گرسائی میں آلٹو کار حادثے کا شکار
۔1نوجوان موقعہ پر لقمہ اجل ،2شدید زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گورسائی علاقہ میں ایک الٹو کار حادثے کا شکار ہو گئی جس کی وجہ سے ایک نوجوان کی موقعہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ دیگر 2شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک تیز رفتار الٹو کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار تین نوجوان شدید زخمی ہوگئے تاہم مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی میں شرکت کرتے ہوئے زخمیوں کو سرنکوٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ایک نوجوان کو ڈاکٹر وں نے مردہ قرار دے دیا ۔مرنے والے نوجوان کی شناخت فردوس احمد ولد محمد اکرم سکنہ فضل آباد سرنکوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان علاقہ میں کرکٹ کھیلنے کیلئے آئے ہوئے تھے تاہم واپسی کے دوران ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی ۔زخمیوں کو ابتدائی علاج معالجہ کے بعد گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا ہے ۔
بینک شاخ میں چوری کی کوشش
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے جڑانوالی گلی میں قائم بینک شاخ میں نامعلوم چوروں نے چوری کی ناکام کوشش کی۔حکام نے بتایا کہ چوری کی یہ کوشش اتوار اور پیر کی درمیانی شب کی گئی تھی جس میں نامعلوم چوروں نے بینک کی عمارت کی پچھلی طرف کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے لیکن نقدی لوٹنے میں ناکام رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جڑانو الی گلی میں واقع جموں و کشمیر بینک کی شاخ کے اہلکاروں کو پیر کی صبح اس کوشش کا علم ہوا جس کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی گئی اور مقامی تھانے کی پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ڈی پی او تھنہ منڈی نے عہدے کا چارج سنبھالا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال کے فرزند امتیاز احمدنے ایس ڈی پی او تھنہ منڈی کا عہدہ سنبھالا۔ اس موقع پر عوام تھنہ منڈی نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ آفیسر سے انھیں بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ وہ خطہ پیر کے فرزند ہیں۔ واضح رہے کہ امتیاز احمد نے تھنہ منڈی میں ایس ڈی پی او کے طور پر اپنی خدمات انجام دینے سے قبل کئی مقامات پر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔موصوف پیر کو تھنہ منڈی پہنچے جہاں سول انتظامیہ تھنہ منڈی نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔اس دوران تعارفی اجلاس ہوا جس میں انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آفیسرموصوف نے افسران اور ملازمین پر زور دیاکہ وہ عوام سے جڑے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور بہتر سے بہتر انتظامیہ فراہم کرنے کی کوشش کریں۔اس موقع پر افسر موصوف نے یقین دلایا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔تاکہ عوام کو کسی بھی طرح کی شکایت کا موقع نہ مل سکے۔
نوشہرہ کالج میں سائنس ڈے منایا گیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //گور نمنٹ ڈگری کالج نوشہرہ کے شعبہ جغرافیہ نے شعبہ ماحولیاتی سائنسزکے تعاون سے ’’آزادی کے امرت مہااتسو‘ کو منانے کیلئے ’قومی سائنس ڈے‘ منانے کیلئے ایک کوئز مقابلہ اور ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔سائنس اور ٹیکنالوجی میں مربوط نقطہ نظر‘کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام کے دوران پرنسپل جی ڈی سی نوشہرہ ڈاکٹر سریندر کمارکیساتھ ساتھ دیگرفیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء کو روزمرہ کی زندگی میں سائنس کے فوائد اور نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔ کوئز مقابلہ آن لائن موڈ کے ذریعے منعقد کیا گیا جس میں 150 سے زائد طلباء نے بڑے جوش اور ولولے کے ساتھ حصہ لیا۔شرکاء کو ای سرٹیفیکیٹ دئیے گئے۔اس کے تحت ایک سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔
ھاد میں اجتماع کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر // تحصیل مینڈھر کے اچھاد علاقہ میں دعوت اسلامی کے زیر تحت ایک عظیم الشان اجتماع کا اہتمام کیا گیا۔امام و خطیب حاجی بلورحسین کی قیادت میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر شہزاد احمد ملک سا بقہ وائس چانسلرکیساتھ ساتھ مولانا مفتی افسر احمد مصباحی ،قاری محمدمشتاق عطاری سر پراست دعوت اسلامی مینڈھر کے ساتھ ساتھ دیگر علماء اور مذہبی سکالروں نے بھی شرکت کی ۔مفتی موصوف نے اپنے بیان میں معراج مصطفی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دعو ت اسلامی دنیا کی واحد ایسی تنظیم ہے جو امن بھائی چارہ اور نفرت کو مٹا نے والی تحریک ہے ۔اس تحریک کے ذریعے سماجی مسائل اور بگاڑمیں مبتلا مسلمانوں کو نیکی کی دعوت کے ذریعے راہ راست پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔مولانا مختار احمد امام و خطیب جا مع مسجد مہرا جگال نے کہا کہ دعوت اسلامی کے دامن کو مظبوطی سے پکڑیں تاکہ سماجی برائیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے ۔اس کے علاوہ دیگر مذہبی سکالروں نے بھی دین اور اسلامک تعلیمات کو عام کرنے کیساتھ ساتھ دعوت اسلامی کے رول کے سلسلہ میں تفصیلی روشنی ڈالی ۔اجتماع میں شرکت کرنے والوں میں سیدعارس حسین شاہ ،مولانا اشتیاق احمد عطار ی،فیاض احمد عطار ی ،نیاز احمد عطار ی ،مشتاق احمد عطار ی ،ظفر اقبال ودیگران بھی موجود تھے ۔