں ریاست کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ جموںوکشمیر کی پہچان، انفرادیت اور وحدت کو بنائے رکھنے کیلئے عملاً بیش بہا مالی اور جانی قربانیاں پیش کیں ہیں اور مستقبل میں بھی اس اصول پر قائم و دائم رہنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ پارٹی اپنے سنہری اصولوں پر قائم رہے گی اور ہر حال میں عوامی اُمنگوں، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرے گی۔انہوں نے کہاکہ  5اگست 2019کو غیر آئینی اور غیر جمہوری طور پرریاست کی خصوصی پوزیشن سلب کی گئی اور اِسے دولخت کردیا گیا اور اس کے بعد یہاں کے عوام پر مصائب اور مشکلات کے پہاڑ ڈھائے گئے۔ جموں وکشمیر کو سیاسی، آئینی ، جمہوری اور اقتصادی طور پر مفلوج کردیا گیا اور مرکزی حکومت نے اپنے فیصلوں کو صحیح جتلانے کیلئے دھونس و دبائو کی انتہا کر ڈالی۔انہوںنے کہاکہ  آج بھی ہماری لیڈرشپ مسلسل7ماہ سے اسیرزندان ہے، جس کی کوئی بھی قانونی جوازیت نہیں۔ محمد اکبر لون نے کہا کہ ہماری جماعت ہمیشہ سے ہی جموں وکشمیر کے دشمنوں کا نشانہ رہی ہے اور ہماری جماعت کیخلاف ہمیشہ سازشوں کے پہاڑ کھڑے کئے گئے۔ نیشنل کانفرنس کے متبادل کیلئے نئی دلی نے بہت کوششیں کیں لیکن ہمیشہ ناکامی ہی ہاتھ لگی۔ 
 
 
 
 

 سیرنگ ڈورجے بھاجپا لداخ یونٹ کے صدر مقرر

یو این آئی

سری نگر// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سابق وزیر سیرنگ ڈورجے کو پارٹی کے لداخ یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے۔ پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے جموں کشمیر کے سابق وزیر سیرنگ ڈورجے کو لداخ یونٹ کا صدر مقرر کیا۔مرکزی حکومت کے سال گزشتہ کے آئینی دفعات 370 و 35 اے کی تنسیخ اور سابق ریاست جموں کشمیر کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد لداخ ایک علاحدہ یونین ٹریٹری کے طور پر ملک کے نقشہ پر ابھر گئی ہے۔ بی جے پی کے لداخ یونٹ کے پہلے صدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سیرنگ ڈورجے کا تعلق لداخ کے بدھ اکثریتی ضلع لیہہ سے ہے۔ انہوں نے مختلف سرکاری وغیر سرکاری اداروں میں کام کرنے کے بعد سال 1982 میں شیڈول ٹرائب موومنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایک یوتھ لیڈر کی حیثیت سے کام کیا۔ڈورجے سال 1983 سے سال 1987 تک یوتھ کانگریس لیہہ کے ضلع صدر رہے اور وہ سال 1988 سے سال 1995 تک لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔سیرنگ ڈورجے کو سال 2002 میں لداخ یونین ٹریٹری فرنٹ کا صدر منتخب کیا گیا وہ اس عہدے پر سال 2005 میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (لیہہ) کا چیف ایگزیکٹو کونسلر بننے تک براجمان رہے۔ڈورجے سال 2013 سے سال 2015 تک بی جے پی کے ضلع لیہہ کے صدر بھی رہے ہیں اور سال 2015 میں انہیں جموں کشمیر قانون ساز کونسل کا ممبر منتخب کیا گیا۔سیرنگ ڈورجے کو پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کے دوران لداخ امور کا وزیر مملکت ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے بعد ازاں انہیں کابینی وزیر بھی بنایا گیا۔
 
 
 

کولگام میںڈرائیور کے قتل کا معمہ حل،ملزم گرفتار

سرینگر//کولگام پولیس نے قتل کے ایک کیس کو 24 گھنٹوں کے اندرا ندر حل کرکے ملزم کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ اس دوران پولیس نے واقع کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔ کے این ایس کے مطابق  تھانہ پولیس کیمو ہ کولگام کو مورخہ 4.03.2020 کو اطلاع موصول ہوئی ،کہ کھڈونی میں ایچ پی تیل ٹینکر زیر نمبرJK02AV-1625 جوکہ سڑک پر کھڑی ہوئی تھی ،میں ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے ۔ متوفی شخص کی شناخت پرتاب سنگھ ولد اومکار سنگھ ساکن ججرکوٹلی جموں کے بطور ہوئی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر 08/2020 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے اس سلسلے میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم  ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی قیادت اور ایس پی کولگام کی زیر نگرانی تشکیل دی ۔تفتیشی ٹیم نے اس قتل کے سلسلے میں تمام شواہد کو جمع کرکے اور جدید سائنسی طریقے کار کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس ٹیم کو جموں کیلئے روانہ کیا ، جہاں انہوںنے ایک مشتبہ شخص جس کی شناخت سکھ دیو سنگھ ولد اوکیر سنگھ ساکن سائیر رکھوالن ڈومہ جموں کے بطو ر ہوئی ہے ،کو آنند نگر جموں سے گرفتارکیا جو اس کیس میں ملوث تھا ۔تفتیش کے دوران مذکورہ ملزم نے اس قتل کیس میں ملوث ہونے کا اعترا ف کیا ۔سکھدیوسنگھ نے اپنے اقبال جرم کے دوران بتا یا کہ 2مارچ کو ملزم اور مقتول نے فیصلہ کیا کہ مذکورہ تیل ٹینکر میں تیل خاکی کو ایک نجی شخص کو 7.70 لاکھ روپیوں میں فروخت کیا جائے اور مذکورہ رقم ملزم کے کھاتے میں مورخہ تین مارچ کے روز جمع کی گئی۔ ملزم اور مقتول کھڈونی بائی پاس پُل کے نزدیک پہنچے اور گاڑی کو وہاں کھڑا کیا ۔ 3 اور4 مارچ کی درمیانی رات کو مذکورہ ملزم نے پیسے ہڑپنے کیلئے اپنے ساتھی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ وہ تمام پیسے جوکہ اُس کے کھاتے میں منتقل ہوئے تھے ،کو ہضم کرسکے۔ اس کیلئے  اُس نے مقتول پر تشدد کیا اور اس کے سر پرپتھر سے وار کرکے آخر کار چاقو سے ہلاک کیا۔ قتل کی واردات کو سر انجام دینے کے بعد ملزم کھنہ بل سومو اسٹینڈ پہنچااوروہاں سے پرائیویٹ گاڑی میں جموں روانہ ہوا، جہاں و ہ ایک کرایہ کے کمرے میں رہائش پزیر تھا جہاں سے اُس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

کولگام میں سیول سروسز اُمیدواروں کیلئے مفت کوچنگ

ترقیاتی کمشنر نے سہ ماہی پروگرام کا افتتاح

کولگام//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ کونسلنگ سینٹر کمپلیکس میں جمعہ ضلع انتظامیہ اورڈسٹرکٹ پولیس کولگام کے اشتراک سے سیول سروسز امیدواروں کے لئے سہ ماہی مفت کوچنگ پروگرام کا آغاز ہوا۔ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر سول اورپولیس انتظامیہ کے آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروگرام کے اِنعقاد کا مقصد خواہشمند اُمیدواروں کو سول سروسز امتحانات میںشامل ہونے کیلئے اُن کی رہبری کرنا ہے۔انہوںنے امیدواروں پرلگن اور تندہی سے کام کرنے اورپروگرام سے بھرپوراستفادہ کرنے پرزوردیا۔اس دوران اے ایس پی کولگام نے کہا کہ اس طرح کے جانکاری پروگراموں کے انعقاد سے بڑی تعداد میںسول سروسز امیدواروں کو فائدہ ہوگا۔
 
 
 
 
 

 پٹن کا انجینئر نگ طالب علم24 فرور ی سے لا پتہ 

 رشتہ داروں میں تشویش، پولیس تلاش میں جٹ گئی

فیاض بخاری

بارہمولہ//شمالی کشمیر کے پٹن کا ایک انجینئر نگ طالب26 فرور ی سے لاپتہ ہے جس کے نتیجے میں مذکورہ طالب علم کے گھروالے تشویش میں مبتلاء ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ عابد احد لون ولد عبد الاحد نامی طالب علم گھرسے جموں کی طرف نکلنے کے بعد سے لا پتہ ہے ۔ وسن پٹن سے تعلق رکھنے والا23سالہ عابداحد گو رنمنٹ انجینئر نگ کالیج جموں میں زیر تعلیم ہے اور وہ 26 فروی کے روز گھر سے نکلنے کے بعد ابھی تک کالیج نہیں پہنچا ہے اور نہ ہی اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔ عابد کے قریبی رشتہ داروں کے مطابق اس کا موبائیل فون بھی بند ہے اور وہ اپنے کسی دوست کے ساتھ بھی رابطے میں نہیں ہے۔عابد کے گھر والوں نے اس کے لاپتہ ہونے کے سلسلے میںپولیس کے پاس بھی رپورٹ درج کرائی ہے۔
 
 
 

سابق ایم ایل اے ترال کی دختر کا انتقال

نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے مرحوم لیڈر و سابق ایم ایل اے محمد سبحان بٹ کی دختر اہلیہ منظور احمد ساکن ترال کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحومہ کے برادران ڈاکٹر غلام نبی بٹ (سابق ایم ایل اے ترال) اور محمد اشرف بٹ (انچارج کانسچونسی ترال) کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی، ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر اور ضلع صدر یوتھ جاوید رحیم بٹ نے مرحومہ کے سوگوران کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
 
 
 

جموں وکشمیر اِنتظامیہ کا عوامی رابطہ پروگرام 

لوگوں کی بڑی تعدا دجموں میں اِنتظامی سیکریٹریوں سے ملاقی

جموں//اِنتظامیہ کی طرف سے منعقدہ عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر جمعہ کو یہاں سیول سیکریٹری میں عوام الناس اور پنچایت کے نمائندوں نے اِنتظامی سیکرٹریوں سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں تعلق رکھنے والے وفود نے انتظامی سیکرٹریوں سے ملاقات کی اور پشو و بھیڑ پالن ، ٹرانسپورٹ ، سکولی تعلیم ، سماجی بہبود ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد ، باز آباد کاری ، تعمیر نو ، امداد باہمی ، امور قبائل ، منصوبہ بندی و نگرانی ، اطلاعات او رجی اے ڈی سے تعلق رکھنے والے متعدد معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا، منصوبہ بندی ، ترقی اور مونیٹرنگ ، خاطر تواضع ، ایسٹیٹس ،سول ایویشن اور اطلاعات کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، جی اے ڈی کے سیکرٹری فاروق احمد لون نے عوامی رابطہ پروگرام کے دوران لوگوں کے مسائل و مطالبات بغور سنے ۔اسی طرح پشو و بھیڑ پالن اور ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، سکولی تعلیم و سماجی بہبود محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار ، سیکرٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ امداد ، با ز آباد کاری او رتعمیر نو سمرن دیپ سنگھ اور امداد باہمی اور امور قبائل کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ نے بھی کئی افراد ، وفود ، سابق ارکان قانون سازیہ اور بی ڈی سی چیئرپرسنوں کے ساتھ ملاقات کے دوران اُن کے مسائل سے جانکاری حاصل کی۔سرنکوٹ پونچھ او ردرہال راجوری کے دو علاحدہ وفود سیکرٹری امور قبائل سے ملاقی ہوئے اور علاقے میں ڈرینوں کو ترقی دینے اور قبرستان کے لئے اراضی فراہم کرانے کی درخواست کی ۔ٹرانسپورٹروں کا ایک وفد پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے ملاقی ہوا او راپنے مسائل سے آگاہ کیا۔انتظامی سیکرٹریوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ اُنہوں نے موقعہ پر متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ عوامی رابطہ پروگرام کے دوران اُجاگر کئے گئے معاملات حل کرائیں۔
 
 
 

 ایس ڈی ایم گریز سبکدوش

ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے الوداعیہ دیا

بانڈی پورہ//ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے جمعہ کو ایس ڈی ایم گریز ،غلام احمد ملک کو سبکدوش ہونے پر الوداعیہ دیا۔وہ محکمے میں31سال تک خدمات پیش کرنے کے بعد29فروری کو سبکدوش ہوئے۔سینئر سپر انٹنڈنٹ پولیس ،اے سی آر،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اورمختلف محکموں کے آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی الوداعیہ تقریب کے موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر آفیسران نے سبکدوش ہونے والے ایس ڈی ایم کی محکمے کے تئیں خدمات کو قابل تقلید قراردیا۔
 
 
 

ایک ہفتہ طویل این ایف ڈی پی پروگرام اختتام پذیر 

سری نگر//ایک ہفتہ طویل نیشنل فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام ( این ایف ڈی پی ) جمعہ کو اِختتام پذیر ہوا ۔اختتامی تقریب کالج کے تاثیر ہال میں منعقد ہوئی ۔پروگرام کا اہتمام کالج نے ای اینڈ آئی سی ٹی ، انڈین انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی رورکی کے اشتراک سے کیا تھا۔اس کے علاوہ مرکزی وزارت برائے الیکٹرانک اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا تعاون بھی حاصل تھا۔پروگرام میں 42تحقیقی سکالروں ، فیکلٹی ممبران اور مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے حصہ لیا۔کالج کے پرنسپل پروفیسر بشیر احمد راتھرنے اس موقعہ پر اپنے خطاب میں عالمی سطح پر آرٹیفشل انٹلی جنس کی اہمیت اُجاگر کی ۔تکنیکی ماہر دیوارتھی ٹیکنالوجی بانڈے نواز بھگوان کو سوینئر اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔ہفتہ طویل پروگرام کی نظامت شعبہ کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر سّید اشفاق منظور اور ڈاکٹر سیّد مطہر عاقب نے انجام دی۔ڈائریکٹر اے آئی سی ٹی ای ڈاکٹر آنند شرما ، کنسلٹنٹ اے آئی سی ٹی ای پروفیسر اجیت انگرال ، کالج ٹیچر ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر طارق عشائی اور اعلیٰ فیکلٹی ممبران اس موقعہ پرموجود تھے۔
 

سی آر پی ایف کی جانب سے عطیہ خون کا کیمپ 

 ہندوارہ میں ریڈ کراس کا ٹریننگ پروگرام منعقد

سرینگر//ہندوارہ میں سی آر پی ایف کی جانب سے عطیہ خون کا ایک کیمپ منعقد ہوا جس میں متعدد اہلکاروں نے اپنا خون عطیہ کیا ہے ۔ادھر ہند وارہ میں ہی ریڈ کراس کی جانب سے تین روزہ تربیتی پرگرام منعقد ہوا۔ سی آر پی ایف کے92بٹالین وڈرہ سوپور اور ڈسٹرکٹ اسپتال ہندوارہ کے اشتراک سے وڈورہ میں خون کے عطیہ کاکیمپ  منعقد کیا گیا ،جس دوران سی آر پی ایف کے 50سے زائد اہلکاروں نے اپنا خون عطیہ کیا۔اس موقعے پر کمانڈنٹ 92بٹالین سی آر پی ایف، اُومکار ناتھ سنگھ بھی موجود رہے اور خون کا عطیہ پیش کرنے والے سی آر پی ایف اہلکاروں میں پھل اور جوس تقسیم کیا۔انہوں نے ضرورت مند مریضوں کے لئے خون کے عطیہ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا’’ آگے بھی اس طرح کے بلڈ ڈونیشن کیمپوں کا انعقاد باقاعدگی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا‘‘۔ادھر ریڈ کراس سوسائٹی جموں اینڈ کشمیر برانچ کپوارہ کی طرف سے ٹی آر سی کرگامہ ہندوارہ میں تین روزہ فسٹ ایڈ ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا،جس دوران  25رضاکاروں کو تربیت دی گئی ۔ اس ٹریننگ پروگرام کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نذیر احمد نے کیا 
 

دربگام پائین میںطبی مرکز کی منتقلی 

 محکمہ صحت کے خلاف پلوامہ میں دوسرے روز بھی احتجاج  

سرینگر// محکمہ صحت کو علاقے میں رضاکارانہ طور طبی مرکز کیلئے وقف کی گئی عمارت کے بجائے مبینہ طورمنظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے بستی سے پانچ کلو میٹر کی مسافت پر طبی مرکز قائم کرنے کیخلاف پلوامہ میں دربگام پائین علاقے کے رہنے والے لوگوں نے محکمہ صحت کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر اس فیصلے پر فوری طور روک نہیں لگائی گئی تو مقامی آبادی کوئی بھی قدم اٹھانے کیلئے مجبور ہوجائے گی ۔جنوبی ضلع پلوامہ کے دربگام پا ئین سے تعلق رکھنے و الے لوگوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں قائم طبی سینٹر کو قریباً 30 سال بعد دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔مقامی اوقاف کمیٹی کے مطابق سرکار نے سال1993 میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کو دربگام پائین میں قا ئم کیا اور اس کیلئے انہوں نے بلامعاوضہ زمین بھی فراہم کی تھی۔تاہم موجودہ چیف میڈکل آفیسر نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس سینٹر کو علاقے سے پانچ کلو میٹر دور دربگام بالا منتقل کرکے لوگوں کے حقوق سلب کئے ہیں۔مقامی لوگوں نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اس جانبدارانہ فیصلے سے کریوہ دربگام ،چونٹی واڑہ اور شیرباغ پلوامہ کے قریباً 30 ہزار کنبوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑیگا۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا ڈائریکٹرمحکمہ صحت نے آرڈر نمبر DCP.SQ117/89-2377 کے تحت چیف میڈکل آفیسر پلوامہ کو ہدایت جاری کردی کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کو دربگام پائین میں ہی رکھا جائے تاہم مہینہ گزر جانے کے باوجود بھی اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں تشویس لاحق ہوگئی ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ محکمہ نے اپنے منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے اوقاف کی طرف سے رضاکارانہ طور پیش کی گئی عمارت کے بجائے پانچ کلو دور قائم عمارت کو اس لئے منتخب کیاجو بقول انکے ایک غیر قانونی فیصلہ ہے جو انہیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے یوٹی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کے جذبات و احساسات کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے دربگام پا ئین میں قائم پرائمری ہیلتھ سینٹر پر عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔(سی این ایس)
 

 بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں ایم فل داخلہ امتحان

اُمیدواروں کی سہولیت کیلئے کشمیر یونیورسٹی میں امتحانی مرکز قائم

سرینگر//موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی نے ایم فل داخلہ امتحان میں شامل ہونے والے اُمیدواروں کی سہولیت کیلئے ایک امتحانی مرکز کشمیر یونیورسٹی سرینگر میں بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ امتحان15مارچ کو منعقد ہونے والا ہے۔یونیورسٹی نے اُمیدواروں کی سہولیت کیلئے کشمیریونیورسٹی، سرینگر میں بھی ایک امتحانی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سہولیت کے لحاظ سے با با غلام شاہ بادشاہ یونورسٹی، کیمپس راجوری یا کشمیر یونیورسٹی میں قائم مراکز کے اندر داخلہ امتحان میں شامل ہوسکتے ہیں۔با با غلام شاہ بادشاہ یونورسٹی، راجوری کے میڈیا ایڈوائزر، ڈاکٹر دانش اقبال رینہ کے مطابق پرزنٹیشن او راُمیدواروں کے انٹریو کیلئے الگ سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
 

خطہ چناب میں سردی کی شدت میں اضافہ 

بالائی علاقوںمیں برفباری ، نشیبی علاقوں میں بارشیں جاری

نصیر احمد کھوڑا+اشتیاق ملک 

 
ڈوڈہ //خطہ چناب میں گزشتہ روز سے برفباری اور بارشیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے خطے کے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئی ہے ۔خطے کے تمام بالائی مقامات پر برفباری ہورہی ہے جبکہ نچلے علاقوں میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشیں جاری ہیں۔ ضلع ڈوڈہ میں بھی برفباری اور بارشیں ہوئی ہیں جس سے ضلع کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔اس دوران اگر چہ ٹریفک نظام معمول کے مطابق جاری رہا تاہم ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ کی بیشتر رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہوا۔ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے بھی عوامی مشکلات میں اضافہ ہواہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کئی لوگوں نے کہا کہ موسم سرما اختتام کوپہنچ چکا ہے لیکن بجلی نظام میں کوئی سدھار نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹھاٹھری بٹوت شاہراہ پر بھی بیشتر حصہ میں گہرے کھڈے پیداہوئے ہیں جبکہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر بھی کئی مقامات پر سڑک خستہ حال ہوئی ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ رابطہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ پانی، بجلی و دیگر سہولیات کو بھی دستیاب رکھا جائے۔ اسی طرح سے ضلع رام بن اورکشتواڑ میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور کئی جگہوں کو جانے والی لنک سڑکیں پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کیلئے متاثر ہوئی ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ موسمیاتی پیش گوئی کے عین مطابق دو روز قبل بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو اس وقت تک جاری ہے ۔ اگرچہ ابھی تک حکام کی طرف سے یہ نہیں بتایاگیاہے کہ کس علاقے میں کتنی برفباری ہوئی ہے لیکن دورافتادہ اور پہاڑی علاقوں میں کہیں چار انچ برفباری اور کسی جگہ ڈیڑھ فٹ یااس سے زائد برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔جن علاقوں میں زیادہ برفباری ہوئی ہے ،ان میں بھدرواہ کا کیلاش کنڈ، تھنالہ ، جائی ، پدری ٹاپ ،ڈوڈہ کی ناگنی ، براڑی یال ، پپرن ٹاپ، ال کنڈ،کالجگاسربھلیس، ہلارن، بونجواہ، اندروال کے سنگھ پور ، سم چم، مرگن ٹاپ، سنتھن ٹاپ وغیرہ علاقے شامل ہیں۔ مختلف علاقوں کے لوگوںنے بتایاکہ ان کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور کچھ جگہوں پر راشن کی قلت بھی پیدا ہوئی ہے جس سے ان کے مسائل میں اضافہ ہونے لگاہے ۔  
 

 بٹوت کو سب ڈویژن وسب ڈسٹرکٹ درجہ دیاجائے 

مقامی سیاسی وسماجی کارکنان کی لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل 

ارشد کاظمی 

 
بٹوت// قصبہ بٹوت کی عوام اور مختلف سیاسی وسماجی پارٹیوں سے وابستہ لیڈران نے لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ سے بٹوت کو سب ڈویژن و سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا مطالبہ کیاہے ۔بٹوت میونسپل کمیٹی کے صدررویندرسنگھ اور دیگر میونسپلٹی وارڈ ممبران کے علاوہ مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں ، کانگریس کارکنان جنک سنگھ ،شارخ بھٹی اور عارف سلاریہ،پی ڈی پی لیڈرشامون میر،بی جے پی لیڈررام کمارگپتا،جگدیش چند راجپوت، مسلم کمیٹی کے صدرمحمدیوسف میر ،سناتن دھرم سبھا کمیٹی صدرروی کمار گپتا،بیوپار منڈل کے صدرسنجے گپتا اورہوٹل ڈھابہ فورم صدر غلام حیدرخان نے یک زبان ہو کر بٹوت کوسب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا حکومت پرزور دیاہے۔ان کاکہناہے کہ طویل عرصے تک ریاست کے سرمائی اور گرمائی دارالخلافہ شہر جموں اور سرینگر کیلئے مرکزی حیثیت کے حامل رہے قصبہ بٹوت کے عوام کو اپنے اپنے وقت کی حکومتو ں کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نام پر بُری طرح سے نظر انداز کیا جاتا رہااور قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال اس قصبے کے ساتھ تعمیر وترقی کے نام پرحکومتو ں نے ہمیشہ سوتیلا سلوک کیا۔انہوںنے کہاکہ یہ ناانصافی 2014میں نئے انتظامی یونٹوںکے قیام کے وقت بھی ہوئی اور قصبہ کو اس وقت سیاسی مصلحت کے پیش نظرسب ڈیویژن کادرجہ نہیں دیاگیاجبکہ یہ علاقہ اس کا حقدار تھا۔ان کاکہناتھاکہ جموں سرینگر فو رلین شاہراہ منصوبے کے تحت ناشری چنینی ٹنل کی تعمیر عمل میں لائی گئی اور یہ قصبہ اس شاہراہ سے بھی کٹ کر رہ گیاجس کے نتیجہ میں نہ صرف بیروزگاری بڑھی بلکہ دیگر کئی مسائل بھی پیدا ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کاروبار کررہے لوگوں کا سارا نظام ہی ٹھپ ہوگیا اور انہیں اپنے مستقبل کے تئیں فکر ستائے جارہی ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ اب جموں ڈوڈہ متبادل شاہراہ تعمیری منصوبے کی آہٹ نے بھی لوگوں کوپریشانی میں مبتلا کردیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ بٹوت کے ساتھ انصاف کیاجائے اور تحصیل کو سب ڈیویژن و سب ڈسٹرکٹ کادرجہ دیاجائے تاکہ اس علاقے کی عوام کے مسائل بھی حل ہوسکیں اور انہیں تعمیر وترقی میں مواقع فراہم ہوں ۔
 

 راجوری میں جعلی کرنسی سمیت 1شخص گرفتار 

راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع راجوری میں ایک کارروائی کے دوران جعلی کرنسی کیساتھ ایک شخص کو گرفتار کر تے ہوئے معاملہ درج کرلیا ہے ۔پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ایس ایچ او راجوری سمیر جیلانی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی گُشت پر تھی جس کے دوران انہوں نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھ کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران مذکورہ شخص سے پولیس نے 99ہزار روپے کی جعلی کرنسی ضبط کر کے اس کو گرفتار کرلیا ۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے 5سو روپے کے 198نوٹ ضبط کئے ۔گرفتار شدہ شخص کی شناخت عبدالخالق ولد منشی خان سکنہ دھار گلو ن مینڈھر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 116/2020 درج کر تے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی نے بتایا کہ ایڈیشنل ایس پی لیاقت علی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم پورے معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جاسکے ۔
 

بارہمولہ کے لیکچرارکو الہ آباد میں اعزاز

سرینگر//ڈاکٹر وسیم اکرم زرگر نامی ایک جواں سال سائنس دان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں غیر معمولی کار کردگی کے اعتراف میں انعام سے نوازا گیا ہے۔ڈاکٹروسیم کو یہ ایوارڈ الہ آباد یونیورسٹی کے ڈی ڈی پنت آڈیٹوریم میں منعقدہ انٹر نیشنل کانفرنس کے دوران عطا کیا گیاہے۔ڈاکٹر وسیم کا تعلق شمالی کشمیر کے بارہمولہ سے ہے، جس نے 2017میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔انہوں نے 15تحقیقی پیپر تحریر کئے ہیں اور بین الاقوامی سطح کی کئی کانفرنسوں میں شمولیت کی ہے۔ ڈاکٹر وسیم اس وقت گورنمنٹ ڈگری کالیج بارہمولہ میں لیکچرار کی حیثیت سے تعینات ہیں۔