گورنر سے اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور متعدد وفود ملاقی
سرینگر //لیفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو سے وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی ( آئی یو ایس ٹی ) پروفیسر مشتاق اے صدیقی،مسلم راشٹریہ منچ کا ایک وفد، چیئر مین پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کشمیر بلدیو سنگھ رینہ اور صدر جموں اینڈ کشمیر ورکرز پارٹی میر جنیدراج بھون میں ملاقی ہوئے ۔ پروفیسر مشتاق اے صدیقی نے لفٹینٹ گورنر کو یونیورسٹی میں جاری تدریسی و تحقیقی پروگراموں کے بارے میں تفصیل دی ۔ انہوں نے یونیورسٹی سے متعلق دیگر اہم تعلیمی اور انتظامی معاملات کے بارے میں بھی اُن سے بات چیت کی ۔ دورانِ ملاقات چانسلر کی طرف سے کئے گئے وعدے کے مطابق شروع کئے گئے پروجیکٹوں اور پی ایم ڈی پی کے تحت کاموں کی تکمیل پر بھی غور و خوض ہوا ۔ لفٹینٹ گورنر نے یونیورسٹی کو کووڈ 19 وباء کے خلاف جاری کوششوں میں کم لاگت والے وینٹی لیٹر، منفی دباؤ والے چیمبروں کو تیار کر کے معاونت کرنے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے پروفیسر صدیقی کو ایسے ہی اختراعی اور اصلاحی اقدامات اٹھا کر آئی یو ایس ٹی کو تدریس و تحقیق کے اعلیٰ مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے کہا ۔ ادھر مسلم راشٹریہ منچ کے کنوینئر نذیر احمد میر کی قیادت میں وفد نے لفٹینٹ گورنر کو روز گار کے مواقع پیدا کرنے و مختلف شعبوں بشمول زراعت ، باغبانی ، صنعت و حرفت کو ترقی دینے ، نوجوانوں کو کھیل کود سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے ، نشہ ور ادویات کے خلاف جانکاری مہم شروع کرنے ، ضلع ہیڈ کوارٹروں پر عوامی شکائتی سیل قائم کرنے ، سیاسی مائیگرنٹ کارکنوں کیلئے مکانات کی فراہمی ، میڈیا کیلئے رہایشی کالونی وغیرہ مانگوں پر مشتمل ایک یاداشت پیش کی ۔ وفد کے ارکان نے یو ٹی حکومت کی جانب سے حال ہی میں اعلان کی گئی ہاوسنگ پالیسی کیلئے اظہارِ تشکر کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت نے عوام تک پہنچنے کا پروگرام شروع کیا ہے جہاں وہ خود اضلاع کا دورہ کر کے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہیں اور اُن سے اُن کے مسائل اور ترقیاتی ضرورتوں کے بارے میں موقعہ پر جانکاری حاصل کرتے ہیں ۔ روز گار کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے وفد کو نوجوانوں بالخصوص دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو حکومت کی جانب سے شروع کی گئی بھرتی مہم میں شرکت کرنے کی جانب راغب کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے پیش کئے گئے جائیز مسائل کا بغور جائیزہ لے کر اُن کا بروقت حل یقینی بنایا جائے گا ۔ اس دوران بلدیو سنگھ رینہ نے لفٹینٹ گورنر کوجموں کشمیر یونین ٹیر ٹری میں اقتصادی بحالی کیلئے ایک نقشہ راہ پیش کیا ۔ چئیر مین نے لفٹینٹ گورنر کے ساتھ کووڈ 19 وباء کے سبب لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے پی ایچ ڈی سی سی آئی جموں کشمیر کو تمام بورڈس، مشاورتی کمیٹیوں، چوٹی کی سطح کی مشاورتی کمیٹیوں اور ضلع سطح کی نگران کمیٹیوںمیں نامزدگی کیلئے لفٹینٹ گورنر سے ذاتی مداخلت طلب کی ۔ انہوں نے شہر میں سڑکوں ، سیاحتی منازل کی جانب جانے والی بڑی سڑکوں اور ذیلی سڑکوں پر میکڈم بچھانے ، دستکاری سے وابستہ کاریگروں،ہینڈ لوم بنکروں اور کالین بافوں وغیرہ کو معاشی و معاشرتی طور بااختیار بنانے کیلئے نیشنل ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ پروگراموں کو لاگو کرنے سے متعلق مانگیں پیش کیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت نے عوامی اہمیت کے حامل مختلف اقدامات جیسے ہاوسنگ پالیسی ، نئے قرضہ جات پر سٹیمپ ڈیوٹی میں چھوٹ ، بھرتی مہم میں سرعت ، ایکسائیز پالیسی ، لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹائیزڈ کرنے ، رئیل اسٹیٹ قواعد و ضوابط کو منظور کرنے ، ای سٹیمپنگ متعارف کرنے ، تعلیمی سرمایہ کاری پالیسی ، نجی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے عالمی سرمایہ کار سمبٹ کیلئے تیاری ، جیسے اقدامات کئے ہیں ۔ میر جنید نے لفٹینٹ گورنر کو جموں کشمیر یونین ٹیر یٹری کے سیاسی ، سماجی و اقتصادی اہمیت کے حامل معاملات پر مبنی ایک یاداشت پیش کی ۔
سوپور میں محکمہ بجلی کا لائن مین کرنٹ لگنے سے ہلاک
غلام محمد
سوپور //آرمپورہ سوپور میں محکمہ بجلی کا ایک لائن مین کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔یاسین کالونی آرمپورہ سوپور میں 55 سالہ لائن مین ثنااللہ ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکنہ سیلو سوپور 1ہزار وولٹ ٹرانسمشن لائن کو ٹھیک کر رہا تھا کہ اس دوران بجلی سپلائی بحال ہوئی جس کے نتیجہ میں مذکورہ اہلکار موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔اس دوران پولیس نے حادثہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیس درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس نے میت کو قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لواحقین کے سپرد کی۔محکمہ بجلی سوپور کے ایگزیکٹیو انجینئر طارق احمد داند نے حادثہ پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حادثہ کی از خود تحقیقات کرینگے۔مذکورہ ملازم کی لاش سیلو لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کا منفی تبصرہ
عمر عبداللہ کا قانونی چارہ جوئی کرنے کا عندیہ
بلال فرقانی
سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بپیش بھگل کی طرف سے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر کی9ماہ تک کی قید کے بعد رہائی اور راجستھان میں سچن پائلٹ کی طرف سے کانگریس کے خلاف بغاوت کو جوڑنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بپیش بھگل کے خلاف قانون چارہ جوئی کریں گے۔ عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کے انگریزی اخبار میں انٹرویوں کے دوران تاثرات پر وہ قانونی چوری جوئی کریں گے۔ انہوں نے تحریر کیا’’میں نفرت آمیز اور غلط الزامات سے تنگ آچکا ہوںکہ سیچن پائلٹ جو کر رہے ہیں ،اس کو میرے اور میرے والد کی قیدو بند سے رہائی سے کسی طرح جوڑا جا رہا ہے،اب بہت ہوگیا،جناب بپیش بھگل،اب میرے وکلاء کی اب سنیں گے‘‘۔انہوں نے اس ٹویٹ میں راہل گاندھی اور رندیپ سنگھ سرجے والا اور کانگریس پارٹی کو جوڑ دیا۔ عمر عبداللہ کے ٹویٹ کے کئی منٹوں کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بپیش بھگل نے اپنے متنازعہ بیان کو کم تر کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے بھی ٹیوٹر پر تحریر کیا’’براہ مہربانی عمر عبداللہ جی اس جمہوریت کی اس دردناک موت کو موقع پرست لمحہ میں تبدیل نہ کریں،’’الزام ‘‘ صرف ایک سوال کے بطور پوچھا گیا تھااور ہم یہ پوچھتے رہیں گے،اور ملک بھی‘‘۔بھگل کے اس ٹویٹ پر عمر عبداللہ نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ میں تحریر کیا’’آپ اپنا جواب میرے وکلاء کو روانہ کریں،اور یہ ہی آجکل کانگریس کی خرابی ہے۔آپ اپنے مخالفین میںسے اپنے دوستوں کو نہیں جانتے،اور اسی لئے آپ لوگ اس وقت تذبذب کے شکار ہے،آپ کا سوال نفرت انگیز اور واضح تھا‘‘۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی نے ایک انٹرویوں کے دوران کہا تھا’’ جہاں تک سچین پائلٹ کا سوال ہے،ایسا نہیں ہے کہ میں راجستھان کے واقعات کو قریب سے دیکھ رہا ہو،مگر مجھے یہ بات تذبذب میں مبتلا کر رہی ہے کہ عمر عبداللہ کیوں رہا کیا گیا؟۔انہیں اور محبوبہ مفتی کو ایک ساتھ ایک ہی دفعہ کے تحت بند کیا گیا تھا،حتیٰ کہ وہ(محبوبہ) ابھی بھی بند ہے اور انہیں(عمر) کو رہا کیا گیا،کیا یہ اس لئے کہ عمر عبداللہ سچین پائلٹ کے برادر نسبتی ہے‘‘۔اس دوران نیشنل کانفرنس نے بھی چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی کی طرف سے عمر عبداللہ کی رہائی کو سچین پائلٹ کے ساتھ جوڑنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان تاثرات کو مسترد کیا۔
ڈی سی بانڈی پورہ کا منی سیکریٹریٹ کا دورہ
23ملازمین اور8افسران کی تنخواہیں بند رکھنے کا حکم
عازم جان
بانڈی پورہ //ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اویس احمد نے منی سیکٹریٹریٹ کادورہ کیا اور غیر حاضر رہنے کی پاداش میں 23ملازمین اور 8 ضلع آفیسروں کی تنخواہیں بند رکھنے کا حکم دیا۔ 8افسران کو دو دنوںکے اندر عذرات پیش کرنے کا حکم دیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منی سیکریٹریٹ کے تینوں بلاکوں میں قائم ضلع دفتروں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے ملازمین کی حاضری کو چیک کی ۔ اس دوران حاضر ضلع آفیسروں اور ملازمین کو ہدایت دی جو بھی ملازم یا آفیسر غیر حاضر پایا جائیگا، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی ۔غیر حاضر پائے گئے 23 ملازمین کو ڈپٹی کمشنر دفتر کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیاگیا ۔
تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے فوج کو خصوصی اختیارات پر وضاحت ناکافی: کمال
مرکز کی نیت میں کھوٹ، فیصلہ واپس لیا جائے
سرینگر//دفاعی اہمیت کے معاملات (سٹیرٹیجک )علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے فوج کو خصوصی اختیارات دینے متعلق حکومتی وضاحت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہاہے کہ اس بارے میں دودھ سے دھلی ہوئی وضاحت بھی عوامی خدشات ، تحفظات اور تشویش کو دور نہیں کرسکتی۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج صرف جموں وکشمیر میں نہیں بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی ہے، وہاں ایسے قانون کی ضرورت نہیں پڑی یہاں تک کہ شمال مشرقی ریاستوں میں، جہاں مسلسل تنائو بناہوا ہے، وہاں بھی فوج کو اس قسم کے اختیارات حاصل نہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں دہائیوں سے فوج موجود ہے، جس دوران کئی جنگیں بھی ہوئیں لیکن اس وقت بھی اس قسم کے قانون کی ضرورت نہیں پڑی یہاں تک کہ1990کے بدترین پُرآشوب کے دوران بھی اس قسم کا کوئی قانون نہیں تھا ، پھر آج اس قانون کی ضرورت کیوں آن پڑی۔کمال نے کہا کہ جو لوگ اس وقت جموں وکشمیر کا نظام چلا رہے ہیں، وہ مرکز سے سبکدوش ہوکر آئے ہیں اور مرکز نے ہی انہیں یہاں تعینات کیا ہے۔مرکزی حکومت کی نیت میں کھوٹ کا اندازہ اسی بات سے ہوتا ہے جب اس قسم کے اقدامات اُن افراد سے کرائے جارہے ہیں جو مرکزی حکومت نے یہاں خود تعینات کئے ہیں۔ اگر مرکز کی نیت میں کھوٹ نہیں ہوتا تو اس قسم کی فیصلے لینے کیلئے یہاں عوامی منتخبہ حکومت کے قیام تک انتظار کیا جاسکتا تھا۔ اس قسم کی فیصلے لینے کا حق صرف اور صرف جمہوری حکومت کو ہوتا ہے جو عوام کے ووٹ لیکر سامنے آئی ہو اور وہی ایسے حساس فیصلے عوام سے پوچھ کر لے سکتی تھی۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ماننا ہے کہ حکومت وضاحت سے عوامی خدشات کو دور نہیں کیا جاسکتا اور یہ قانون کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور اگر واقعی فوج کو اس قسم کے اختیارات کی ضرورت ہے تو اس کا فیصلہ آئندہ منتخب ہونے والی عوامی حکومت پر ہی چھوڑ دیا جانا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں کمال نے بیرونی ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد مزدوروں کی آمد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاحت کی بحالی، مزدوروں کی آمد اور یاترا کیخلاف نہیں لیکن اس کیلئے کورونا وائرس سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار (SOPs) کو سختی سے پورا کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر کے اندر ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے جبکہ بیرونِ ریاست سے مزدوروں کو یہاں لانے کیلئے خصوصی بس سروس استعمال کی جارہی ہے۔ کمال نے کہا کہ لکھن پور کے قریب ابھی بھی 3سے 4ہزار کشمیری اپنے وطن لوٹنے کیلئے انتظار کررہے ہیں، لکھن پور سے دن میں صرف 8سو افراد کو آگے جانے کی اجازت ہوتی ہے اور ایسے میں انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ پہلے کشمیریوں کو اپنے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دی جاتی لیکن وہاں پہلے بیرونی ریاستوں سے آرہے مزدوروں کو چھوڑا جارہا ہے۔ کمال نے کہا کہ لکھن پورسے پہلے کشمیریوں کو آنے کی اجازت دی جائے اور بیرونی ریاستوں سے آرہے لوگوں کو بنا لوازمات پورے کئے آگے جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ کمال کے ہمراہ پارٹی کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر اور پارٹی لیڈر سید توقیر احمد بھی موجود تھے۔
رکن پارلیمنٹ نامگیال لداخ بھاجپا صدر مقرر
یو این آئی
نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی نے لداخ کے رکن پارلیمنٹ جمیانگ شیرنگ نامگیال کو اور پارٹی کی لداخ یونٹ کا اور پارلیمنٹ سی آر پاٹل کو گجرات پردیش یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے ۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
گھریلو پروازوں کے ذریعہ 2387مسافروں کی واپسی
جموں//جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازوں کے دوبار ہ چالوہونے کے57واں دِن 2,387مسافروں کو لے کر 5 2 پروازیں جموں اور سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں ۔709مسافروں سمیت10کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 1678مسافروں کو لے کر15 پروازیں آج سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔واضح رہے کہ25؍ مئی سے اب تک جموں ایئر پورٹ پر 423گھریلو پروازیں اتری ہیں جن میں 31,411مسافروں نے سفر کیا ۔ اسی طرح سری نگر ائیر پورٹ پر6894گھریلو پروازیںاتریں ہیں جن میں89,838مسافروں نے سفر کیا ہے۔نیز جموں وکشمیر حکومت نے عالمی وَبا کے پیش نظر اَب تک متعدد ممالک سے تقریباً 3,331مسافروں کو خصوصی انخلأ پروازوں کے ذریعے جموںوکشمیر یوٹی میں واپس لایا ہے۔ہوائی اڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اڈوں سے اپنے منازل کی طرف تما م احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کئے گئے۔حکومت نے ہوائی پروازوں کے ذریعے یوٹی میں وارِد ہونے والے تمام مسافروں کی آمد سکریننگ نمونے لینے اور قرنطین مراکز کی طرف لے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ اِنتظامات کئے گئے ہیں اور اِس دوران مرکزی شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
درماندہ 2,43,459شہری یوٹی لائے گئے
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے2,43,459شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے74,541درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور1,68,918افراد کو حکومت نے89کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے899 مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 89 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 2,43,459شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 19؍ جولائی سے 20؍ جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے2644 دوبئی سے03 مسافر سمیت درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ 849مسافر آج 68ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 68ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے58,845درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
اوگمونہ کنزر میں طبی ٹیم پر حملہ| کیس درج، شرپسندوں کی تلاش شروع
ٹنگمرگ//مشتاق الحسن//اوگمونہ کنزر میںکورونا ٹیسٹ کرنے والی پرائمری ہیلتھ سینٹر کنزر ٹیم پر شرپسندافراد نے مارپیٹ کی اور پتھرائو کیا۔ اوگمونہ گائوں میں کورونا وائرس کے12 مثبت معاملات سامنے آنے اور ایک شہری کی موت ہونے کے بعد میڈیکل ٹیم نے علاقہ میں سیمپلنگ کیلئے پہنچے۔ اس موقعہ پر 4افراد پرمشتمل ٹیم پر چند افراد نے دھاوا بول کر مار پیٹ کی اور گاڑی زیر نمبرJK01L/4373پر پتھرائو کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کنزر پولیس وہاں پہنچی تاہم شرپسند افراد وہاں سے فرار ہوگئے۔ کوڈ افسر کنزر پرائمری ہیلتھ سینٹر ڈاکٹر عرفان احمد نے میڈیکل ٹیم پر حملہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پولیس کی نوٹس میں لایا گیا ہے۔ ادھر کنزر پولیس نے حملہ کرنے والے افراد کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
جموں میں شیو سینا اور ڈوگرہ فرنٹ کا احتجاج | ’کورونا کے پیش نظر امرناتھ یاترا کو محدود کیاجائے ‘
جموں// یو این آئی//ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا نے سالانہ امرناتھ یاترا کو محدود کرنے کے مطالبے پراحتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر امرناتھ یاترا میں بھاری تعداد میں لوگوں کی شرکت خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ مظاہرین کی قیادت کرنے والے شیو سینا و ڈوگرہ فرنٹ جموں کے صدر اشوک گپتا نے اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’موجودہ صورتحال میں 5 لاکھ لوگوں کا یاترا کیلئے آنا خطرناک ہے، کورونا پھیل جائے گااور لاک ڈائون کی دھجیاں اڑ جائیں گی، اس لئے میں مانگ کرنا چاہوں گا کہ زیادہ لوگ یاترا میں حصہ نہ لیں‘‘۔ ان کاکہناتھا’’جان بچے گی تو یاترائیں چلتی رہیں گی، اگر کورونا کی وجہ سے جانیں ہی چلی جائیں گی تو پھر یاترا چل نہیں پائے گی، اسلئے زیادہ قیمتی انسان کی اپنی جان ہے، یاترائیں چلتی رہی ہیں اور چلتی رہیں گی ،بشرطیکہ انسان زندہ رہیں ‘‘۔ اشوک گپتا نے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کو اس معاملے پر مبہم پالیسی ترک کر کے واضح پالیسی اپنانی چاہیے تاکہ یاتری بڑی تعداد میں جموں وارد نہ ہوں۔ انہوں نے کہا’’پورے جموں وکشمیر میں لاک ڈائون نافذ ہے، باہر سے یاتری آنا شروع ہو جائیں گے تو جموں شہر میں بھگدڑ مچ جائے گی، میں عزت مآب لیفٹیننٹ گورنر جی سے کہنا چاہوں گا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ہمیں یاترا کو محدود کر دینا چاہیے، بڑی تعداد میں لوگوں کو بلانے کی ضرورت نہیں ‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ یاترا میں صرف سادھوئوں اور سنتوں کو ہی حصہ لینے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ان کاکہناتھا’’ ہماری کوئی واضح پالیسی نہیں ہے، پہلے کہا گیا کہ یاترا 15دن تک چلے گی اور یاتریوں کو ایک ہفتے تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا، ان کو بالآخر کرنا کیا ہے؟ ہمیں واضح پالیسی اپنانی ہوگی‘‘۔
سروس سلیکشن بورڈ کی درجہ چہارم کی اسامیاں | 10جولائی سے 99,910درخواستیں موصول
جموں//سوموار کی صبح تک 1,91,810اُمید واروں نے بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ 99,910 اُمید واروں نے درجہ چہارم اَسامیوں کے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیا۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10؍ جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ یہ بات نوٹ کی گئی کہ کل 89,000 منفرد اَفرادنے بورڈ کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پررسائی حاصل کی۔جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اسامیوں کو اشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ،بتاریخ26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے سری نگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے [email protected]پرمیل بھیج سکتا ہے۔
پینتھرس پارٹی کا بھاجپا حکومت پر حملہ | جگہ جگہ ٹول پلازے لگاکر عوام کو لوٹنے کا الزام
جموں//(یو این آئی)// نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی کی سرکار یہاں جگہ جگہ ٹول پلازے قائم کر کے لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں کو ٹیکسوں کے شکنجے میں کس رہی ہے۔انہوںنے پیر کومیڈیا کو بتایا کہ بی جے پی سرکار جموں میں جگہ جگہ ٹول پلازے لگا کر لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا: 'بی جے پی سرکار ٹول پلازے بند کرنے کی بجائے ان کے ریٹس بڑھا رہی ہے۔ لکھن پور میں ٹول پلازہ چلایا جارہا ہے جو اس سرکار کی جموں کے لوگوں کی سب سے بڑی لوٹ ہے اور ان کی جیبوں پر ڈاکہ ہے'۔ہرش دیو نے کہا کہ لوگوں کو ٹیکس کے شکنجے میں کس لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا: 'لوگوں پر ٹیکس لگائے جارہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں اور پھر ٹول پلازے بھی سرور، لکھن پور، ناشری میں برابر قائم ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اکھنور میں بھی ٹول پلازہ لگایا جائے گا'۔انہوںنے کہا کہ یہ سرکار کی طرف سے لوگوں کی ایک منظم لوٹ ہے اور جو پارٹی کل تک جموں کے لوگوں کو انصاف دلانے کی باتیں کررہی تھی آج لوگ اس سے مایوس ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹول پلازوں کو اگر جلدی بند نہیں کیا گیا تو لوگوں کا غصہ انتہا کو پہنچ جائے گا جس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا۔
مشیر فاروق خان کو صدمہ، والدہ انتقال کرگئیں | کورونا کے پیش نظر گھروں سے ہی تعزیت کرنے کی تلقین
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان کی والدہ (اہلیہ ابق ایس ایس پی سرورخان ساکن دلپتان جموں) میڈیکل کالج میں علالت کے بعد فوت ہوگئیں۔خالدہ بیگم کی عمر85سال تھی ۔ مرحومہ جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے انتہائی نگہداشت مرکز میںکچھ عرصے سے زیر علاج تھیں،جس کے بعد پیرکی دوپہر کو انکی حلات خراب ہوئی اور انکا انتقال ہوگیا۔دریں اثنا مرحومہ کے خاندانی ذرائع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر ان سے تعزیت پرُسی کے لئے تکلیف نہ کریں تاہم مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے اپنی اپنی جگہ سے ہی دعا کریں ۔
اے سی آر ر اجوری کوشاہدرہ وقف کے اِنتظامات تفویض
سرینگر//حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری محمد اشرف کو وقف شادراہ شریف راجوری اور ضلع کے تمام تحصیلوں (بغیر نوشہرہ اور سندربنی کی سابق تحصیلوں )میں وقف کا اضافی چارج دیا ۔جموں وکشمیر میں سینٹرل وقف ایکٹ 1995 کے نفاذ کے ساتھ ہی حکومت نے ایک اور حکم میں عبدالقیوم ڈار کی ایڈمنسٹریٹروقف شاہدرہ شریف راجوری اور راجوری کے تمام تحصیلوں (بغیر نوشہرہ اور سندربنی کی سابق تحصیلوں )کے لئے تقرری ختم کردی۔ حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ وقف شادراہ شریف اور دیگر تحصیلوں کے انتظام سے فارغ کر دئیے گئے۔
ٹنگمرگ میں ریچھ کے حملے میں 2 افراد زخمی
ٹنگمرگ مشتاق الحسن// ٹنگمرگ کے کلوارہ ہری وٹنو نامی گائوںمیںپیر کو اُس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب اچانک ایک ریچھ نے ایک خاتون شمیمہ بانو زوجہ غلام قادر (40)اور ایک بزرگ شہری محمد اکبر ماگرے (65)پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا ۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنے میوہ باغات میں کام کررہے تھے۔ دونوں کی چیخ وپکار سن کر لوگ وہاں پہنچ گئے جہاں انہیں خون میں لت پت پاکر سب ضلع اسپتال ٹنگمرگ پہنچایا گیا جہاں سے دونوں کوصدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ۔کاندانی ذرائع سے معلوم ہوا کہ دونوں زخمیوںکی حالت تشویشناک ہے ۔اگرچہ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے فوری طور علاقے میں ریچھ کو قابو کرنے کی کوشش کی تاہم وہ کہیں میوہ باغات میں چھپ گیا ۔
منشیات مخالف مہم | بانڈی پورہ میںبھنگ کی کاشت تباہ
سرینگر //منشیات مخالف مہم کے دوران بانڈی پورہ پولیس نے سمبل علاقے میںمحکمہ ایکسائز کے افسران کے ہمراہ بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا ۔ایس ڈی پی او سمبل اور ایس ایچ او سمبل کی نگرانی میں بانڈی پورہ پولیس نے محکمہ ایکسائز کے افسران کے ہمراہ سمبل میں پھیلی بھنگ کی کاشت تباہ کی ۔ پولیس کی طرف سے کمیونٹی ممبران سے گزارش ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں منشیات سے متعلق کسی بھی معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔پولیس کے مطابق منشیات کی خریدو فروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس وبا سے پاک کیا جائے گا۔
کولگام میں 4افراد گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف کارروائی کے دوران کولگام پولیس نے جواہر ٹنل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر PB02BS-8276کی تلاشی کے دوران پولیس نے چار منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 80 گرام ہیروئن بر آمد کیا۔گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت کلدیپ سنگھ، سندیپ کور ساکنان گوالی امرتسرپنجاب ، ہنی سنگھ ساکن ادہنول گرداس پورہ پنجاب اور پرم جیت سنگھ ساکن سلطان ویند پنجاب کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میںپولیس تھانہ قاضی گنڈ میں ایف آئی آر زیر نمبر 224/2020 کو متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ۔
طلعت پرویزنے گورنمنٹ ڈگری کالج جموں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا
سرینگر//کمشنر سیکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز روحیلہ نے اپنے دفتر میں ایک میٹنگ کے دوران جموں صوبہ میں حال ہی میں قائم کئے گئے گورنمنٹ ڈگری کالج کے کام کاج سے متعلق مختلف معاملا ت پر غور و خوض کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر کالجز ، ڈائریکٹر پلاننگ اعلیٰ تعلیم محکمہ ، ڈائریکٹر فائنانس اعلیٰ تعلیم محکمہ ، کالجوں کے نوڈل پرنسپل اور ضلع جموں کے مختلف کالجوں کے پرنسپلوں نے شرکت کی۔میٹنگ میں صوبہ جموں کے ڈگری کالجوں کے پرنسپلوںنے آن لائن طریقہ کار کے تحت میٹنگ میں شرکت کی۔نئے قائم کئے گئے کالج میں بہتر کام کاج کے لئے پرنسپل کو سراہتے ہوئے انہوں نے انہیں نیا نظام اختیار کرنے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنے کے لئے کہا تاکہ وہ اس قابل بن سکے کہ اپنے آمدن بخش یونٹ تعلیم مکمل کرتے ہی قائم کرسکے۔اُنہوں نے پرنسپل کو طلاب کو مختلف شعبوں جیسے سیاحت ،زراعت ، باغبانی ، صحت او رطبی تعلیم ، ڈیر ی فارمنگ ، جڑی بوٹیوں کی کاشت اور دیگر شعبوں میں آمدن بخش یونٹ قائم کرنے کے لئے بہتر تعلیم و تربیت فراہم کر کے تیار کرنے کے لئے کہا۔ طلعت پرویز نے کالج سے متعلق مختلف معاملات پر بھی پرنسپل کے ساتھ غور و خوض کیا جس میں اقامتی سہولیت ، اراضی سے متعلق تنازعہ او رزمین کے حصول ، بیت الخلاء ، پانی او ربجلی کی ترسیل ، عملے کی قلت اور دیگر معاملا ت پر شامل ہیں۔اُنہوں نے کالج پرنسپل کو اپنی تمام ضروریات اور مسائل ڈائریکٹر کالجز کو پیش کرنے کے لئے کہا تاکہ وہ ان کی فوری نوعیت کی ضروریات کو مرحلہ وار پورا کر سکے۔اِس موقعہ پر ڈپٹی سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم اور محکمہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔
محکمہ اطلاعات کا اپنے ملازم کے ساتھ اِظہارِ یکجہتی
سرینگر//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے اَفسران اور ملازمین نے ایک ملازم بلال احمد راتھر کے چچاکے اِنتقال پر تعزیت کا اِظہارکیا ہے جو مختصر علالت کے بعد پیر کی صبح اِنتقال کر گئے۔اِس سلسلے میںمحکمہ کے دفترمیں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اَفسران اور محکمہ کے تمام شعبوں کے ملازمین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہارکیاگیااور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔
نذیر ایتو سے پی ڈی پی کی تعزیت
سرینگر //پی ڈی پی نے پارٹی لیڈر انجینئر نذیر احمدا یتو کے چچا عبدالغنی ایتوکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی ترجمان نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ۔ترجمان نے زونل صدر امیراکدل علیٰ محمد بٹ اوررکن تنظیم محمد رمضان میر ساکن ترال کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
انجمن علماء کی تعزیت پرسی
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجدجموں کشمیر کے ایک وفد نے انجمن کے امیرحافظ عبد الرحمن اشرفی کی قیادت میںایک وفد نے ناگرس قاضی گنڈ میں حافظ غلام محمد کی بہن اور حافظ محمد شفیع امام جامع مسجد شاہ محلہ قاضی گنڈ کی والدہ کے انتقال ہونے پر تعزیت پرسی کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پروفدنے لواحقین کیلئے صبر اور مرحومہ کے لئے مغفرت کی دعا کی۔
میڈیا گلڈ کااظہار تعزیت
سرینگر // جموں کشمیر میڈیا گلڈ کے صدر اعجاز احمد نے روزنامہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشیدراہل کے والد نسبتی کے انتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے ۔ گلڈ نے ایک تعزیتی میٹنگ میں مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔