مزید خبرں

کوٹرنکہ ۔راجوری سڑک عوام کیلئے دردِسر

گریف پر ایک جگہ کام ادھوراچھوڑ کر دوسری جگہ کرنیکا الزام

کوٹرنکہ// کوٹرنکہ تا راجوری سڑک عوام کیلئے دردسر بنی ہوئی ہے ۔اس سڑک پر گریف کی طرف سے ایک جگہ کام بند کرکے دوسری جگہ شروع کیاجاتاہے اور اس کی تکمیل ہوہی نہیں رہی ۔مقامی شہری محمد نواز نے بتایاکہ محکمہ گریف من مانی سے کام کر رہا ہے اور ایک طرف سے کام مکمل نہیں ہوتا تو دوسری طرف شروع کرلیاجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ راجوری کی طرف سے 23 کلومیٹر سے 27 کلو میٹر کے بیچ محکمہ گریف نے جگہ جگہ آدھی آدھی پلیاں کھود کر رکھی ہیں اور جگہ جگہ گرنے والی پسیوں کا ملبہ بھی نہیں ہٹایاجارہا۔انہوں نے مزید بتایاکہ بارش کا پانی جگہ جگہ سے لوگوں کی زمینوں میں جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کا نقصان ہورہاہے۔ ان کاکہناتھاکہ نہ ہی ابھی تک نالیاں بن پائیں ہیں اور نہ ہی سڑک تعمیر ہوسکی ہے اور کچھ وقت تک کیلئے ایک جگہ کام کیاجاتاہے توپھر اسے ترک کرکے دوسری جگہ کام شروع کردیاجاتاہے ۔عوام کاکہناہے کہ جب حکام سے پوچھاجائے تو ان کا جواب ہوتاہے کہ کہرے کی وجہ سے کام نہیں ہوپارہاہے ۔مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ محکمہ گریف کو فوری طور پر ہدایات جاری کی جائیں تاکہ سڑک کاکام مکمل ہوسکے ۔
 

ٹیمپوکی ٹکر سے خاتون ہلاک 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //تیز رفتار ٹیمپو نے سڑک کنارے چل رہی ایک خاتون کر ٹکر مار کر ہلاک کردیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ سنتوش دیوی عمر 55سال زوجہ نریندر پال قومی شاہراہ پر ڈنڈیسر میں پیدل چل رہی تھی جس دوران راجوری کی طرف جارہے تیزرفتار ٹیمپو نے اسے ٹکر ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوئی اوربعد میں اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔بعد ازآں اس کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرواکے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے گھر والوں کے حوالے کردیاگیا ۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹکر مارنے والی گاڑی کو ضبط کرتے ہوئے اس کے ڈرائیور روی کمار ولد کندن لعل ساکن بخشی نگر جموں کو گرفتار کرلیاہے۔
 

شبیر خان کا 3فیصد ریزرویشن کا خیر مقدم 

پرویز خان 
 
منجاکوٹ //کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر شبیر احمد خان نے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دیئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریاستی گورنرکا شکریہ ادا کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں شبیر خان نے کہاکہ ریاستی گورنر نے پہاڑی طبقہ کی دیرینہ اور جائز مانگ پوری کی ہے اور اس ریزرویشن کے ساتھ ہی قانونی تقاضے بھی پورے ہوگئے ہیں جس کے بعد مرکزی حکومت کے پاس طبقہ کو شیڈیولڈ ٹرائب کادرجہ نہ دینے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ان کاکہناتھاکہ بیکورڈ کلاسز کمیشن کی سفارشات کے ساتھ پہاڑی طبقہ کو تین فیصدریزرویشن دیاجانا ایک اہم اقدام ہے اور اس سے ترقی کے راستے ہموار ہوں گے ۔ شبیر خان نے کہاکہ پہاڑی طبقہ راجوری ، پونچھ ، کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں آباد ہے جسے ہندوپاک جنگوں اور کشیدگی کے دوران ہمیشہ نقصان اٹھاناپڑاہے اور سماجی و اقتصادی سطح پر یہ طبقہ پسماندگی کاشکار رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ آبادی کے تناسب سے یہ ریزرویشن بہت ہی کم ہے لیکن اسے ایک اچھی شروعات کہاجاسکتاہے اور اب مرکز پر یہ لازم بنتاہے کہ طبقہ کو ایس ٹی کادرجہ دینے کے سلسلے میں پہل کی جائے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کی جدوجہد دہائیوں پر مشتمل ہے اور بالآخر اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں طبقہ کو پانچ ریزرویشن دینے کا اعلان کیاگیا جس کا دونوں ایوانوں سے بل بھی منظور ہواتاہم بعد میں پی ڈی پی اور بھاجپا نے اسے کم کرکے تین فیصد کردیا اور دوبارہ سے بل کو منظوری دی گئی مگر سابق گورنر نے دونوں مرتبہ بل پر اعتراضات کرکے اسے واپس بھیج دیا ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ گورنر نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے طبقہ کو شیڈیولڈ ٹرائب کادرجہ دیاہے جس کیلئے وہ ان کاشکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اب مرکزی حکومت بھی اس سلسلے میں اقدامات کرتے ہوئے ایس ٹی کادرجہ دے گی ۔
 

رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس منعقد

مینڈھر //مینڈھر میں رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک اجلاس زونل صدر کلیم خان کی سربراہی میں منعقد ہوا۔اس موقعہ پر ریاستی انتظامی کونسل کی طرف سے جاری ہوئے ایس آراو پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ نے کہاکہ فورم کسی کے ساتھ بھی سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیںہونے دے گی ۔انہوں نے کہاکہ انڈر گریجویٹ اساتذہ کے ساتھ ناانصافی نہیںہونی چاہئے اور وہ اس سلسلے میں فورم کے ضلع صدر اور ریاستی چیئرمین فاروق تانترے سے بھی بات کریں گے ۔کلیم خان نے کہاکہ سبھی اساتذہ متحد ہوکر جدوجہد کریں ۔
 
 

منجاکوٹ بازار کامعائنہ 

۔2400روپے جرمانہ وصول،4سلینڈر ضبط 

پرویز خان
 
منجاکوٹ //تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری نے منجاکوٹ بازار کی چیکنگ کرکے خاطی دکانداروں سے جرمانہ وصول کیا۔ان کے ہمراہ ایس ایچ او منجاکوٹ برکت قریشی اور محکمہ خوراک ،شہری رسدات و امور صارفین کے ملازمین بھی تھے۔اس موقعہ پر تحصیلدار نے کریانہ کی دکانوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور ہوٹلوں کی بھی چیکنگ کی اور تمام دکانداروں کے لائسنس کا معائنہ کرکے انہیں صفائی ستھرائی کی تلقین کی ۔انہوں نے سبزیوں کا معائنہ بھی کیا اور سبزی فروشوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ صاف و شفاف اور تاز سبزیاں فروخت کریں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں۔اس دوران 2400روپے جرمانہ وصول کیاگیاجبکہ گھریلو استعمال کے ہوٹلوں میں چلائے جارہے4گیس سلینڈر ضبط کئے گئے ۔
 

فوج کا سابق فوجیوں کیساتھ اجلاس 

نیوز ڈیسک
 
پونچھ //پونچھ کے جھلاس علاقے میں فوج کا سابق فوجیوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس کا مقصد سابق فوجیوں کی شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں سرکاری سکیموں کے بارے میں بیدار کرناتھا۔اس دوران فوج کے افسران نے سابق فوجیوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی اورانہیں حل کرنے کا یقین دلایا ۔
 

نوشہرہ مارکیٹ کی چیکنگ 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //تحصیلدار نوشہرہ نے بازار کا اچانک معائنہ کرکے خاطی دکانداروںپر جرمانہ عائد کیا ۔ تحصیلدار قدیر الرحمن کی قیادت میں ٹیم نے بازار کا اچانک معائنہ کرکے سڑک کنارے لگائے گئے سامان کو ہٹوایا اورناجائز تجاوزات کرنے والے دکانداروں کے خلا ف جرمانہ عائد کیا ۔ اس دوران دکانداروں پر دو ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیاگیا اور انہیں واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ نہ ہی سامان دکانوں کے باہر رکھیں اور نہ ہی دیگر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں ۔اس دوران ایک کوئنٹل سے زیادہ گلی سڑی سبزیاں ضائع کی گئیں ۔
 

طلباء کے درمیان مضمون نویسی کا مقابلہ 

راجوری //راجوری کے نیروجال علاقے میں فوج کی طرف سے طلباء کے درمیان مضمون نویسی کا مقابلہ کروایاگیا۔یہ مقابلہ گورنمنٹ مڈل سکول نیروجال میں منعقد ہواجس میں بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی ۔اس مقابلے کا مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان میں چھپے ہنر کو اجاگر کرناتھا۔اس دوران طلباء نے تحریر کے ذریعہ اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو فوج کی طرف سے انعامات سے نوازاگیا۔
 

برہون میں کچا مکان ڈھہ گیا 

طارق شال
 
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے برہون علاقہ میں شدید بارشوں اور برف بھاری سے ایک کچا مکان ڈھہ گیاہے۔تھنہ منڈی میں شدید بارشوں اور برف باری سے لوگوں کاکافی نقصان ہواہے ۔اس دوران لیاقت حسین ولد خادم حسین کا کچا مکان منہدم ہوگیا جس سے کچھ سامان تباہ ہواہے ۔مکان ڈھہ جانے کی اطلاع ملنے پر بلاک ڈیولپمنٹ افسرمحمد قاسم چوہدری، پروجیکٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد یاسر نجار،پنچایت سکریٹری مختار احمد شال ودیگر عملہ موقعہ پر پہنچااور نقصان کا جائزہ لیکر رپورٹ اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ راجوری اختر حسین قاضی کو دی۔