حکومت خواتین سے سب سے زیادہ خوفزدہ:التجا مفتی
خواتین کے بارے میں تماشے دکھانا بند کردے
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی کی دخترالتجا مفتی نے اتوار کومرکزسے کہا کہ وہ خواتین کے بارے میں علامتی اور نمائشی تماشے دکھانا بند کردے ،کیوںکہ یہ خواتین ہی ہیں جن سے حکومت سب سے زیادہ خوفزدہ ہے۔التجا جواپنی والدہ کاٹوئٹرہینڈل استعمال کرکے واقعات پرتبصرہ کرتی ہیں ،نے کہا کہ حکومت نے‘غیرقانونی‘ طور جموں کشمیرکی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کو قیدکرلیا۔انہوں نے ٹوئٹ کیا،’’خواتین کے بارے میں علامتی اور نمائشی تماشے دکھانا بند کردے(حکومت ہند)نے جموں کشمیرکی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کوغیرقانونی طور قیدکرلیا، خواتین صحافیوں کی عصمت ریزی اورقتل کی دھمکیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور شاہین باغ کی دادیوں سے پتھر کی بنی ہوئی ہے ۔خواتین کی طاقت کی تمام باتوں کے باوجود ،وہ واقعی خواتین سے خوفزدہ ہے ‘‘۔التجا کایہ تبصرہ وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر کہاکہ وہ اپنے سماجی رابطے کے اکائونٹ خواتین کے سپرد کریں گے ۔التجا ،محبوبہ مفتی کے ٹوئٹر ہینڈل کودفعہ370کو5 اگست2019کوختم کئے جانے کے بعدانہیں حراست میں لینے کے بعد سے استعمال کررہی ہیں۔
نئی سیاسی جماعت مختلف حلقوں کی تخلیق:غلام احمدمیر
سرینگر //جموںوکشمیر پردیش کانگرنس نے الطاف بخاری کی طر ف سے نئی سیاسی تشکیل دی گئی سیاسی جماعت کو مختلف حلقوں کی تخلیق سے تعبیر کیا ۔ کانگریس کے جموں کشمیرکے صدرغلام احمدمیر کے مطابق اس تخلیق کا واحد مقصد جموںوکشمیر کے سیاسی نظام میں انتشار ، تقسیم اور تفرقہ پیدا کرنا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الطاف بخاری کی جانب سے نئی پارٹی تشکیل دینا اس بات کاعکاس ہے کہ جموںوکشمیر کے سیاسی نظام میں انتشار ، تقسیم اور تفرقہ پیدا کرنے کیلئے ہی ایسا کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی تشکیل دینے کے پیچھے کون سے محرکات کارفرما ہیں لوگوں کو عنقریب ہی اس کا پتہ چلے گا۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کے لوگوں کو بھی نئی پارٹی کی تشکیل کے پیچھے پس پردہ سازشوں کے بارے میں بخوبی علمیت ہے اور لوگ موزون وقت پر اس کا جواب دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ دباو میں آکر ہی کئی سیاسی رہنما اس نئی پارٹی میں شامل ہونے کیلئے تیار ہو گئے ہیں لیکن اس طرح کے دباو والے تدبیروں سے زمینی سطح پر کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے بلکہ ایک دفعہ پھر یہ ثابت ہو گیا کہ جموںوکشمیر میں سیاسی انتشار کی خاطر پس پردہ کون سی سازشیںر چائی جارہی ہیں۔ کانگریس پارٹی کے بارے میں غلام احمد میر نے کہاکہ پارٹی ایک سمندر ہے اور کوئی بھی اس کی گہرائی کی پیمائش نہیں کرسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ نئی پارٹی تشکیل دینے سے کانگریس کو کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے کیونکہ کانگریس پارٹی جانتی ہیں کہ سیاسی استحصال کے خلاف کس طرح سے لڑنا ہے۔
بھاجپا کاخیرمقدم
سرینگر//بی جے پی کے جموںوکشمیر صدر رویندررینہ نے الطاف بخاری کی جانب سے تشکیل دی گئی پارٹی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے دستور نے ہر کسی کو نئی پارٹی بنانے کا حق دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر کوئی شخص نئی پارٹی تشکیل دے سکتا ہے تو اس میں کسی کو حرج نہیںہونا چاہئے۔ یو پی آئی کے مطابق بی جے پی کے جموںوکشمیر کے صدر رویندر رینہ نے کہاکہ اچھی بات ہے کہ اگر کوئی شخص نئی سیاسی پارٹی تشکیل دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوریت کو مضبوط کرنے اور ملک کے قوانین پر من وعن عمل کرنے والا شخص نئی پارٹی تشکیل دیتا ہے تو اس میں کسی کو کوئی حرج نہیں ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ الطاف بخاری کی جانب سے نئی پارٹی بنانا اچھی بات ہے ۔
ولرمیں غرقآب نوجوان کی لاش برآمد
سرینگر//جھیل ولر میں غرقآب ہوئے نوجوان کی لاش اتوار کو برآمد کی گئی۔لہروال پورہ بانڈی پورہ کے دونوجوان جو سنیچر کی صبح جھیل میں ریت نکالنے کے دوران ڈوب گئے تھے اور جن میں ایک خودکوبچانے میں کامیاب ہواتھالیکن دوسراڈوب گیا تھا ،کی لاش اتوارکو مقامی لوگوں اور پولیس نے جھیل سے برآمد کرلی۔وسیم احمد ولدعبدالخالق نامی یہ نوجوان اپنے ساتھی بلال احمد کے ساتھ سنیچر صبح کو جھیل سے ریت نکالنے گیاتھا لیکن وہاں دونوں غرق آب ہوگئے ۔بلال احمد اگرچہ خود کو بچانے میں کامیاب ہوگیا لیکن وسیم پانی سے باہر نہ آسکا۔
دہلی تشدد پر لوک سبھا میں بدھ کو ہوگی بحث
نئی دہلی//یو این آئی//دہلی کے کچھ حصوں میں گزشتہ دنوں ہونے والے پر تشدد واقعات پر لوک سبھا میں بدھ کو بحث ہوگی۔لوک سبھا کے ایجنڈا میں بتایا گیا ہے کہ 11 مارچ کو وقفہ سوالات کے بعد پہلے ایوان میں پیش ضروری کاغذات رکھوائے جائیں گے اور اس کے بعد دہلی کے کچھ حصوں میں لا اینڈ آرڈر کی حالیہ صورتحال پر بحث کی جائے گی۔ اس کے سبب ایوان میں اس دن وقفہ صفر نہیں ہو گا۔گزشتہ پوراہفتہ اپوزیشن نے اس مسئلہ پر بحث کی مانگ کو لے ایوان میں زوردار ہنگامہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی متاثر ہوتی رہی تھی اور کوئی بحث نہیں ہو سکی تھی۔ ایوان میں ایک بھی دن وقفہ سوالات یا وقفہ صفر بھی نہیں ہوا۔ حکومت نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ ہولی کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس معاملہ میں بات چیت کے لئے تیار ہے ۔ اس کے باوجود اپوزیشن فوری بحث اور وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفی کی مانگ کو لے کر اڑا رہا۔
جالندھرپٹھانکوٹ شاہراہ پرحادثہ
کولگام کاڈرائیور ہلاک
سرینگر//جالندھر پٹھانکوٹ شاہراہ پر ٹریفک کے ایک حادثے میں کولگام کاڈرائیور جاں بحق ہوا ۔ یو پی آئی کے مطابق جالندھر پٹھانکوٹ شاہراہ پر اتوار کے روز دو ٹرکوں کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں کولگام کا ڈرائیور محمد اسحاق بٹ شدید طورپر زخمی ہوا۔ اگر چہ اُسے علاج و معالجہ کیلئے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے وہاں اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
گول بازارمیں سڑک حادثہ
تیزرفتارسکارپیونے کمسن کوکچل ڈالا
گول//زاہدبشیر//گول بازارمیں اتوار بعددوپہرایک تیزرفتارسکارپیونے راہ چلتے کمسن بچے کو کچل دیا جس کی وجہ سے وہ شدید طور پر زخمی ہواہے۔سکارپیو زیر نمبر JK14B-1856نے کمسن محمدعاصف ولدبشیراحمدعمر8 سال کواس وقت کچلاجب وہ بازارمیں چل رہاتھا۔عینی شاہدین کے مطابق تیزرفتارسکارپیونابالغ نامعلوم لڑکاچلارہاتھااورگاڑی کی رفتار کافی تیز تھی جس کی زد میں کمسن بچہ آگیا ۔واقعہ رونما ہوتے ہی بڑی تعداد میں لوگ موقعہ پر پہنچ گئے اور انہوںنے زخمی بچے کو اٹھاکرفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیاگیا۔اس دوران سکارپیو وہیں چھوڑ کر اس کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق گاڑی کو ضبط کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔